خوشخبری پھیلانے کے لئے پرچے استعمال کریں۔
۱. خدا کے خادموں نے بائبل پر مبنی پرچوں کو کیسے استعمال کِیا ہے؟
۱ یہوواہ کے خادم بہت عرصے سے بادشاہت کی خوشخبری پھیلانے کے لئے بائبل پر مبنی پرچے استعمال کر رہے ہیں۔ سن ۱۸۸۰ء میں بھائی رسل اور اُن کے ساتھیوں نے پرچے شائع کرنے شروع کئے۔ (تصویر کو دیکھیں۔) یہ پرچے اُن لوگوں کو دئے گئے جو مینارِنگہبانی پڑھتے تھے تاکہ وہ دوسرے لوگوں کو یہ پرچے تقسیم کریں اور یوں بادشاہت کے پیغام کو فروغ ملے۔ بھائی رسل اور اُن کے ساتھی اِن پرچوں کو اِتنا اہم سمجھتے تھے کہ ۱۸۸۴ء میں بھائی رسل نے بائبل سٹوڈنٹس کی تنظیم کو اِس نام سے رجسٹر کرایا: ”زائنز واچٹاور ٹریکٹ سوسائٹی۔“ اب اِس تنظیم کو ”واچٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف پینسلوانیہ“ کہا جاتا ہے۔ (پرچے کو انگریزی زبان میں ٹریکٹ کہتے ہیں۔) سن ۱۹۱۸ء تک بائبل سٹوڈنٹس نے ۳۰ کروڑ سے زیادہ پرچے تقسیم کئے تھے۔ آج بھی ہمارے پرچے خوشخبری پھیلانے کا ایک بہت اہم ذریعہ ہیں۔
۲. ہمارے پرچے خوشخبری پھیلانے کا اہم ذریعہ کیوں ہیں؟
۲ ہمارے پرچے خوشخبری پھیلانے کا اہم ذریعہ کیوں ہیں؟ یہ رنگبرنگے پرچے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔ اِن میں بہت مختصر پیغام دیا گیا ہے جو بہت معلوماتی اور دلچسپ ہے۔ جو لوگ رسالے یا کتابیں پڑھنے سے گھبراتے ہیں، وہ بھی اِن پرچوں کو قبول کر لیتے ہیں۔ نئے مبشر اور بچے بھی اِن پرچوں کو آسانی سے پیش کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِنہیں اپنے ساتھ رکھنا بھی آسان ہے کیونکہ یہ سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں۔
۳. ہماری کتابوں یا رسالوں میں سے کسی تجربے کا ذکر کریں یا پھر کوئی ذاتی تجربہ بتائیں جس سے ظاہر ہو کہ بائبل پر مبنی پرچے کتنے اہم ہیں۔
۳ بہت سے یہوواہ کے گواہ ایسے ہیں جنہیں بائبل کی سچائیوں کے بارے میں سب سے پہلے ہمارے پرچوں کے ذریعے ہی پتہ چلا۔ اِس سلسلے میں ایک مثال پر غور کریں۔ ملک ہیٹی میں رہنے والی ایک عورت کو ہمارا ایک پرچہ گلی میں پڑا ہوا ملا۔ اُس نے اِسے اُٹھا کر پڑھا اور ایک دم سے بول پڑی: ”مجھے سچائی مل گئی ہے!“ بعد میں وہ ہماری عبادتگاہ پر گئی، بائبل کا مطالعہ شروع کِیا اور اب وہ یہوواہ کی گواہ ہے۔ یہ سب کچھ اِس لئے ہوا کیونکہ خدا کا پیغام اُس پرچے پر لکھا تھا۔
۴. جب ہمارے پرچے مہینے کی پیشکش ہوں گے تو ہم کیا کرنے کی کوشش کریں گے؟
