گواہی دینے کے کام میں اپنی مہارتوں کو نکھاریں—دلچسپی دِکھانے والوں کی معلومات لکھ لیں۔
”اپنی اور اپنی تعلیم کی خبرداری کر۔“ (۱-تیم ۴:۱۶) پولُس رسول کی اِس نصیحت سے ظاہر ہوتا ہے کہ چاہے ہم کئی سالوں سے مُنادی کر رہے میں یا ہم نے حال ہی میں مُنادی کرنا شروع کِیا ہے، ہم سب کو گواہی دینے کے کام میں اپنی مہارتوں کو نکھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اِس لیے اب سے ہماری بادشاہتی خدمتگزاری میں مضامین کا نیا سلسلہ ”گواہی دینے کے کام میں اپنی مہارتوں کو نکھاریں“ شائع ہوگا۔ اِس کے ہر مضمون میں ایک خاص مہارت پر بات کی جائے گی اور یہ بتایا جائے گا کہ آپ اِس مہارت کو نکھارنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ بہنبھائیوں کی حوصلہافزائی کی جائے گی کہ وہ مہینے کے دوران اِس خاص مہارت کو نکھارنے کی کوشش کریں۔ پھر مہینہ ختم ہونے کے بعد خدمتی اِجلاس کے ایک حصے میں بہنبھائی بتا سکیں گے کہ اُنہیں اِس خاص مہارت کو نکھارنے سے کیا فائدہ ہوا ہے۔ اِس مہینے ہماری حوصلہافزائی کی جاتی ہے کہ ہم اُن لوگوں کے بارے میں ریکارڈ رکھیں جو خوشخبری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ مہارت پیدا کرنا ضروری کیوں ہے؟ یسوع مسیح کے حکم پر عمل کرنے میں صرف مُنادی کرنا ہی شامل نہیں ہے۔ جو لوگ ہمارے پیغام میں دلچسپی دِکھاتے ہیں، ہمیں اُن سے دوبارہ ملاقات بھی کرنی چاہیے تاکہ ہم اُنہیں تعلیم دیں سکیں۔ اِس طرح ہم اُس بیج کو پانی دیں گے جسے ہم نے بویا ہے۔ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰؛ ۱-کر ۳:۶-۹) ایسا کرنے میں یہ شامل ہے کہ ہم اُس شخص سے دوبارہ ملیں، اُس کی دلچسپی کے موضوعات پر بات کریں اور جس موضوع پر ہم نے پچھلی ملاقات پر بات کی تھی، اُسے آگے بڑھائیں۔ لہٰذا جب کوئی شخص ہمارے پیغام میں دلچسپی دِکھاتا ہے تو یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اِس سلسلے میں کچھ معلومات لکھ لیں۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
• اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاس معلومات کا ریکارڈ رکھنے کے لیے نوٹبُک اور پین وغیرہ موجود ہو۔ نوٹبُک وغیرہ کو اچھی حالت میں رکھیں، معلومات کو ترتیب سے لکھیں اور دوبارہ ملاقات کرتے وقت ہر بار کچھ معلومات لکھ لیں۔ جیسے ہی آپ دلچسپی دِکھانے والے شخص سے بات ختم کرتے ہیں، اِس ملاقات کے بارے میں معلومات کو لکھ لیں۔
• صاحبِخانہ کے بارے میں معلومات لکھ لیں۔ اُس کا نام، رابطے کا ذریعہ جیسے کہ اُس کا پتہ، فوننمبر یا ایمیل ایڈریس وغیرہ لکھ لیں۔ اگر آپ اُس شخص اور اُس کے گھر والوں کے بارے میں کوئی ایسی بات دیکھتے ہیں جو آپ اگلی ملاقات پر اِستعمال کر سکتے ہیں تو آپ اِس کو بھی لکھ سکتے ہیں۔
• آپ دونوں نے جس موضوع پر بات کی تھی، اُس کے بارے میں چند نکتے لکھ لیں۔ مثال کے طور پر آپ نے کونسی آیتیں پڑھیں، اُس شخص نے اپنے عقیدوں کے بارے میں کیا کہا اور آپ نے اُسے کونسی کتاب یا رسالہ وغیرہ دیا۔ اِس کے علاوہ ملاقات کے وقت، دن اور تاریخ کو بھی لکھ لیں۔
• یہ لکھ لیں کہ اگلی بار آپ اُس کے ساتھ کیا بات کریں گے۔ آپ نے کس موضوع پر بات کرنے کا وعدہ کِیا تھا؟ آپ نے اُس سے دوبارہ کب ملنے کا بندوبست بنایا تھا؟
• دوبارہ ملاقات کرتے وقت ہر بار کچھ معلومات لکھ لیں۔ اگر آپ ضرورت سے زیادہ معلومات لکھ لیتے ہیں تو اِس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
اِس مہینے یہ کریں:
• جب آپ معلومات کو لکھتے ہیں تو اپنے ساتھ مُنادی کرنے والے بہن یا بھائی کو بتائیں کہ آپ کونسی معلومات لکھ رہے ہیں۔