یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 3/‏03 ص.‏ 3-‏12
  • نیکی کرنے میں سرگرم رہیں!‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • نیکی کرنے میں سرگرم رہیں!‏
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۳
  • ملتا جلتا مواد
  • ‏’‏خدا کے کلام کی پوری منادی کریں‘‏
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۲
  • ‏’‏خدا کے فضل کی خوشخبری کی گواہی دیں‘‏
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۸۲۰۰
  • یہوواہ کے عجیب کاموں کا اعلان کرتے رہیں
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۴
  • کیا ہم اپریل ۲۰۰۰ کو اپنے لئے بہترین مہینہ بنا سکتے ہیں؟‏
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۰
مزید
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۳
خدم 3/‏03 ص.‏ 3-‏12

نیکی کرنے میں سرگرم رہیں!‏

۱ سن ۲۰۰۳ کے یادگار کے موسم میں قدم رکھتے وقت ہمارے پاس ”‏نیکی کرنے میں سرگرم“‏ رہنے کی ان‌گنت وجوہات ہیں۔ (‏۱-‏پطر ۳:‏۱۳‏)‏ ان میں سے اوّلین یسوع مسیح کے فدیے کی قربانی ہے۔ (‏متی ۲۰:‏۲۸؛‏ یوح ۳:‏۱۶‏)‏ اس کی بابت پطرس رسول نے لکھا:‏ ”‏تمہارا نکما چال‌چلن .‏ .‏ .‏ اُس سے تمہاری خلاصی فانی چیزوں یعنی سونے چاندی کے ذریعہ سے نہیں ہوئی۔ بلکہ ایک بے‌عیب اور بے‌داغ برّے یعنی مسیح کے بیش‌قیمت خون سے۔“‏ (‏۱-‏پطر ۱:‏۱۸، ۱۹‏)‏ محبت کے اس بیمثال اظہار کے لئے شکرگزاری ہمیں اس بات کو یاد رکھتے ہوئے نیکی کرنے میں مشغول رہنے کی تحریک دیتی ہے کہ یسوع نے ”‏اپنے آپ کو ہمارے واسطے دے دیا تاکہ فدیہ ہوکر ہمیں ہر طرح کی بیدینی سے چھڑا لے اور پاک کرکے اپنی خاص ملکیت کے لئے ایک ایسی اُمت بنائے جو نیک کاموں میں سرگرم ہو۔“‏—‏طط ۲:‏۱۴؛‏ ۲-‏کر ۵:‏۱۴، ۱۵‏۔‏

۲ جب ہم خدا کی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں تو ہم اُس کے ساتھ ایک اچھے رشتے اور اُسکی پُرمحبت نگرانی سے مستفید ہوتے ہیں۔ پطرس نے مزید بیان کِیا:‏ ”‏جو کوئی زندگی سے خوش ہونا اور اچھے دن دیکھنا چاہے وہ .‏ .‏ .‏ بدی سے کنارہ کرے اور نیکی کو عمل میں لائے۔ صلح کا طالب ہو اور اُس کی کوشش میں رہے۔ کیونکہ [‏یہوواہ]‏ کی نظر راستبازوں کی طرف ہے اور اُسکے کان اُنکی دُعا پر لگے ہیں۔“‏ (‏۱-‏پطر ۳:‏۱۰-‏۱۲‏)‏ اس نازک دَور میں یہ جاننا باعثِ‌برکت ہے کہ یہوواہ ہماری نگرانی کرتا ہے اور ”‏اپنی آنکھ کی پتلی کی طرح“‏ ہماری حفاظت کرنے کے لئے تیار رہتا ہے۔—‏است ۳۲:‏۱۰؛‏ ۲-‏توا ۱۶:‏۹‏۔‏

