بائبل کا مطالعہ حاصل کرنے کے لئے پانچ مشورے۔
۱. اگر آپ کو بائبل کا مطالعہ حاصل کرنا مشکل لگتا ہے تو آپ کو کیا کرنا چاہئے، اور کیوں؟
۱ کیا آپ کو کسی ایسے شخص کو ڈھونڈنا مشکل لگتا ہے جس کے ساتھ آپ بائبل کا مطالعہ کر سکیں؟ اگر ایسا ہے تو کوشش جاری رکھیں۔ یہوواہ خدا اُن لوگوں کو برکت دیتا ہے جو ہمت نہیں ہارتے اور اُس کی مرضی پر چلتے رہتے ہیں۔ (گل ۶:۹) اگلے پیراگرافوں میں کچھ مشورے دئے گئے ہیں جو بائبل کا مطالعہ حاصل کرنے میں آپ کے کام آ سکتے ہیں۔
۲. ہم لوگوں کو بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کیسے کر سکتے ہیں؟
۲ بائبل کے مطالعے کی پیشکش کریں: بہت سے لوگ جانتے ہیں کہ ہم مینارِنگہبانی اور جاگو! رسالے پیش کرتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ ہم بائبل کے مطالعوں کی پیشکش بھی کرتے ہیں۔ کیوں نہ گھربہگھر مُنادی کرتے وقت لوگوں کو بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کریں؟ آپ اُن لوگوں کو بھی بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کر سکتے ہیں جن سے آپ دوبارہ ملاقات کرتے ہیں۔ اگر وہ مطالعہ کرنے سے انکار بھی کر دیں تو اُن کو ہماری کتابیں اور رسالے دیتے رہیں تاکہ اُن کے اندر بائبل کا مطالعہ کرنے کا شوق پیدا ہو۔ ایک بھائی کئی سالوں تک ایک شادیشُدہ جوڑے کو ہر مہینے ہمارے رسالے دیا کرتا تھا۔ لیکن ایک دفعہ رسالے دینے کے بعد بھائی نے اُس جوڑے سے پوچھا: ”کیا آپ بائبل کا مطالعہ کرنا چاہیں گے؟“ اِس پر اُس جوڑے نے ہاں میں جواب دیا۔ اب وہ دونوں میاںبیوی یہوواہ کے گواہ ہیں۔
۳. ہمیں یہ کیوں نہیں سوچنا چاہئے کہ دلچسپی رکھنے والے جتنے بھی لوگ اجلاس پر آتے ہیں، وہ پہلے سے کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں؟
۳ ایسے لوگوں سے پوچھیں جو ہمارے اجلاسوں پر آتے ہیں: یہ نہ سوچیں کہ دلچسپی رکھنے والے جتنے بھی لوگ اجلاس پر آتے ہیں، وہ پہلے سے کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ ایک بھائی نے کہا: ”مَیں جن لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرتا ہوں، اُن میں سے آدھے ایسے ہیں جو اجلاس پر تو آتے تھے لیکن کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ نہیں کر رہے تھے۔“ ایک بہن نے ایک ایسی عورت سے بائبل کا مطالعہ کرنے کے بارے میں بات کی جو بہت شرمیلی تھی۔ اِس عورت کی بیٹیاں یہوواہ کی گواہ تھیں اور وہ ۱۵ سال سے اُن کے ساتھ اجلاسوں پر آ رہی تھی۔ وہ ہمیشہ اجلاس شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے آتی تھی اور اجلاس ختم ہونے کے فوراً بعد گھر چلی جاتی تھی۔ اُس عورت نے بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش قبول کر لی اور آخرکار یہوواہ کی گواہ بن گئی۔ اُس بہن نے لکھا: ”مجھے بہت افسوس ہے کہ مَیں نے اُسے بائبل کے مطالعے کی پیشکش کرنے میں ۱۵ سال لگا دئے۔“
۴. ہم ایسے لوگوں کے بارے میں کیسے پوچھ سکتے ہیں جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں؟
