مطالعے کا مضمون نمبر 21
گیت نمبر 107: محبت کی راہ
آپ ایک اچھے جیون ساتھی کی تلاش کیسے کر سکتے ہیں؟
”اچھی بیوی کس کو مل سکتی ہے؟ اُس کی قدروقیمت مرجان سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔“—اَمثا 31:10۔
غور کریں کہ . . .
بائبل کے کن اصولوں کی مدد سے ایک شخص اچھے جیون ساتھی کو تلاش کر سکتا ہے اور کلیسیا کے بہن بھائی اُن غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں جو شادی کرنا چاہتے ہیں۔
1-2. (الف)اگر ایک غیرشادیشُدہ مسیحی کسی کو پسند کرتا ہے تو اُسے اُس شخص سے اپنی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے کن باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے؟ (ب)”شادی کے اِرادے سے کسی کو جاننے“ میں کیا کچھ شامل ہے؟ (”اِصطلاح کی وضاحت“ کو دیکھیں۔)
کیا آپ شادی کرنا چاہتے ہیں؟ یہ سچ ہے کہ خوش رہنے کے لیے شادی کرنا ضروری نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی بہت سے غیرشادیشُدہ مسیحی شادی کرنا چاہتے ہیں پھر چاہے وہ جوان ہوں یا اُن کی عمر زیادہ ہو گئی ہو۔ اگر آپ کسی شخص کو شادی کے اِرادے سے جاننا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ پہلے آپ خود کو اچھی طرح جانیں۔ دیکھیں کہ کیا یہوواہ کے ساتھ آپ کی دوستی گہری ہے؛ کیا آپ ایک سمجھدار شخص ہیں اور کیا آپ اپنے گھرانے کی ضرورتوں کو اچھی طرح پورا کر پائیں گے؟ (1-کُر 7:36) اگر ایسا ہے تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ آپ خوشیوں بھری شادیشُدہ زندگی گزار سکتے ہیں۔
2 لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایک اچھا جیون ساتھی تلاش کرنا اِتنا آسان نہیں ہوتا۔ (اَمثا 31:10) اور اگر آپ کو کوئی پسند آ بھی جاتا ہے تو شاید اُسے شادی کے اِرادے سے جاننے کے لیے بات آگے بڑھانا مشکل ہو۔a اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ کیا چیز ایک غیرشادیشُدہ مسیحی کی مدد کر سکتی ہے تاکہ وہ اپنے لیے ایک اچھا جیون ساتھی تلاش کر سکے اور اُسے بہتر طور پر جان سکے۔ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ کلیسیا میں بہن بھائی اُن بہن بھائیوں کا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں جو شادی کرنا چاہتے ہیں۔
اچھے جیون ساتھی کی تلاش کیسے کریں؟
3. ایک اچھے جیون ساتھی کی تلاش کرتے وقت ایک غیرشادیشُدہ مسیحی کو کن باتوں پر غور کرنا چاہیے؟
3 اگر آپ کسی شخص سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو اُس سے اپنی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے یہ جاننا اچھا ہوگا کہ آپ اپنے جیون ساتھی میں کن باتوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔b اگر آپ اِس بات کو نہیں جانیں گے تو شاید آپ ایک ایسے شخص کو نظرانداز کر دیں جو آپ کے لیے بہت اچھا جیون ساتھی ثابت ہو سکتا ہے یا پھر آپ ایک ایسے شخص سے بات آگے بڑھا لیں جو آپ کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت نہیں ہوگا۔ بےشک جس شخص سے آپ شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں، اُسے بپتسمہیافتہ مسیحی ہونا چاہیے۔ (1-کُر 7:39) لیکن ضروری نہیں کہ کوئی بھی بپتسمہیافتہ مسیحی آپ کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت ہو۔ اِس لیے خود سے پوچھیں: ”مَیں نے کون سے منصوبے بنائے ہوئے ہیں؟ میرے جیون ساتھی میں کون سی خوبیاں ہونا بہت ضروری ہیں؟ مَیں جن باتوں کی توقع کر رہا ہوں، کیا وہ مناسب بھی ہیں؟“
