سچائی کی طرف مائل اشخاص کی مدد کریں
۱ ہر شخص کی کوئی نہ کوئی ایسی خصلت ضرور ہوتی ہے جو اُسکے علامتی دل میں جڑ پکڑے ہوتی ہے۔ بائبل ایک ایسے شخص کا ذکر کرتی ہے جسکے ”دل میں جنگ تھی۔“ (زبور ۵۵:۲۱) بعض ”غضبناک“ ہوتے ہیں۔ (امثا ۲۹:۲۲) لیکن ایسے بھی لوگ ہیں جو ”ہمیشہ کی زندگی کیلئے مقرر کئے گئے“ ہیں۔ (اعما ۱۳:۴۸) ہمارے زمانہ میں یہوواہ سچائی کی طرف مائل اشخاص کو جمع کر رہا ہے۔ (حجی ۲:۷) ہم اُنہیں یہوواہ کے پرستار بننے میں کیسے مدد دے سکتے ہیں؟
۲ واپسی ملاقاتیں ضرور کریں: شاگرد بنانے کے اپنے کام کو پورا کرنے کیلئے درست میلان کیساتھ واپسی ملاقاتیں کرنا بہت اہم ہے۔ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) جو بھی دلچسپی دکھائی جاتی ہے کیا ہم اُسکی پیروی کرنے میں مستعد ہیں؟ جو لوگ لٹریچر لیتے یا خوشخبری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہیں کیا ہم اُنکے پاس دوبارہ جاتے ہیں؟ کیا ہم اُنہیں روحانی طور پر ترقی کرنے میں مدد دینے کیلئے اپنی کوششوں میں مستقلمزاج ہیں؟ چونکہ اس کام میں زندگیاں اُلجھی ہوئی ہیں اسلئے ہمیں دکھائی جانے والی دلچسپی کی پیروی کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہئے۔
۳ جب دلچسپی رکھنے والے شخص سے کی جانے والی گفتگو ابھی ذہن میں تازہ ہی ہوتی ہے تو اُس کا نام، پتا اور دیگر معلومات لکھنے کے لئے وقت نکالیں۔ زیرِبحث موضوع، پڑھے جانے والے صحائف اور پیشکردہ لٹریچر کو نوٹ کر لیں۔ اسکے بعد جلدازجلد واپسی ملاقات کرنے کی کوشش کریں۔
۴ واپسی ملاقات کرنا: جب آپ واپسی ملاقات کر رہے ہیں تو پُرجوش اور بامروت ہونا اور صاحبِخانہ میں حقیقی دلچسپی ظاہر کرنا مفید ہے۔ گفتگو کو سادہ اور صحیفائی رکھیں۔ گفتگو کیلئے دلچسپ بائبل موضوع تیار کریں اور ملاقات کے اختتام پر، ایسا سوال اُٹھائیں جسکا جواب آئندہ دیا جا سکتا ہے۔ موضوع پر ایسے غیرصحیفائی نظریات پر بات کرنے سے گریز کریں جنکا ذکر صاحبِخانہ کر سکتا ہے۔ باہمی دلچسپی کی باتوں پر گفتگو کو آگے بڑھائیں۔—کل ۴:۶۔
۵ واپسی ملاقاتیں کوشش کا تقاضا کرتی ہیں مگر اسکے نتائج اطمینانبخش ثابت ہوتے ہیں۔ جاپان سے ایک پائنیر نے ہر مہینے زیادہ واپسی ملاقاتیں کرنے کا نصباُلعین بنایا۔ اُس نے گھرباگھر خدمت کے دوران ملنے والے تمام لوگوں کا ریکارڈ رکھنا اور پھر سات دن کے اندر اندر اُن سے واپسی ملاقات کرنا شروع کر دیا۔ اُس نے اچھی تیاری کی اور مکمل اعتماد کیساتھ خدمتگزاری میں گیا۔ اپنی ایک ملاقات کیساتھ وہ بائبل مطالعہ شروع کرنے کے قابل ہوا جس نے یوں کہا: ”مَیں ہمیشہ آپ لوگوں کو بھگا دیتا تھا۔ یہ پہلی مرتبہ مَیں آپکی بات سن رہا ہوں۔“ پائنیر کی پُرمحبت کوشش اچھے نتائج کا باعث بنی۔ مہینے کے آخر پر اُس نے دس بائبل مطالعوں کی رپورٹ ڈالی۔
۶ لوگوں کے حالات متواتر بدلتے رہتے ہیں۔ (۱-کر ۷:۳۱) کسی دلچسپی رکھنے والے شخص سے واپس ملنا بارہا کوشش کا تقاضا کرتا ہے۔ لگن کیساتھ واپسی ملاقاتیں کرتے رہنے سے ہم اُن لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں جو بجا طور پر ہمیشہ کی زندگی کی طرف لیجانے والے راستے پر چلنے کیلئے آمادہ ہیں۔—متی ۷:۱۳، ۱۴۔
]سوالات[
۱. ہمارے زمانہ میں یہوواہ کن لوگوں کو اپنے پاس جمع کر رہا ہے؟
۲. شاگرد بنانے کے اپنے کام کی تکمیل کے سلسلے میں کیا شامل ہے؟
۳. خدمتگزاری میں کسی سے گفتگو کرنے کے بعد ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
۴. ہم مؤثر واپسی ملاقاتیں کیسے کر سکتے ہیں؟
۵. ایک پائنیر نے کیا کوشش کی اور اُسکا کیا نتیجہ نکلا؟
۶. ہمیں کیوں مستقلمزاجی سے واپسی ملاقاتیں کرتے رہنا چاہئے؟