مُنادی صبروتحمل کا تقاضا کرتی ہے
۱ پولس رسول نے ۳۰ سال سے زیادہ عرصہ تک بڑے جوشوخروش کے ساتھ مُنادی کا کام کِیا۔ دیگر محنتطلب کاموں کی طرح اُسے مُنادی کے کام میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ (۲-کر ۱۱:۲۳-۲۹) اِس کے باوجود پولس نے ہمت نہ ہاری۔ (۲-کر ۴:۱) وہ سمجھتا تھا کہ یہوواہ خدا ہی اُسے خدمتگزاری کو پورا کرنے کی راہ میں حائل مشکلات کو برداشت کرنے کی قوت عطا کرے گا۔ (فل ۴:۱۳) پولس رسول نے صبروتحمل کا عمدہ نمونہ قائم کِیا۔ اِسی لئے وہ کہہ سکتا تھا: ”تُم میری مانند بنو جیسا مَیں مسیح کی مانند بنتا ہوں۔“—۱-کر ۱۱:۱۔
۲ آجکل آزمائشوں کی برداشت کرنا: ہر روز ہمارے بیشمار بھائی خاندان، ساتھی کارکنوں اور سکول کے ساتھیوں کی طرف سے تمسخر، مخالفت اور بےحسی کا سامنا کرتے ہیں۔ (متی ۱۰:۳۵؛ یوح ۱۵:۲۰) شاید آپ کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہو۔ ہو سکتا ہے کہ آپ صحت کے مسائل سے دوچار ہوں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کو ہر روز ایسی مختلف آزمائشوں کے خلاف جدوجہد کرنی پڑتی ہو جو آپ کے ایمان اور برداشت کو کمزور کرتی ہیں۔ ماضی کے خدا کے وفادار خادموں اور موجودہ زمانے کے ایسے ساتھی مسیحیوں کی مثالوں پر غور کرنے سے ہم تقویت حاصل کر سکتے ہیں جنہوں نے نہ صرف مختلف مشکلات کا سامنا کِیا ہے بلکہ اِن پر غالب بھی آئے ہیں۔—۱-پطر ۵:۹۔
۳ ”خدا کے سب ہتھیار باندھ“ لینے سے ہم اپنی خدمتگزاری میں ڈٹے رہنے کے لئے قوت حاصل کر سکتے ہیں۔ (افس ۶:۱۰-۱۳، ۱۵) برداشت کرنے کے لئے دُعا کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ یہوواہ خدا ہمیں اپنی پاک رُوح بھی عطا کرتا ہے تاکہ ہم مشکلات کی برداشت کر سکیں۔ (۲-کر ۶:۴-۷) شیطان اور اُس کی دُنیا کے خلاف لڑائی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ہمیں خدا کی طرف سے دی جانے والی یاددہانیوں پر دھیان دینا چاہئے تاکہ ہم روحانی طور پر مضبوط رہ سکیں۔ (زبور ۱۱۹:۲۴، ۸۵-۸۸) جس طرح ایک بچہ اپنے باپ کی طرف سے موصول ہونے والے خط کو باربار پڑھتا ہے اُسی طرح خدا کے پاک کلام کو روزانہ پڑھنا اُس کے ساتھ ہمارے رشتے کو مضبوط بناتا ہے۔ باقاعدگی کے ساتھ ذاتی مطالعہ کرنے سے ہم مشکلات سے نپٹنے کے لئے دانائی حاصل کرتے ہیں۔ یوں خدا کی سوچ ہمارے فیصلوں پر اثرانداز ہوتی اور ہمیں اُس کے وفادار رہنے کے لئے طاقت بخشتی ہے۔—امثا ۲:۱۰، ۱۱۔
۴ صبروتحمل برکات کا باعث بنتا ہے: پولس رسول کی طرح جب ہم بھی خدمتگزاری کے دوران وفاداری کے ساتھ برداشت کرتے ہیں تو ہم نہ صرف یہوواہ خدا کے دل کو شاد کرتے ہیں بلکہ اِس سے ہمیں اور دوسروں کو بیشمار برکات حاصل ہوتی ہیں۔ (امثا ۲۷:۱۱) پس دُعا ہے کہ ہم سب خدمتگزاری میں جانفشانی کرتے رہیں اور یہ ثابت کریں کہ ہمارا ایمان مضبوط اور ”آگ سے آزمائے ہوئے فانی سونے سے بھی بہت ہی بیشقیمت ہے۔“—۱-پطر ۱:۶، ۷۔