۴ گھربہگھر مُنادی کے دوران پرچے پیش کریں: چونکہ ہمارے پرچے گواہی دینے کے سلسلے میں بہت مؤثر ثابت ہوتے ہیں اِس لئے نومبر کے مہینے سے ہمارے پرچے وقتاًفوقتاً مہینے کی پیشکش میں شامل کئے جائیں گے۔ ہم لوگوں کو صرف پرچے نہیں دینا چاہتے بلکہ اِن کے ذریعے باتچیت شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اگر پہلی ملاقات پر یا دوبارہ ملاقات پر ایک شخص ہمارے پیغام میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو ہم اُسے دِکھا سکتے ہیں کہ ہم لوگوں کے ساتھ کتاب پاک صحائف کی تعلیم سے یا پھر کسی اَور کتاب یا بروشر سے بائبل کا مطالعہ کیسے کرتے ہیں۔ ہم گھربہگھر مُنادی کرتے وقت پرچے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟ ہر پرچہ بائبل کے مختلف موضوعات پر مبنی ہوتا ہے اِس لئے اِنہیں پیش کرنے سے پہلے ہمیں اِنہیں خود بھی پڑھنا چاہئے۔
۵. ہم گھربہگھر مُنادی کے دوران پرچے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟
۵ ہم جس علاقے میں مُنادی کے لئے جاتے ہیں، اُس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں پہلے سے یہ سوچنا چاہئے کہ ہم کیا کہیں گے اور کونسے پرچے پیش کریں گے۔ ہم پرچہ صاحبِخانہ کے ہاتھ میں دے کر اُس سے باتچیت شروع کر سکتے ہیں۔ شاید پہلے صفحے کو دیکھ کر اُس کی دلچسپی بڑھے۔ یا پھر ہم صاحبِخانہ کو مختلف پرچے دِکھا سکتے ہیں اور اُس سے پوچھ سکتے ہیں کہ اُسے کونسا موضوع دلچسپ لگتا ہے۔ جب ہم کسی ایسے علاقے میں مُنادی کرتے ہیں جہاں لوگ دروازہ کھولنے سے ہچکچاتے ہیں تو ہم پرچے کو اِس طرح پکڑ سکتے ہیں کہ صاحبِخانہ اِسے دیکھ سکے۔ یا پھر ہم اُس کی اجازت سے دروازے کی سائیڈ سے اُسے پرچہ پکڑا سکتے ہیں اور اُس سے پوچھ سکتے ہیں کہ وہ اِس موضوع کے بارے میں کیا سوچتا ہے۔ اگر پرچے کا عنوان سوال کی صورت میں ہے تو ہم پوچھ سکتے ہیں کہ اُس کے خیال میں اِس سوال کا جواب کیا ہے۔ یا ہم خود سے کوئی ایسا سوال پوچھ سکتے ہیں جس سے صاحبِخانہ کی دلچسپی بڑھے اور ہم اُس سے زیادہ باتچیت کر سکیں۔ اِس کے بعد ہم صاحبِخانہ کے ساتھ پرچے میں سے کچھ پیراگراف پڑھ سکتے ہیں۔ اگر بیچ میں کوئی سوال آتا ہے تو ہم رُک کر صاحبِخانہ سے اُس کی رائے پوچھ سکتے ہیں۔ پیراگرافوں میں جو اہم آیتیں دی گئی ہیں، اُنہیں ہم بائبل میں سے کھول کر پڑھ سکتے ہیں۔ اِس کے بعد ہم باتچیت ختم کر سکتے ہیں اور دوبارہ ملاقات کے لئے بندوبست بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ کی کلیسیا گھر پر نہ ملنے والے لوگوں کے لئے اکثر ہماری کتابیں یا رسالے وغیرہ چھوڑتی ہے تو شاید آپ صاحبِخانہ کے لئے کوئی پرچہ چھوڑ سکتے ہیں۔
