بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے کیلئے تیار رہیں
۱. ہم متی ۲۸:۱۹، ۲۰ میں یسوع مسیح کے حکم کو کیسے پورا کر سکتے ہیں؟
۱ یسوع مسیح نے حکم دیا تھا کہ ہم ’سب قوموں کو شاگرد بنائیں اور اُنہیں تعلیم دیں۔‘ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) یہ سچ ہے کہ مہینے میں ایک دن بائبل کے مطالعے کی پیشکش کیلئے مقرر کِیا گیا ہے۔ لیکن ہمیں ہر وقت بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ اِس سلسلے میں کچھ تجاویز پر غور کریں۔
۲. ہم کن لوگوں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کر سکتے ہیں؟
۲ مطالعے کی پیشکش کریں: ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنی چاہئے۔ ایسا کرنے سے بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کا زیادہ امکان ہو گا۔ (واعظ ۱۱:۶) کیا آپ نے کبھی مُنادی میں تعارف کے فوراً بعد بائبل کے مطالعے کی پیشکش کی ہے؟ ایک کلیسیا نے پورے مہینے کے دوران اِسی طرح بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے کی کوشش کی۔ اِسکا نتیجہ یہ نکلا کہ اُنہوں نے ۴۲ نئے بائبل کے مطالعے شروع کئے۔ ہو سکتا ہے کہ مُنادی میں ہم جن لوگوں کیساتھ باقاعدگی سے ملتے ہیں اُن میں سے بعض یہ نہ جانتے ہوں کہ ہم بائبل کا مطالعہ کراتے ہیں۔ اِسلئے جب آپ اُن سے اگلی مرتبہ ملیں تو اُنہیں بائبل کے مطالعے کی پیشکش ضرور کریں۔ اگر وہ آپکی پیشکش قبول نہیں کرتے توبھی خدا کے کلام میں اُنکی دلچسپی بڑھانے کی کوشش کرتے رہیں۔ کیا آپ نے اپنے پڑوسیوں اور رشتہداروں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کی ہے؟ یاپھر کیا آپ نے اپنے کام کی جگہ پر یا سکول میں لوگوں کو بائبل کے مطالعے کی پیشکش کی ہے؟ جن لوگوں کیساتھ آپ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں، اُن سے بھی آپ پوچھ سکتے ہیں کہ آیا اُنکے دوست یا رشتےدار بائبل کا مطالعہ کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔
۳. (ا) بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کیلئے ہم کیا استعمال کر سکتے ہیں؟ (ب) ہم اِسے کن موقعوں پر استعمال کر سکتے ہیں؟
۳ اشتہار استعمال کریں: بائبل کا مطالعہ شروع کرانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ہم اشتہار کیا آپ سچائی جاننے کی خواہش رکھتے ہیں؟ کو استعمال کریں۔ مُنادی میں چاہے کوئی شخص ہماری کتابیں اور رسالے قبول کرے یا نہ کرے ہمیں اُسے یہ اشتہار ضرور دینا چاہئے۔ ہم اِس اشتہار کو بازاروں اور گلیوں میں مُنادی کے دوران یاپھر دوبارہ ملاقاتیں کرتے وقت پیش کر سکتے ہیں۔ جب ہم گواہی دینے کیلئے لوگوں کو خط لکھتے ہیں تو ہم خط کیساتھ بھی اِس اشتہار کو بھیج سکتے ہیں۔ اگر ہمیں مُنادی کے دوران کوئی گھر پر نہیں ملتا تو ہم وہاں بھی اِس اشتہار کو چھوڑ سکتے ہیں۔ سفر اور خریداری کرتے وقت اور کام کی جگہ پر بھی ہمارے پاس یہ اشتہار ہونا چاہئے۔ اِس اشتہار کے پیچھے بتایا گیا ہے کہ پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کتاب کے ذریعے بائبل کا مطالعہ کرنے کا بندوبست کیا ہے۔
۴. ہم اشتہار کیا آپ سچائی جاننے کی خواہش رکھتے ہیں؟ کو بائبل مطالعہ شروع کرنے کیلئے کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟
۴ یہ اشتہار کسی کو دینے کے بعد آپ اِس پر لکھے ہوئے سوالوں کی طرف اشارہ کرکے اُس شخص سے پوچھ سکتے ہیں کہ ”آپ اِن میں سے کس سوال کا جواب جاننا چاہتے ہیں؟“ پھر اِس اشتہار سے اُس سوال کا جواب بتائیں اور اُس شخص کی توجہ پچھلے صفحے پر دلائیں جس پر بائبل کے مطالعے کے بندوبست کی وضاحت کی گئی ہے۔ اِسکے بعد آپ اُسے بتا سکتے ہیں کہ وہ اِسی موضوع پر مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کتاب کے کس باب کو دیکھ سکتا ہے۔ نیز، اُس سے دوبارہ ملنے اور گفتگو جاری رکھنے کا وقت طے کریں۔
۵. ہمیں بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے کیلئے تیار کیوں رہنا چاہئے؟
۵ ہمارے علاقے میں ابھی بھی لوگ بائبل کی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ پس، ہمیں بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو ہمیں زندگی کی راہ تلاش کرنے میں دوسروں کی مدد کرنے کے زیادہ موقع ملیں گے۔ یوں ہمیں بہت خوشی حاصل ہوگی۔—متی ۷:۱۳، ۱۴۔