یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م99 1/‏2 ص.‏ 9-‏13
  • عظیم کمہار اور اُسکا کام

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • عظیم کمہار اور اُسکا کام
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • کمہار اپنے کام میں توسیع کرتا ہے
  • آپ کس قسم کے برتن ثابت ہونگے؟‏
  • آزمائشوں سے نپٹنے کیلئے ڈھالے گئے
  • اپنے بچوں کو ڈھالنا
  • سب کیلئے ڈھالنا
  • خدا کی اصلاح کو مانیں اور اُس کے معیاروں کے مطابق ڈھلیں
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2013ء
  • یہوواہ خدا—‏سب سے عظیم کمہار
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2016ء
  • مٹی کے برتنوں میں ہمارا خزانہ
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • نیا سپیشل اسمبلی ڈے پروگرام
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۷
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
م99 1/‏2 ص.‏ 9-‏13

عظیم کمہار اور اُسکا کام

‏”‏عزت کا برتن [‏بنیں]‏ .‏ .‏ .‏ [‏جو]‏ ہر نیک کام کے لئے تیار ہو۔“‏—‏۲-‏تیمتھیس ۲:‏۲۱‏۔‏

۱، ۲.‏ (‏ا)‏ خدا کی مرد اور عورت کی تخلیق ایک غیرمعمولی کام کیسے تھا؟ (‏ب)‏ عظیم کمہار آدم اور حوّا کو کس مقصد کیلئے وجود میں لایا؟‏

یہوواہ عظیم کمہار ہے۔ ہمارا جدِامجد، آدم اُسکا تخلیقی شاہکار تھا۔ بائبل ہمیں بتاتی ہے:‏ ”‏خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ خدا نے زمین کی مٹی سے انسان کو بنایا اور اُس کے نتھنوں میں زندگی کا دم پھونکا تو انسان جیتی جان ہؤا،“‏ یعنی نیو ورلڈ ٹرانسلیشن کے فٹ نوٹ کے مطابق ”‏مُتنفّس مخلوق“‏ بنا۔ (‏پیدایش ۲:‏۷‏)‏ پہلا انسانی مخلوق کامل، خدا کی صورت پر بنایا گیا تھا جو اُس کی الہٰی حکمت اور حقیقی راستبازی سے محبت اور انصاف کا ثبوت تھا۔‏

۲ آدم کی پسلی کو استعمال کرتے ہوئے، خدا نے مرد کی تکملہ اور مددگار—‏عورت—‏کو بھی بنایا۔ حوّا کا بے‌نقص حسن دورِحاضر کی حسین‌ترین عورتوں سے بھی کہیں زیادہ تھا۔ (‏پیدایش ۲:‏۲۱-‏۲۳‏)‏ اسکے علاوہ، پہلے انسانی جوڑے کو ایسے بدن اور لیاقتیں عطا کی گئی تھیں جنہیں اس زمین کو فردوس بنانے کے تفویض‌کردہ کام کو پورا کرنے کیلئے کامل طور پر ترتیب دیا گیا تھا۔ اُنہیں پیدایش ۱:‏۲۸ میں بیان‌کردہ خدا کے اس حکم کی تعمیل کرنے کیلئے قوت سے بھی نوازا گیا تھا:‏ ”‏پھلو اور بڑھو اور زمین کو معمورومحکوم کرو اور سمندر کی مچھلیوں اور ہوا کے پرندوں اور کُل جانوروں پر جو زمین پر چلتے ہیں اختیار رکھو۔“‏ انجام‌کار، اس عالمگیر باغ میں محبت کے ایسے بندھن میں بندھے ہوئے کروڑوں لوگوں نے آباد ہونا تھا جو ”‏کمال کا پٹکا ہے۔“‏—‏کلسیوں ۳:‏۱۴‏۔‏

