لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے کی ذمہداری اُٹھائیں
۱. ہمیں کن وجوہات کی بِنا پر دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنی چاہئے؟
۱ ہمیں بہت سی وجوہات کی بِنا پر دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنی چاہئے۔ ہمیں ایک اہم کام سونپا گیا ہے اور پولس رسول کی طرح ہم اِسے پوری طرح سے انجام دینا چاہتے ہیں۔ (اعما ۲۰:۲۱، ۲۴) اگر ہم دلچسپی لینے والے ہر شخص سے دوبارہ ملاقات کرتے ہیں تو ہم صافدل کے ساتھ اپنی خدمت کو انجام دیتے ہیں۔ (۲-تیم ۴:۵) لہٰذا لوگوں کو تعلیم دینے اور شاگرد بنانے کی ذمہداری کو قبول کریں۔ یہ نہ سوچیں کہ مَیں اِس ذمہداری کو پورا کرنے کے لائق نہیں ہوں۔ اِس طرح آپ یسوع مسیح کے حکم پر عمل کریں گے۔ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) یہوواہ خدا پر بھروسا رکھیں اور اُس کی پاک روح کی مدد مانگیں۔
۲، ۳. چونکہ ہم یہوواہ خدا اور اُس کے مقصد کے بارے میں جانتے ہیں اِس لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
۲ ایک اہم ذمہداری: چونکہ ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کی جانیں خطرے میں ہیں اِس لئے ہمیں تمام دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ (یوح ۱۷:۳) ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ دُنیا کا خاتمہ آنے والا ہے اور ہرمجِدّون نزدیک ہے۔ اِس لئے ہم نہ صرف بُرے لوگوں کو خبردار کرنا چاہتے ہیں بلکہ اُن لوگوں کی مدد بھی کرنا چاہتے ہیں جو زمین پر ہونے والے ”نفرتی کاموں کے سبب سے . . . آہیں مارتے اور روتے ہیں۔“ (حز ۹:۴) ہم چاہتے ہیں کہ یہ لوگ بھی یہوواہ خدا کی زمینی تنظیم میں شامل ہو جائیں اور نجات حاصل کریں۔ خدا کے ساتھ کام کرنے والوں کے طور پر ہم دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاکہ بائبل کی تعلیم حاصل کرنے کا اُن کا شوق بڑھ جائے۔
۳ بائبل کی سچائیوں کو سمجھنے کے لئے لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے۔ (اعما ۸:۳۰، ۳۱؛ ۱۸:۲۶) اِس وجہ سے بھی یہ ضروری ہے کہ ہم لوگوں سے دوبارہ ملاقات کریں اور یوں سچائی کے بیج کو پانی دیں۔ ذرا سوچیں کہ اگر کوئی مبشر باربار آپ کے پاس نہ آتا اور آپ کو یہوواہ خدا اور اُس کے مقصد کے بارے میں نہ سکھاتا تو کیا آپ آج سچائی میں ہوتے؟—متی ۷:۱۲۔
۴. ایک ایسے بھائی کی مثال دیں جو بڑے جوش سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرتا ہے۔
۴ محبت ظاہر کرنے کا ایک طریقہ: جب ہم دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرتے ہیں تو ہم اُن کے لئے محبت ظاہر کرتے ہیں۔ ایک بھائی جو اندھا ہے، وہ کہتا ہے: ”جب سے مَیں نے بپتسمہ لیا، میری خواہش ہے کہ مَیں لوگوں کو اُن سب اچھی باتوں کے بارے میں بتاؤں جو مَیں نے بائبل سے سیکھی ہیں۔ مَیں خوش ہوں کہ مَیں اپنی معذوری کے باوجود یہ کام کر سکتا ہوں۔ . . . مَیں یہ بات یاد رکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ مَیں نے کس گھر میں کس کے ساتھ بات کی ہے۔ اِس طرح مَیں ایسے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کر پاتا ہوں جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔“ واقعی یہ بھائی دل کی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔ وہ دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے سے نہیں ہچکچاتا اور یوں وہ اُن کے لئے محبت ظاہر کرتا ہے۔
۵. لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے سے کیا فائدے حاصل ہوتے ہیں؟
۵ ہماری ذمہداری میں یہ بھی شامل ہے کہ ہم لوگوں کے دل میں بائبل کی تعلیم حاصل کرنے کا شوق بڑھائیں۔ جب ہم کسی شخص سے دوبارہ ملتے ہیں تو ہمیں یہ موقع ملتا ہے کہ ہم بائبل کھول کر اُسے اپنی اُمید کی وجہ بتائیں۔ (۱-پطر ۳:۱۵) اِس سے نہ صرف اُس شخص کو فائدہ ہوگا بلکہ مُنادی کے کام کے لئے ہمارا جوش بھی بڑھے گا اور ہم سچائی کی اَور زیادہ قدر کرنے لگیں گے۔ دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے سے ہمیں بڑی خوشی ملتی ہے۔ اور اِس خوشی کو برقرار رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر اُس شخص سے دوبارہ ملیں جس نے شوق سے ہماری بات سنی تھی۔—امثا ۱۰:۲۲۔
۶. دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے کے کیا نتائج نکلے ہیں؟
۶ ہمیں دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرنے کی ذمہداری کو اہم خیال کرنا چاہئے۔ یہوواہ کے خادم ’بھلائی کے حقداروں کو بھلائی سے محروم نہیں رکھنا‘ چاہتے۔ (امثا ۳:۲۷، نیو اُردو بائبل ورشن) یہ بات ۲۰۱۱ء کے خدمتی سال کی رپورٹ سے ظاہر ہوتی ہے۔ دُنیابھر میں ہم نے ۵۹ کروڑ ۹۵ لاکھ ۱۹ ہزار ۹۹۱ بار دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کی۔ اور ۲ لاکھ ۶۳ ہزار ۱۳۱ لوگوں نے اپنی زندگیاں یہوواہ خدا کے لئے وقف کیں اور بپتسمہ لیا۔ اگر ہم دلچسپی رکھنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات نہ کرتے تو کیا یہ ممکن ہوتا؟—۱-تھس ۲:۸۔