4. کچھ بہن بھائی جیون ساتھی کی تلاش کے حوالے سے اپنی دُعاؤں میں کن باتوں کا ذکر کرتے ہیں؟
4 اگر آپ شادی کرنا چاہتے ہیں تو بےشک آپ نے دُعا میں یہوواہ کو اپنی اِس خواہش کے بارے میں ضرور بتایا ہوگا۔ (فِل 4:6) یہ سچ ہے کہ یہوواہ یہ وعدہ نہیں کرتا کہ وہ اپنے بندوں کی دُعا کے جواب میں اُنہیں جیون ساتھی ضرور دے گا۔ لیکن اُسے آپ کی ضرورتوں اور احساسات کی فکر ہے۔ اور جب آپ جیون ساتھی ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ آپ کی مدد کرتا ہے۔ اِس لیے یہوواہ کو اپنی خواہشوں اور احساسات کے بارے میں بتاتے رہیں۔ (زبور 62:8) اُس سے صبر اور دانشمندی بھی مانگیں۔ (یعقو 1:5) امریکہ میں رہنے والے جیری نام کے ایک غیرشادیشُدہ بھائی نے بتایا کہ وہ اپنی دُعاؤں میں کن باتوں کا ذکر کرتے ہیں۔c اُنہوں نے کہا: ”مَیں یہوواہ کو بتاتا ہوں کہ مَیں اپنے جیون ساتھی میں کن خوبیوں کو دیکھنا چاہتا ہوں۔ مَیں یہ بھی دُعا کرتا ہوں کہ مجھے ایک اچھا جیون ساتھی تلاش کرنے کے موقعے ملیں۔ مَیں یہوواہ سے کہتا ہوں کہ وہ میری مدد کرے تاکہ مَیں خود میں ایسی خوبیاں پیدا کروں جن سے مَیں ایک اچھا جیون ساتھی ثابت ہو سکوں۔“ سریلنکا سے تعلق رکھنے والی بہن تانیا نے کہا: ”مَیں یہوواہ سے دُعا کرتی ہوں کہ جب مَیں اپنے لیے جیون ساتھی تلاش کرتی ہوں تو اِس دوران مَیں اُس کی وفادار رہوں، اپنی سوچ کو صحیح رکھوں اور خوش رہوں۔“ اگر آپ کو فوراً جیون ساتھی نہیں ملتا تو بھی یہوواہ کے اِس وعدے پر بھروسا کرتے رہیں کہ وہ آپ کی ضرورتوں کو پورا کرے گا اور آپ کو وہ محبت اور توجہ دے گا جس کی آپ کو ضرورت ہے۔—زبور 55:22۔
5. کن موقعوں پر ایک غیرشادیشُدہ مسیحی ایک ایسے مسیحی سے مل سکتا ہے جو یہوواہ سے پیار کرتا ہے؟ (1-کُرنتھیوں 15:58) (تصویر کو بھی دیکھیں۔)
5 بائبل میں ہماری حوصلہافزائی کی گئی ہے کہ ہم ”مالک کی خدمت میں مصروف رہیں۔“ (1-کُرنتھیوں 15:58 کو پڑھیں۔) اگر آپ یہوواہ کی خدمت میں مصروف رہیں گے تو آپ کو مختلف بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملے گا جس سے نہ صرف آپ کا حوصلہ بڑھے گا بلکہ آپ ایسے غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں سے بھی مل پائیں گے جو آپ ہی کی طرح دلوجان سے یہوواہ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ جب آپ یہوواہ کو خوش کرنے کی کوشش کریں گے تو اِس سے آپ کو سچی خوشی ملے گی۔
اگر آپ یہوواہ کی خدمت کرنے میں مصروف رہیں گے اور مختلف بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزاریں گے تو آپ کی ملاقات کسی ایسے بہن یا بھائی سے ہو سکتی ہے جو شادی کرنا چاہتا ہے۔ (پیراگراف نمبر 5 کو دیکھیں۔)
6. ایک غیرشادیشُدہ مسیحی کو اپنے لیے جیون ساتھی تلاش کرتے وقت کون سی بات یاد رکھنی چاہیے؟
