مطالعے کا مضمون نمبر 22
گیت نمبر 127: مَیں تیرا شکریہ کیسے ادا کروں؟
شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جانتے وقت یہوواہ کی نظر میں پاک رہیں
’آپ کی خوبصورتی اندر سے ہو جو خدا کی نظر میں بہت ہی قیمتی ہے۔‘—1-پطر 3:4۔
غور کریں کہ . . .
جب ایک لڑکا اور لڑکی شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جاننے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ کیا کر سکتے ہیں تاکہ وہ صحیح فیصلہ کریں اور اِس سلسلے میں کلیسیا کے بہن بھائی اُن کا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں۔
1-2. کچھ لوگ اُس وقت کو کیسا خیال کرتے ہیں جب وہ شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں؟
جب ایک لڑکا اور لڑکی شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو یہ وقت اُن کے لیے بہت ہی خوشیوں بھرا ہوتا ہے۔ اگر آپ بھی کسی کو اچھی طرح جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تو یقیناً آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا وقت بہت اچھا گزرے۔ ایتھوپیا سے سیانa نام کی بہن نے کہا: ”میری زندگی کا وہ وقت سب سے خوبصورت تھا جب مَیں اور میرے شوہر شادی سے پہلے ایک دوسرے کو اچھی طرح جان رہے تھے۔ ہم اہم معاملوں پر بھی بات کرتے تھے اور ایک دوسرے سے ہنسی مذاق بھی کرتے تھے۔ مَیں بہت خوش تھی کہ مجھے ایک ایسا شخص مل گیا ہے جو مجھ سے پیار کرتا ہے اور جس سے مَیں بھی پیار کرتی ہوں۔“
2 لیکن نیدرلینڈز میں رہنے والے بھائی الیسیو نے کہا: ”سچ ہے کہ شادی سے پہلے جب مَیں اور میری بیوی ایک دوسرے کو جاننے کے لیے ساتھ وقت گزارتے تھے تو ہمیں بہت اچھا لگتا تھا لیکن ہمیں کچھ مسئلوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔“ اِس مضمون میں ہم کچھ ایسے ہی مسئلوں پر بات کریں گے اور بائبل کے کچھ اصولوں پر بھی غور کریں گے۔ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ کلیسیا کے بہن بھائی اِن بہن بھائیوں کا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں۔
ایک دوسرے کو جاننے کا مقصد
3. شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جاننے کا مقصد کیا ہوتا ہے؟ (اَمثال 20:25)
3 بےشک جب لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جان رہے ہوتے ہیں تو یہ وقت اُن کے لیے بہت اچھا ہوتا ہے۔ لیکن اُنہیں یاد رکھنا چاہیے کہ یہ اُن کی زندگی کا بہت اہم وقت بھی ہے کیونکہ اِس کے بعد اُنہیں یہ فیصلہ لینا ہے کہ کیا وہ ایک دوسرے سے شادی کریں گے یا نہیں۔ شادی کے دن لڑکا اور لڑکی یہوواہ کے سامنے آپس میں وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک وہ زندہ رہیں گے، وہ ایک دوسرے کے لیے محبت اور عزت دِکھائیں گے۔ تو کوئی بھی وعدہ کرنے سے پہلے ہمیں اچھی طرح سے سوچ لینا چاہیے۔ (اَمثال 20:25 کو پڑھیں۔) ایک دوسرے کو جانتے وقت لڑکے اور لڑکی کے پاس موقع ہوتا ہے کہ وہ صحیح فیصلہ کریں۔ اِس کے بعد کچھ لوگ شادی کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں اور کچھ کو لگتا ہے کہ بات ختم کر دینی چاہیے۔ اگر ایک لڑکا اور لڑکی بات ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اِس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ناکام ہو گئے ہیں۔ دراصل شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جاننے کا مقصد ہی یہ ہے کہ آپ صحیح فیصلے پر پہنچیں۔
