پہلی ملاقات پر بائبل کا مطالعہ شروع کریں
جب ہم پہلی ملاقات پر کسی کو بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کرتے ہیں تو عموماً وہ ہم سے کہتے ہیں کہ ”مَیں بائبل کا مطالعہ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا“ یا پھر یہ کہ ”مَیں اپنے چرچ میں بائبل کا مطالعہ کرتا ہوں۔“ شاید اُن کو یہ پتہ نہ ہو کہ دوسرے چرچوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے اور یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے میں کیا فرق ہے اور اِس سے اُن کو کتنا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اِس لئے اُن کو محض بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کرنے کی بجائے عملی طور پر یہ دکھائیں کہ ہم دوسروں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کیسے کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کسی شخص سے یہ کہتے ہیں کہ ”مَیں بہت اچھا کھانا پکاتا ہوں“ لیکن آپ اُسے کھانا پکا کر کھلاتے نہیں ہیں تو وہ کیسے جان پائے گا کہ آپ واقعی اچھا کھانا پکاتے ہیں۔ نیچے دی گئی تجویز پر عمل کرکے آپ ایک شخص کے ساتھ پہلی ملاقات پر بائبل کا مطالعہ شروع کر سکتے ہیں۔
”آپ کے خیال میں کیا وہ دن آئے گا جب خدا کے کلام میں درج یہ الفاظ پورے ہوں گے؟ [یسعیاہ ۳۳:۲۴ کو پڑھیں، اور اُنہیں جواب دینے دیں۔] اِس موضوع پر مَیں آپ کو کچھ دکھانا چاہتا ہوں۔“ اُسے کتاب پاک صحائف کی تعلیم پکڑائیں اور صفحہ ۳۶ پر پیراگراف ۲۲ دکھائیں۔ پیراگراف ۲۲ کا سوال پڑھیں اور اُس سے کہیں کہ ”مَیں اِس پیراگراف کو پڑھوں گا اور اِس دوران آپ اِس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کریں۔“ اِس کے بعد سوال پھر سے پوچھیں اور اُس شخص کے جواب کو دھیان سے سنیں۔ اُس پیراگراف میں سے ایک اَور صحیفہ پڑھیں۔ جانے سے پہلے ایک اَور سوال اُٹھائیں جس کا جواب آپ اگلی ملاقات پر دیں گے اور پھر اُس شخص سے دوبارہ ملنے کے لئے وقت مقرر کریں۔ اِس طرح آپ لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر سکتے ہیں۔