بادشاہت کا پیغام سنانے کے ہر موقعے سے فائدہ اُٹھائیں
1. ہم بادشاہ داؤد کی مثال سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟
1 بادشاہ داؤد نے اپنے حالات کو کبھی بھی خدا کی خدمت کرنے میں رُکاوٹ نہیں بننے دیا تھا۔ مثال کے طور پر وہ خدا کے لیے ایک گھر بنانا چاہتے تھے۔ لیکن جب خدا نے داؤد سے کہا کہ وہ یہ گھر نہیں بنائیں گے بلکہ اُن کا بیٹا بنائے گا تو داؤد نے اپنے منصوبے میں کچھ تبدیلی کی۔ اُنہوں نے سازوسامان اور پیسہ اِکٹھا کرنا شروع کِیا تاکہ جب سلیمان ہیکل بنائیں تو یہ سب اُن کے کام آئے۔ (1-سلا 8:17-19؛ 1-توا 29:3-9) داؤد اِس بات کے بارے میں پریشان نہیں تھے کہ وہ خدا کا گھر نہیں بنا سکتے بلکہ جتنا وہ اِس سلسلے میں کر سکتے تھے اُتنا اُنہوں نے دلوجان سے کِیا۔ خدا کی خدمت کے حوالے سے ہم داؤد کی مثال پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟
2. ہمیں کس سلسلے میں اپنا جائزہ لینا چاہیے؟
2 جتنا آپ کر سکتے تھے اُتنا دلوجان سے کریں: ہمارے بہت سے بہن بھائیوں نے پہلکار یا مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے لیے اپنی زندگی کو سادہ بنایا ہے۔ (متی 6:22) کیا آپ بھی ایسا کر سکتے ہیں؟ اِس سلسلے میں یہوواہ سے دُعا کریں اور اپنے حالات کا جائزہ لیں۔ ایسا کرنے سے شاید آپ کو خدا کی خدمت کرنے کے لیے ”ایک وسیع اور کارآمد دروازہ کُھلا“ ہوا نظر آئے۔ اِس دروازے میں داخل ہونے کے موقعے سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔—1-کر 16:8، 9۔
3. اگر ہم اپنے حالات کی وجہ سے پہلکار کے طور پر خدمت نہیں کر سکتے تو ہم گواہی دینے کے کن موقعوں سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں؟
3 اگر آپ کے حالات آپ کو پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کی اِجازت نہیں دیتے تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟ چاہے ہم پہلکار ہیں یا نہیں، ہمارے پاس بادشاہت کا پیغام سنانے کے بہت سے موقعے ہیں۔ ایسے موقعوں کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی ملازمت کے دوران اکثر آپ کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہوتی ہے جو یہوواہ کے گواہ نہیں تو کیوں نہ اُنہیں گواہی دینے کے موقعے سے فائدہ اُٹھائیں۔ یا اگر آپ بیمار ہیں تو کیا آپ ڈاکٹر، نرسوں یا اُن لوگوں کو گواہی دے سکتے ہیں جو آپ کی دیکھبھال کرتے ہیں؟ آپ کو یہ بھی معلوم ہوگا کہ جو بہن بھائیوں بڑھاپے، معذوری یا کسی سنگین بیماری کی وجہ سے مُنادی میں زیادہ حصہ نہیں لے سکتے وہ ہر مہینے 15 منٹ، 30 منٹ یا 45 منٹ کی رپورٹ ڈال سکتے ہیں۔ رپورٹ لکھتے ہوئے اُس وقت کو بھی شامل کریں جو آپ نے غیرمنظم گواہی دینے میں لگایا ہے۔ اِس وقت کے دوران آپ نے جو رسالے، کتابیں پرچے اور اِجتماع اور یادگاری تقریب کے دعوتنامے بانٹے ہیں اُنہیں بھی اپنی رپورٹ میں شامل کریں۔ مہینے کے آخر پر شاید آپ یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں کہ تھوڑا تھوڑا کرکے آپ نے مُنادی میں کتنا زیادہ وقت صرف کِیا ہے۔
4. آپ کا عزم کیا ہے؟
4 ہمارے حالات چاہے جیسے بھی ہوں، ہمیں خوشخبری سنانے کے ہر موقعے سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ یوں ہمیں اِس بات سے اِطمینان ملے گا کہ ہم بادشاہت کی خاطر جتنا کر سکتے ہیں اُتنا ہم کر رہے ہیں۔—مر 14:8؛ لو 21:2-4۔