۴ ایسے لوگوں کے بارے میں پوچھیں جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں: ایک بہن اکثر دوسرے بہنبھائیوں کے ساتھ اُن کے بائبل مطالعوں پر جاتی ہے۔ اُن بہنبھائیوں کی اجازت سے وہ مطالعے کے آخر پر بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص سے پوچھتی ہے: ”کیا آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتا ہے؟“ اِس کے علاوہ جب آپ کسی شخص سے دوبارہ ملاقات کرتے ہیں اور اُسے کتاب پاک صحائف کی تعلیم پیش کرتے ہیں تو آپ اُس سے پوچھ سکتے ہیں: ”کیا آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو اِس کتاب کو پڑھنا پسند کرے گا؟“ کبھیکبھی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی مبشر یا پہلکار مُنادی کے کام میں کسی ایسے شخص کو ملتا ہے جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتا ہے۔ لیکن کسی وجہ سے وہ مبشر یا پہلکار اُس کے ساتھ مطالعہ نہیں کر سکتا۔ اگر آپ بہنبھائیوں کو بتاتے ہیں کہ آپ کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں تو شاید وہ آپ کو ایک مطالعہ دے سکتے ہیں۔
۵. ہم ایسے لوگوں کو بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کیوں کر سکتے ہیں جن کے جیونساتھی یہوواہ کے گواہ ہیں؟
۵ ایسے لوگوں کو بائبل کا مطالعہ کرنے کی دعوت دیں جن کے جیونساتھی یہوواہ کے گواہ ہیں: کیا آپ کی کلیسیا میں ایسے مبشر ہیں جن کے جیونساتھی یہوواہ کے گواہ نہیں ہیں؟ بعض مبشروں کے جیونساتھی اُن کے ساتھ بائبل کے بارے میں بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں لیکن اگر کلیسیا کا کوئی اَور مبشر اُنہیں بائبل کا مطالعہ کرنے کی پیشکش کرے تو وہ اِسے قبول کر لیتے ہیں۔ لیکن ایسا کرنے سے پہلے اُس بہن یا بھائی سے پوچھیں کہ آپ کو اُس کے جیونساتھی سے کس طرح بات کرنی چاہئے۔
۶. جب ہم کوئی بائبل کا مطالعہ ڈھونڈتے ہیں تو ہمیں دُعا کیوں کرنی چاہئے؟
۶ دُعا کریں: دُعا میں بہت طاقت ہے۔ (یعقو ۵:۱۶) یہوواہ خدا ہم سے وعدہ کرتا ہے کہ ’اگر ہم اُس کی مرضی کے موافق کچھ مانگیں گے تو وہ ہماری سنے گا۔‘ (۱-یوح ۵:۱۴) ایک بھائی جس کی زندگی بہت مصروف تھی، اُس نے ایک بائبل کا مطالعہ حاصل کرنے کے لئے دُعا کی۔ اُس بھائی کی بیوی اِس بات سے پریشان تھی کہ آیا اُس کا شوہر کسی کے ساتھ مطالعہ کرنے کے لئے وقت نکال پائے گا یا نہیں۔ اور اگر اُس شخص کی زندگی میں بہت مسئلے ہوئے تو کیا اُس کے شوہر کے پاس اُس کی مدد کرنے کے لئے وقت ہوگا؟ اِس لئے جب اُس نے یہوواہ خدا سے دُعا کی کہ اُس کے شوہر کو بائبل کا مطالعہ ملے تو اُس نے اپنی پریشانی کا بھی ذکر کِیا۔ اُن دونوں میاںبیوی کی دُعا کا جواب دو ہفتے بعد ہی مل گیا۔ کلیسیا کے ایک پہلکار کی ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی تھی جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتا تھا اور اُس پہلکار نے یہ مطالعہ اُس بھائی کو دے دیا۔ بھائی کی بیوی نے لکھا: ”جو مبشر یہ سوچتا ہے کہ کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا اُس کے بس کی بات نہیں، اُسے مَیں یہ مشورہ دوں گی کہ دُعا میں اپنی پریشانی کا خاص طور پر ذکر کرے اور دُعا کرنا بند نہ کرے۔ مَیں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اُس شخص کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے سے ہمیں اِتنی خوشی ملے گی۔“ اگر آپ مسلسل کوشش کرتے ہیں تو آپ کو بھی ایک بائبل کا مطالعہ مل سکتا ہے اور آپ بھی اُس خوشی کا تجربہ کر سکتے ہیں جو کسی شخص کو زندگی کی راہ پر لے جانے سے ملتی ہے۔—متی ۷:۱۳، ۱۴۔