۳ پطرس نے جن ابتدائی مسیحیوں کے نام خط لکھا اُنہوں نے مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے جوش کو کم نہیں ہونے دیا تھا بلکہ خوشخبری کی وسیع گواہی دینے کی حتی‌المقدور کوشش کی تھی۔ (‏۱-‏پطر ۱:‏۶؛‏ ۴:‏۱۲‏)‏ آجکل خدا کے لوگوں کی بابت بھی یہ بات سچ ہے۔ اگرچہ ہم ’‏بُرے دنوں‘‏ میں رہتے ہیں توبھی یہوواہ کی نیکی کے لئے شکرگزاری ہمیں سرگرمی سے اُس کی مرضی پوری کرنی کی تحریک دیتی ہے۔ (‏۲-‏تیم ۳:‏۱؛‏ زبور ۱۴۵:‏۷‏)‏ آئیے بعض ایسے نیک کاموں پر غور کریں جن میں ہم اس سال یادگار کے موسم کے دوران مشغول رہینگے۔‏

۴ دوسروں کو یادگار پر آنے کی دعوت دیں:‏ فدیے کی بیمثال بخشش کیلئے قدردانی ظاہر کرنے کا ایک طریقہ یسوع کی موت کی سالانہ یادگار پر حاضر ہونا ہے جو اس سال اپریل ۱۶، بدھ کے روز غروبِ‌آفتاب کے بعد منائی جائے گی۔ (‏لو ۲۲:‏۱۹، ۲۰‏)‏ گزشتہ سال اس موقع پر دُنیابھر کی ۹۴،۶۰۰ کلیسیاؤں میں کُل حاضری ۱،۵۵،۹۷،۷۴۶ تھی!‏ یہ تعداد گزشتہ سال کی نسبت ۲،۲۰،۰۰۰ زیادہ تھی۔‏

۵ اس سال کتنے لوگ حاضر ہونگے؟ اس کا انحصار بڑی حد تک اپنے ساتھ جمع ہونے کیلئے دوسروں کی حوصلہ‌افزائی کرنے کی ہماری مستعد کوششوں پر ہوگا۔ سب سے پہلے ان لوگوں کے ناموں کی فہرست بنائیں جنہیں آپ مدعو کرنا چاہینگے۔ سرفہرست آپ کے قریبی خاندانی افراد کے نام ہونے چاہئیں۔ اگر آپ کا بیاہتا ساتھی بے‌ایمان ہے تو اسکے حاضر ہونے کیلئے اپنی دلی خواہش کا اظہار کریں۔ ایک بے‌ایمان شوہر نے بیان کِیا کہ پچھلے سال وہ میموریل پر اسلئے حاضر ہوا تھا کہ اُسکی موجودگی اُسکی بیوی کیلئے بڑی اہمیت رکھتی تھی۔ اس کے بعد آپ کی فہرست میں رشتہ‌داروں، پڑوسیوں، ساتھی‌کارکنوں یا ہم‌جماعتوں کے نام ہو سکتے ہیں۔ اپنے بائبل طالبعلموں کو مدعو کرنے کا یقین کر لیں۔‏

۶ اپنی فہرست بنانے کے بعد ہر ایک کو ذاتی دعوت دینے کیلئے وقت مختص کریں۔ میموریل کے شائع‌کردہ دعوت‌ناموں کو استعمال کریں۔ یہ یاد رکھنے میں لوگوں کی مدد کرنے کے لئے کہ تقریب کہاں اور کب منائی جائے گی، دعوت‌نامے کے نیچے میموریل کے وقت اور جگہ کو واضح طور پر لکھیں یا ٹائپ کریں۔ اپریل ۱۶ کے قریب ہونے کے پیشِ‌نظر اپنی فہرست میں متذکرہ لوگوں کو ذاتی طور پر یا ٹیلیفون کے ذریعے یاددہانی کرائیں۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس خاص موقع پر حاضر ہونے میں مدد دینی چاہئے۔‏

۷ یادگار پر حاضر ہونے والوں کی مدد کریں:‏ یادگار کی رات ہمیشہ ایک خوش‌کُن وقت ہوتا ہے۔ ہمارے پاس ایسے لوگوں کا استقبال کرنے کا موقع ہوتا ہے جو عموماً اجلاسوں پر حاضر نہیں ہوتے۔ مقامی حالات کے مطابق جلدی آنے اور دیر تک رُکنے کا بندوبست بنائیں۔ حاضرین میں نئے اشخاص سے واقفیت پیدا کرنے کے لئے پہل کریں۔ پُرتپاک اور مہمان‌نواز بنیں۔—‏روم ۱۲:‏۱۳‏۔‏