6 جیون ساتھی تلاش کرتے وقت ایک چیز کا خاص خیال رکھیں اور وہ یہ کہ اِس بات کو اپنے سر پر اِتنا سوار نہ کر لیں کہ آپ یہی بھول جائیں کہ زندگی میں کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں۔ (فِل 1:10) سچی خوشی اِس بات پر نہیں ٹکی ہوتی کہ آپ شادیشُدہ ہیں یا نہیں بلکہ اِس بات پر ٹکی ہوتی ہے کہ یہوواہ کے ساتھ ہماری دوستی کتنی گہری ہے۔ (متی 5:3) تو جب تک آپ کی شادی نہیں ہو جاتی، آپ کے پاس یہوواہ کی خدمت کرنے کا زیادہ موقع ہے۔ (1-کُر 7:32، 33) اِس وقت کا بہترین اِستعمال کریں۔ اِس سلسلے میں ذرا جیسیکا نام کی بہن کی بات پر غور کریں جو امریکہ سے ہیں اور جن کی شادی تقریباً 40 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ اُنہوں نے کہا: ”شادی سے پہلے مَیں یہوواہ کی خدمت میں بہت مصروف رہی۔ اِس طرح مَیں اُس وقت بھی خوش رہ پائی جب میری شادی نہیں ہو رہی تھی۔“
شادی کی خواہش کا اِظہار کرنے میں جلدبازی نہ کریں
7. یہ سمجھداری کی بات کیوں ہوگی کہ آپ جس شخص سے شادی کرنا چاہتے ہیں، اُسے اپنی خواہش بتانے سے پہلے آپ اُسے تھوڑی دیر کے لیے پرکھیں؟ (اَمثال 13:16)
7 اگر آپ کو کوئی ایسا شخص مل جاتا ہے جس کے بارے میں آپ کو لگتا ہے کہ یہ آپ کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت ہوگا تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟ کیا آپ کو فوراً جا کر اُس سے اپنی خواہش کا اِظہار کر دینا چاہیے؟ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایک سمجھدار شخص کوئی بھی قدم اُٹھانے سے پہلے صورتحال کے بارے میں سب کچھ جان لیتا ہے۔ (اَمثال 13:16 کو پڑھیں۔) اِس لیے یہ سمجھداری کی بات ہوگی کہ جس شخص کو آپ پسند کرتے ہیں، اُس سے اپنی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے آپ خود اُسے کچھ عرصے کے لیے پرکھیں۔ نیدرلینڈز میں رہنے والے بھائی ایشوِن نے کہا: ”جتنی تیزی سے ہمارے دل میں کسی شخص کے لیے جذبات پیدا ہو سکتے ہیں اُتنی ہی تیزی سے یہ ختم بھی ہو سکتے ہیں۔ تو کسی بھی شخص سے شادی کی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے خود کو وقت دیں۔ ظاہری بات ہے کہ آپ وقتی طور پر پیدا ہونے والے جذبات کی وجہ سے کسی شخص کو فوراً جا کر یہ نہیں کہہ دیں گے کہ آپ اُسے پسند کرتے ہیں۔“ اور ہو سکتا ہے کہ جس شخص کو آپ پرکھ رہے ہوں، اُس کے بارے میں شاید آپ کو لگے کہ وہ آپ کے لیے مناسب شخص نہیں ہے۔
8. ایک غیرشادیشُدہ مسیحی اُس شخص کو کیسے پرکھ سکتا ہے جس سے وہ شادی کرنے کا سوچ رہا ہے؟ (تصویر کو بھی دیکھیں۔)
8 آپ ایک شخص کو کیسے پرکھ سکتے ہیں؟ جب آپ عبادتوں میں یا دوسرے موقعوں پر بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں تو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جس شخص کو آپ پسند کرتے ہیں، اُس کی یہوواہ کے ساتھ دوستی کتنی مضبوط ہے؛ اُس میں کون سی خوبیاں ہیں؛ اُس کا چالچلن کیسا ہے؛ اُس کے دوست کون ہیں اور وہ کن چیزوں کے بارے میں بات کرتا ہے۔ (لُو 6:45) کیا اُس کے منصوبے بھی آپ جیسے ہی ہیں؟ آپ اُس شخص کی کلیسیا کے بزرگوں یا کسی ایسے پُختہ مسیحی سے بھی بات کر سکتے ہیں جو اُسے اچھی طرح سے جانتا ہے۔ (اَمثا 20:18) آپ اُن سے اُس شخص کی نیکنامی اور خوبیوں کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں۔ (رُوت 2:11) اور پھر جب آپ اُسے پرکھ رہے ہوں تو اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کچھ ایسا نہ کریں جس کی وجہ سے وہ آپ سے چھپتا پھرے یا آپ کی موجودگی میں پریشانی محسوس کرے۔ اُس کے جذبات اور احساسات کا احترام کریں اور اِس بات کو سمجھیں کہ اُس کی ایک اپنی زندگی ہے۔
کسی شخص سے شادی کی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے اُسے کچھ وقت کے لیے پرکھیں۔ (پیراگراف نمبر 7-8 کو دیکھیں۔)
9. جس شخص سے آپ شادی کرنا چاہتے ہیں، اُس سے اپنی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے آپ کو کس بات کا یقین ہونا چاہیے؟
9 کسی شخص سے شادی کی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے آپ کو اُسے کتنے عرصے تک پرکھنا چاہیے؟ اگر آپ جلد ہی اُس سے اپنی خواہش کا اِظہار کر دیں گے تو ہو سکتا ہے کہ اُسے لگے کہ آپ نے فیصلہ کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچا نہیں ہے۔ (اَمثا 29:20) لیکن اگر آپ اپنی خواہش کا اِظہار کرنے میں بہت زیادہ وقت لگائیں گے تو ہو سکتا ہے کہ اُسے لگے کہ آپ فیصلے کرنے میں ڈانوانڈول ہیں، خاص طور پر اُس وقت جب اُسے صاف نظر آ رہا ہو کہ آپ اُسے پسند کرتے ہیں۔ (واعظ 11:4) لیکن اِس بات کو بھی یاد رکھیں کہ کسی شخص سے شادی کی خواہش کا اِظہار کرنے سے پہلے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ یہ پکا یقین کر لیں کہ آپ اُسی سے شادی کریں گے۔ اِس کی بجائے آپ کو اِس بات کا پکا یقین ہونا چاہیے کہ آپ شادی کرنے کے لیے تیار ہیں اور جس شخص کو آپ جاننے والے ہیں، وہ آپ کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔
10. اگر آپ کو لگتا ہے کہ کوئی شخص آ پ کو پسند کرتا ہے لیکن آپ اُسے اُس نظر سے نہیں دیکھتے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟
10 اگر آپ کو لگتا ہے کہ کوئی شخص آپ کو پسند کرتا ہے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟ اگر آپ اُس شخص کے لیے ویسے احساسات نہیں رکھتے جیسے وہ آپ کے لیے رکھتا ہے تو اِسے اپنے کاموں سے بھی ظاہر کریں۔ یہ بہت بُری بات ہوگی کہ آپ اُس شخص کو یہ تاثر دیں کہ بات آگے بڑھ سکتی ہے جبکہ آپ ایسا بالکل بھی نہیں چاہتے۔—1-کُر 10:24؛ اِفِس 4:25۔
11. اگر آپ کسی کے لیے رشتہ ڈھونڈ رہے ہیں تو آپ کو کن باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے؟
