سنبھال کر رکھیں
کیا آپ اِن بروشروں کو استعمال کر رہے ہیں؟
خدا کا کلام—تمام انسانوں کے لئے ایک اہم پیغام۔
یہ بروشر ایسے لوگوں کے لئے تیار کِیا گیا ہے جو بائبل کے بارے میں زیادہ علم نہیں رکھتے، خاص طور پر وہ لوگ جو کسی مسیحی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے۔
آپ اِسے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟ ”کیا مَیں خدا کے کلام کی اِس آیت کے بارے میں آپ کی رائے جان سکتا ہوں؟ [زبور ۳۷:۱۱ کو پڑھیں جس کا ذکر بروشر کے گیارھویں باب میں کِیا گیا ہے۔] آپ کے خیال میں جب خدا کا یہ وعدہ پورا ہوگا تو زمین پر حالات کیسے ہوں گے؟ [جواب دینے دیں۔] خدا کے کلام میں اَور بھی بہت سی ایسی آیتیں ہیں جنہیں پڑھ کر ہر قوم اور ہر مذہب کے لوگ اُمید اور تسلی حاصل کر سکتے ہیں۔“ صفحہ ۳ کے شروع میں دئے گئے پیراگراف کو پڑھیں اور بروشر پیش کریں۔
آپ اِسے کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟ اگر آپ ایک ایسے شخص کے ساتھ کتاب پاک صحائف کی تعلیم کا مطالعہ کر رہے ہیں جو مسیحی نہیں ہے تو ہر دفعہ مطالعہ شروع کرنے سے پہلے یا مطالعہ ختم کرنے کے بعد اِس بروشر کے کسی ایک باب پر غور کریں۔ یوں وہ شخص بائبل کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکے گا۔
خدائی راہنمائی ہمارے لئے فردوس کی راہ
یہ بروشر ایسے مسلمانوں کے لئے تیار کِیا گیا ہے جو بغیر کسی خطرے کے بائبل کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔
آپ اِسے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟ ”مَیں جانتا ہوں کہ مسلمان صرف ایک خدا کو مانتے ہیں اور سارے نبیوں پر ایمان رکھتے ہیں۔ ایسا ہی ہے نہ؟ [جواب دینے دیں۔] مَیں آپ کے ساتھ ایک نبی کی پیشینگوئی پر بات کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے کہا تھا کہ زمین فردوس بن جائے گی۔ کیا مَیں آپ کو خدا کے کلام سے یہ پیشینگوئی پڑھ کر سنا سکتا ہوں؟ [یسعیاہ ۱۱:۶-۹ کو پڑھیں۔] بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ خدا زمین پر یہ تبدیلیاں کیسے لائے گا۔ اِس بروشر میں بتایا گیا ہے کہ نبیوں نے اِس موضوع پر کیا کہا تھا۔“
آپ اِسے کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟ اگر صاحبِخانہ بروشر قبول کر لیتا ہے تو اُس سے یہ کہیں: ”پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خدا نے انسان کو بنایا اور اُسے فردوس میں رکھا۔ جب ہم اگلی دفعہ ملیں گے تو مَیں آپ کے ساتھ اِس سوال پر بات کرنا چاہوں گا کہ یہ کیسے ہوا کہ انسان نے خدا کی نافرمانی کی اور اُسے فردوس سے نکال دیا گیا؟“ جب آپ اُس شخص سے دوبارہ ملتے ہیں تو صفحہ ۶ سے شروع ہونے والے مضمون پر باتچیت کریں۔
حقیقی ایمان خوشگوار زندگی کی بنیاد
یہ بروشر ایسے مسلمانوں کے لئے تیار کِیا گیا ہے جو بغیر کسی خطرے کے بائبل کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔
آپ اِسے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟ اِس بروشر کے صفحہ ۱۶ اور ۱۷ پر دی گئی تصویر دِکھائیں اور یہ کہیں: ”اِس تصویر میں جو کچھ دِکھایا گیا ہے، وہ اُس دُنیا سے کتنا فرق ہے جس میں آج ہم رہ رہے ہیں۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ دُنیا بھی ایک دن ایسی ہی بن جائے گی؟ [جواب دینے دیں۔] دیکھیں کہ خدا کے کلام میں ہم سے کیا وعدے کئے گئے ہیں۔ [اِن صفحوں پر دئے گئے کسی صحیفے کو بائبل میں سے پڑھیں۔] اِس بروشر کو پڑھ کر اِس بات پر ہمارا ایمان مضبوط ہوگا کہ یہ وعدے ضرور پورے ہوں گے۔“
پہلی ملاقات کے آخر پر صاحبِخانہ کو اِس بروشر کے آخری صفحے پر دئے گئے سوال دِکھائیں۔ اُس سے پوچھیں کہ وہ اِن میں سے کس سوال پر بات کرنا چاہے گا۔ پھر دوبارہ ملاقات کرنے کا بندوبست کریں تاکہ آپ اُسے اِس سوال کا جواب دے سکیں۔
آپ خدا کے دوست بن سکتے ہیں!
یہ بروشر ایسے لوگوں کے لئے تیار کِیا گیا ہے جو کم پڑھے لکھے ہیں یا جو اچھی طرح سے پڑھ نہیں سکتے۔
آپ اِسے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟ ”آپ کے خیال میں کیا ہم خدا کے دوست بن سکتے ہیں؟ [جواب دینے دیں۔ پھر یعقوب ۲:۲۳ کو پڑھیں۔] اِس بروشر میں بتایا گیا ہے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ ہم ابرہام کی طرح خدا کے دوست بن سکیں۔“
آپ اِسے کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟ پہلی ہی ملاقات پر یا پھر جب آپ اُس شخص سے دوبارہ ملاقات کرتے ہیں تو اِس بروشر کے سبق نمبر ۱ کے کچھ حصے پر یا پھر پورے سبق پر باتچیت کریں۔