مسیحیوں کے طور پر زندگی
مُنادی کے کام سے خوشی حاصل کریں
کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کو مُنادی کا کام کرنا مشکل لگا ہو؟ ہو سکتا ہے کہ بہت سے بہن بھائی اِس سوال کا جواب ہاں میں دیں۔ اِس کی فرق فرق وجوہات ہو سکتی ہیں۔ شاید لوگ ہمارے پیغام میں دلچسپی نہیں لیتے یا ہماری مخالفت کرتے ہیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ہمیں اجنبیوں سے بات کرنا مشکل لگتا ہے۔ بِلاشُبہ اِن باتوں کی وجہ سے ہماری خوشی کم ہو سکتی ہے۔ ہم ایک خوشدل خدا کی عبادت کرتے ہیں جو یہ چاہتا ہے کہ ہم خوشی سے اُس کی خدمت کریں۔ (زبور 100:2؛ 1-تیم 1:11) آئیں، تین وجوہات پر غور کریں جن کی بِنا پر ہم مُنادی کے کام سے خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔
پہلی وجہ یہ ہے کہ ہم لوگوں کو اُمید کا پیغام دیتے ہیں۔ آجکل بہت سے لوگ نااُمید ہیں لیکن ہم اُنہیں مستقبل کے بارے میں ”خوشی کا پیغام“ دیتے ہیں اور یوں اُن کے دل میں اُمید کی کِرن جگاتے ہیں۔ (یسع 52:7، اُردو جیو ورشن) خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سے ہمیں بھی خوشی اور اُمید ملتی ہے۔ لہٰذا مُنادی میں جانے سے پہلے اُن برکتوں کے بارے میں سوچ بچار کریں جو خدا کی بادشاہت کے ذریعے اِنسانوں کو ملیں گی۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ جب ہم لوگوں کو خوشخبری سناتے ہیں تو اُنہیں نہ صرف جسمانی لحاظ سے فائدہ ہو سکتا ہے بلکہ خدا کی قربت حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ وہ یہ سیکھ جاتے ہیں کہ وہ غلط کاموں کو کیسے چھوڑ سکتے ہیں اور ہمیشہ کی زندگی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ (یسع 48:17، 18؛ روم 1:16) جب ہم مُنادی کا کام کرتے ہیں تو یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے ہم کسی قدرتی آفت کے بعد لوگوں کو ڈھونڈ کر اُن کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہوں۔ حالانکہ کچھ لوگ یہ نہیں چاہتے کہ اُن کی جان بچائی جائے لیکن پھر بھی ہم ایسے لوگوں کی تلاش کرتے رہتے ہیں جو اپنی جان بچانا چاہتے ہیں۔—متی 10:11-14۔
تیسری اور سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ مُنادی کے کام کے ذریعے یہوواہ خدا کی بڑائی ہوتی ہے۔ یہوواہ خدا اِس بات کی بڑی قدر کرتا ہے کہ ہم مُنادی کا کام کرتے ہیں۔ (یسع 43:10؛ عبر 6:10) اِس کے علاوہ وہ بڑی فیاضی سے ہمیں اپنی پاک روح دیتا ہے تاکہ ہم یہ کام کر سکیں۔ لہٰذا یہوواہ خدا سے درخواست کریں کہ وہ آپ کو خوشی عطا کرے جو کہ روح کے پھل کا ایک پہلو ہے۔ (گل 5:22) یہوواہ خدا کی مدد سے ہم اپنی گھبراہٹ اور ہچکچاہٹ پر قابو پا سکیں گے اور دلیری سے مُنادی کا کام کر سکیں گے۔ (اعما 4:31) چاہے لوگ ہمارے پیغام کو سُن کر جیسا بھی ردِعمل دِکھائیں، ہم خوشی سے مُنادی کا کام کرتے رہیں گے۔—حِز 3:3۔
آپ کس جذبے سے مُنادی کا کام کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ کو مُنادی کا کام کرنے سے خوشی ملتی ہے؟
ویڈیو REGAIN JOY THROUGH STUDY AND MEDITATION کو دیکھیں اور اِن سوالوں کے جواب دیں:
چاہے ہم مُنادی کے کام میں جتنا بھی وقت صرف کریں، یہ کیوں ضروری ہے کہ ہم بائبل کا مطالعہ کرنے کو اہمیت دیں اور اِس سلسلے میں ایک اچھا معمول قائم کریں؟
ہم مریم کی مثال پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟
آپ پاک کلام پر سوچ بچار کرنے کے لیے کب وقت نکالتے ہیں؟
آپ کو مُنادی کے کام کے دوران کس بات سے خوشی ملتی ہے؟