11 کچھ ملکوں میں ماں باپ یا بڑوں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے غیرشادیشُدہ بچوں کے لیے رشتہ ڈھونڈیں۔ اور کچھ ملکوں میں گھر والے یا دوست اپنے غیرشادیشُدہ دوستوں یا رشتےداروں کے لیے رشتہ ڈھونڈتے ہیں اور پھر وہ لڑکے اور لڑکی کو ایک دوسرے سے ملواتے ہیں تاکہ وہ دیکھ سکیں کہ وہ ایک دوسرے کے لیے ٹھیک ہیں یا نہیں۔ اگر آپ سے کسی کے لیے رشتہ ڈھونڈنے کے لیے کہا جاتا ہے تو آپ کو لڑکے اور لڑکی دونوں کی ہی پسند ناپسند کا پتہ ہونا چاہیے۔ اور پھر اگر آپ کو کوئی ایسا شخص مل جاتا ہے جس کے بارے میں آپ کو لگتا ہے کہ یہ آپ کے دوست یا رشتےدار کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت ہوگا تو اُس شخص کو اچھی طرح سے جاننے کی کوشش کریں۔ دیکھیں کہ اُس میں کون سی خوبیاں ہیں اور سب سے بڑھ کر یہوواہ کے ساتھ اُس کی دوستی کتنی مضبوط ہے۔ یاد رکھیں کہ پیسے، تعلیم یا حیثیت سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ایک شخص کی یہوواہ کے ساتھ پکی دوستی ہو۔ لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ آخر میں فیصلہ لڑکے اور لڑکی کا ہی ہوگا کہ وہ ایک دوسرے سے شادی کریں گے یا نہیں۔—گل 6:5۔
ایک دوسرے کو جاننے کی شروعات کیسے کریں؟
12. آپ ایک شخص کو کیسے بتا سکتے ہیں کہ آپ اُسے پسند کرتے ہیں اور اُسے اَور اچھی طرح جاننا چاہتے ہیں؟
12 اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں اور اُسے اَور اچھی طرح جاننا چاہتے ہیں تو آپ اُس شخص سے اپنی اِس خواہش کا اِظہار کیسے کر سکتے ہیں؟d آپ اُس سے باتچیت کرنے کا بندوبست بنا سکتے ہیں، شاید کسی ایسی جگہ پر جہاں بہت سے لوگوں کا آنا جانا ہے یا پھر فون پر۔ کُھل کر اُس شخص کو بتائیں کہ آپ اُسے پسند کرتے ہیں اور اُسے اَور اچھی طرح سے جاننا چاہتے ہیں۔ (1-کُر 14:9) اگر ضروری ہو تو اُس شخص کو سوچنے اور جواب دینے کا وقت دیں۔ (اَمثا 15:28) لیکن اگر وہ شخص بات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتا تو اُس کے فیصلے کا احترام کریں۔
13. آپ اُس وقت کیا کر سکتے ہیں جب کوئی شخص آپ کو بتاتا ہے کہ وہ آپ کو پسند کرتا ہے؟ (کُلسّیوں 4:6)
13 اگر کوئی شخص آپ کو بتاتا ہے کہ وہ آپ کو پسند کرتا ہے تو آپ کو اُس کے ساتھ کیسے پیش آنا چاہیے؟ یاد رکھیں کہ اُس شخص نے بہت ہمت جٹا کر آپ کو اپنے احساسات بتائے ہیں اِس لیے اُس کے ساتھ نرمی اور احترام سے پیش آئیں۔ (کُلسّیوں 4:6 کو پڑھیں۔) اگر آپ کو سوچنے کے لیے وقت چاہیے تو اُسے کُھل کر بتائیں۔ لیکن پوری کوشش کریں کہ آپ اُسے جلد سے جلد جواب دیں۔ (اَمثا 13:12) اگر آپ اُس سے شادی نہیں کرنا چاہتے تو احترام سے اور واضح لفظوں میں اُسے بتائیں۔ غور کریں کہ آسٹریا میں رہنے والے بھائی ہانس نے اُس وقت کیا کِیا جب ایک بہن نے اُنہیں بتایا کہ وہ اُنہیں پسند کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا: ”مَیں نے اُس بہن کو اپنے فیصلے کے بارے میں اِس طرح سے بتایا کہ وہ میرا جواب بھی واضح طور پر سمجھ جائے اور اُسے بُرا بھی نہ لگے۔ مَیں نے ایسا کرنے میں بالکل بھی دیر نہیں کی کیونکہ مَیں نہیں چاہتا تھا کہ مَیں اُس بہن کو کوئی جھوٹی اُمید دوں۔ اِسی وجہ سے مَیں بعد میں محتاط رہنے لگا کہ مَیں کوئی ایسی بات یا ایسا کام نہ کروں جس سے اُس بہن کو یہ تاثر ملے کہ مَیں نے اپنا اِرادہ بدل لیا ہے۔“ لیکن اگر آپ دونوں ہی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور اچھی طرح سے ایک دوسرے کو جاننا چاہتے ہیں تو اِس بارے میں بات کریں کہ آپ ایک دوسرے کے ساتھ کتنا وقت گزاریں گے اور کتنے لوگوں کو اِس بارے میں بتائیں گے۔ ہو سکتا ہے کہ اِس حوالے سے آپ دونوں کی سوچ اپنی ثقافت یا کسی اَور وجہ سے ایک دوسرے سے فرق ہو۔
