”یہی کِیا کرو“ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب ۵ اپریل کو منائی جائے گی
۱. یسوع مسیح کی یادگاری تقریب منانا کیوں اہم ہے؟
۱ یسوع مسیح نے اپنی موت کی یادگاری تقریب منانے کے سلسلے میں اپنے شاگردوں کو حکم دیا کہ ”میری یادگاری کے لئے یہی کِیا کرو۔“ (لو ۲۲:۱۹) یسوع مسیح کی قربانی کے ذریعے انسانوں کو بہت سے فائدے حاصل ہوئے ہیں۔ اِس لئے سچے مسیحی کسی اَور دن کو اِتنا اہم خیال نہیں کرتے جتنا کہ اُس دن کو جب یسوع مسیح کی یادگاری تقریب منائی جاتی ہے۔ اِس سال یادگاری تقریب ۵ اپریل کو منائی جائے گی۔ ہم ابھی سے ہی کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم فدیے کے بندوبست کے لئے یہوواہ خدا کے شکرگزار ہیں؟—کل ۳:۱۵۔
۲. ہم کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم یسوع مسیح کی قربانی کی قدر کرتے ہیں؟
۲ ابھی سے تیاری کریں: عموماً ہم جن موقعوں کو اہم خیال کرتے ہیں، اُن کے لئے تیاری بھی کرتے ہیں۔ ہم یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کے لئے خود کو کیسے تیار کر سکتے ہیں؟ ہم اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر اُن واقعات کو پڑھ سکتے ہیں جو یسوع مسیح کی موت سے پہلے پیش آئے تھے اور پھر اِن پر سوچبچار کر سکتے ہیں۔ (عز ۷:۱۰) اِس سلسلے میں ہم اُن صحیفوں پر غور کر سکتے ہیں جو کتابچے روزبروز کتابِمقدس سے تحقیق کریں اور کیلنڈر میں دئے گئے ہیں۔
۳. ہم اَور کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم یسوع مسیح کی قربانی کی قدر کرتے ہیں؟
۳ مُنادی کے کام میں حصہ لیں: ہم مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لینے سے بھی یہ ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم یسوع مسیح کی قربانی کی قدر کرتے ہیں۔ (لو ۶:۴۵) پوری دُنیا میں ۱۷ مارچ کو ہفتے کے دن ایک خاص مہم کا آغاز ہوگا جس کے دوران ہم لوگوں کو یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر آنے کی دعوت دیں گے۔ کیا آپ اپنے معمول میں کچھ تبدیلیاں کر سکتے ہیں تاکہ آپ مُنادی کے کام میں زیادہ وقت صرف کر سکیں یا پھر مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کر سکیں؟ شاید اگلی خاندانی عبادت کے دوران آپ مل کر اِس بارے میں بات کر سکتے ہیں کہ آپ مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لینے کے لئے کیا کریں گے۔
۴. جب ہم یادگاری تقریب پر جاتے ہیں تو ہمیں کیا فائدے ہوتے ہیں؟
۴ ہر سال جب ہم یادگاری تقریب پر جاتے ہیں تو ہمیں بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ اِس موقعے پر ہم اِس بات پر غور کرتے ہیں کہ یہوواہ خدا نے اپنے اِکلوتے بیٹے کی قربانی دے کر ہمارے لئے فدیے کا بندوبست کِیا۔ یوں یہوواہ خدا کے لئے ہماری محبت بڑھتی ہے اور ہماری خوشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ (یوح ۳:۱۶؛ ۱-یوح ۴:۹، ۱۰) ہمیں یہ ترغیب ملتی ہے کہ ہم آگے کو بھی اپنے لئے نہ جئیں۔ (۲-کر ۵:۱۴، ۱۵) اِس کے علاوہ ہمارے دل میں یہ خواہش پیدا ہوتی ہے کہ ہم یہوواہ خدا کی بڑائی کریں۔ (زبور ۱۰۲:۱۹-۲۱) یہوواہ خدا کے خادموں کے طور پر ہمیں یادگاری تقریب کا بہت بےصبری سے انتظار ہے کیونکہ تب ہمیں”خداوند کی موت کا اِظہار“ کرنے یعنی اعلان کرنے کا موقع ملے گا۔—۱-کر ۱۱:۲۶۔