تازگی اور خوشی سے بھرے تین دن
۱. اِس سال کے صوبائی اجتماع سے ہمیں کیا فائدہ ہوگا؟
۱ یہ دُنیا روحانی اعتبار سے ایک تپتے صحرا کی مانند ہے۔ لیکن یہوواہ خدا اپنے خادموں کو روحانی طور پر سیراب کرتا ہے اور اُنہیں تازگی بخشتا ہے۔ (یسع ۵۸:۱۱) یہوواہ خدا مختلف طریقوں سے اپنے خادموں کو تازگی بخشتا ہے جن میں سے ایک صوبائی اجتماع ہے جو ہر سال منعقد ہوتا ہے۔ بہت جلد اِس سال کا صوبائی اجتماع منعقد ہونے والا ہے۔ لہٰذا ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ اِس اجتماع سے نہ صرف ہمیں بلکہ دوسروں کو بھی تازگی اور خوشی ملے؟—امثا ۲۱:۵۔
۲. صوبائی اجتماع سے پہلے کن باتوں پر غور کرنا ضروری ہے؟
۲ تینوں دن صوبائی اجتماع پر جانے کے لئے اپنی ملازمت سے چھٹی لینے اور دیگر ذاتی کاموں سے وقت نکالنے کا بندوبست ابھی سے کر لیں۔ کیا آپ نے یہ اندازہ لگا لیا ہے کہ آپ کو اجتماع کے مقام تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا تاکہ آپ پروگرام شروع ہونے سے پہلے پہنچ کر بیٹھنے کی جگہ تلاش کر سکیں؟ یہوواہ خدا نے اِس صوبائی اجتماع پر ہمارے لئے طرحطرح کے روحانی کھانوں کا بندوبست کِیا ہے۔ ہم یقیناً کسی بھی کھانے سے محروم نہیں رہنا چاہتے۔ (یسع ۶۵:۱۳، ۱۴) کیا آپ نے یہ بندوبست کر لیا ہے کہ آپ صوبائی اجتماع کے دنوں میں کہاں ٹھہریں گے اور اجتماع کی جگہ پر کیسے پہنچیں گے؟
۳. آپ اور آپ کے گھر والے صوبائی اجتماع سے بھرپور فائدہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
۳ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ تمام تقریریں پوری توجہ سے سنیں تو آ پ کو کیا کرنا چاہئے؟ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اگر ممکن ہو تو رات کو جلدی سوئیں۔ پروگرام کے دوران مقرر کو دیکھتے رہیں اور جب وہ کوئی آیت بائبل سے نکال کر پڑھتا ہے تو آپ بھی اُس آیت کو اپنی بائبل میں دیکھیں۔ مختصر نوٹس بھی لیں۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے ساتھ بٹھائیں تاکہ وہ پوری توجہ سے تقریریں سننے کے لئے بچوں کی مدد کر سکیں۔ (امثا ۲۹:۱۵) جب آپ ہر شام کو اجتماع سے واپس آتے ہیں تو سب گھر والوں کے ساتھ اُن خاص نکتوں پر باتچیت کریں جو اجتماع پر پیش کئے گئے تھے۔ خاندانی عبادت میں بھی ایسے خاص نکتوں پر غور کِیا جا سکتا ہے جن پر آپ کے گھر والوں کو عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ یوں اجتماع کے بعد بھی آپ کی تازگی اور خوشی برقرار رہے گی۔
۴. ہم صوبائی اجتماع سے تازگی اور خوشی حاصل کرنے میں بہنبھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟
۴ تازگی اور خوشی حاصل کرنے میں دوسروں کی بھی مدد کریں: ہم چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی صوبائی اجتماع پر آکر تازگی اور خوشی حاصل کریں۔ کیا آپ کی کلیسیا میں ایسے بہنبھائی ہیں جن کے لئے بڑھاپے یا کسی اَور وجہ سے اجتماع پر جانا مشکل ہے؟ کیا آپ اُن کی مدد کر سکتے ہیں؟ (۱-یوح ۳:۱۷، ۱۸) کلیسیا کے بزرگوں کو، خاص طور پر گروپوں کے نگہبانوں کو اِس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ جن بہنبھائیوں کو اجتماع پر جانے کے لئے مدد کی ضرورت ہے، اُن کی مدد کے لئے انتظامات کئے جائیں۔
۵. صوبائی اجتماع کے دعوتنامے کیسے تقسیم کئے جائیں گے؟ (اُوپر دئے گئے بکس کو بھی دیکھیں۔)
۵ اِس سال بھی ہم صوبائی اجتماع سے تین ہفتے پہلے لوگوں میں دعوتنامے تقسیم کرنے کی مہم چلائیں گے۔ ہر کلیسیا کو تمام دعوتنامے اپنے زیادہتر علاقے میں تقسیم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اگر مہم ختم ہونے کے بعد آپ کے اور آپ کے گھر والوں کے پاس کچھ دعوتنامے بچ جاتے ہیں تو اُنہیں اجتماع پر ساتھ لے کر آئیں تاکہ آپ اُنہیں غیررسمی گواہی دینے کے لئے استعمال کر سکیں۔ اِس سلسلے میں مزید معلومات اجتماع پر جمعے کے دن دی جائیں گی۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ یہ دعوتنامے تقسیم نہیں کر پائیں گے تو جب آپ اجتماع پر آئیں تو اُنہیں کسی حاضرباش کو دے دیں۔ لیکن ایک دعوتنامہ اپنے پاس ضرور رکھ لیں کیونکہ اتوار کے روز آخری تقریر میں آپ کو اِس کی ضرورت پڑے گی۔
۶. ہم صوبائی اجتماع پر اچھے آدابواطوار کا مظاہرہ کیسے کر سکتے ہیں؟
۶ اچھے آدابواطوار تازگی اور خوشی کا باعث بنتے ہیں: آجکل بہت سے لوگ ”خودغرض“ ہیں اور وہ دوسروں کے احساسات کا خیال نہیں رکھتے۔ (۲-تیم ۳:۲) لیکن جب ہم اپنے بہنبھائیوں کو اچھے آدابواطوار کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو ہمیں تازگی اور خوشی ملتی ہے۔ صوبائی اجتماع پر اچھے آدابواطوار ظاہر کرنے کے کئی موقعے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب اجتماع کے لئے ہال کو صبح ۸ بجے کھولا جاتا ہے تو ہمیں منظم طریقے سے ہال میں داخل ہونا چاہئے۔ ہمیں صرف اپنے گھر والوں، ہماری گاڑی میں سفر کرنے والوں یا پھر اُن لوگوں کے لئے نشستیں محفوظ کرنی چاہئیں جن کے ساتھ ہم بائبل سے مطالعہ کر رہے ہیں۔ جب چیئرمین اعلان کرتا ہے کہ پروگرام شروع ہونے سے پہلے اپنیاپنی نشستوں بیٹھ جائیں اور موسیقی کو سنیں تو ہمیں اُس کی ہدایت پر عمل کرنا چاہئے۔ ہمیں اپنے موبائل فون بھی یا تو بند کر دینے چاہئیں یا پھر سائلنٹ کر دینے چاہئے تاکہ دوسروں کی توجہ پروگرام سے نہ ہٹے۔ ہمیں پروگرام کے دوران دوسروں سے باتچیت کرنے، کھانے پینے، موبائل پر پیغامات بھیجنے یا بِلاوجہ اِدھراُدھر گھومنے پھرنے سے بھی گریز کرنا چاہئے۔
۷. بہنبھائیوں کے ساتھ رفاقت تازگی اور خوشی کا باعث کیسے ہو سکتی ہے؟
۷ بہنبھائیوں کی رفاقت سے تازگی اور خوشی ملتی ہے: صوبائی اجتماعوں پر ہمیں اپنی مسیحی برادری کی رفاقت سے تازگی اور خوشی حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ (زبور ۱۳۳:۱-۳) کیوں نہ ہم ”کُشادہدل“ بنیں اور دوسری کلیسیاؤں سے آنے والے بہنبھائیوں سے ملنے میں پہل کریں۔ (۲-کر ۶:۱۳) آپ ہر روز کسی ایسے بہن یا بھائی یا پھر کسی ایسے گھرانے سے ملنے کی کوشش کر سکتے ہیں جسے آپ نہیں جانتے۔ وقفہ دوسرے بہنبھائیوں سے جانپہچان پیدا کرنے کا اچھا موقع ہوتا ہے۔ اِس لئے کھانا خریدنے یا کسی ہوٹل میں کھانا کھانے کے لئے باہر جانے کی بجائے ہلکاپھلکا کھانا ساتھ لے کر آئیں تاکہ آپ بہنبھائیوں کی رفاقت سے لطف اُٹھا سکیں۔ اِس طرح اَور زیادہ بہنبھائیوں کے ساتھ آپ کی اچھی دوستی ہو جائے گی۔
۸. ہمیں صوبائی اجتماع پر کسی کام میں مدد کیوں کرنی چاہئے اور ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟
۸ بہنبھائیوں کے ساتھ مل کر یہوواہ خدا کی خدمت کرنے سے بھی تازگی اور خوشی ملتی ہے۔ کیا آپ صوبائی اجتماع پر کسی شعبے میں کام کر سکتے ہیں؟ یا اگر آپ کی کلیسیا کو اجتماع پر صفائی کرنے کی ذمہداری دی گئی ہے تو کیا آپ اپنی کلیسیا کا ہاتھ بٹا سکتے ہیں؟ (زبور ۱۱۰:۳) اگر ابھی تک آپ کو کسی شعبے میں کام کرنے کے لئے نہیں کہا گیا تو آپ رضاکارانہ خدمت کے شعبے میں اپنا نام لکھوا سکتے ہیں۔ جب کام کرنے والے زیادہ ہوتے ہیں تو کام کا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے اور کام کرنے میں مزہ بھی آتا ہے۔
۹. ہمیں اجتماع کے دنوں کے دوران اپنے چالچلن، لباس اور بناؤسنگھار پر خاص توجہ کیوں دینی چاہئے؟
۹ ہمارا چالچلن دوسروں پر اچھا اثر ڈالتا ہے: ہم ہر وقت یہوواہ کے گواہ ہیں۔ اِس لئے ہمیں نہ صرف صوبائی اجتماع کے پروگرام کے دوران بلکہ باقی وقت میں بھی اپنا چالچلن اچھا رکھنا چاہئے۔ اجتماع کے دنوں کے دوران ہر جگہ ہمارا چالچلن ایسا ہونا چاہئے کہ دیکھنے والوں کو دوسرے لوگوں اور یہوواہ کے گواہوں میں واضح فرق نظر آئے۔ (۱-پطر ۲:۱۲) ہمارا لباس اور بناؤسنگھار صرف اجتماع کی جگہ پر ہی نہیں بلکہ ریسٹورنٹ میں اور رہائش جگہ پر بھی مناسب ہونا چاہئے تاکہ اِس سے یہوواہ خدا کی بڑائی ہو۔ (۱-تیم ۲:۹، ۱۰) اگر ہم صوبائی اجتماع کے بیج لگا کر رکھیں گے تو دیکھنے والے جان سکیں گے کہ ہم یہوواہ کے گواہ ہیں۔ اِس سے ہمیں لوگوں کو صوبائی اجتماع اور خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتانے کا موقع ملے گا۔
۱۰. اگر ہم چاہتے ہیں کہ ریسٹورنٹ اور ہوٹل کا عملہ ہمارے صوبائی اجتماع کے بارے میں اچھی رائے قائم کرے تو ہمیں کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے؟
۱۰ ہم ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے عملے سے تعاون کیسے کر سکتے ہیں؟ ہمیں صرف اُتنے ہی کمرے بُک کرنے چاہئیں جتنے ہم استعمال کریں گے۔ اگر ہم ضرورت سے زیادہ کمرے بُک کر لیتے ہیں تو اِس سے اجتماع پر آنے والے دوسرے بہنبھائیوں کو ٹھہرنے کے لئے جگہ نہیں ملے گی اور ہوٹل والوں کا بھی نقصان ہوگا۔ جب ہم ہوٹل میں رہنے کے لئے آتے ہیں یا پھر ہوٹل چھوڑتے ہیں اور ہمیں رش کی وجہ سے انتظار کرنا پڑتا ہے تو ہمیں صبر اور تحمل سے کام لینا چاہئے۔ (کل ۴:۶) اگر ہم ریسٹورنٹ میں جاتے ہیں اور ہم دیکھتے ہیں کہ وہاں ٹپ دی جاتی ہے تو ہمیں بھی ٹپ دینی چاہئے۔ اور اگر ہم ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں تو ہمیں اُن ملازمین کو ٹپ دینی چاہئے جو ہمارا سامان اُٹھاتے ہیں، ہمارا کمرہ صاف کرتے ہیں یا پھر کوئی اَور خدمت پیش کرتے ہیں۔
۱۱. اگر ہم اچھے چالچلن کا مظاہرہ کرتے تو اِس سے کونسے مثبت نتائج نکلتے ہیں؟
۱۱ اگر ہم اجتماع کے دنوں میں اچھے چالچلن کا مظاہرہ کرتے ہیں تو اِس سے دوسروں پر کیا اثر ہوگا؟ ایک اخبار میں صوبائی اجتماعوں کے لئے استعمال کی جانے والی ایک جگہ کے مینیجر کا بیان شائع ہوا۔ اُس نے کہا: ”یہوواہ کے گواہ بہت ہی اچھے لوگ ہیں۔ ہم خوش ہیں کہ وہ ہر سال یہاں آتے ہیں اور اِس جگہ کو اپنے اجتماع کے لئے استعمال کرتے ہیں۔“ پچھلے سال ایک ہوٹل میں ایک شخص کا بٹوا کھو گیا۔ اِس ہوٹل میں یہوواہ کے گواہ صوبائی اجتماع کے لئے آکر ٹھہرے ہوئے تھے۔ جب وہ بٹوا یہوواہ کے گواہوں کو ملا تو اُنہوں نے وہ بٹوا جوںکاتوں ہوٹل کے مینیجر کو دے دیا۔ مینیجر نے بٹوے کے مالک کو اُس کا بٹوا واپس کر دیا اور اُس سے کہا: ”اچھی بات ہے کہ بہت سے یہوواہ کے گواہ اپنے صوبائی اجتماع کے لئے اِس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ورنہ آپ کا بٹوا واپس ملنا تو مشکل ہی تھا۔“
۱۲. ہمیں صوبائی اجتماع کے حوالے سے کیا عزم کرنا چاہئے اور کیوں؟
۱۲ بہت جلد ہمارا اِس سال کا صوبائی اجتماع منعقد ہونے والا ہے۔ اِس صوبائی اجتماع کے پروگرام کو ترتیب دینے کے لئے اور اِسے بہنبھائیوں کے لئے تازگی اور خوشی سے بھرا موقع بنانے کے لئے بہت محنت کی گئی ہے اور اِس میں بہت وقت صرف کِیا گیا ہے۔ اِس بات کا پکا اِرادہ کر لیں کہ آپ تینوں دن صوبائی اجتماع پر جائیں گے اور یہوواہ خدا اور اُس کی تنظیم نے آپ کے لئے جو روحانی خوراک تیار کی ہے اُس سے خوب فائدہ حاصل کریں گے۔ یہ عزم کریں کہ آپ اپنے آدابواطوار، رفاقت اور چالچلن کے ذریعے دوسروں کے لئے تازگی اور خوشی کا باعث بنیں گے۔ اگر آپ ایسا کریں گے تو نہ صرف آپ بلکہ دوسرے بھی ویسا ہی محسوس کریں گے جیسا پچھلے سال صوبائی اجتماع پر آنے والی ایک بہن نے محسوس کِیا تھا۔ اُس نے کہا: ”اِس اجتماع پر آکر مجھے جتنی خوشی ملی اُتنی پہلے کبھی نہیں ملی۔“
[صفحہ ۳ پر عبارت]
اِس سال بھی ہم صوبائی اجتماع سے تین ہفتے پہلے لوگوں میں دعوتنامے تقسیم کرنے کی مہم چلائیں گے۔
[صفحہ ۵ پر عبارت]
ہمارا لباس اور بناؤسنگھار صرف اجتماع کی جگہ پر ہی نہیں بلکہ ریسٹورنٹ میں اور رہائش جگہ پر بھی مناسب ہونا چاہئے تاکہ اِس سے یہوواہ خدا کی بڑائی ہو۔
[صفحہ ۶ پر عبارت]
یہ عزم کریں کہ آپ اپنے آدابواطوار، رفاقت اور چالچلن کے ذریعے دوسروں کے لئے تازگی اور خوشی کا باعث بنیں گے۔
[صفحہ ۳-۶ پر بکس]
سن ۲۰۱۱ء کے صوبائی اجتماع کے لئے یاددہانیاں
▪ پروگرام کے اوقات: تینوں دن کے اجتماع کا پروگرام صبح ۲۰:۹ پر شروع ہوگا۔ دروازے صبح ۰۰:۸ بجے کھول دئے جائیں گے۔ باوقار طریقے سے پروگرام کا آغاز کرنے کے لئے ہم سب کو موسیقی شروع ہوتے ہی اپنیاپنی نشستوں پر بیٹھ جانا چاہئے۔ جمعے اور ہفتے کو پروگرام کا اختتام شام ۵۵:۴ پر اور اتوار کو ۴۰:۳ پر ہوگا۔
▪ پارکنگ: اجتماع کے جن مقامات پر پارکنگ کی نگرانی ہمارے بھائی کر رہے ہوں گے، وہاں پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصول کے تحت بغیر کسی معاوضے کے گاڑی پارک کرنے کے لئے جگہ دی جائے گی۔ یاد رکھیں کہ پارکنگ کی جگہ محدود ہوتی ہے۔ اگر آپ کی گاڑی میں گنجائش ہے تو دوسروں کو اپنے ساتھ لے آئیں تاکہ گاڑیوں کی تعداد زیادہ نہ ہو۔
▪ نشست محفوظ کرنا: نشستیں صرف آپ کی گاڑی میں سفر کرنے والوں یا آپ کے ساتھ رہنے والے افراد کے لئے محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ یا پھر اُن لوگوں کے لئے جن کے ساتھ آپ بائبل سے مطالعہ کر رہے ہیں۔—۱-کر ۱۳:۵۔
▪ دوپہر کا کھانا: برائےمہربانی دوپہر کے وقفے میں کھانے کے لئے باہر جانے کی بجائے کھانا ساتھ لے کر آئیں۔ آپ کھانے کو ایک چھوٹے بیگ میں لا سکتے ہیں جسے آپ اپنی سیٹِ کے نیچے رکھ سکیں۔ اجتماع کی جگہ پر بڑےبڑے بیگ اور شیشے کے برتن لانے کی اجازت نہیں ہے۔
▪ عطیات: صوبائی اجتماع پر کئے جانے والے مختلف انتظامات کے لئے اپنی قدردانی کا اظہار کرنے کے لئے ہم اجتماع کی جگہ پر عالمگیر کام کے لئے رضاکارانہ عطیات ڈال سکتے ہیں۔ صوبائی اجتماع پر چیک کی صورت میں دئے جانے والے عطیات ”واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف پاکستان“ کے نام ہونے چاہئیں۔
▪ حادثے اور ہنگامی صورتحال: اگر اجتماع کی جگہ پر کوئی طبّی ہنگامی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے تو برائےمہربانی اپنے قریبی حاضرباش سے رابطہ کریں۔ وہ اِس کے بارے میں فوراً ابتدائی طبّی امداد کے شعبے کو مطلع کرے گا تاکہ اِس شعبے میں موجود تجربہکار عملہ صورتحال کے مطابق مدد فراہم کر سکے۔
▪ دوائیاں: اگر آپ ہر روز کوئی دوائی استعمال کرتے ہیں تو مہربانی سے اُسے ساتھ لے کر آئیں کیونکہ صوبائی اجتماع پر کسی قسم کی دوائی دستیاب نہیں ہوگی۔
▪ جوتے: ہر سال بہت سے حادثے جوتوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اِس لئے بہتر ہوگا کہ آپ اپنے لئے ایسے جوتوں کا انتخاب کریں جن سے آپ کو سیڑھیاں چڑھنے اور دیگر ایسی جگہوں پر چلنے پھرنے میں آسانی ہو جہاں گِرنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
▪ خوشبوؤں کا استعمال: ہمارے زیادہتر اجتماع مختلف ہالز میں منعقد ہوتے ہیں جو کہ عموماً ہوادار نہیں ہوتے۔ بعض اشخاص کو خوشبوؤں سے الرجی ہوتی ہے یا پھر کوئی سانس کی بیماری ہوتی ہے۔ لہٰذا، اِس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیز خوشبوؤں کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔—۱-کر ۱۰:۲۴۔
▪ فارم ”برائےمہربانی ملاقات کیجئے“: اجتماع کے دنوں کے دوران اگر آپ گواہی دیتے ہیں اور کوئی شخص دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو ساری معلومات کو برائےمہربانی ملاقات کیجئے (S-43) فارم پر لکھیں۔ مبشروں کو اجتماع پر اپنے ساتھ ایک یا دو فارم لے کر آنے چاہئیں۔ اِس فارم کو پُر کرنے کے بعد بُک روم کے حوالہ کر دیں یا اپنی کلیسیا میں واپس جانے کے بعد سیکرٹری کو دے دیں۔—نومبر ۲۰۰۹ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ ۴ کو دیکھیں۔
▪ ریسٹورنٹ: اگر آپ کسی ریسٹورنٹ میں جاتے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ وہاں پر بھی اپنے اچھے چالچلن سے یہوواہ خدا کی بڑائی کر سکتے ہیں۔ اگر ملازموں کو ٹپ دینے کا رواج ہے تو ٹپ ضرور دیں۔
▪ ہوٹل:
(۱) برائےمہربانی ہوٹل کے صرف اُتنے ہی کمرے بُک کرائیں جتنے آپ کو چاہئیں اور کمرے میں جتنے لوگوں کے رہنے کی اجازت ہے، اُس سے زیادہ نہ ٹھہرائیں۔
(۲) سنگین صورتحال کے علاوہ کسی اَور وجہ سے اپنی بکنگ ختم نہ کریں۔ اگر بکنگ ختم کرنا لازمی ہو تو ہوٹل کے عملے کو فوراً مطلع کریں۔—متی ۵:۳۷۔
(۳) سامان اُٹھانے والی ٹرالی کو اُسی وقت لیں جب آپ اِسے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اِسے فوراً واپس کر دیں تاکہ دوسرے لوگ استعمال کر سکیں۔
(۴) کھانا صرف اُنہی کمروں میں پکائیں جہاں کھانا پکانے کی اجازت ہے۔
(۵) جو ملازم آپ کا سامان اُٹھاتے ہیں یا آپ کے کمرے کی صفائی کرتے ہیں، اُنہیں ٹپ دیں۔
(۶) اگر ہوٹل میں مہمانوں کے لئے صبح کو ناشتہ اور کافی وغیرہ فراہم کی جاتی ہے تو اُنہیں بعد میں استعمال کرنے کے لئے جمع نہ کر لیں۔
(۷) ہوٹل کے عملے کے ساتھ باتچیت کرتے وقت ہمیشہ رُوح کا پھل ظاہر کریں۔ کیونکہ ہوٹل کا عملہ مہمانوں کی بڑی تعداد کی دیکھبھال کر رہا ہوتا ہے اِس لئے وہ یقیناً ہمارے اچھے رویے، تحمل اور مہربانی کی قدر کریں گے۔
(۸) اگر آپ سے طےشُدہ کرائے سے زیادہ کرایہ مانگا جا تا ہے یا آپ کو اُن چیزوں کے لئے پیسے ادا کرنے کے لئے کہا جاتا ہے جن کی آپ نے درخواست نہیں کی تھی تو پیسے ادا نہ کریں اور اجتماع کے لئے رہائش کا بندوبست کرنے والے شعبے کو جلد از جلد مطلع کریں۔
(۹) اگر ہوٹل کے کمرے کے سلسلے میں کوئی مسئلہ ہو تو اجتماع کے لئے رہائش کا بندوبست کرنے والے شعبے کو مطلع کریں تاکہ آپ کی مدد کی جا سکے۔
(۱۰) اگر آپ کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کے لئے ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو یاد رکھیں کہ بعض اوقات آپ کے اکاؤنٹ میں سے کچھ رقم اُس وقت تک منجمد ہو جاتی ہے جب تک بل ادا نہیں کر دیا جاتا۔ اِس لئے آپ کے اکاؤنٹ میں کافی رقم ہونی چاہئے۔
▪ رضاکارانہ خدمت: اگر ہم رضاکارانہ خدمت میں حصہ لیتے ہیں تو اجتماع پر حاضر ہونے سے ہمیں جو خوشی حاصل ہوتی ہے، وہ اَور بھی زیادہ ہو جائے گی۔ (اعما ۲۰:۳۵) اِس خدمت میں حصہ لینے کے لئے اجتماع پر رضاکارانہ خدمت کے شعبے سے رابطہ کریں۔ سولہ سال سے کم عمر کے بچے بھی اِس خدمت میں حصہ لے سکتے ہیں مگر اُنہیں اپنے والدین کے ساتھ یا پھر اُن بہنبھائیوں کے ساتھ کام کرنا چاہئے جن کی نگرانی میں والدین نے اُنہیں سونپا ہے۔
[صفحہ ۴ پر بکس]
دعوتنامے تقسیم کرنے کے لئے تجویز
ہمیں مختصر بات کرنی چاہئے تاکہ ہم اپنی کلیسیا کے تمام علاقے میں دعوتنامے تقسیم کر سکیں۔ ہم کچھ یوں کہہ سکتے ہیں: ”سلام۔ ہم لوگوں میں یہ دعوتنامہ تقسیم کر رہے ہیں۔ یہ ایک دعوتنامہ آپ کے لئے بھی ہے۔ ساری معلومات اِس دعوتنامے پر درج ہیں۔“ دعوتنامے کا پہلا صفحہ دلچسپی کو اُبھارتا ہے۔ اِس لئے دعوتنامہ اِس طرح پیش کریں کہ لوگوں کی نظر فوراً پہلے صفحے پر پڑے۔ چہرے پر مسکراہٹ اور خوشی کے تاثرات کے ساتھ دعوتنامے پیش کریں۔ ہفتے اور اتوار کے روز اگر مناسب ہو تو دعوتناموں کے ساتھ رسالے بھی پیش کئے جا سکتے ہیں۔