سوالی بکس
▪ کیا سامعین کے لئے مسیحی خدمتی سکول اور خدمتی اجلاس میں پیش کئے جانے والے ہر حصے کے بعد تالیاں بجانا موزوں ہے؟
جب ہمارے خالق، یہوواہ خدا نے زمین کی بنیاد ڈالی تو ’صبح کے ستارے ملکر گانے اور خدا کے سب بیٹے خوشی سے للکارنے لگے۔‘ (ایو ۳۸:۷) تخلیق کے شاندار کام ایک نئے طریقے سے خدا کی حکمت، نیکی اور قوت کو منعکس کر رہے تھے۔ اِس لئے خدا کے آسمانی بیٹے اِنہیں دیکھ کر یہوواہ کی حمدوتعریف کرنے لگے۔
اِس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے بھائی اپنی تقاریر اور مظاہروں کے ذریعے مواد پیش کرنے کے لئے جانفشانی کرتے ہیں۔ لہٰذا اُن کی محنت کے لئے اپنی دلی قدردانی کا اظہار کرنا بڑی اچھی بات ہے۔ عام طور پر، ہم اسمبلیوں اور کنونشنوں جیسے خاص اجتماعات پر پیش کی جانے والی تقاریر اور مظاہروں کے لئے تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ وہاں پیش کئے جانے والے حصوں کو تیار کرنے کے لئے اضافی وقت اور کوشش کی جاتی ہے۔ لہٰذا ہماری تالیاں نہ صرف مقرر کی سخت محنت کے لئے بلکہ اُن ہدایات کے لئے بھی قدردانی کو ظاہر کرتی ہیں جو یہوواہ خدا اپنے کلام اور تنظیم کے ذریعے فراہم کرتا ہے۔—یسع ۴۸:۱۷؛ متی ۲۴:۴۵-۴۷۔
تاہم، مسیحی خدمتی سکول اور خدمتی اجلاس میں پیش کئے جانے والے حصوں کے بعد تالیاں بجانے کی بابت کیا ہے؟ اِس سلسلے میں کوئی حتمی قوانین وضع نہیں کئے گئے کہ تالیاں کب بجائی جانی چاہئیں۔ لیکن موقع کی مناسبت سے ایسا کِیا جا سکتا ہے۔ مثلاً جب کوئی طالبعلم اپنی پہلی تقریر پیش کرتا ہے تو اُس کے اختتام پر تالیاں بجانا مناسب ہے۔ تاہم اگر رسمی طور پر یا محض فرض سمجھ کر ایسا کِیا جاتا ہے تو اِس کا کوئی مقصد نہیں ہوتا۔ اس لئے ہم عام طور پر ہر حصے کے بعد تالیاں نہیں بجاتے۔
اگرچہ ہم مسیحی خدمتی سکول یا خدمتی اجلاس کے بیشتر حصوں کے بعد تالیاں نہیں بجاتے توبھی اِن حصوں کو پیش کرنے والے بہن بھائیوں کے لئے اور اِن میں فراہم کی جانے والی ہدایات کے لئے قدردانی ظاہر کرنے کے اَور بہت سے طریقے ہیں۔ ہم پوری توجہ کے ساتھ مقرر کی بات سننے سے اپنی قدردانی کا اظہار کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ، اجلاس ختم ہونے کے بعد ہمارے پاس موقع ہوتا ہے کہ ہم ذاتی طور پر اُن بہن بھائیوں سے مل سکیں اور اُن کی محنت کے لئے اپنی قدردانی ظاہر کر سکیں۔—افس ۱:۱۵، ۱۶۔