کہانی نمبر ۸۹
خدا کے گھر میں بازار
ارے دیکھیں، تصویر میں کیا ہو رہا ہے؟ یسوع مسیح کتنے غصے میں ہیں۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ وہ اِتنے غصے میں کیوں ہیں؟ کیونکہکچھ آدمی خدا کی ہیکل میں جانوروں اور پرندوں کو بیچ رہے ہیں۔ یہ آدمی بہت بُرے تھے۔ وہ لالچی تھے اور اُن لوگوں سے بہت پیسے لیتے تھے جو ہیکل میں خدا کی عبادت کرنے کے لئے آتے تھے۔
کیا آپ کو تصویر میں بیل، بھیڑیں اور کبوتر نظر آ رہے ہیں؟ لیکن یہ جانور ہیکل میں کیوں ہیں؟ کیونکہ اسرائیلی یہوواہ خدا کو جانوروں کی قربانی پیش کرتے تھے۔
خدا نے اسرائیلیوں کو حکم دیا تھا کہ ”جب تُم گُناہ کرو تو جانور یا پرندے کی قربانی دو۔“ اسرائیلی کچھ اَور باتوں کی وجہ سے بھی خدا کو قربانیاں پیش کرتے تھے۔ لیکن اسرائیلیوں کو قربانی کے لئے جانور اور پرندے کہاں سے ملتے تھے؟
کچھ اسرائیلیوں کے پاس اپنے پرندے اور جانور ہوتے تھے۔ وہ اُن کو قربان کرتے تھے۔ لیکن بہت سے اسرائیلیوں کے پاس اپنی بھیڑ بکریاں نہیں ہوتی تھیں۔ کچھ اسرائیلی یروشلیم سے بہت دُور رہتے تھے اور وہ جانوروں کو اپنے ساتھ اِتنی دُور نہیں لا سکتے تھے۔ اِس لئے یہ لوگ ہیکل میں آکر جانور خرید لیتے تھے۔ لیکن یہوواہ خدا نہیں چاہتا تھا کہ لوگ اُس کی ہیکل میں کوئی چیز بیچیں۔ اِس کے ساتھساتھ جو آدمی ہیکل میں جانور بیچتے تھے، وہ دھوکےباز تھے اور لوگوں سے بہت پیسے لیتے تھے۔
یہ سب دیکھ کر یسوع مسیح کو بہت غصہ آیا۔ اُنہوں نے جانور بیچنے والے آدمیوں کی میزیں اُلٹ دیں اور اُن کے پیسے گِرا دئے۔ پھر اُنہوں نے رسیوں کا ایک کوڑا بنایا اور سب جانوروں کو ہیکل سے نکال دیا۔ اُنہوں نے کبوتر بیچنے والے آدمیوں سے کہا: ”اپنے کبوتروں کو یہاں سے لے جاؤ۔ میرے خدا کے گھر کو بازار مت بناؤ۔“
یسوع مسیح کے شاگرد یہ سب دیکھ کر بہت حیران ہوئے۔ اُن کو یاد آیا کہ پاک کلام میں یسوع مسیح کے بارے میں پہلے سے لکھا تھا کہ ”وہ خدا کے گھر میں کوئی غلط کام برداشت نہیں کرے گا۔“
یسوع مسیح عیدِفسح منانے کے لئے یروشلیم آئے تھے۔ یہاں اُنہوں نے بہت سے معجزے کئے۔ عید منانے کے بعد وہ گلیل کی طرف روانہ ہوئے۔ راستے میں وہ سامریہ کے علاقے سے گزرے۔ آئیں، دیکھتے ہیں کہ سامریہ میں کیا ہوا۔