جمعہ، 16 اکتوبر
آپ کا دل اُس کی راہوں کی طرف مائل نہ ہو؛ آپ بھٹک کر اُس کے راستوں پر نہ جاؤ۔—اَمثا 7:25۔
اَمثال 7 باب میں بادشاہ سلیمان نے جو واقعہ بتایا، اُس سے پتہ چلتا ہے کہ خدا کا کوئی بھی بندہ ایک بڑا گُناہ کرنے کے خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جس شخص سے کوئی بڑا گُناہ ہو جائے، وہ بعد میں کہے: ”مجھے تو پتہ ہی نہیں چلا۔ یہ سب کچھ اچانک ہو گیا!“ لیکن اگر وہ اِس بارے میں سوچے کہ اصل میں ہوا کیا تھا تو یقیناً اُسے احساس ہوگا کہ اُس نے کچھ ایسے احمقانہ قدم اُٹھائے تھے جن کی وجہ سے وہ بڑا گُناہ کر بیٹھا۔ شاید اُس کی بُرے لوگوں کے ساتھ دوستی تھی، وہ غلط تفریح کا اِنتخاب کرتا تھا، بُری ویبسائٹس پر جاتا تھا یا پھر ایسی جگہوں پر جاتا تھا جہاں جانا مسیحیوں کے لیے مناسب نہیں ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اُس نے دُعا کرنا، بائبل پڑھنا، عبادتوں میں جانا اور مُنادی میں حصہ لینا چھوڑ دیا تھا۔ تو اَمثال میں بتائے گئے نوجوان کی طرح اُس شخص سے اچانک بڑا گُناہ نہیں ہو گیا۔ ہم کیا سیکھتے ہیں؟ ہم یہ سیکھتے ہیں کہ ہمیں صرف گُناہ سے ہی نہیں بلکہ اُن باتوں سے بھی دُور رہنا چاہیے جو گُناہ کا باعث بن سکتی ہیں۔ یہی بات سلیمان بادشاہ نے اُس نوجوان شخص اور بدکار عورت کے واقعے کا ذکر کرنے کے بعد واضح کی۔—متی 5:29، 30۔ م24.07 ص. 16 پ. 10-11
ہفتہ، 17 اکتوبر
ہمارے پاس مٹی کے برتنوں میں یہ خزانہ ہے۔—2-کُر 4:7۔
یہ خزانہ کیا ہے؟ یہ خزانہ بادشاہت کا پیغام ہے جس سے لوگوں کی زندگی بچ سکتی ہے۔ (2-کُر 4:1) اور مٹی کے برتن کیا ہیں؟ یہ خدا کے بندوں کی طرف اِشارہ کرتے ہیں جو دوسروں کو خوشخبری سناتے ہیں۔ پولُس رسول کے زمانے میں کاروبار کرنے والے لوگ مٹی کے برتنوں میں بیشقیمت چیزیں لے جاتے تھے جیسے کہ پیسہ، مے اور کھانے پینے کی چیزیں۔ اِسی طرح یہوواہ نے اپنے بندوں کو خوشخبری سنانے کا کام سونپا ہے جو بہت ہی بیشقیمت ہے۔ اِس کام میں یہوواہ ہمارے ساتھ ہے اور اُس کی مدد سے ہمیں اِس پیغام کو دوسروں تک پہنچانے کی طاقت مل سکتی ہے۔ کبھی کبھار شاید ہمارے دل میں اِنسانوں کا ڈر پیدا ہو جائے۔ ہم اِس ڈر پر کیسے قابو پا سکتے ہیں؟ اِس سلسلے میں ذرا اُس دُعا پر غور کریں جو یسوع کے رسولوں نے اُس وقت کی جب اُنہیں مُنادی کرنے سے منع کِیا گیا۔ اُنہوں نے لوگوں سے ڈر جانے کی بجائے یہوواہ سے دُعا کی کہ وہ اُن کی مدد کرے تاکہ وہ دلیری سے خوشخبری سناتے رہیں۔ (اعما 4:18، 29، 31) یہوواہ نے فوراً اُن کی اِس دُعا کا جواب دیا۔ اگر اِنسانوں کے ڈر کی وجہ سے کبھی کبھار آپ کو مُنادی کرنے سے گھبراہٹ ہوتی ہے تو یہوواہ سے مدد مانگیں تاکہ لوگوں کے لیے آپ کی محبت اِنسانوں کے ڈر پر غالب آ جائے۔ م24.04 ص. 16 پ. 8-9
اِتوار، 18 اکتوبر
اَے آسمانی باپ! تیرا نام پاک مانا جائے۔—متی 6:9۔
یہوواہ سے محبت ہمیں مجبور کرتی ہے کہ ہم اُس کے نام کو پاک ثابت کریں۔ شیطان نے یہوواہ کے نام کو بدنام کرنے کے لیے بہت جھوٹ پھیلائے ہیں اور ہم اِن کا پردہ فاش کرنا چاہتے ہیں۔ (پید 3:1-5؛ ایو 2:4؛ یوح 8:44) مُنادی کرتے وقت ہماری دلی خواہش ہوتی ہے کہ ہم خدا کے نام کا دِفاع کریں اور اُن لوگوں کو اُس کے بارے میں سچائی بتائیں جو اِسے سننا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سبھی لوگ یہ جان جائیں کہ یہوواہ کی سب سے اہم خوبی محبت ہے؛ اُس کی حکمرانی کرنے کا طریقہ بالکل صحیح ہے اور وہ اِنصاف سے ایسا کرتا ہے اور اُس کی بادشاہت بہت جلد تمام مصیبتوں کو ختم کر دے گی، زمین پر امن قائم کرے گی اور اِنسانوں کی زندگی خوشیوں سے بھر دے گی۔ (زبور 37:10، 11، 29؛ 1-یوح 4:8) جب ہم لوگوں کو یہوواہ کے بارے میں یہ ساری سچائیاں بتاتے ہیں تو ہم اُس کے نام کو پاک ثابت کر رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں اِس بات سے بھی خوشی ملتی ہے کہ ہم جس نام سے کہلائے جاتے ہیں، ہم اُس پر پورا اُتر رہے ہیں۔ م24.05 ص. 18 پ. 12