دوسرے بہن بھائی ساتھ کیسے دے سکتے ہیں؟
14. ہم اپنی باتوں سے غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کو یہ احساس کیسے دِلا سکتے ہیں کہ ہم اُن کے ساتھ ہیں؟
14 اگر ایک بہن یا بھائی شادی کرنا چاہتا ہے تو ہم سب اُس کا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں؟ ایسا کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اِس بات کا خیال رکھیں کہ ہم اُس سے کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے اُس کا دل دُکھے۔ (اِفِس 4:29) خود سے پوچھیں: ”اگر کوئی بہن یا بھائی شادی کرنا چاہتا ہے تو کہیں مَیں اُس کے ساتھ دل دُکھانے والے مذاق تو نہیں کرتا؟ جب مَیں دیکھتا ہوں کہ ایک غیرشادیشُدہ بھائی اور بہن آپس میں بات کر رہے ہیں تو کیا مَیں یہ سوچ لیتا ہوں کہ اِن کے بیچ کچھ چل رہا ہے؟“ (1-تیم 5:13) ہمیں اِس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ ہم کبھی بھی کسی غیرشادیشُدہ بہن یا بھائی کو یہ احساس نہ دِلائیں کہ شادی کے بغیر وہ بالکل ادھورے ہیں۔ بھائی ہانس جن کا پہلے بھی ذکر ہوا تھا، اُنہوں نے یہ بھی کہا: ”کچھ بہن بھائی مجھ سے کہتے تھے کہ آپ شادی کیوں نہیں کر لیتے؟ آپ کی عمر نکلی جا رہی ہے۔ ایسی باتوں کی وجہ سے غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کو لگ سکتا ہے کہ شادی کیے بغیر اُن کی کوئی عزت نہیں۔ اِس کے علاوہ اُن پر یہ دباؤ بھی بڑھ جاتا ہے کہ اُنہیں شادی کر لینی چاہیے۔“ ذرا سوچیں کہ ایسی باتیں کرنے کی بجائے کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ ہم غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کا حوصلہ بڑھانے کے موقعے ڈھونڈیں؟—1-تھس 5:11۔
15. (الف)اِس سے پہلے کہ ہم کسی شخص کے لیے جیون ساتھی ڈھونڈنے میں اُس کی مدد کریں، ہمیں کن باتوں کے بارے میں گہرائی سے سوچنا چاہیے؟ (رومیوں 15:2) (تصویر کو بھی دیکھیں۔) (ب)آپ کو ویڈیو میں کون سی بات اچھی لگی؟
15 اگر ہمیں ایک بہن اور بھائی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اِن کی جوڑی بڑی اچھی رہے گی تو ہمیں کیا یاد رکھنا چاہیے؟ بائبل میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہم دوسروں کی خوشی کا سوچیں۔ (رومیوں 15:2 کو پڑھیں۔) بہت سے غیرشادیشُدہ بہن بھائی یہ نہیں چاہتے کہ کوئی اَور اُنہیں بتائے کہ وہ کسی بہن یا بھائی کے بارے میں سوچیں۔ اِس لیے ہمیں اُن کے احساسات کا احترام کرنا چاہیے۔ (2-تھس 3:11) لیکن شاید کچھ غیر شادیشُدہ بہن بھائی یہ چاہیں کہ جیون ساتھی تلاش کرنے میں دوسرے اُن کی مدد کریں۔ لیکن جب تک وہ ایسا نہیں کہتے، ہمیں اُن کے معاملے میں دخل نہیں دینا چاہیے۔e (اَمثا 3:27) کچھ غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کو یہ بالکل اچھا نہیں لگتا کہ کوئی بہن یا بھائی اُن کے پاس کسی شخص کو لائے کہ وہ اُس سے بات کرے۔ اِس سلسلے میں ذرا لڈیا نام کی ایک غیرشادیشُدہ بہن کی بات پر غور کریں جو جرمنی سے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”آپ ایک پارٹی رکھ سکتے ہیں جس میں آپ بہت سے بہن بھائیوں کو بُلا سکتے ہیں۔ اِس طرح غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کے پاس ایک دوسرے سے بات کرنے کا موقع ہوگا۔ اور پھر یہ اُن کا فیصلہ ہوگا کہ وہ آگے کیا کریں گے۔“