4. شادی کے لیے ایک دوسرے کو جاننے کے حوالے سے ہمیں صحیح سوچ کیوں رکھنی چاہیے؟
4 یہ کیوں ضروری ہے کہ لڑکا اور لڑکی یاد رکھیں کہ شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جاننے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے ٹھیک ہیں یا نہیں؟ کیونکہ اگر وہ اِس معاملے میں صحیح سوچ رکھیں گے تو وہ کسی ایسے شخص سے ڈیٹنگ نہیں کریں گے جس سے وہ شادی کرنے کا اِرادہ نہیں رکھتے۔ لیکن یہ بات صرف غیرشادیشُدہ لوگوں کو ہی نہیں بلکہ ہم سب کو یاد رکھنی چاہیے۔ مثال کے طور پر کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ اگر ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو جان رہے ہیں تو اُن کی شادی ضرور ہوگی۔ اِس سوچ کی وجہ سے غیرشادیشُدہ مسیحیوں کو کیسا لگ سکتا ہے؟ اِس سلسلے میں امریکہ میں رہنے والی ایک غیرشادیشُدہ بہن ملیسا نے کہا: ”جب دو غیرشادیشُدہ مسیحی شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو کچھ بہن بھائیوں کو لگتا ہے کہ وہ ضرور ہی شادی کریں گے۔ اِس وجہ سے لڑکا اور لڑکی دباؤ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اور اِس دباؤ کی وجہ سے کچھ غیرشادیشُدہ مسیحی تب بھی بات ختم نہیں کرتے جب اُنہیں پتہ چل جاتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے ٹھیک نہیں ہیں۔ اور کچھ تو اِس دباؤ سے اِتنا ڈرتے ہیں کہ وہ کسی سے بات ہی آگے نہیں بڑھاتے۔“
ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جانیں
5-6. جب ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو اُنہیں ایک دوسرے میں کون سی باتیں دیکھنی چاہئیں؟ (1-پطرس 3:4)
5 جب ایک لڑکے اور لڑکی کی آپس میں بات آگے بڑھتی ہے تو کیا چیز صحیح فیصلہ کرنے میں اُن کی مدد کر سکتی ہے؟ ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جاننا۔ جب آپ کسی کو پسند کرتے ہیں اور اُس شخص سے اپنی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے خود اُسے پرکھتے ہیں تو یقیناً آپ اُس شخص کے بارے میں تھوڑی بہت باتیں جان جاتے ہیں۔ لیکن بعد میں جب آپ اُس سے بات آگے بڑھاتے ہیں تو یہ وہ موقع ہوتا ہے جب آپ اُسے ”اندر سے . . . یعنی[اُس کے]دل میں چھپے اِنسان“ کو جان پاتے ہیں۔ (1-پطرس 3:4 کو پڑھیں۔) اِس دوران آپ کو یہ دیکھنے کا زیادہ موقع ملتا ہے کہ یہوواہ سے اُس کی دوستی کیسی ہے، اُس کی عادتیں، خوبیاں اور سوچ کیسی ہے۔ پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے اِن سوالوں کے جواب مل جاتے ہیں: ”کیا یہ شخص میرے لیے ایک اچھا جیون ساتھی ثابت ہوگا؟ (اَمثا 31:26، 27، 30؛ اِفِس 5:33؛ 1-تیم 5:8) کیا ہم ایک دوسرے کو وہ پیار اور توجہ دے پائیں گے جو ہم اپنے جیون ساتھی سے چاہتے ہیں؟ کیا مَیں آسانی سے اُس کی خامیوں اور کمزوریوں کو نظرانداز کر پاؤں گا؟“ (روم 3:23) ایک دوسرے کو جانتے وقت یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں: زیادہ اہم یہ نہیں کہ آپ دونوں کی پسند ناپسند کتنی ملتی ہے بلکہ زیادہ اہم یہ ہے کہ آپ آگے چل کر خود کو ایک دوسرے کی خامیوں کے مطابق کیسے ڈھالیں گے۔
