بروقت مدد
۱ جب پطرس رسول نے ساتھی ایمانداروں کو تقویت دینے کی ضرورت کو محسوس کِیا تو اُن کے لئے اُس کی فکرمندی نے اُنہیں مشفقانہ یاددہانیاں اور حوصلہافزائی دینے کی تحریک دی۔ (۲-پطر ۱:۱۲، ۱۳؛ ۳:۱) اُس نے ’ایمان پانے والے‘ لوگوں کو روحانی خوبیاں پیدا کرنے کی حوصلہافزائی کی تاکہ وہ ”ہمارے خداوند یسوؔع مسیح کے پہچاننے میں بیکار اور بےپھل نہ“ ہوں۔ (۲-پطر ۱:۱، ۵-۸) پطرس کا مقصد یہوواہ کی طرف سے اُن کے بلاوے اور برگزیدگی کو یقینی بنانے میں اُن کی مدد کرنا تھا تاکہ وہ ”اُس کے سامنے اطمینان کی حالت میں بیداغ اور بےعیب“ رہیں۔ (۲-پطر ۱:۱۰، ۱۱؛ ۳:۱۴) بہتیروں کے لئے اُس کی حوصلہافزائی بروقت ثابت ہوئی۔
۲ آجکل مسیحی نگہبان خدا کے لوگوں کے لئے ایسی ہی فکرمندی رکھتے ہیں۔ ان ’بُرے دنوں‘ میں یہوواہ کے بہتیرے خادموں کو مشکل حالات سے نپٹنا پڑتا ہے۔ (۲-تیم ۳:۱) مستقل طور پر مالی، خاندانی یا ذاتی مسائل کا سامنا کرنے کی وجہ سے بعض لوگ داؤد کی طرح محسوس کر سکتے ہیں: ”بیشمار بُرائیوں نے مجھے گھیر لیا ہے۔ میری بدی نے مجھے آ پکڑا ہے۔ ایسا کہ مَیں آنکھ نہیں اُٹھا سکتا۔ وہ میرے سر کے بالوں سے بھی زیادہ ہیں۔ سو میرا جی چھوٹ گیا۔“ (زبور ۴۰:۱۲) یہ دباؤ اسقدر بڑھ سکتا ہے کہ ایک شخص اہم روحانی ذمہداریوں کو نظرانداز کرتے ہوئے مسیحی خدمتگزاری میں بےقاعدہ ہو سکتا ہے۔ تاہم، اپنی پریشانیوں کے باوجود، وہ ’یہوواہ کے فرمان کو نہیں بھولتے۔‘ (زبور ۱۱۹:۱۷۶) یہی وہ وقت ہے جب بزرگ ایسے موزوں لوگوں کو ضروری مدد فراہم کر سکتے ہیں۔—یسع ۳۲:۱، ۲۔
۳ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے بزرگوں کی حوصلہافزائی کی گئی ہے کہ اُن لوگوں کی مدد کرنے کی خاص کوشش کریں جو اس وقت منادی میں سرگرم نہیں۔ اس وقت ایسا کرنے کی مستعد کوشش کی جا رہی ہے جو مارچ کے مہینے تک جاری رہیگی۔ کتابی مطالعے کے نگہبانوں سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ بےقاعدہ پبلشروں سے ملاقات کریں تاکہ کلیسیائی کارگزاری کو بحال کرنے میں ان کی مدد کی جا سکے۔ اگر ضرورت ہو تو ذاتی بائبل مطالعے کا بندوبست بھی بنایا جا سکتا ہے۔ دوسروں سے مدد کے لئے درخواست کی جا سکتی ہے۔ اگر آپ کو مدد کے لئے کہا جاتا ہے تو مہربانہ اور ہمدردانہ طریقہ سے حوصلہافزائی دینے کی آپ کی کوششیں بہت فائدہمند ثابت ہونگی۔
۴ جب کوئی کلیسیا میں دوبارہ سرگرم ہوتا ہے تو یہ سب کے لئے خوشکُن بات ہوتی ہے۔ (لو ۱۵:۶) بےقاعدہ اشخاص کی مدد کرنے کی ہماری کاوشیں واقعی ”باموقع باتیں“ ثابت ہو سکتی ہیں۔—امثا ۲۵:۱۱۔