ہم ”خوشخبری“ بروشر کے ذریعے تعلیم کیسے دے سکتے ہیں؟
1. خوشخبری بروشر کا مقصد کیا ہے؟
1 جولائی کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری میں ایک بہت ہی اہم اوزار کا ذکر کِیا گیا تھا جو تعلیم دینے کے لیے بہت مؤثر ہے۔ یہ اوزار بروشر خدا کی طرف سے خوشخبری ہے۔ اِس بروشر میں زیادہتر آیتوں کا صرف حوالہ دیا گیا ہے تاکہ صاحبِخانہ اپنی بائبل کھول کر اِس میں درج سچائیاں سیکھ سکے۔ ہماری بہت سی کتابوں کو اِس طرح سے لکھا گیا ہے کہ لوگ بغیر کسی مدد کے بائبل کی سچائیوں کو سمجھ پائیں۔ لیکن اِس بروشر کا مقصد یہ ہے کہ لوگ کسی مبشر کی مدد سے اِس سے تعلیم حاصل کریں۔ لہٰذا جب ہم یہ بروشر پیش کرتے ہیں تو ہمیں صاحبِخانہ کو دِکھانا چاہیے کہ ہم اِس کے ذریعے بائبل کورس کیسے کراتے ہیں۔ یوں اُس کے دل میں بائبل کی تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوگا۔—متی 13:44۔
2. ہم گھر گھر کی مُنادی کے دوران خوشخبری بروشر کو کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں؟
2 گھر گھر کی مُنادی کے دوران: آپ یہ کہہ سکتے ہیں: ”آجکل بہت سے لوگ دُنیا کے حالات دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ اِس دُنیا کا کیا ہوگا؟ آپ کو کیا لگتا ہے، کیا حالات کبھی بہتر ہوں گے؟ [جواب دینے دیں۔] پاک کلام میں یہ خوشخبری دی گئی ہے کہ خدا بہت جلد بُرے حالات کو ٹھیک کر دے گا۔ اِس کتاب میں کچھ سوال ہیں جن کے جواب پاک کلام میں دیے گئے ہیں۔“ صاحبِخانہ کو بروشر دیں اور اُسے آخری صفحے سے کوئی ایسا سوال چُننے کے لیے کہیں جس کے بارے میں وہ جاننا چاہتا ہو۔ پھر اُس باب کو کھولیں اور پہلا پیراگراف اِستعمال کرتے ہوئے دِکھائیں کہ ہم بائبل کورس کیسے کراتے ہیں۔ آپ خود بھی بروشر سے ایک باب چُن سکتے ہیں اور صاحبِخانہ سے اِس سلسلے میں ایک سوال پوچھ سکتے ہیں۔ پھر آپ دِکھا سکتے ہیں کہ وہ اِس بروشر کے ذریعے یہ کیسے معلوم کر سکتا ہے کہ بائبل میں اِس سوال کا کیا جواب دیا گیا ہے۔ اگر ہماری ویبسائٹ پر اِس باب کے ساتھ کوئی ویڈیو ہے تو آپ اُسے وہ بھی دِکھا سکتے ہیں۔
3. آپ خوشخبری بروشر کے ذریعے بائبل کورس کیسے کرا سکتے ہیں؟
3 بائبل کورس کراتے وقت: (1) پہلا سوال پڑھیں تاکہ صاحبِخانہ دیکھ سکے کہ آپ کس موضوع پر بات کریں گے۔ (2) پہلا پیراگراف پڑھیں۔ (3) اُن آیتوں کو پڑھیں جن کو پڑھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آپ صاحبِخانہ سے ایسے سوال پوچھ سکتے ہیں جن سے وہ آیتوں کا مطلب سمجھ جائے۔ (4) اگر سوال کے نیچے اَور پیراگراف ہیں تو پھر سے نکتہ 2 اور 3 پر عمل کریں۔ اگر اِس سوال کے حوالے سے کوئی ویڈیو ہے جو صاحبِخانہ نے ابھی تک نہیں دیکھی تو اِسے دِکھائیں۔ (5) صاحبِخانہ سے دوبارہ وہ سوال پوچھیں جس پر آپ بات کر چکے ہیں تاکہ آپ کو اندازہ ہو جائے کہ وہ بات کو سمجھ گیا ہے یا نہیں۔
4. اِس بروشر کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کرنے کے لیے کیا ضروری ہے؟
4 اِس بروشر سے اچھی طرح سے واقف ہوں اور اِسے ہر مناسب موقعے پر اِستعمال کریں۔ کسی کو بائبل کورس کرانے سے پہلے سوچیں کہ اُس شخص کو سکھانے کا بہترین طریقہ کیا ہے اور آپ باب میں دی گئی آیتوں کو کیسے اِستعمال کریں گے۔ (امثا 15:28؛ اعما 17:2، 3) اگر آپ اِس بروشر کو زیادہ سے زیادہ اِستعمال کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ یہ تعلیم دینے کے لیے آپ کا پسندیدہ اوزار بن جائے۔