۸ کیا یادگار پر حاضر ہونے والوں کی گھریلو بائبل مطالعے کے ذریعے زیادہ روحانی ترقی کرنے میں مدد کی جا سکتی ہے؟ حاضرین میں ایسے اشخاص کے نام اور پتے حاصل کریں جن کے ساتھ کسی نے حالیہ ملاقات نہیں کی تاکہ ان کی مدد کی جا سکے۔ ان میں سے بعض لوگ پُرمحبت مدد کے ساتھ اگلی یادگار سے پہلے غیربپتسمہ‌یافتہ پبلشر کے لائق ٹھہرنے کی حد تک ترقی کر سکتے ہیں۔ یادگار پر حاضر ہونے والوں کے ساتھ واپسی ملاقات کرتے وقت اپریل ۲۷ پر پیش کی جانے والی خاص تقریر کے لئے دعوت دیں۔‏

۹ کیا آپ اس موسمِ‌بہار میں امدادی پائنیر خدمت کر سکتے ہیں؟‏ ہر سال یہوواہ کے لئے ہماری گرمجوشی ہمیں ان مہینوں کے دوران منادی کی خاص کارگزاری میں بھرپور حصہ لینے کی تحریک دیتی ہے۔ گزشتہ سال مارچ کے مہینے میں ۶۷ اور اپریل میں ۴۸ بھائیوں نے امدادی پائنیر خدمت کی تھی۔ یادگار کے موسم میں خوشخبری کی پُرجوش منادی کرنے میں تمام کلیسیا کی متحد کوششیں عمدہ نتائج پر منتج ہو سکتی ہیں۔‏

۱۰ ایک کلیسیا جو ۱۰۷ پبلشروں اور ۹ باقاعدہ پائنیروں پر مشتمل ہے اُس نے رپورٹ دی کہ اُن کیلئے گزشتہ اپریل ایک ”‏شاندار مہینہ“‏ رہا جب بزرگوں اور خادموں سمیت ۵۳ اشخاص نے امدادی پائنیر خدمت میں حصہ لیا۔ بزرگوں نے اُس مہینے کے دوران امدادی پائنیر خدمت کیلئے جوش‌وجذبے میں کیسے اضافہ کِیا؟ اُنہوں نے مہینہ شروع ہونے سے کافی پہلے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پائنیر خدمت کیلئے اپنے نام درج کرانے کی حوصلہ‌افزائی کی۔ کلیسیا میں تمام لوگوں کی سہولت کیلئے دن کے مختلف اوقات پر میدانی خدمت کے اجلاس منعقد کئے گئے۔ بالخصوص معذور اشخاص کیلئے ٹیلیفون پر گواہی دینے پر خاص توجہ دلائی گئی۔‏

۱۱ ایک ۸۶ سالہ عمررسیدہ بہن نے امدادی پائنیر خدمت کیلئے اپنا نام دیا جو خراب صحت کی وجہ سے چل نہیں سکتی تھی۔ صبح کے وقت سے شروع کرتے ہوئے وہ باورچی‌خانے کی میز کے قریب بیٹھ کر ٹیلیفون پر کچھ گھنٹے گواہی دیتی، پھر کچھ دیر آرام کرنے کے بعد واپس اُسی جگہ آکر اپنا کام دوبارہ شروع کر دیتی تھی۔ ایک خاتون جس کیساتھ اُس نے رابطہ کِیا جو گزشتہ دو سال کے دوران اپنے شوہر اور دو نوجوان بیٹوں کی موت کے بعد بھی یہ سمجھنے سے قاصر تھی کہ خدا ایسی تکلیف کی اجازت کیوں دیتا ہے۔ ایک مفصل گواہی دی گئی اور بائبل مطالعہ شروع کرایا گیا۔ شام کے وقت اور دیگر اوقات پر ٹیلیفون پر گواہی دینا ناقابلِ‌رسائی عمارتوں اور علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے رابطہ کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ یہ دن کے وقت گھر پر نہ ملنے والے لوگوں کیساتھ رابطہ کرنے میں بھی پبلشروں کی مدد کرتا ہے۔‏

