بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کے لیے نئی ویڈیو
ہماری ویبسائٹ jw.org پر ایک چھوٹی سی ویڈیو دستیاب ہے جس کا عنوان ہے: ”بائبل میں دلچسپی کیوں لیں؟“ اِس ویڈیو کو دُنیابھر میں لاکھوں لوگ دیکھ رہے ہیں۔ اِسے اِس لیے تیار کِیا گیا ہے تاکہ دلچسپی دِکھانے والے لوگ ہمارے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے کی طرف مائل ہوں۔ آپ اِس ویڈیو کو دیکھنے کے لیے ویبسائٹ کے صفحۂاوّل کے آخر میں حصہ ”ہمارے ساتھ بائبل کا مطالعہ کریں“ پر جا سکتے ہیں یا پھر ہمارے نئے پرچوں کے آخری صفحے پر دیے گئے کوڈ کو سکین کر سکتے ہیں۔ آگے کچھ ایسے طریقے بتائیں گئے ہیں جن کے ذریعے اِس ویڈیو کا بھرپور اِستعمال کِیا جا سکتا ہے۔
صاحبِخانہ سے دوبارہ ملاقات کرتے وقت آپ اُس سے کہہ سکتے ہیں: ”کیا مَیں آپ کو ایک چھوٹی سی ویڈیو دِکھا سکتا ہوں؟ اِس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ آپ اہم سوالوں کے جواب بائبل سے کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔“ اگر صاحبِخانہ ویڈیو دیکھنا چاہتا ہے تو آپ اپنے موبائل یا کمپیوٹر ٹیبلٹ پر یا پھر اُس کے کمپیوٹر پر اُسے یہ ویڈیو دِکھا سکتے ہیں۔
اگر آپ غیرمنظم گواہی یا عوامی جگہوں پر گواہی دیتے وقت لوگوں کو نئے پرچے دیتے ہیں تو اُنہیں بتائیں کہ وہ پرچے کے آخر پر دیے گئے کوڈ کو سکین کر سکتے ہیں۔ چونکہ بہت سی زبانوں میں اِس کوڈ سکین کرنے سے اِس ویڈیو کو فوراً کھولا جا سکتا ہے اِس لیے اگر ممکن ہو تو آپ کسی شخص کو یہ ویڈیو اُسی وقت اپنے موبائل یا کمپیوٹر ٹیبلٹ پر دِکھا سکتے ہیں۔
اپنے ساتھ کام کرنے والوں، ہمجماعتوں، رشتےداروں اور جانپہچان والوں کو یہ ویڈیو دِکھائیں۔ یا ایمیل کے ذریعے اُنہیں اِس ویڈیو کا لنک بھیجیں تاکہ وہ خود اِسے دیکھ سکیں۔
اِس ویڈیو کا بھرپور اِستعمال کرنےسے ہم زیادہ لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر سکتے ہیں اور لوگوں کی یہوواہ خدا کے قریب آنے میں مدد کر سکتے ہیں۔