6 آپس میں وقت گزارتے وقت آپ کو اَور کیا جاننے کی کوشش کرنی چاہیے؟ اِس سے پہلے کہ آپ اُس شخص کو بہت زیادہ چاہنے لگیں، آپ کو کچھ اہم معاملوں کے بارے میں اُس سے بات کر لینی چاہیے جیسے کہ مستقبل کے حوالے سے اُس نے کون سے منصوبے بنائے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو ذاتی معاملوں پر بھی اُس کے ساتھ بات کرنی چاہیے جیسے کہ اُسے صحت کے کون سے مسئلے ہیں، اُس کی مالی حالت کیسی ہے اور اُس کا ماضی کیسا تھا؟ یہ ضروری نہیں کہ شروع میں اِن سارے معاملوں پر بات کی جائے۔ (یوحنا 16:12 پر غور کریں۔) لیکن اگر آپ سے اِن ذاتی معاملوں پر بات کی جاتی ہے اور آپ کو لگتا ہے کہ ابھی اِن کا جواب دینا مناسب نہیں تو آپ اُسے بتا سکتے ہیں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اُس شخص کو اِن باتوں کا پتہ ہونا چاہیے تاکہ وہ صحیح فیصلہ کر سکے۔ تو آگے چل کر کبھی نہ کبھی آپ کو اُس سے اِن باتوں کے بارے میں کُھل کر بات کرنی ہوگی۔
7. ایک لڑکا اور لڑکی شادی سے پہلے ایک دوسرے کو اچھی طرح سے کیسے جان سکتے ہیں؟ (بکس ”جب آپ ایک دوسرے سے دُور رہتے ہوں“ کو بھی دیکھیں۔) (تصویروں کو بھی دیکھیں۔)
7 جس شخص کو آپ جان رہے ہیں، اُس کے بارے میں آپ یہ اندازہ کیسے لگا سکتے ہیں کہ وہ اصل میں کیسا اِنسان ہے؟ اِس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ کُھل کر بات کریں اور دھیان سے ایک دوسرے کی بات سنیں۔ ایک دوسرے کو اپنے احساسات بتائیں اور ایمانداری سے ایک دوسرے کے سوالوں کے جواب دیں۔ (اَمثا 20:5؛ یعقو 1:19) اِس کے لیے آپ مل کر ایسے کام کر سکتے ہیں جن میں آپ کے لیے ایک دوسرے سے بات کرنا زیادہ آسان ہو جیسے کہ مل کر کھانا کھانا، ایسی جگہوں پر چہلقدمی کرنا جہاں بہت سے لوگ ہوتے ہیں اور مل کر مُنادی کرنا۔ آپ ایک دوسرے کے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے سے بھی ایک دوسرے کے بارے میں بہت کچھ جان سکتے ہیں۔ آپ مل کر کچھ ایسے کام بھی کر سکتے ہیں جن میں آپ دیکھ سکیں کہ مختلف صورتحال میں وہ شخص کیا کرتا ہے اور دوسروں کے ساتھ کیسے پیش آتا ہے۔ اِس حوالے سے نیدرلینڈز میں رہنے والے بھائی ایشوِن نے بتایا کہ جب وہ الیسیا کو اچھی طرح سے جاننے کی کوشش کر رہے تھے تو وہ دونوں کیا کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: ”ہم مل کر ایسے کام کرتے تھے جن سے ہم ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جان سکیں۔ اکثر یہ بہت سادہ سے کام ہوتے تھے جیسے کہ مل کر کھانا بنانا یا گھر کے کامکاج کرنا۔ اِس دوران ہم ایک دوسرے کی خوبیاں اور خامیاں دیکھ پاتے تھے۔“
اگر آپ دونوں مل کر ایسے کام کریں گے جن میں آپ کو آپس میں کُھل کر بات کرنے کا موقع ملے گا تو آپ ایک دوسرے کو اَور اچھی طرح سے جان پائیں گے۔ (پیراگراف نمبر 7-8 کو دیکھیں۔)
8. جب ایک لڑکا اور لڑکی شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو مل کر بائبل کا مطالعہ کرنے سے اُنہیں کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟
8 آپ مل کر بائبل کا مطالعہ کرنے سے بھی ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جان سکتے ہیں۔ اگر آپ کی شادی ہو جائے گی تو آپ دونوں کو خاندانی عبادت کرنے کے لیے وقت نکالنا ہوگا تاکہ یہوواہ آپ کی شادیشُدہ زندگی میں سب سے اہم حصہ بن جائے۔ (واعظ 4:12) اِس لیے آپ ابھی سے ہی مل کر مطالعہ کر سکتے ہیں۔ بےشک جب لڑکا اور لڑکی شادی سے پہلے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو اُس وقت وہ دونوں ایک خاندان نہیں بن جاتے اور وہ بھائی اُس بہن کا سربراہ نہیں ہوتا۔ لیکن مل کر باقاعدگی سے بائبل کا مطالعہ کرنے سے وہ دونوں دیکھ پاتے ہیں کہ وہ یہوواہ سے کتنا پیار کرتے ہیں۔ امریکہ میں رہنے والے بھائی میکس اور بہن لائسا نے بتایا کہ مل کر بائبل کا مطالعہ کرنے سے اُنہیں ایک اَور فائدہ بھی ہوا۔ بھائی میکس نے بتایا: ”جب ہم ایک دوسرے کو جاننے لگے تو شروع میں ہی ہم نے تنظیم کی ایسی کتابیں پڑھیں اور ایسی ویڈیوز دیکھیں جو ڈیٹنگ، شادی اور گھریلو زندگی کے بارے میں تھیں۔ اِس طرح ہم اُن موضوعات پر بات کرنے لگے جن پر بات کرنا ہمیں مشکل لگ رہا تھا۔“
کچھ اَور باتیں جن پر آپ کو غور کرنا چاہیے
9. جب آپ یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کن کو اپنے رشتے کے بارے میں بتائیں گے تو آپ کو کون سی باتوں پر غور کرنا چاہیے؟
9 آپ دونوں کو کن کو بتانا چاہیے کہ آپ ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جاننے کی کوشش کر رہے ہیں؟ یہ فیصلہ آپ دونوں کو مل کر کرنا ہوگا۔ شروع میں ہی آپ یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آپ کتنے لوگوں کو اِس بارے میں بتائیں گے۔ (اَمثا 17:27) ایسا کرنے سے آپ بہت سے سوالوں اور دباؤ سے بچ جائیں گے۔ اگر آپ کسی کو بھی نہیں بتائیں گے تو ہو سکتا ہے کہ آپ ہر وقت اِسی ڈر میں رہیں کہ لوگوں کو پتہ چل جائے گا۔ یہ بات آپ دونوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے کیونکہ اگر آپ چھپ کر ملیں گے تو اِس طرح آپ کچھ غلط کرنے کے خطرے میں پڑ جائیں گے۔ تو یہ سمجھداری کی بات ہوگی کہ آپ کچھ ایسے لوگوں کو اپنے رشتے کے بارے میں ضرور بتائیں جو آپ کو اچھا مشورہ دے سکتے اور آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ (اَمثا 15:22) مثال کے طور پر آپ اِن میں سے کسی کو اِس بارے میں بتا سکتے ہیں: اپنے گھر کے کسی فرد کو، کلیسیا کے کسی بزرگ کو یا اپنے کسی ایسے دوست کو جو پُختہ مسیحی ہے۔
10. ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو جانتے وقت یہوواہ کی نظر میں پاک کیسے رہ سکتے ہیں؟ (اَمثال 22:3)
10 ایک دوسرے کو جانتے وقت آپ یہوواہ کی نظر میں پاک کیسے رہ سکتے ہیں؟ ظاہری بات ہے کہ جیسے جیسے آپ کی ایک دوسرے کے لیے محبت بڑھے گی، آپ ایک دوسرے کے لیے بہت زیادہ کشش محسوس کریں گے۔ تو کیا چیز آپ کی مدد کرے گی تاکہ آپ کچھ ایسا نہ کریں جس سے یہوواہ ناراض ہو جائے؟ (1-کُر 6:18) ایک دوسرے سے ایسی باتیں نہ کریں جن سے آپ کے جذبات بھڑک اُٹھیں، ایک دوسرے کے ساتھ اکیلے نہ رہیں اور حد سے زیادہ شراب نہ پئیں۔ (اِفِس 5:3) ایسے کاموں کی وجہ سے صحیح کام کرنے کا آپ کا عزم کمزور پڑ سکتا ہے۔ اِس لیے اکثر اِس بارے میں بات کریں کہ آپ یہوواہ کے اصولوں کے مطابق چلنے کے لیے کیا کریں گے۔ (اَمثال 22:3 کو پڑھیں۔) اِس حوالے سے ایک چیز نے ایتھوپیا میں رہنے والے بھائی داویت اور بہن الماز کی مدد کی۔ اُنہوں نے کہا: ”ہم ایسی جگہوں پر وقت گزارتے تھے جہاں بہت سے لوگ ہوتے تھے یا ہمارے دوست آسپاس ہوتے تھے۔ ہم کبھی بھی اکیلے ایک دوسرے کے ساتھ گاڑی میں یا گھر پر نہیں ہوتے تھے۔ ہم ہر ایسی صورتحال سے بچنے کی کوشش کرتے تھے جس میں ہم کوئی غلط کام کرنے کے خطرے میں پڑ سکتے تھے۔“
11. ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے سے محبت کا اِظہار کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھ سکتے ہیں؟
11 جیسے جیسے ایک دوسرے کے لیے آپ کی محبت بڑھے گی، شاید آپ ایسے طریقوں سے ایک دوسرے کے لیے محبت کا اِظہار کرنا چاہیں جو غلط نہ ہوں۔ لیکن اگر اِس دوران آپ کی جنسی خواہشیں بڑھنے لگیں گی تو شاید آپ اُس شخص کے حوالے سے صحیح فیصلہ نہ کر پائیں۔ (غز 1:2؛ 2:6) یہ بھی یاد رکھیں کہ آپ جس طریقے سے محبت کا اِظہار کریں گے، اُس کی وجہ سے آپ بڑی آسانی سے غلط کام کرنے کے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ (اَمثا 6:27) اِس لیے شروع میں ہی اِس بارے میں بات کر لیں کہ آپ محبت کا اِظہار کرتے وقت کس حد تک جائیں گے۔b (1-تھس 4:3-7) مل کر بات کریں کہ آپ دوسروں کے سامنے جس طریقے سے ایک دوسرے کے لیے محبت کا اِظہار کریں گے، اُسے دیکھ کر اُنہیں کیسا لگے گا۔ کیا اِس طریقے سے محبت دِکھانے سے آپ میں سے کسی ایک میں جنسی خواہش تو نہیں بھڑک اُٹھے گی؟
12. اگر باتچیت کے دوران ایک لڑکے اور لڑکی کے بیچ مسئلے کھڑے ہو جاتے ہیں تو اُنہیں کس بات پر غور کرنا چاہیے؟
12 آپ مسئلوں اور اِختلافات کو کیسے حل کر سکتے ہیں؟ اگر کبھی کبھار آپ میں اِختلاف ہو جاتا ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟ کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ آپ دونوں ایک دوسرے کے لیے ٹھیک نہیں ہیں؟ ایسا نہیں ہے۔ جو غیرشادیشُدہ لوگ شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں، اُن سبھی میں کبھی نہ کبھی مسئلے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ شادی کا بندھن تبھی مضبوط ہوتا ہے جب لڑکا اور لڑکی مل کر مسئلوں کو حل کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی مرضی کے مطابق ڈھلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ تو جس طرح سے آپ ابھی اپنے مسئلوں کو حل کریں گے، اُس سے پتہ چلے گا کہ آپ کی شادیشُدہ زندگی کیسی رہے گی۔ اِس لیے مل کر اِس بارے میں سوچیں: ”کیا ہم مسئلوں پر بات کرتے وقت پُرسکون رہتے ہیں اور ایک دوسرے کے لیے احترام دِکھاتے ہیں؟ کیا ہم اپنی غلطیوں کو مانتے ہیں اور اپنے اندر بہتری لانے کی کوشش کرتے ہیں؟ کیا ہم مسئلوں کو جلدی حل کرتے ہیں اور معافی مانگنے اور معاف کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں؟“ (اِفِس 4:31، 32) لیکن اگر شادی سے پہلے ہی بات بات پر آپ کی لڑائی ہو جاتی ہے تو یہ نہ سوچیں کہ شادی کے بعد حالات بہتر ہو جائیں گے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ وہ شخص آپ کے لیے ٹھیک نہیں ہے تو بات ختم کرنا ہی آپ دونوں کے لیے بہتر ہوگا۔c
13. کون سی باتیں ایک لڑکے اور لڑکی کی یہ فیصلہ کرنے میں مدد کریں گی کہ اُنہیں کتنے عرصے تک اپنی باتچیت کو جاری رکھنا چاہیے؟
