ہمیشہ کرنے کیلئے بہت کام
۱ یہوؔواہ کے لوگ مصروف لوگ ہیں۔ ہمارے اپنے خاندان، ملازمت اور اسکول کے سلسلے میں بہت سے فرائض ہیں۔ اور سب سے بڑھ کر، ”ہمیشہ خداوند کے کام میں افزائش کرنا“ بھی ہے۔ (۱-کرنتھیوں ۱۵:۵۸) ہمیں ہفتہوار کلیسیائی اجلاسوں کے لئے تیاری کرنا اور ان پر حاضر ہونا لازم ہے۔ ہماری حوصلہافزائی کی گئی ہے کہ میدانی خدمتگزاری میں کچھ حصہ لئے بغیر کوئی بھی ہفتہ خالی نہ جانے دیں۔ ذاتی اور خاندانی بائبل مطالعے کے لئے باقاعدہ طور پر کافی وقت مختص کیا جانا چاہئے۔ بزرگ اور خدمتگزار خادم بہتیری کلیسیائی تفویضات رکھتے ہیں۔ بعض اوقات ہمیں مستحق ضرورتمندوں کی مدد کرنے کے لئے کہا جاتا ہے۔
۲ کبھی کبھار ہم میں سے بعض اس سب کام سے مغلوب محسوس کر سکتے ہیں جو ہمیں کرنا پڑتا ہے۔ تاہم، اگر توازن اور مناسب نقطۂنظر کو قائم رکھا جاتا ہے تو مصروفترین لوگ مسرورترین لوگوں کے درمیان ہو سکتے ہیں۔—واعظ ۳:۱۲، ۱۳۔
۳ پولسؔ رسول ایسا شخص تھا جس کے پاس کرنے کیلئے بہت کام تھا۔ خیمہدوز کے طور پر دنیاوی کام کرنے کے ذریعے اپنی ذاتی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ، اس نے دیگر رسولوں سے زیادہ محنت کی۔ اس نے گلّہ کے نگہبان کے طور پر اپنی ذمہداریوں سے غفلت نہ برتنے کے ساتھ ساتھ، اعلانیہ اور گھرباگھر منادی کرتے ہوئے، مبشر کی حیثیت سے انتھک محنت کی۔ (اعمال ۲۰:۲۰، ۲۱، ۳۱، ۳۴، ۳۵) پولسؔ اپنے مصروفترین جدوَل کے باوجود، یہوؔواہ کی خدمت میں ہمیشہ زیادہ کام کرنے کا مشتاق تھا۔—مقابلہ کریں رومیوں ۱:۱۳-۱۵۔
۴ طاقت کیلئے یہوؔواہ پر بھروسہ کرنے سے پولسؔ نے اپنے توازن اور مسرور دل کو قائم رکھا۔ اس نے اپنی خدمتگزاری کو بااجر اور اطمینانبخش پایا۔ (فلپیوں ۴:۱۳) وہ جانتا تھا کہ خدا اس کے کام کو فراموش نہیں کرے گا۔ (عبرانیوں ۶:۱۰) یہوؔواہ کو جاننے کیلئے دوسروں کی مدد کرنے کی خوشی نے اسے توانائی بخشی۔ (۱-تھسلنیکیوں ۲:۱۹، ۲۰) بائبل پر مبنی اپنی اُمید کے بَر آنے کی یقیندہانی نے اسے محنتی بنے رہنے پر آمادہ کیا۔—عبرانیوں ۶:۱۱۔
۵ ہمیں اس بھلائی پر بھی غور کرنا چاہئے جو ہماری محنتوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ہفتہوار اجلاسوں پر ہماری موجودگی اور شرکت دوسروں کو مضبوط بنانے اور حوصلہ دینے کا کام دیتی ہے۔ (عبرانیوں ۱۰:۲۴، ۲۵) جب دلچسپی پیدا کی جاتی ہے اور نئے اشخاص ہمارے ساتھ رفاقت رکھتے ہیں تو خوشخبری کے ساتھ سب تک رسائی کرنے کی ہماری سنجیدہ کوششیں کلیسیا کی ترقی میں معاونت کرتی ہیں۔ (یوحنا ۱۵:۸) ضرورت کے وقت دوسروں کی مدد کرنا کلیسیا میں قربت، خاندان جیسی روح کو فروغ دیتا ہے۔ (یعقوب ۱:۲۷) مزیدبرآں، پولسؔ کی طرح، ہمیں کبھی بھی بھولنا نہیں چاہئے کہ نفعبخش کاموں میں مصروف رہنا یہوؔواہ خدا کو نہایت پسند ہے۔ ہم اس کی خدمت کرنے کو ایک اعلیٰ استحقاق سمجھتے ہیں۔ ہمارے لئے زندگی بسر کرنے کا اس سے بہتر اور کوئی طریقہ نہیں ہے!
۶ کام میں افزائش کرنے میں ایک اضافی فائدہ ہے۔ جب ہم خوشگوار روحانی معمول کے حصول میں مصروف ہوتے ہیں تو وقت بڑی تیزی سے گزرتا ہوا نظر آتا ہے۔ یہ سمجھتے ہوئے کہ ہر گزرنے والا دن ہمیں نئی دنیا کے قریبتر لے جاتا ہے، ہم مصروف زندگی کو خوشی سے قبول کرتے ہیں جس سے ہم اب لطفاندوز ہوتے ہیں۔ ہم مصروف رہنے کی حکمت کو بھی پہچانتے ہیں، یہانتک کہ ہمارے پاس فضول دنیاوی حاصلات میں الجھنے کے لئے بہت کم وقت ہوتا ہے۔—افسیوں ۵:۱۵، ۱۶۔
۷ یقیناً، خداوند کے کام میں افزائش کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔ لیکن ہم خوش رہ سکتے ہیں اگر ہم یہوؔواہ خدا اور یسوؔع مسیح پر بھروسہ کرنا جاری رکھتے ہیں جو ہماری خدمت کو فرحتبخش اور بااجر بناتے ہیں۔—متی ۱۱:۲۸-۳۰؛ ۱-یوحنا ۵:۳۔