۳.‏ ہمارے پہلے والدین کیسے بے‌عزتی کے برتن بن گئے اور کس نتیجے کیساتھ؟‏

۳ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پہلے والدین نے جان‌بوجھ کر اپنے حاکمِ‌اعلیٰ خالق، عظیم کمہار کے اختیار کے خلاف بغاوت کرنے کا انتخاب کِیا۔ جو روِش اُنہوں نے اختیار کی اُسے یسعیاہ ۲۹:‏۱۵، ۱۶ میں یوں بیان کِیا گیا ہے:‏ ”‏ان پر افسوس جو اپنی مشورت خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ سے چھپاتے ہیں۔ جنکا کاروبار اندھیرے میں ہوتا ہے اور کہتے ہیں کون ہم کو دیکھتا ہے؟ کون ہم کو پہچانتا ہے؟ .‏ .‏ .‏ کیا کمہار مٹی کے برابر گنا جائیگا یا مصنوع اپنے صانع سے کہے گا کہ مَیں تیری صنعت نہیں؟ کیا مخلوق اپنے خالق سے کہیگا تُو کچھ نہیں جانتا۔“‏ اُنکی سرکشی تباہی—‏ابدی موت کی سزا—‏کا موجب بنی۔ علاوہ‌ازیں، اُن سے پیدا ہونے والی تمام انسانی نسل نے گناہ اور موت کا ورثہ پایا۔ (‏رومیوں ۵:‏۱۲،‏ ۱۸‏)‏ یوں عظیم کمہار کی تخلیق کی خوبصورتی پر بدنما داغ لگ گیا۔‏

۴.‏ ہم کونسا باعزت مقصد انجام دے سکتے ہیں؟‏

۴ تاہم، گنہگار آدم کی اولاد ہوتے ہوئے بھی ہم اپنی موجودہ ناکامل حالت میں زبور ۱۳۹:‏۱۴ کے ان الفاظ میں یہوواہ کی تمجید کر سکتے ہیں:‏ ”‏مَیں تیرا شکر کرونگا کیونکہ مَیں عجیب‌وغریب طور سے بنا ہوں تیرے کام حیرت‌انگیز ہیں۔ میرا دل اِسے خوب جانتا ہے۔“‏ تاہم کتنے افسوس کی بات ہے کہ عظیم کمہار کی ابتدائی دستکاری کو اسقدر بگا‌ڑ دیا گیا ہے!‏

کمہار اپنے کام میں توسیع کرتا ہے

۵.‏ عظیم کمہار کا ہنر کیسے ظاہر ہونا تھا؟‏

۵ خوشی کی بات ہے کہ کمہار کے طور پر ہمارے خالق کے ہنر نے نوعِ‌انسان کی ابتدائی تخلیق سے آگے بڑھنا تھا۔ پولس رسول ہمیں بتاتا ہے:‏ ”‏اَے انسان بھلا تُو کون ہے جو خدا کے سامنے جواب دیتا ہے؟ کیا بنی ہوئی چیز بنانے والے سے کہہ سکتی ہے کہ تُو نے مجھے کیوں ایسا بنایا؟ کیا کمہار کو مٹی پر اختیار نہیں کہ ایک ہی لوندے میں سے ایک برتن عزت کے لئے بنائے اور دوسرا بے‌عزتی کے لئے؟“‏—‏رومیوں ۹:‏۲۰، ۲۱‏۔‏

۶، ۷.‏ (‏ا)‏ آجکل بہتیرے کیسے بے‌عزتی کیلئے ڈھالے جانے کا انتخاب کرتے ہیں؟ (‏ب)‏ راستباز عزت کیلئے کیسے ڈھالے جاتے ہیں؟‏

۶ جی‌ہاں، عظیم کمہار کے کچھ برتن تو عزت کیلئے اور کچھ بے‌عزتی کے لئے ڈھالے جائیں گے۔ بیدینی کی دلدل کی گہرائی میں دھنس جانے والی دُنیا کے رفیق بننے والے لوگ ایسے طریقے سے ڈھالے گئے ہیں جو اُن کی ہلاکت کی نشاندہی کرتا ہے۔ جب جلالی بادشاہ، یسوع مسیح عدالت کے لئے آئے گا تو بے‌عزتی کے برتن ایسے تمام سرکش بکری‌خصلت انسانوں پر مشتمل ہونگے جو متی ۲۵:‏۴۶ کے مطابق ”‏ہمیشہ کی سزا“‏ پائینگے۔ تاہم، ”‏عزت“‏ کے لئے ڈھالے گئے، بھیڑخصلت ”‏راستباز ہمیشہ کی زندگی“‏ کے وارث ہونگے۔‏