۱۲ بزرگوں نے اپنی رپورٹ کے اختتام میں بیان کِیا:‏ ”‏ہم نے بہت اچھا وقت گزارا اور ہم اُن استحقاقات اور برکات کیلئے شکرگزار ہیں جو یہوواہ نے ہم میں سے ہر ایک کیلئے ممکن بنائی ہیں۔“‏ مناسب منصوبہ‌سازی کیساتھ آپکی کلیسیا بھی ایسی برکات سے مستفید ہو سکتی ہے۔‏

۱۳ خدمتگزاری میں سو فیصد شمولیت کی کوشش کریں:‏ خدا اور پڑوسی کے لئے ہماری محبت ہمیں ہر ماہ دوسروں کو خوشخبری سنانے کیلئے وقت نکالنے کی تحریک دیتی ہے۔ (‏متی ۲۲:‏۳۷-‏۳۹‏)‏ کلیسیائی کتابی مطالعے کے نگہبان اور اُنکے مددگاروں کو اپنے گروپ کے لوگوں کی ہر ماہ خدمتگزاری میں حصہ لینے میں مدد دینے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ایسا کرنے کا ایک عمدہ طریقہ گروپ کے مخصوص اشخاص کے ساتھ خدمتگزاری میں کام کرنے کیلئے پیشگی بندوبست بنانا ہے۔ مہینے کے آخر تک انتظار کرنے کی بجائے وقت سے پہلے ایسا کرنا شروع کریں۔ اس سے آپ کو پُرمحبت مدد فراہم کرنے کا زیادہ موقع ملیگا۔‏

۱۴ کیا آپ کے کتابی مطالعے کے گروپ میں معذور پبلشر ہیں جنہیں خدمتگزاری میں حصہ لینے میں بڑی مشکل پیش آتی ہے؟ اگر ان میں سے بعض اشخاص نرسنگ ہومز یا اپنے گھروں تک محدود ہیں تو قابلِ‌فہم طور پر انہیں گواہی کے بہت کم مواقع ملتے ہونگے۔ تاہم اپنی روشنی چمکانے کے محدود مواقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے وہ اپنے عمدہ کاموں کے مشاہدین کو سچائی میں حقیقی دلچسپی لینے کی تحریک دے سکتے ہیں۔ (‏متی ۵:‏۱۶‏)‏ کتابی مطالعہ کے نگہبانوں کو ایسے اشخاص کو اس بات سے آگاہ کرنے کا یقین کر لینا چاہئے کہ وہ میدانی خدمت میں ۱۵ منٹ کی رپورٹ ڈال سکتے ہیں۔ گواہی دینے کے وقت کی رپورٹ ڈالنے کے قابل ہونا ان وفادار پبلشروں کی حوصلہ‌افزائی کرتے ہوئے انہیں تسکین اور خوشی بخشتا ہے۔ یہ خدا کے لوگوں کی کارگزاریوں کی عالمگیر رپورٹ کے درست ہونے کا یقین کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔‏

۱۵ نیکی کرنے میں مشغول نوجوان!‏ مسیحی نوجوانوں کو اپنی طاقت اور توانائی کو یہوواہ کی خدمت میں استعمال کرتے دیکھنا کسقدر تازگی‌بخش ہے!‏ (‏امثا ۲۰:‏۲۹‏)‏ اگر آپ نوجوان ہیں تو آپ خاص کارگزاری کے ان مہینوں میں یہوواہ کیلئے اپنی گرمجوشی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏

۱۶ اگر آپ ابھی تک کلیسیا میں غیربپتسمہ‌یافتہ پبلشر نہیں ہیں تو آپ اس شرف کو کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ خود سے پوچھیں:‏ ’‏کیا مَیں بائبل سچائی کا بنیادی علم رکھتا ہوں؟ کیا مَیں بادشاہتی خدمت میں حصہ لینا چاہتا ہوں؟ کیا میرا چال‌چلن قابلِ‌تقلید ہے؟ کیا مَیں دوسروں سے بات‌چیت کرنے سے خوشخبری کی بابت اپنے ایمان کا ذاتی اظہار کرنے کے قابل ہوں؟ کیا مَیں ایسا کرنے کی دلی تحریک پاتا ہوں؟‘‏ اگر ان سوالات کیلئے آپ کا جواب ہاں ہے تو پبلشر بننے کی اپنی خواہش کی بابت اپنے والدین سے بات کریں۔ آپکے والدین خدمتی کمیٹی کے کسی بزرگ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔‏

۱۷ اگر آپ پہلے ہی سے خوشخبری کے پبلشر ہیں تو کیا آپ اپنی خدمتگزاری کو وسیع کرنے کیلئے سکول کی چھٹیوں سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں؟ والدین اور دیگر لوگوں کی طرف سے اچھے شیڈول اور مدد سے بہتیرے بپتسمہ‌یافتہ نوجوان امدادی پائنیر خدمت کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ اگر ایسا ممکن نہیں تو میدانی خدمتگزاری میں اپنے حصے کو بڑھانے کا عزم کریں۔ اپنے لئے ایک نشانہ قائم کریں۔ گھنٹوں کے علاوہ اپنی خدمتگزاری کے معیار میں بہتری کی بابت بھی نشانے قائم کریں۔ آپ ہر گھر پر ایک صحیفہ پڑھنے، اپنی واپسی ملاقاتوں میں بہتری لانے، بائبل مطالعہ شروع کرنے، ٹیلیفون پر گواہی دینے یا خدمت کے کسی اَور پہلو کو شامل کرنے سے اپنی خدمتگزاری کو بڑھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ کسی پڑوسی، ہم‌جماعت یا رشتہ‌دار کو اس سال اپنے ساتھ یادگار پر لیجانے کا نشانہ کیسا ہے؟ ایسی مسیحی خدمتی کارگزاریوں میں بھرپور حصہ لینا بااَجر ثابت ہوگا اور یقیناً کلیسیا کے دیگر لوگوں کی حوصلہ‌افزائی کریگا۔—‏۱-‏تھس ۵:‏۱۱‏۔‏

۱۸ نئے اشخاص کی ترقی کرنے میں مدد کریں:‏ گزشتہ خدمتی سال کے دوران پاکستان میں ہر ماہ اوسطاً ۶۷۹ گھریلو بائبل مطالعے کرائے گئے۔ وقت آنے پر ان میں سے بہتیرے طالبعلم مخصوصیت اور بپتسمے کی حد تک ترقی کرینگے۔ تاہم، اپنے نشانے کو حاصل کرنے سے پہلے ہمیں خوشخبری کے مُنادوں کے طور پر لائق بننے کیلئے انکی مدد کرنی ہوگی۔ یہ یسوع مسیح کے شاگرد بننے میں نئے اشخاص کی مدد کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ (‏متی ۹:‏۹؛‏ لو ۶:‏۴۰‏)‏ کیا آپ کا کوئی بائبل طالبعلم یہ قدم اُٹھانے کیلئے تیار ہے؟‏

۱۹ اگر آپ اپنے طالبعلم کی ترقی کی بابت پُراعتماد نہیں ہیں تو اپنے کتابی مطالعے کے نگہبان یا خدمتی نگہبان کی مدد حاصل کریں۔ آپ غالباً اُسے اپنے ساتھ مطالعے پر جانے کی دعوت دے سکتے ہیں۔ ان بھائیوں کا بیش‌قیمت تجربہ طالبعلم کی روحانی ترقی کا جائزہ لینے میں مددگار ہو سکتا ہے۔ انکی تجاویز روحانی ترقی جاری رکھنے میں طالبعلم کی مدد کر سکتی ہیں۔‏

۲۰ جب آپ کا طالبعلم غیربپتسمہ‌یافتہ پبلشر بننے میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ وہ لائق بھی ہے تو صدارتی نگہبان سے بات کریں۔ وہ آور منسٹری بُک کے صفحہ ۹۸، ۹۹ کی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے اُسکے لائق ہونے کی بابت غور کرنے کے لئے آپکے طالبعلم اور آپ سے ملاقات کرنے کیلئے دو بزرگوں کا بندوبست کریگا۔ (‏دی واچ‌ٹاور، نومبر ۱۵، ۱۹۸۸، صفحہ ۱۷ پڑھیں۔)‏ اگر طالبعلم پبلشر بننے کے لائق ٹھہرتا ہے تو آپکو اُسکی صحیح تربیت شروع کرنی ہوگی۔ اپنی میدانی خدمت کی رپورٹ ڈالنے کے بعد، اُس طالبعلم کے غیربپتسمہ‌یافتہ پبلشر ہونے کی بابت کلیسیا کو مطلع کِیا جائیگا۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ ہزاروں نئے پیروجوان پبلشر کارگزاری کے ان خاص مہینوں کے دوران نمایاں روحانی ترقی کرنے میں کامیاب ہونگے۔‏

۲۱ منصوبہ‌سازی بہترین نتائج پر منتج ہوتی ہے:‏ پیشگی منصوبہ‌سازی اس سال یادگار کے موسم میں ہماری کارگزاریوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ (‏امثا ۲۱:‏۵‏)‏ کئی معاملات بزرگوں کی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔‏

۲۲ میدانی خدمتگزاری میں زیادہ کام انجام دینے میں کلیسیا کی مدد کرنے کیلئے بزرگوں کو ہفتے کے دوران اور اسکے آخر پر میدانی خدمت کے اجلاس منعقد کرنے کیلئے عملی انتظامات کرنے چاہئیں۔ خدمتی نگہبان کو یہ انتظامات کرنے میں پیشوائی کرنی چاہئے۔ کیا صبح کے وقت، بعدازدوپہر یا شام میں اضافی اجلاسوں کا بندوبست کِیا جا سکتا ہے؟ کلیسیا کو ان انتظامات کی بابت مطلع کِیا جانا چاہئے۔ شیڈول کو نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنا مددگار ہو سکتا ہے۔‏

۲۳ بزرگوں کو اپریل ۱۶ سے کافی پہلے یادگاری کے لئے انتظامات کے مکمل ہونے کا یقین کر لینا چاہئے۔ اس میں ایک سے زیادہ کلیسیاؤں کے ایک ہی کنگڈم ہال کے استعمال کو منظم کرنا، کنگڈم ہال کی صفائی، حاضرباشوں اور خدمتگاروں کا انتخاب اور علامات حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ کلیسیا کو یادگار منانے کے وقت اور جگہ اور ہفتہ‌وار اجلاس کے شیڈول میں کسی بھی تبدیلی کی بابت مطلع کِیا جانا چاہئے۔ مستعدی سے ان چیزوں کی دیکھ‌بھال رسم کے ”‏شایستگی اور قرینہ کے ساتھ“‏ منائے جانے کو ممکن بنائیں گی۔—‏۱-‏کر ۱۴:‏۴۰‏۔‏

۲۴ خاندانی سردار خاندانی مطالعے میں سے کچھ وقت نکال کر اس موضوع پر بات‌چیت کر سکتے ہیں کہ وہ یادگار کے موسم میں اضافی کارگزاری میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں۔ کیا آپ کا پورا خاندان امدادی پائنیر خدمت کر سکتا ہے؟ یا کیا خاندان ایسا کرنے میں ایک یا دو افراد کی مدد کر سکتا ہے؟ اگر ایسا ممکن نہیں تو ایک خاندان کے طور پر خدمتگزاری میں زیادہ وقت صرف کرنے کے لئے خاص نشانے قائم کریں۔ کیا خاندان کا کوئی نوجوان فرد کچھ حوصلہ‌افزائی اور مدد کے ساتھ ایک غیربپتسمہ‌یافتہ پبلشر بن سکتا ہے؟ آپ کا خاندان اس سال یادگار پر کتنے لوگوں کو دعوت دے سکتا ہے؟ اچھی منصوبہ‌سازی آپ کے خاندان کے لئے بہت سی برکات اور خوشیوں پر منتج ہو گی۔‏

۲۵ باقیماندہ وقت سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں:‏ پہلی صدی کے مسیحیوں کو لکھتے وقت پطرس رسول نے اُنہیں وقت کی اہمیت کی بابت یاددہانی کرائی اسلئے‌کہ یہودی نظام‌اُلعمل کا اختتام قریب تھا۔ (‏۱-‏پطر ۴:‏۷‏)‏ آجکل تمام شہادتیں اس نظام‌اُلعمل کے خاتمے کی نزدیکی کو ظاہر کرتی ہیں۔ یہ اعتقاد ہر روز ہماری طرزِزندگی سے ظاہر ہونا چاہئے۔ یہوواہ کے سرگرم خادموں کے طور پر ہماری توجہ خوشخبری کی منادی کے اہم کام پر مرکوز ہونی چاہئے۔—‏طط ۲:‏۱۳، ۱۴‏۔‏

۲۶ یہ گرمجوشی اور عمل کا وقت ہے!‏ اس بات پر غور کریں کہ یہوواہ نے آپ کے خاندان، کلیسیا اور آپ کے لئے کیا کِیا ہے۔ اگرچہ ہم اُس کی متعدد بخششوں کے لئے اُسے عوضانہ نہیں دے سکتے توبھی ہم دل‌وجان سے یہوواہ کی پرستش کر سکتے ہیں۔ (‏زبور ۱۱۶:‏۱۲-‏۱۴‏)‏ ہماری مستعد کوششیں الہٰی برکات حاصل کریں گی۔ (‏امثا ۱۰:‏۲۲‏)‏ دُعا ہے کہ اضافی کارگزاری کے اس خاص وقت میں ہم سب ”‏نیکی کرنے میں سرگرم“‏ رہیں ”‏تاکہ سب باتوں میں یسوؔع مسیح کے وسیلہ سے خدا کا جلال ظاہر ہو۔“‏—‏۱-‏پطر ۳:‏۱۳؛‏ ۴:‏۱۱‏۔‏

‎]صفحہ ۳ کی تصویری عبارت[‎

یادگار پر عالمی حاضری

۱۹۹۹ ۱،۴۰،۸۸،۷۵۱

۲۰۰۰  ۱،۴۸،۷۲،۰۸۶

۲۰۰۱  ۱،۵۳،۷۴،۹۸۶

۲۰۰۲  ۱،۵۵،۹۷،۷۴۶

‎]صفحہ ۴ کی تصویری عبارت[‎

آپ یادگار پر حاضر ہونے کیلئے کسے دعوت دینگے؟‏

□ قریبی خاندانی افراد اور رشتہ‌دار

□ پڑوسی اور واقف‌کار

□ ساتھی کارکُن اور ہم‌مکتب

□ واپسی ملاقات اور بائبل مطالعے

‎]صفحہ ۱۱ کی تصویری عبارت[‎

یادگار پر حاضر ہونے والوں کی مدد کریں

□ پُرتپاک استقبال کریں

□ واپسی ملاقات کریں

□ اُنہیں گھریلو بائبل مطالعے کی پیشکش کریں

□ انہیں خاص تقریر کیلئے مدعو کریں

‎]صفحہ ۱۲ کی تصویری عبارت[‎

یادگار کے موسم کیلئے آپکے نشانے کیا ہیں؟‏

□ یادگار پر مدعو کئے جانے والے اشخاص کی حاضر ہونے میں مدد کریں

□ خوشخبری کے مُناد کے لائق بننے کی کوشش کریں

□ خدمتگزاری کیلئے کچھ گھنٹے مختص کریں

□ خدمتگزاری کے کسی خاص حلقے میں بہتری لائیں

□ امدادی پائنیر کے طور پر خدمت کریں

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں