ہم سب کے لئے خوش ہونے کا موقع
۱. ہم ہر مہینے کے آخر میں خوش کیوں ہو سکتے ہیں؟
۱ ہر مہینے کے آخر میں ہمیں مُنادی کی رپورٹ ڈالنے کے لئے کہا جاتا ہے۔ یہ ہم سب کے لئے خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ چاہے ہم خصوصی پہلکار کے طور پر ۱۳۰ گھنٹے کی رپورٹ ڈالیں یا پھر ہمیں ۱۵ منٹ کی رپورٹ ڈالنے کی اجازت ہو، ہم سب خوش ہو سکتے ہیں کہ ہم نے جیجان سے یہوواہ خدا کی خدمت کی ہے۔—زبور ۱۰۰:۲۔
۲. ہمیں دلوجان سے یہوواہ خدا کی خدمت کیوں کرنی چاہئے؟
۲ یہوواہ خدا کائنات کا خالق اور مالک ہے۔ وہ اِس بات کا حقدار ہے کہ ہم دلوجان سے اُس کی خدمت کریں۔ (ملا ۱:۶) ہم یہوواہ خدا سے محبت کرتے ہیں اور اِسی وجہ سے ہم نے اپنی زندگی اُس کے لئے وقف کی تھی۔ ہم نے وعدہ کِیا تھا کہ ہم اپنی زندگی میں اُس کی خدمت کرنے کو سب سے زیادہ اہمیت دیں گے۔ لہٰذا اگر ہمیں دن یا مہینے کے آخر میں لگتا ہے کہ ہم نے اپنے وقت، اپنی صلاحیت اور اپنی توانائی کے ’پہلے پھل‘ خدا کی خدمت میں پیش کئے ہیں تو ہمیں بڑی خوشی ہوگی۔ (امثا ۳:۹) لیکن اگر ہمیں لگتا ہے کہ ہم نے خدا کی خدمت کرنے میں کوتاہی برتی ہے تو ہمیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کرنی چاہئے۔—روم ۲:۱۵۔
۳. دوسروں سے اپنا موازنہ کرنا دانشمندی کی بات کیوں نہیں؟
۳ دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں: شاید ہم دوسروں سے اپنا موازنہ کرتے ہیں یا پھر شاید ہم بیمار یا بوڑھے ہیں اور ہمیں باربار یہ احساس ستاتا ہے کہ اب ہم یہوواہ خدا کی خدمت میں پہلے جتنا وقت صرف نہیں کر رہے۔ لیکن ایسا کرنا دانشمندی کی بات نہیں کیونکہ اِس طرح مقابلہبازی کا رُجحان پیدا ہوتا ہے اور لوگ احساسِکمتری کا شکار ہوتے ہیں۔ (گل ۵:۲۶) اِس کے علاوہ ہر شخص کی صورتحال میں تبدیلی آ سکتی ہے اور ہر ایک میں فرقفرق صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ یسوع مسیح اِس بات کو خاطر میں نہیں لاتے تھے کہ ایک شخص دوسرے کی نسبت خدا کی زیادہ خدمت کر رہا ہے۔ وہ یہ دیکھتے تھے کہ ایک شخص اپنے حالات اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق کیا کچھ کر رہا ہے اور اِسی بِنا پر اُس کی تعریف کرتے تھے۔—مر ۱۴:۶-۹۔
۴. ہم توڑوں کی تمثیل سے کیا کچھ سیکھ سکتے ہیں؟
۴ یسوع مسیح نے توڑوں کی تمثیل میں کہا کہ مالک نے ہر نوکر کو ”اُس کی لیاقت کے مطابق“ توڑے یعنی پیسے دئے۔ (متی ۲۵:۱۵) پھر جب مالک واپس آیا تو اُس نے نوکروں سے حساب لیا۔ جس جس نوکر نے اپنی صلاحیت اور صورتحال کے مطابق محنت کی تھی، اُس کو مالک نے داد دی اور اپنی خوشی میں شامل کِیا۔ (متی ۲۵:۲۱، ۲۳) اِسی طرح اگر ہم بادشاہت کی خوشخبری سنانے میں جیجان سے محنت کریں گے تو یہوواہ خدا ہم سے خوش ہوگا اور ہمیں بھی خوش ہونے کا موقع ملے گا۔