۷ یہ راستباز فروتنی سے الہٰی ڈھلائی کے عمل سے گزر چکے ہوں گے۔ وہ زندگی کی خدائی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے ۱-‏تیمتھیس ۶:‏۱۷-‏۱۹ میں پائی جانے والی اس مشورت کو قبول کر لیا ہے:‏ ”‏ناپایدار دولت پر نہیں بلکہ خدا پر [‏اپنی]‏ اُمید رکھیں جو ہمیں لطف اُٹھانے کے لئے سب چیزیں افراط سے دیتا ہے۔“‏ اُنہوں نے اس نصیحت پر دل لگایا ہے کہ ”‏نیکی کریں اور اچھے کاموں میں دولتمند بنیں اور سخاوت پر تیار اور امداد پر مستعد ہوں۔ اور آیندہ کے لئے اپنے واسطے ایک اچھی بنیاد قائم کر رکھیں تاکہ حقیقی زندگی پر قبضہ کریں۔“‏ وہ الہٰی سچائی سے ڈھالے گئے ہیں اور یسوع مسیح کے وسیلے یہوواہ کے بندوبست پر غیرمتزلزل ایمان کا مظاہرہ کرتے ہیں جس نے آدم کے گناہ سے واقع ہونے والے تمام نقصان کی تلافی کرنے کے لئے ”‏اپنے آپ کو سب کے فدیہ میں دیا۔“‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۲:‏۶‏)‏ پس، ہمیں کتنے اشتیاق سے پولس کی اس مشورت پر عمل کرنا چاہئے کہ ”‏نئی انسانیت کو پہن [‏لیں]‏ جو معرفت حاصل کرنے کے لئے اپنے خالق کی صورت پر نئی بنتی [‏ڈھالی]‏ جاتی ہے“‏!‏—‏کلسیوں ۳:‏۱۰‏۔‏

آپ کس قسم کے برتن ثابت ہونگے؟‏

۸.‏ (‏ا)‏ کیا چیز اس بات کا تعیّن کرتی ہے کہ کوئی شخص کس قسم کا برتن ثابت ہوتا ہے؟ (‏ب)‏ کسی کی ڈھلائی کن دو عناصر پر مشتمل ہے؟‏

۸ کیا چیز اس بات کا تعیّن کرتی ہے کہ کوئی شخص کس قسم کا برتن ثابت ہوتا ہے؟ اُسکا رویہ اور چال‌چلن۔ اوّل، یہ خواہشات اور دلی رغبتوں سے تشکیل پاتے ہیں۔ دانشمند بادشاہ سلیمان نے کہا:‏ ”‏آدمی کا دل اپنی راہ ٹھہراتا ہے پر خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ اُس کے قدموں کی راہنمائی کرتا ہے۔“‏ (‏امثال ۱۶:‏۹‏)‏ دوم، یہ دیکھنے اور سننے میں آنے والی باتوں، صحبتوں اور تجربات سے تشکیل پاتے ہیں۔ لہٰذا، اس مشورت پر دھیان دینا کسقدر اہم ہے:‏ ”‏وہ جو داناؤں کے ساتھ چلتا ہے دانا ہوگا پر احمقوں کا ساتھی ہلاک کِیا جائے گا۔“‏ (‏امثال ۱۳:‏۲۰‏)‏ جیساکہ ۲-‏پطرس ۱:‏۱۶ ہمیں متنبہ کرتی ہے، ہمیں ”‏دغابازی کی گھڑی ہوئی کہانیوں“‏ یا نوکس رومن کیتھولک ورشن کے مطابق ”‏انسانی اختراع کے افسانوں“‏ کی پیروی کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ یہ برگشتہ مسیحی دُنیا کی بہت سی تعلیمات اور تہواروں پر مشتمل ہیں۔‏

۹.‏ ہم عظیم کمہار کی طرف سے ڈھالے جانے کے لئے موافق جوابی‌عمل کیسے دکھا سکتے ہیں؟‏

