سبق نمبر 93
یسوع آسمان پر واپس چلے گئے
یسوع اپنے شاگردوں سے گلیل میں ملے۔ اُنہوں نے اپنے شاگردوں کو یہ خاص حکم دیا: ”جائیں، سب قوموں کے لوگوں کو شاگرد بنائیں۔ اُنہیں وہ باتیں سکھائیں جو مَیں نے آپ کو سکھائی ہیں اور اُنہیں بپتسمہ دیں۔“ پھر یسوع نے یہ وعدہ کِیا: ”مَیں ہر وقت آپ کے ساتھ رہوں گا۔“
یسوع زندہ ہو جانے کے بعد 40 دن تک گلیل اور یروشلم میں اپنے کئی شاگردوں کو دِکھائی دیے۔ اُنہوں نے اُنہیں بہت سی باتیں سکھائیں اور بہت سے معجزے کیے۔ پھر یسوع آخری بار اپنے رسولوں سے کوہِزیتون پر ملے۔ اُنہوں نے کہا: ”یروشلم چھوڑ کر نہ جانا۔ باپ نے جو نعمت دینے کا وعدہ کِیا ہے، اُس کا اِنتظار کرنا۔“
یسوع کے رسولوں کو اُن کی یہ بات سمجھ میں نہیں آئی۔ اُنہوں نے یسوع سے پوچھا: ”کیا آپ ابھی اِسرائیل کے بادشاہ بنیں گے؟“ یسوع نے کہا: ”ابھی یہوواہ کا وہ وقت نہیں آیا کہ مَیں بادشاہ بنوں۔ جلد ہی آپ کو پاک روح کے ذریعے قوت ملے گی اور آپ میرے گواہ ہوں گے۔ جائیں، پورے یروشلم، یہودیہ، سامریہ اور زمین کی اِنتہا تک مُنادی کریں۔“
پھر یسوع کو آسمان پر اُٹھا لیا گیا اور ایک بادل نے اُنہیں چھپا لیا۔ شاگرد اُوپر کی طرف دیکھتے رہے لیکن یسوع جا چُکے تھے۔
یسوع کے شاگرد کوہِزیتون سے یروشلم چلے گئے۔ وہ باقاعدگی سے ایک گھر کے اُوپر والے کمرے میں جمع ہو کر دُعا کرتے تھے۔ وہ اِس بات کا اِنتظار کر رہے تھے کہ یسوع اُنہیں بتائیں کہ آگے کیا کرنا ہے۔
”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گواہی ملے۔ پھر خاتمہ آئے گا۔“—متی 24:14