۶. ہم عوامی جگہوں پر گواہی دیتے وقت پرچے کیسے پیش کر سکتے ہیں؟
۶ عوامی جگہوں پر گواہی دیتے وقت پرچے پیش کریں: کیا آپ نے کبھی عوامی جگہوں پر گواہی دینے کے لئے پرچوں کو استعمال کِیا ہے؟ ایسی جگہوں پر اکثر لوگ جلدی میں ہوتے ہیں اور رُک کر بات کرنا نہیں چاہتے۔ اِس لئے شاید یہ اندازہ لگانا مشکل ہو کہ وہ ہمارے پیغام میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں۔ ایسی صورت میں ہم اُنہیں کوئی نیا رسالہ دینے کی بجائے کوئی پرچہ دے سکتے ہیں۔ ہمارے پرچے دیکھنے میں بڑے اچھے لگتے ہیں اور اِن کا پیغام بھی کافی مختصر ہے اِس لئے شاید لوگ تجسّس کے مارے کچھ وقت نکال کر اِنہیں پڑھنا چاہیں۔ اگر کوئی شخص زیادہ جلدی میں نہ ہو تو ہم اُس کے ساتھ پرچے میں سے کچھ پڑھ سکتے ہیں اور اِس پر بات کر سکتے ہیں۔
۷. ایسے تجربات بتائیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم گواہی دینے کا موقع ملنے پر پرچوں کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں۔
۷ ہر موقعے پر پرچے پیش کریں: ہمارے پرچوں کے ذریعے ہر موقعے پر گواہی دینا بھی آسان ہو جاتا ہے۔ ایک بھائی جب بھی باہر جاتا ہے تو وہ اپنی جیب میں ہمارے کچھ پرچے ڈال لیتا ہے۔ پھر جب وہ کسی سے ملتا ہے تو وہ اُسے کوئی پرچہ پڑھنے کے لئے دیتا ہے۔ اِس سلسلے میں ایک اَور مثال پر بھی غور کریں۔ ایک شادیشُدہ جوڑا امریکی شہر نیویارک گھومنے کے لئے گیا۔ وہ دونوں جانتے تھے کہ وہاں اُنہیں ایسے لوگ ملیں گے جو دوسرے ملکوں سے آئے ہوئے ہیں۔ اِس لئے اُنہوں نے کتابچہ گڈ نیوز فار آل نیشنز اور مختلف زبانوں میں کچھ پرچے ساتھ لے لئے۔ پھر جب اُنہوں نے بازار میں، پارک میں یا ریسٹورنٹ میں کسی شخص کو کوئی دوسری زبان بولتے سنا تو اُنہوں نے اُسے اُس کی زبان میں کوئی پرچہ دیا۔
۸. ہمارے پرچے کس لحاظ سے بیج کی طرح ہیں؟
۸ اپنا بیج بوئیں: ہمارے پرچے بیج کی طرح ہیں۔ ایک کسان کافی زیادہ بیج بکھیرتا ہے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ کونسا بیج پھل لائے گا اور کونسا نہیں۔ واعظ ۱۱:۶ میں لکھا ہے: ”صبح کو اپنا بیج بو اور شام کو بھی اپنا ہاتھ ڈھیلا نہ ہونے دے کیونکہ تُو نہیں جانتا کہ اُن میں سے کون سا بارور ہوگا۔ یہ یا وہ یا دونوں کے دونوں برابر برومند ہوں گے۔“ اِس لئے آئیں، خدا کا ’علم پھیلانے‘ کے لئے ہمارے پرچوں کو استعمال کریں کیونکہ یہ خوشخبری پھیلانے کا ایک بہت اہم ذریعہ ہیں۔—امثا ۱۵:۷۔
[صفحہ ۳ پر عبارت]
ہمارے پرچے بہت مؤثر ہیں اِس لئے نومبر کے مہینے سے اِنہیں وقتاًفوقتاً مہینے کی پیشکش میں شامل کِیا جائے گا۔