۹ پس، خدا ہمارے جوابی‌عمل کے مطابق، ہمیں ڈھال سکتا ہے۔ ہم عاجزی کیساتھ یہوواہ کے حضور داؤد کی دُعا کو دہرا سکتے ہیں:‏ ”‏اَے خدا!‏ تُو مجھے جانچ اور میرے دل کو پہچان۔ مجھے آزما اور میرے خیالوں کو جان لے اور دیکھ کہ مجھ میں کوئی بُری روش تو نہیں اور مجھ کو ابدی راہ میں لے چل۔“‏ (‏زبور ۱۳۹:‏۲۳، ۲۴‏)‏ یہوواہ بادشاہتی پیغام کی منادی کرا رہا ہے۔ ہمارے دل قدردانی کے ساتھ خوشخبری اور اُس کی مزید راہنمائیوں سے اثرپذیر ہوئے ہیں۔ اپنی تنظیم کے ذریعے وہ ہمیں خوشخبری کی منادی سے متعلق مختلف استحقاقات عطا کرتا ہے؛ پس ہمیں ان پر قبضہ جمانا اور دل‌وجان سے اُنہیں عزیز رکھنا چاہئے۔—‏فلپیوں ۱:‏۹-‏۱۱‏۔‏

۱۰.‏ ہمیں روحانی پروگراموں کی پابندی کرنے کیلئے کیسے جانفشانی کرنی چاہئے؟‏

۱۰ یہ بہت اہم ہے کہ ہم بائبل پڑھائی کے روزانہ پروگرام پر عمل کرنے اور صحائف اور یہوواہ کی خدمت کو اپنے خاندانوں اور اپنے دوست‌واحباب کے درمیان گفتگو کا موضوع بنانے سے خدا کے کلام پر مستقل توجہ دیں۔ ہر بیت‌ایل خاندان اور مشنری گروپ میں ناشتے کی میز پر صبح کی پرستش کا پروگرام منعقد کِیا جاتا ہے جس میں عموماً ایک ہفتے بائبل اور دوسرے ہفتے حالیہ ائیربُک کی پڑھائی شامل ہوتی ہے۔ کیا آپ کا خاندان بھی ایسا ہی بندوبست بنا سکتا ہے؟ علاوہ‌ازیں، ہم سب مسیحی کلیسیا، اپنے اجلاسوں میں رفاقت اور بالخصوص ہفتہ‌وار مینارِنگہبانی کے مطالعہ میں شرکت سے خوب فوائد حاصل کرتے ہیں!‏

آزمائشوں سے نپٹنے کیلئے ڈھالے گئے

۱۱، ۱۲.‏ (‏ا)‏ روزمرّہ زندگی کی آزمائشوں کی بابت ہم یعقوب کی مشورت کا اطلاق کیسے کر سکتے ہیں؟ (‏ب)‏ ایوب کا تجربہ راستی برقرار رکھنے میں ہماری حوصلہ‌افزائی کیسے کرتا ہے؟‏

۱۱ ہماری روزمرّہ زندگیوں میں خدا ایسی حالتوں کو برپا ہونے کی اجازت دیتا ہے جن میں سے بعض کو شاید ہم مشکل پائیں۔ ہمیں انہیں کیسا خیال کرنا چاہئے؟ یعقوب ۴:‏۸ کی مشورت کے مطابق ہمیں کبھی بھی تلخ‌مزاج نہیں ہونا چاہئے بلکہ اپنے پورے دل سے اُس پر بھروسہ کرتے ہوئے خدا کے نزدیک جانا چاہئے، اس اعتماد کیساتھ کہ جب ہم ’‏اُس کے نزدیک جائیں گے تو وہ ہمارے نزدیک آئے گا۔‘‏ یہ سچ ہے کہ ہمیں مشکلات اور آزمائشوں کو برداشت کرنا پڑے گا مگر ہمیں ڈھالنے کے عمل میں مدد دینے کے لئے ہی اُن کی اجازت دی گئی ہے تاکہ انجام خوش‌کُن ہو۔ یعقوب ۱:‏۲، ۳ ہمیں یقین‌دہانی کراتی ہے:‏ ”‏اَے میرے بھائیو!‏ جب تم طرح طرح کی آزمایشوں میں پڑو۔ تو اس کو یہ جان کر کمال خوشی کی بات سمجھنا کہ تمہارے ایمان کی آزمائش صبر پیدا کرتی ہے۔“‏

۱۲ یعقوب یہ بھی کہتا ہے:‏ ”‏جب کوئی آزمایا جائے تو یہ نہ کہے کہ میری آزمایش خدا کی طرف سے ہوتی ہے کیونکہ نہ تو خدا بدی سے آزمایا جا سکتا ہے اور نہ وہ کسی کو آزماتا ہے۔ ہاں۔ ہر شخص اپنی ہی خواہشوں میں کھینچ کر اور پھنس کر آزمایا جاتا ہے۔“‏ (‏یعقوب ۱:‏۱۳، ۱۴‏)‏ ہماری آزمائشیں بہت سی اور مختلف طرح کی ہو سکتی ہیں مگر جیسے‌کہ ایوب کے معاملے میں ہوا ویسے ہی یہ سب ہمیں ڈھالنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ صحائف یعقوب ۵:‏۱۱ میں ہمیں کیا ہی شاندار یقین‌دہانی کراتے ہیں:‏ ”‏دیکھو صبر کرنے والوں کو ہم مبارک کہتے ہیں۔ تم نے اؔیوب کے صبر کا حال تو سنا ہی ہے اور خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کی طرف سے جو اس کا انجام ہؤا اُسے بھی معلوم کر لیا جس سے خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کا بہت ترس اور رحم ظاہر ہوتا ہے۔“‏ دُعا ہے کہ ہم عظیم کمہار کے ہاتھوں میں برتنوں کے طور پر، انجام کی بابت ایوب جیسے اعتماد کے ساتھ ہر وقت راستی برقرار رکھیں!‏—‏ایوب ۲:‏۳،‏ ۹، ۱۰؛‏ ۲۷:‏۵؛‏ ۳۱:‏۱-‏۶؛‏ ۴۲:‏۱۲-‏۱۵‏۔‏

اپنے بچوں کو ڈھالنا

۱۳، ۱۴.‏ (‏ا)‏ والدین کو کب اپنے بچوں کو ڈھالنا شروع کرنا چاہئے اور کس انجام کے پیشِ‌نظر؟ (‏ب)‏ آپ کونسے خوش‌کُن نتائج بیان کر سکتے ہیں؟‏

۱۳ والدین شِیرخوارگی سے ہی اپنے بچوں کو ڈھالنے میں حصہ لے سکتے ہیں جس سے ہمارے نوجوان غیرمعمولی راستی برقرار رکھنے والے ثابت ہو سکتے ہیں!‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۴، ۱۵‏)‏ یہ بات انتہائی سخت آزمائشوں میں بھی سچ ثابت ہوئی ہے۔ کچھ سال قبل، جب ایک افریقی ملک میں اذیت عروج پر تھی تو ایک قابلِ‌اعتماد خاندان نے اپنے گھر کے پیچھے جھونپڑی میں دی واچ‌ٹاور کی خفیہ چھپائی کی دیکھ‌بھال کی۔ ایک روز کچھ فوجی اُن کے محلے میں آئے اور تمام گھروں سے نوجوانوں کو تلاش کرنے لگے تاکہ اُنہیں فوج میں بھرتی کریں۔ اس خاندان کے دو لڑکوں کے پاس چھپنے کا وقت تھا مگر اس کے نتیجے میں فوجی گھر کی تلاشی ضرور لیتے جس سے پرنٹنگ پریس ضرور نظروں میں آ جاتی۔ یہ تشدد یا پورے خاندان کو ہلاک کر دینے پر منتج ہو سکتا تھا۔ کیا کِیا جا سکتا تھا؟ دونوں لڑکوں نے دلیری کے ساتھ یوحنا ۱۵:‏۱۳ کے یہ الفاظ ادا کئے:‏ ”‏اس سے زیادہ محبت کوئی شخص نہیں کرتا کہ اپنی جان اپنے دوستوں کے لئے دیدے۔“‏ وہ اپنی بیٹھک میں ہی رہے۔ فوجی اُنہیں ڈھونڈ کر بِلاشُبہ سخت اذیت پہنچائینگے اور بھرتی ہونے سے انکار پر اُنہیں ہلاک بھی کر ڈالینگے۔ تاہم مزید تلاشی نہیں لینگے۔ پرنٹنگ پریس اور خاندان کے دیگر ارکان بچ جائیں گے۔ تاہم، انجام نہایت ہی حیران‌کُن تھا۔ فوجی درحقیقت اس ایک گھر کو چھوڑ کر دوسرے گھروں میں چلے گئے!‏ پرنٹنگ پریس کے ساتھ ساتھ، عزت کے لئے ڈھالے گئے یہ انسانی برتن بھی بروقت روحانی خوراک شائع کرتے رہنے کے لئے بچ گئے۔ دونوں لڑکوں میں سے ایک اور اُس کی بہن بیت‌ایل میں خدمت کر رہے ہیں؛ وہ آج بھی اُسی پُرانی مشین کو استعمال کر رہا ہے۔‏

۱۴ چھوٹے بچوں کو دُعا کرنا سکھایا جا سکتا ہے اور خدا اُن کی دُعاؤں کا جواب دیتا ہے۔ اس کی ایک نمایاں مثال روانڈا کے قتلِ‌عام کے دوران دیکھنے میں آئی۔ جب باغیوں نے چھ سالہ بچی اور اُس کے والدین کو ہینڈ گرنیڈ کے ساتھ ہلاک کرنے کیلئے تیار کِیا تو بیٹی نے زوردار آواز اور جوش کے ساتھ دُعا کی کہ اُنہیں یہوواہ کی مزید خدمت کرنے کے لئے بچا لیا جائے۔ متوقع قاتلوں نے اُنہیں چھوڑ دینے کی تحریک پاتے ہوئے کہا:‏ ”‏ہم اس چھوٹی لڑکی کی وجہ سے تمہیں ہلاک نہیں کر سکتے۔“‏—‏۱-‏پطرس ۳:‏۱۲‏۔‏

۱۵.‏ پولس نے کن بُرے اثرات کی بابت آگاہ کِیا تھا؟‏

۱۵ ہمارے بیشتر بچوں کو اتنی مشکل حالتوں سے نپٹنا نہیں پڑتا جن کا ذکر اُوپر کِیا گیا ہے مگر اُن کو سکول اور بدکار معاشروں میں آجکل بہتیری آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے:‏ گندی زبان، فحش‌نگاری، اخلاق‌سوز تفریح اور غلط عادات میں پڑنے کے لئے ہمسروں کا دباؤ بہت سی جگہوں پر عام ہے۔ ان اثرات کے خلاف پولس رسول نے بارہا آگاہ کِیا۔—‏۱-‏کرنتھیوں ۵:‏۶؛‏ ۱۵:‏۳۳، ۳۴؛‏ افسیوں ۵:‏۳-‏۷‏۔‏

۱۶.‏ کوئی شخص عزت کا برتن کیسے بن سکتا ہے؟‏

۱۶ پولس ”‏بعض عزت اور بعض ذلت کے لئے“‏ رکھے گئے برتنوں کا حوالہ دینے کے بعد بیان کرتا ہے:‏ ”‏پس جو کوئی ان سے الگ ہوکر اپنے تیئں پاک کریگا وہ عزت کا برتن بنے گا اور مالک کے کام کے لائق اور ہر نیک کام کے لئے تیار ہوگا۔“‏ پس ہمیں صحبتوں کے سلسلے میں خبردار رہنے کے لئے اپنے نوجوانوں کی حوصلہ‌افزائی کرنا چاہئے۔ اُن کی مدد کریں کہ ”‏جوانی کی خواہشوں سے بھاگیں اور جو پاک دل کے ساتھ یہوواہ سے دُعا کرتے ہیں اُن کے ساتھ راستبازی اور ایمان اور محبت اور صلح کے طالب ہوں۔“‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۲:‏۲۰-‏۲۲ این‌ڈبلیو)‏ ”‏ایک دوسرے کی ترقی کا باعث“‏ بننے والا خاندانی پروگرام نوجوانوں کو ڈھالنے میں بیش‌بہا ہو سکتا ہے۔ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۵:‏۱۱؛‏ امثال ۲۲:‏۶‏)‏ سوسائٹی کی موزوں مطبوعات استعمال کرتے ہوئے روزانہ بائبل پڑھائی اور مطالعہ عمدہ مدد ثابت ہو سکتا ہے۔‏

سب کیلئے ڈھالنا

۱۷.‏ تنبیہ ہمیں کیسے ڈھالے گی اور کس مسرت‌بخش انجام کیساتھ؟‏

۱۷ یہوواہ ہمیں ڈھالنے کے لئے اپنے کلام اور اپنی تنظیم کے ذریعے مشورت فراہم کرتا ہے۔ ایسی خدائی مشورت کی کبھی بھی مزاحمت نہ کریں!‏ اس کے لئے دانشمندانہ جوابی‌عمل دکھائیں اور اسے خود کو ایسے سانچے میں ڈھالنے کا موقع دیں کہ یہوواہ آپ کو عزت کے لئے استعمال کر سکے۔ امثال ۳:‏۱۱، ۱۲ نصیحت کرتی ہے:‏ ”‏اَے میرے بیٹے!‏ خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کی تنبیہ کو حقیر نہ جان اور اُس کی ملامت سے بیزار نہ ہو۔ کیونکہ خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ اُسی کو ملامت کرتا ہے جس سے اُسے محبت ہے۔ جیسے باپ اُس بیٹے کو جس سے وہ خوش ہے۔“‏ عبرانیوں ۱۲:‏۶-‏۱۱ میں مزید پدرانہ مشورت پیش کی گئی ہے جہاں یہ نتیجہ اخذ کِیا گیا ہے:‏ ”‏جس سے خداوند محبت رکھتا ہے اُسے تنبیہ بھی کرتا ہے .‏ .‏ .‏ بالفعل ہر قسم کی تنبیہ خوشی کا نہیں بلکہ غم کا باعث معلوم ہوتی ہے مگر جو اُسکو سہتے سہتے پُختہ ہو گئے ہیں ان کو بعد میں چین کے ساتھ راستبازی کا پھل بخشتی ہے۔“‏ ایسی تنبیہ کا بنیادی ذریعہ خدا کا الہامی کلام ہونا چاہئے۔—‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶، ۱۷‏۔‏

۱۸.‏ توبہ کے حوالے سے ہم لوقا ۱۵ باب سے کیا سیکھتے ہیں؟‏

۱۸ یہوواہ رحیم بھی ہے۔ (‏خروج ۳۴:‏۶)‏ نہایت سنگین گناہ کے باوجود بھی اگر دلی توبہ کا اظہار کِیا جاتا ہے تو وہ معاف کر دیتا ہے۔ زمانۂ‌جدید کے ’‏مسرف‘‏ بھی عزت کے برتن بن سکتے ہیں۔ (‏لوقا ۱۵:‏۲۲-‏۲۴،‏ ۳۲‏)‏ شاید ہمارے گناہ مسرف کے گناہوں جیسے سنگین نہ ہوں۔ تاہم صحیفائی مشورت کیلئے ہمارا فروتن ردِعمل کا نتیجہ ہمیشہ یہی ہوگا کہ ہم عزت کے برتن بنیں گے۔‏

۱۹.‏ ہم یہوواہ کے ہاتھوں میں عزت کے برتنوں کے طور پر کیسے خدمت جاری رکھ سکتے ہیں؟‏

۱۹ جب ہم نے شروع میں سچائی سیکھی تھی تو ہم نے اس سلسلے میں رضامندی کا اظہار کِیا تھا کہ یہوواہ ہمیں ڈھالے۔ ہم نے دُنیاوی طورطریقوں کو چھوڑ کر نئی انسانیت پہن لی اور مخصوص‌شُدہ اور بپتسمہ‌یافتہ مسیحی بن گئے۔ ہم نے افسیوں ۴:‏۲۰-‏۲۴ کی مشورت پر عمل کِیا اور ’‏اپنے سابقہ چال‌چلن کی گمراہ‌کُن شہوتوں پر مبنی پُرانی انسانیت کو اُتار کر نئی انسانیت کو پہن لیا جو خدا کی مرضی کے مطابق سچائی کی راستبازی اور وفاداری میں پیدا کی گئی ہے۔‘‏ دُعا ہے کہ ہم عظیم کمہار، یہوواہ کے ہاتھوں سے ذاتی طور پر بآسانی ڈھلنے کیلئے مسلسل تیار رہیں اور اُس کیلئے عزت کے برتنوں کے طور پر ہمیشہ خدمت بجا لاتے رہیں!‏

اعادے کیلئے

◻ہماری زمین کیلئے عظیم کمہار کا مقصد کیا ہے؟‏

◻آپ عزت کیلئے کیسے ڈھالے جا سکتے ہیں؟‏

◻ہمارے بچے کس طریقے سے ڈھالے جا سکتے ہیں؟‏

◻ہمیں تنبیہ کو کیسا خیال کرنا چاہئے؟‏

‏[‏صفحہ 10 پر تصویر]‏

کیا آپ عزت کیلئے ڈھالے جائینگے یا رد کر دئے جائینگے؟‏

‏[‏صفحہ 12 پر تصویر]‏

بچوں کو شِیرخوارگی سے ہی ڈھالا جا سکتا ہے

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں