سوالی بکس
◼ کیا مبشروں کو اِنٹرنیٹ کے ذریعے دوسرے ملک میں رہنے والے لوگوں کو گواہی دینی چاہیے یا اُنہیں بائبل کورس کرانا چاہیے؟
کچھ مبشر اِنٹرنیٹ کے ذریعے ایسے ملکوں میں رہنے والے لوگوں کو بائبل کورس کراتے ہیں جہاں ہمارے کام پر پابندی ہے یا جہاں مبشروں کی تعداد کم ہے۔ کبھی کبھار اِس کے بہت اچھے نتیجے نکلے ہیں۔ لیکن جب مبشر ایمیل یا چیٹرومز کے ذریعے اجنبیوں سے رابطہ کرتے ہیں تو یہ خطرناک ہوتا ہے۔ (جولائی 2007ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ 3 کو دیکھیں۔) اگرچہ مبشر اِن طریقوں سے سچائی کے بھوکے اور پیاسے لوگوں تک بادشاہت کا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں لیکن اِس طرح وہ بُرے لوگوں کے رابطے میں آنے کے خطرے میں ہوتے ہیں جن میں برگشتہ لوگ بھی شامل ہیں۔ (1-کُر 1:19-25؛ کُل 2:8) اِس کے علاوہ جن ملکوں میں ہم اِتنی آزادی سے مُنادی نہیں کر سکتے یا جہاں ہمارے کام پر پابندی ہے، ہو سکتا ہے کہ اُن ملکوں میں حکومت اِنٹرنیٹ کے ذریعے ہونے والے رابطوں پر نظر رکھتی ہو اور اِس وجہ سے وہاں رہنے والے بہن بھائیوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ لہٰذا مبشروں کو گواہی دینے کے لیے اِنٹرنیٹ پر دوسرے ملکوں میں رہنے والے لوگوں کو تلاش نہیں کرنا چاہیے۔
اگر ہم غیرمنظم طریقے سے ایک ایسے شخص کو گواہی دیتے ہیں جو کسی دوسرے ملک سے آیا ہے تو اُس کے واپس چلے جانے کے بعد اُس کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے ہمیں اُس سے رابطہ نہیں کرنا چاہیے۔ اِس کی بجائے ہم اُسے بتا سکتے ہیں کہ وہ مزید معلومات کے لیے ہماری ویبسائٹ jw.org کو اِستعمال کر سکتا ہے یا پھر اپنے ملک میں ہماری برانچ سے رابطہ کر سکتا ہے۔ ہم اُس کی یہ حوصلہافزائی بھی کر سکتے ہیں کہ وہ اپنے علاقے میں ہمارے کسی کنگڈم ہال میں جا سکتا ہے۔ بِلاشُبہ کچھ ملکوں میں ہمارے کنگڈم ہال نہیں ہیں۔ لیکن اگر وہ شخص چاہتا ہے کہ اُس کے علاقے کے گواہ اُس سے ملیں تو ہم فارم براہِمہربانی ملاقات کیجئے (43-S) پُر کر کے اپنی کلیسیا کے سیکریٹری کو دے سکتے ہیں اور سیکریٹری ہماری ویبسائٹ کے ذریعے اِسے آگے بھیج سکتا ہے۔ وہ برانچ جو دلچسپی رکھنے والے شخص کے ملک میں مُنادی کے کام کی نگرانی کرتی ہے، وہاں کی صورتحال سے بہتر طور پر واقف ہوتی ہے اور اچھی طرح سے جانتی ہے کہ اِس شخص کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے۔—جون 2014ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ 7 اور نومبر 2011ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ 2 کو دیکھیں۔
اگر ہم باقاعدگی سے کسی شخص کے پاس دوبارہ ملاقات کے لیے جا رہے ہیں لیکن وہ کسی اَور ملک چلا جاتا ہے یا اگر ہم کسی دوسرے ملک میں رہنے والے شخص کو اِنٹرنیٹ کے ذریعے بائبل کورس کرا رہے ہیں تو ہمیں اُوپر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ لیکن ہم اُس وقت تک اِن لوگوں کی دلچسپی بڑھاتے رہنے کی کوشش کر سکتے ہیں جب اُن کے علاقے کا کوئی مبشر اُن سے رابطہ نہیں کرتا۔ لیکن اگر ایک شخص ایسے ملک میں رہتا ہے جہاں ہم اِتنی آزادی سے مُنادی نہیں کر سکتے یا جہاں ہمارے کام پر پابندی ہے تو ہمیں اُس کے ساتھ خط، ٹیلیفون یا اِنٹرنیٹ کے ذریعے بائبل کے کسی موضوع پر بات کرنے کے حوالے سے احتیاط برتنی چاہیے۔—متی 10:16۔