بائبل مطالعوں کی پیشکش کرنے کا خاص دن
۱ جنوری ۲۰۰۹ سے شروع کرکے تمام کلیسیائیں ہر مہینے میں ایک ہفتے کے آخر پر بائبل مطالعوں کی پیشکش کریں گی۔ اِس کام کے لئے مہینے کے پہلے ہفتہ کا انتخاب بھی کِیا جا سکتا ہے۔ مقامی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے اِس کام کے لئے ہفتے یا اتوار میں سے کسی بھی دن کا انتخاب کِیا جا سکتا ہے۔ اگر صاحبِخانہ مطالعے کی پیشکش قبول نہیں کرتا تو بھی مبشر کتاب پاک صحائف کی تعلیم یا رسالوں کے تازہ شمارے پیش کر سکتا ہے۔ تمام بزرگوں اور خدمتگزار خادموں کو اِس کارگزاری میں بھرپور شرکت کرنے کا بندوبست بنانا چاہئے تاکہ مبشروں کو بائبل مطالعے شروع کرانے میں مدد دے سکیں۔
۲ کلیسیا کی خدمتی کمیٹی اِس بات کا فیصلہ کرے گی کہ کس ہفتے کے آخر پر بائبل مطالعے کرانے کی پیشکش کی جائے گی۔ وقتاًفوقتاً مبشروں کو یاددہانی کراتے رہیں کہ اُنہیں تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ اِس طرح وہ گھربہگھر منادی کے دوران اور دلچسپی ظاہر کرنے والے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کرتے وقت بائبل مطالعوں کی پیشکش کرنے کے قابل ہوں گے۔
۳ پیشکش کی تیاری کیسے کریں: بائبل مطالعے شروع کرانے کے سلسلے میں تجاویز ہمیں جنوری ۲۰۰۶ کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے ضمیمے اور بائبل مباحثے شروع کرنے اور جاری رکھنے کا طریقہ کتابچہ کے صفحہ ۵ پر مل سکتی ہیں۔ مطالعے کی دعوت دینے کے لئے اشتہار کیا آپ سچائی جاننے کی خواہش رکھتے ہیں؟ کو بھی استعمال کِیا جا سکتا ہے۔ اِس کے علاوہ، اگست ۲۰۰۷ کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ ۳ پر ایسے لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کے بارے میں تجاویز دی گئی ہیں جنہوں نے رسالے قبول کئے تھے۔ بزرگ اور خدمتگزار خادم ۱۰ سے ۱۵ منٹ کے لئے اجلاس برائے میدانی خدمت منعقد کریں گے۔ اِس میں وہ بائبل مطالعے شروع کرانے کے حوالے سے ایک یا دو عملی تجاویز پیش کریں گے یا اُن کا مظاہرہ کرائیں گے۔
۴ سچ ہے کہ ہر شخص تو بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کو قبول نہیں کرے گا۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ زیادہ عرصہ تک مطالعہ جاری نہ رکھے۔ تاہم، اِس سے ہمیں بےحوصلہ نہیں ہونا چاہئے چونکہ دراصل یہوواہ خدا ہی بھیڑخصلت لوگوں کو اپنی تنظیم کی طرف لا رہا ہے۔ (یوح ۶:۴۴) ہماری ذمہداری محض سچائی کے بیج بونا نہیں بلکہ جڑ پکڑنے والے پودوں کی دیکھبھال کرنا اور اُنہیں پانی دینا بھی ہے۔ اِس میں سچائی جاننے کے خواہشمند لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا بھی شامل ہے۔ ایسا کرنے سے ہمیں خدا کے ساتھ کام کرنے والوں کے طور پر خدمت انجام دینے کا شرف حاصل ہوگا۔—۱-کر ۳:۹۔