13 آپ کو کتنے عرصے تک ایک دوسرے کو جاننے کی کوشش کرنی چاہیے؟ جلدبازی میں کیے گئے فیصلوں کے نتیجے اکثر بُرے نکلتے ہیں۔ (اَمثا 21:5) اِس لیے آپ کو ایک شخص کے ساتھ اپنی باتچیت تب تک جاری رکھنی چاہیے جب تک آپ اُسے اچھی طرح جان نہیں لیتے۔ لیکن آپ کو بِلاوجہ بات کو لٹکا کر بھی نہیں رکھنا چاہیے۔ بائبل میں لکھا ہے: ”جب اُمید پوری ہونے میں دیر ہو تو دل بیمار ہو جاتا ہے۔“ (اَمثا 13:12) جیسے جیسے آپ دونوں ایک ساتھ زیادہ وقت گزاریں گے، آپ کے لیے اپنی جنسی خواہشوں کو قابو میں رکھنا مشکل ہوگا۔ (1-کُر 7:9) تو اِس بات پر دھیان نہ دیں کہ آپ کو ایک شخص کو جانتے ہوئے کتنا وقت ہو گیا ہے۔ اِس کی بجائے خود سے پوچھیں: ”مجھے اِس شخص کے بارے میں اَور کیا جاننے کی ضرورت ہے تاکہ مَیں صحیح فیصلہ کر سکوں؟“
دوسرے بہن بھائی کیسے ساتھ دے سکتے ہیں؟
14. دوسرے بہن بھائی اُس لڑکے یا لڑکی کی مدد کیسے کر سکتے ہیں جو شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں؟ (تصویر کو بھی دیکھیں۔)
14 اگر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تو ہم اُن کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ ہم اُنہیں کھانے پر، خاندانی عبادت میں یا تفریح کے لیے بُلا سکتے ہیں۔ (روم 12:13) ایسے موقعوں پر وہ ایک دوسرے کو اَور اچھی طرح سے جان سکتے ہیں۔ اگر اُنہیں اِکٹھے وقت گزارنے کے لیے کسی تیسرے شخص کی ضرورت ہے، کہیں آنے جانے کے لیے گاڑی میں کسی کو اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے یا کسی ایسی جگہ جانے کی ضرورت ہے جہاں وہ آرام سے بیٹھ کر بات کر سکیں تو آپ اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔ (گل 6:10) بہن الیسیا جن کا پہلے بھی ذکر ہوا ہے، اُنہوں نے بتایا کہ اُنہیں اور اُن کے شوہر ایشوِن کو بہن بھائیوں کی کون سی بات بہت اچھی لگتی تھی۔ اُنہوں نے کہا: ”ہمیں اُس وقت بہت خوشی ہوتی تھی جب کچھ بہن بھائی ہم سے کہتے تھے کہ اگر آپ کو بات کرنے کے لیے کوئی جگہ چاہیے یا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ دونوں اکیلے نہ ہو تو آپ ہمارے گھر آ سکتے ہیں۔“ اگر لڑکا اور لڑکی آپس میں وقت گزارنا چاہتے ہیں اور وہ آپ سے کہتے ہیں کہ آپ اُن کے ساتھ رہیں تو اُن کی مدد کرنے سے پیچھے نہ ہٹیں۔ جب آپ اُن کے ساتھ کہیں جاتے ہیں تو اُنہیں بالکل اکیلا نہ چھوڑ دیں۔ مگر یہ بھی خیال رکھیں کہ اگر اُنہیں اکیلے میں کوئی بات کرنی ہے تو آپ اُن سے تھوڑا فاصلے پر رہیں۔—فِل 2:4۔
اگر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تو ہم فرق فرق طریقوں سے اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔ (پیراگراف نمبر 14-15 کو دیکھیں۔)
15. کلیسیا کے بہن بھائی اَور کس طرح سے اُس لڑکے اور لڑکی کی مدد کر سکتے ہیں جو ایک دوسرے کو جان رہے ہیں؟ (اَمثال 12:18)
15 ہم اپنی باتوں سے بھی اُس لڑکے اور لڑکی کی مدد کر سکتے ہیں جو ایک دوسرے کو جان رہے ہیں۔ کبھی کبھار یہ ضروری ہوتا ہے کہ ہم کچھ بھی نہ کہیں۔ (اَمثال 12:18 کو پڑھیں۔) مثال کے طور پر شاید ہمارا دل چاہے کہ ہم دوسروں کو بتائیں کہ فلاں لڑکے اور لڑکی کی آپس میں بات چل رہی ہے۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ وہ یہ بات خود دوسروں کو بتانا چاہیں۔ اِس لیے ہمیں اُن کے بارے میں افواہیں نہیں پھیلانی چاہئیں اور نہ ہی اُن کے ذاتی معاملوں میں اُن کی نکتہچینی کرنی چاہیے۔ (اَمثا 20:19؛ روم 14:10؛ 1-تھس 4:11) ہمیں اُن سے ایسی باتیں بھی نہیں کرنی چاہئیں جن کی وجہ سے وہ شادی کرنے کا دباؤ محسوس کریں۔ اِس سلسلے میں بہن الیز اور اُن کے شوہر نے کہا: ”ہمیں اُس وقت بہت عجیب لگتا تھا جب بہن بھائی ہم سے پوچھتے تھے کہ ہم کب شادی کرنے والے ہیں حالانکہ ہم نے خود اِس بارے میں بات نہیں کی تھی۔“
16. اگر ایک لڑکے اور لڑکی کی بات ختم ہو جاتی ہے تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
16 اگر ایک لڑکا اور لڑکی بات ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہمیں اُن سے سوال نہیں کرنے چاہئیں اور اُن میں سے کسی ایک پر اِلزام نہیں لگانا چاہیے۔ یہ اُن کا ذاتی معاملہ ہے۔ (1-پطر 4:15) اِس بارے میں لِیاہ نام کی بہن نے کہا: ”جب میرے اور ایک بھائی کے بیچ بات ختم ہو گئی تو بہن بھائی یہ اندازے لگانے لگے کہ اصل میں کیا ہوا ہوگا۔ یہ باتیں سُن کر میرا دل بہت دُکھتا تھا۔“ جیسے کہ ہم نے دیکھا ہے، جب ایک لڑکا اور لڑکی بات ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اِس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ ناکام ہو گئے ہیں۔ دراصل شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جاننے کا مقصد ہی یہ ہے کہ ہم صحیح فیصلے پر پہنچیں۔ پھر بھی جب ایک لڑکے اور لڑکی کی بات ختم ہو جاتی ہے تو اُنہیں اِس کا بہت دُکھ ہوتا ہے۔ اِس لیے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہم کن طریقوں سے اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔—اَمثا 17:17۔
17. اگر آپ کسی کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تو آپ کو کیا کرتے رہنا چاہیے؟
17 ہم نے دیکھ لیا ہے کہ جب ایک لڑکا اور لڑکی شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جان رہے ہوتے ہیں تو یہ اُن کے لیے بہت خوشیوں بھرا وقت ہوتا ہے۔لیکن اِس دوران اُنہیں کچھ مسئلوں کا سامنا بھی ہوتا ہے۔ اُس وقت کو یاد کرتے ہوئے بہن جیسیکا نے کہا: ”سچ کہوں تو ایک دوسرے کو جاننے کے لیے بہت کوشش کرنی پڑتی ہے اور اپنا وقت بھی لگانا پڑتا ہے۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ مَیں نے اور میرے شوہر نے ایسا کِیا۔“ اگر آپ کی بھی کسی سے بات چل رہی ہے تو ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جاننے کی کوشش کرتے رہیں۔ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ صحیح فیصلہ کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
گیت نمبر 49: یہوواہ کا دل شاد کریں
a کچھ نام فرضی ہیں۔
b کسی کے جنسی اعضا کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنا بھی حرامکاری میں شامل ہے۔ اگر کوئی شخص ایسا کرتا ہے تو کلیسیا کے بزرگ اِس حوالے سے عدالتی کارروائی کرتے ہیں۔ اگر ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کے جنسی اعضا کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرتے ہیں یا فون پر یا میسج کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ گندی باتیں کرتے ہیں تو کلیسیا کے بزرگ صورتحال کے مطابق عدالتی کارروائی کرتے ہیں۔
c اَور جاننے کے لیے 15 اگست 1999ء کے ”مینارِنگہبانی“ میں مضمون ”سوالات از قارئین“ کو دیکھیں۔