پائنیر جذبہ ظاہر کریں
۱ خواہ ہم پائنیروں کے طور پر خدمت کر سکتے ہیں یا نہیں، تمام بادشاہتی پبلشروں کو پائنیر جذبہ ظاہر کرنا چاہئے۔ وہ واقعی مُنادی کرنے اور شاگرد بنانے کے حکم پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰؛ اعما ۱۸:۵) وہ لوگوں کی فکر رکھتے اور اپنی خدمتگزاری کو پورا کرنے کے لئے قربانیاں دیتے ہیں۔ (متی ۹:۳۶؛ اعما ۲۰:۲۴) یہوواہ کے خادم دوسروں کو سچائی سیکھنے میں مدد دینے کے لئے درکار سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ (۱-کر ۹:۱۹-۲۳) آئیے بشارت کا کام کرنے والے ایک شخص فلپس کی مثال پر غور کریں جو ایسا ہی جذبہ رکھتا تھا۔
۲ مُنادی کرنا اور تعلیم دینا: فلپس پہلی صدی کی کلیسیا میں بھاری ذمہداریاں رکھتا تھا۔ (اعما ۶:۱-۶) اسکے باوجود، وہ خوشخبری کا ایک اہم اور سرگرم مُناد تھا۔ (اعما ۸:۴۰) اپنی ذمہداریوں کو پورا کرنے کے علاوہ، بزرگ اور خدمتگزار خادم جوشوجذبے کیساتھ خدمتگزاری میں پیشوائی کرتے ہوئے پائنیر جذبے کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ اس سے کلیسیا کا جذبہ ماند نہیں پڑتا!—روم ۱۲:۱۱۔
۳ ستفنس کی وفات کے بعد، اذیت کی ایک لہر نے شاگردوں کی زندگیوں کو بُری طرح متاثر کِیا۔ تاہم، فلپس منادی کرتا رہا اور اُس نے سامریوں کے درمیان کام کے آغاز کے سلسلے میں اہم کردار ادا کِیا۔ (اعما ۸:۱، ۴-۶، ۱۲، ۱۴-۱۷) مشکلات کے تحت خوشخبری کا اعلان کرتے رہنے اور غیرجانبداری کیساتھ سب لوگوں کو مُنادی کرنا جاری رکھنے سے ہم بھی اُسکے نمونے کی نقل کر سکتے ہیں۔—یوح ۴:۹۔
۴ خدا کے کلام کے اُستاد کے طور پر فلپس کی مہارت حبشی خوجہ کے مسیحی بن جانے کی سرگزشت سے بھی نظر آتی ہے۔ (اعما ۸:۲۶-۳۸) ایک اَور طریقہ جس سے ہم پائنیر جذبہ ظاہر کر سکتے ہیں وہ اپنے اندر بائبل کو استعمال کرنے اور اس سے استدلال کرنے کی لیاقت پیدا کرنا ہے۔ (اعما ۱۷:۲، ۳) فلپس کی مانند، ہم ہر جگہ اور ہر موزوں موقع پر لوگوں تک خوشخبری پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
۵ خاندان اور کلیسیا: بِلاشُبہ فلپس کے نمونے نے اُسکی بیٹیوں پر مثبت اثر ڈالا۔ (اعما ۲۱:۹) اسی طرح، مسیحی والدین جو بادشاہتی مفادات کو اپنی زندگیوں میں پہلا درجہ دیتے ہیں اپنے بچوں کی بھی ایسا ہی کرنے کیلئے حوصلہافزائی کرتے ہیں۔ مصروفترین ہفتہوار کارگزاری کے باوجود، وہ والدین جو خوشی سے مُنادی کرنے کے کام میں حصہ لیتے ہیں اپنے بچے کے دل پر دائمی نقش چھوڑتے ہیں۔—امثا ۲۲:۶۔
۶ فلپس نے سرگرم مسیحی پولس اور لوقا کیلئے مہماننوازی دکھائی جنہوں نے خود کو یہوواہ کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا تھا۔ (اعما ۲۱:۸، ۱۰) آجکل ہم کیسے سرگرم اشخاص کیلئے اپنی حمایت اور قدردانی کا اظہار کر سکتے ہیں؟ جن دنوں پر کم لوگ خدمتگزاری میں حصہ لیتے ہیں شاید ہم کسی صبح یا سہپہر پائنیروں کیساتھ کام کرنے کی پیشکش کر سکتے ہیں۔ (فل ۲:۴) حوصلہافزا رفاقت کی غرض سے ہم اُنہیں اپنے گھروں پر بھی مدعو کر سکتے ہیں۔ ہمارے حالات خواہ کیسے ہی کیوں نہ ہوں، ہماری دُعا ہے کہ ہم سب پائنیر جذبہ ظاہر کریں۔
[مطالعے کے سوالات]
۱. آپ پائنیر جذبے کو کیسے بیان کرینگے؟
۲. بزرگ اور خدمتگزار خادم خدمتگزاری میں فلپس کے جذبے کی نقل کیسے کر سکتے ہیں؟
۳. مشکلات کے تحت ہم کیسے پائنیر جذبہ ظاہر کر سکتے ہیں؟
۴. اُستاد کے طور پر فلپس نے کیا نمونہ قائم کِیا؟
۵. کیا چیز مسیحی والدین کو اپنے بچوں کے اندر پائنیر جذبہ پیدا کرنے میں مدد دے سکتی ہے؟
۶. ہم اپنی کلیسیا کے پائنیروں کیلئے قدردانی کا اظہار کیسے کر سکتے ہیں؟