جنوری کے مہینے میں ”بادشاہتی خبر“ نمبر ۳۸ کو تقسیم کرنے کی مہم
۱. (الف) لوگ موت کے متعلق کن سوالوں کے بارے میں سوچتے ہیں؟ (ب) اِن سوالوں کا جواب دینے کے لئے ہم جنوری میں کیا کریں گے؟
۱ چاہے ایک مذہب موت کے بارے میں کوئی بھی تعلیم دیتا ہو، سچ تو یہ ہے کہ موت اِنسان کا سب سے خطرناک دُشمن ہے۔ (۱-کر ۱۵:۲۶) بہت سے لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کیا وہ اپنے اُن عزیزوں سے دوبارہ مل سکے گا جو فوت ہو گئے ہیں۔ اِن سوالوں کا جواب دینے کے لئے ہم پوری دُنیا میں ایک مہینے تک ایک خاص مہم میں حصہ لیں گے۔ اِس مہم میں ہم سب لوگوں میں بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ تقسیم کریں گے جس کا عنوان ہے: ”کیا مُردے پھر سے زندہ ہوں گے؟“ پاکستان میں یہ مہم یکم جنوری سے شروع ہوگی۔ مہم ختم ہونے کے بعد بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کو مُنادی میں پرچے کے طور پر اِستعمال کِیا جائے گا۔
۲. بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کی کیا خصوصیات ہیں؟
۲ اِس کی خصوصیات: بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کو اِس طرح سے ترتیب دیا گیا ہے کہ اِسے لمبائی میں طے کرنے پر اِس کا عنوان اور یہ سوال سامنے کی طرف نظر آئیں: ”آپ کیا جواب دیں گے؟ ہاں، نہیں، شاید۔“ جب ایک شخص بادشاہتی خبر کو کھولے گا تو اُسے پاک کلام سے اُس سوال کا جواب نظر آئے گا جو اِس پرچے کا عنوان ہے۔ وہ یہ بھی دیکھے گا کہ اِس سوال کا جواب جاننے سے اُس کی زندگی پر کیا اثر ہوگا اور وہ کن وجوہات کی بِنا پر پاک کلام کے جواب پر یقین رکھ سکتا ہے۔ بادشاہتی خبر کی پچھلی طرف ایک ایسا سوال دیا گیا ہے جس سے اُس شخص کی دلچسپی بڑھے گی اور اُس میں مزید سیکھنے کا شوق پیدا ہوگا۔
۳. بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کو کیسے تقسیم کِیا جائے گا؟
۳ اِس کی تقسیم: بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کو بھی اُسی طرح تقسیم کِیا جائے گا جس طرح ہم صوبائی اِجتماع اور یسوع مسیح کی موت کی یادگاری کے دعوتنامے تقسیم کرتے ہیں۔ بزرگوں کو ۱ اپریل ۲۰۱۳ء کے خط میں درج ہدایات کے مطابق اپنی کلیسیا کے علاقے میں بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ کو تقسیم کرنے کا بندوبست کرنا چاہئے۔ جن کلیسیاؤں کے پاس زیادہ علاقہ نہیں ہے، وہ قریب کی کلیسیاؤں سے رابطہ کرکے اُن کے علاقے میں بادشاہتی خبر تقسیم کر سکتی ہیں۔ کاؤنٹر سے اُتنے ہی پرچے لیں جتنے آپ ایک ہفتے میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ جب ہم اپنی کلیسیا کے علاقے کے ہر گھر میں بادشاہتی خبر کو تقسیم کر دیتے ہیں اور اِس کے بعد بھی کچھ پرچے بچ جاتے ہیں تو ہم اِنہیں عوامی جگہوں پر لوگوں کو دے سکتے ہیں۔ اگر مہم ختم ہونے سے پہلے سب کی سب بادشاہتی خبر نمبر ۳۸ تقسیم کر دی جاتی ہیں تو ہم مُنادی کے دوران لوگوں کو وہ کتابیں یا رسالے دے سکتے ہیں جو جنوری کے مہینے کی پیشکش ہیں۔ مہینے کے پہلے ہفتے کو ہم لوگوں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے کی بجائے بادشاہتی خبر دیں گے۔ جب ہم ہفتے اور اِتوار کو مہم میں حصہ لیتے ہیں تو ہمیں دلچسپی دِکھانے والے لوگوں کو رسالے بھی پیش کرنے چاہئیں۔ کیا آپ اِس خاص مہم میں بھرپور حصہ لینے کے لئے ابھی سے تیاری کر سکتے ہیں؟