سوالی بکس
▪ کوپن اور سوسائٹی کی ویبسائٹ کے ذریعے رسالے اور کتابیں وغیرہ منگوانے یا بائبل کا مطالعہ کرنے میں مدد کی درخواست کون کر سکتے ہیں؟
ہماری مطبوعات میں اکثر کوپن دئے جاتے ہیں جنہیں لوگ کتابیں یا رسالے منگوانے کے لئے پُر کرکے بھیجتے ہیں۔ اِن کوپن کے ذریعے لوگ یہ درخواست بھی کر سکتے ہیں کہ کوئی یہوواہ کا گواہ اُن سے ملنے کے لئے جائے۔ اِس کے علاوہ سوسائٹی کی ویبسائٹ کے ذریعے بھی لوگ یہ درخواست کر سکتے ہیں کہ کوئی یہوواہ کا گواہ اُنہیں خدا کے کلام سے تعلیم دینے کے لئے آئے۔ اِس طرح بائبل کی تعلیم حاصل کرنے میں بہت سے لوگوں کی مدد ہو رہی ہے۔ لیکن جب مبشر اپنے رشتہداروں یا دوسرے لوگوں کی مدد کرنے کے لئے خود کوپن یا ویبسائٹ کے ذریعے درخواست بھیجتے ہیں تو کچھ مسئلے پیدا ہو جاتے ہیں۔
کچھ لوگوں نے یہ شکایت کی ہے کہ وہ رسالے اور کتابیں بھیجنے کی درخواست بھی نہیں کرتے لیکن پھر بھی اُنہیں رسالے اور کتابیں بھیج دی جاتی ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہوواہ کے گواہوں کے پاس اُن کا نام اور پتہ موجود ہے اور وہ اُنہیں بِلاوجہ تنگ کر رہے ہیں۔ بعض اوقات جب کوئی مبشر برانچ کے دفتر کے کہنے پر کسی شخص سے ملنے کے لئے جاتا ہے تو وہ شخص کہتا ہے کہ اُس نے تو یہ درخواست نہیں کی تھی کہ کوئی اُس سے ملنے کے لئے آئے۔ ایسی صورت میں مبشر کو پریشانی اور شرمندگی کا سامنا کرتا پڑتا ہے۔ اِس لئے جو لوگ ہمارے رسالے یا کتابیں حاصل کرنا چاہتے ہیں یا پھر یہ چاہتے ہیں کہ کوئی یہوواہ کا گواہ اُنہیں بائبل سے تعلیم دے تو اُنہیں خود کوپن یا ویبسائٹ کے ذریعے درخواست کرنی چاہئے۔ کسی مبشر کو اُن کی طرف سے درخواست نہیں کرنی چاہئے۔ جب برانچ کے دفتر کو پتہ چل جاتا ہے کہ یہ درخواست ایک مبشر نے بھیجی ہے تو اکثر اُس درخواست کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کسی رشتہدار یا ہمارے کسی واقفکار کو ہمارے رسالے یا ہماری کتابیں وغیرہ ملیں یا پھر ایک یہوواہ کا گواہ اُن سے ملے تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟ اگر آپ چاہتے کہ اُنہیں ہمارے رسالے یا ہماری کتابیں ملیں تو کیوں نہ یہ رسالے اور کتابیں آپ خود اُنہیں تحفے کے طور پر بھیجیں؟ شاید آپ کا کوئی رشتہدار یا واقفکار یہ چاہتا کہ ایک یہوواہ کا گواہ اُس سے ملے۔ لیکن اگر آپ یہ نہیں جانتے کہ وہ شخص جس علاقے میں رہتا ہے، آپ اُس علاقے کی کلیسیا کے بزرگوں کو اُس شخص کے بارے میں کیسے بتا سکتے ہیں تو فارم برائےمہربانی ملاقات کیجئے (ایس-۴۳) پُر کرکے اپنی کلیسیا کے سیکریٹری کو دے دیں۔ آپ کی کلیسیا کا سیکریٹری اِس فارم پر غور کرنے کے بعد اِسے برانچ کے دفتر کو بھیج دے گا۔ لیکن اگر وہ شخص جیل میں ہے یا سرکاری ہسپتال میں ہے یا کسی ایسے ہسپتال میں ہے جہاں نشہ کرنے والوں کا علاج کِیا جاتا ہے تو ہمیں اُس کی خاطر برانچ کے دفتر کو نہیں لکھنا چاہئے۔ ہمیں اُس شخص کی حوصلہافزائی کرنی چاہئے کہ وہ خود برانچ کے دفتر کو لکھے یا پھر خود اُن بھائیوں سے رابطہ کرے جو وہاں آتے ہیں۔