جب بہت سے بہن بھائی مل کر ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں تو غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کو ایک دوسرے سے بات کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ (پیراگراف نمبر 15 کو دیکھیں۔)
16. غیرشادیشُدہ بہن بھائیوں کو کون سی بات یاد رکھنی چاہیے؟
16 چاہے ہم شادیشُدہ ہوں یا غیرشادیشُدہ، ہم سبھی خوشیوں بھری زندگی گزار سکتے ہیں۔ (زبور 128:1) تو اگر آپ شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ کو ابھی تک کوئی مناسب جیون ساتھی نہیں ملا تو آگے بھی اپنا پورا دھیان یہوواہ کی خدمت کرنے پر رکھیں۔ ذرا سینیے نام کی بہن کی بات پر غور کریں جو شہر مکاؤ سے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”نئی دُنیا میں آپ جتنا وقت اپنے جیون ساتھی کے ساتھ گزاریں گے، وہ اُس وقت کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہوگا جو آپ ابھی اکیلے گزار رہے ہیں۔ اِس لیے اِس وقت کا اچھا اِستعمال کریں۔“ لیکن اگر آ پ کو کوئی ایسا شخص مل جاتا ہے جو آپ کے لیے اچھا جیون ساتھی ثابت ہو سکتا ہے اور آپ دونوں کی بات بھی آگے بڑھتی ہے تو تب آپ کیا کر سکتے ہیں؟ اگلے مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ آپ ایک دوسرے کو جاننے کے لیے کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ صحیح فیصلہ کر سکیں۔
گیت نمبر 137: خداپرست عورتوں کی عمدہ مثال
a اِصطلاح کی وضاحت: اِس مضمون اور اگلے مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ ”شادی کے اِرادے سے کسی کو جاننے“ میں کیا کچھ شامل ہوتا ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے کہ جب ایک لڑکا اور لڑکی یہ دیکھتے ہیں کہ کیا آگے چل کر وہ ایک دوسرے کے لیے اچھا شوہر یا اچھی بیوی ثابت ہوں گے۔ شادی کے اِرادے سے ایک دوسرے کو جاننا تب شروع ہوتا ہے جب لڑکا اور لڑکی دونوں ہی جانتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔ اور یہ سلسلہ تب تک جاری رہتا ہے جب تک وہ یہ فیصلہ نہیں کر لیتے کہ وہ ایک دوسرے سے شادی کریں گے یا بات کو ختم کریں گے۔
b مضمون کو تھوڑا آسان رکھنے کے لیے اگلے پیراگرافوں میں ایک ایسے بھائی کا حوالہ دے کر بات کی گئی ہے جو جیون ساتھی کی تلاش کر رہا ہے۔ لیکن اِس میں دیے گئے اصول بہنوں کے بھی کام آ سکتے ہیں۔
c کچھ نام بدل دیے گئے ہیں۔
d کچھ ثقافتوں میں عام طور پر ایک بھائی کسی بہن کو بتاتا ہے کہ وہ اُسے پسند کرتا ہے اور اُسے اَور اچھی طرح سے جاننا چاہتا ہے۔ لیکن اگر ایک بہن ایسا کرتی ہے تو اِس میں کوئی حرج نہیں ہے۔—رُوت 3:1-13۔
e ویبسائٹ jw.org پر ویڈیو ”ایمان کی اچھی کُشتی لڑنے والے لوگ—غیرشادیشُدہ مسیحی“ کو دیکھیں۔