یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 9/‏12 ص.‏ 3-‏6
  • ہمارے صوبائی اجتماعوں کے ذریعے سچائی کی روشنی چمکتی ہے

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ہمارے صوبائی اجتماعوں کے ذریعے سچائی کی روشنی چمکتی ہے
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۲
  • ملتا جلتا مواد
  • تازگی اور خوشی سے بھرے تین دن
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۱
  • اپنے چال‌چلن سے یہوواہ خدا کو جلال دیں
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۳
  • صوبائی اجتماع عبادت اور شکرگزاری کے موقعے
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۰
  • ‏”‏غیرقوموں میں اپنا چال‌چلن نیک رکھو“‏
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۴
مزید
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۲
خدم 9/‏12 ص.‏ 3-‏6

ہمارے صوبائی اجتماعوں کے ذریعے سچائی کی روشنی چمکتی ہے

۱.‏ بنی‌اسرائیل کو سالانہ عیدوں پر کن اہم سچائیوں پر غور کرنے کا موقع ملتا تھا؟‏

۱ بنی‌اسرائیل سال میں تین بار عیدوں کے لئے جمع ہوتے تھے۔ حالانکہ صرف مردوں کو یہ حکم دیا گیا تھا کہ وہ اِن اجتماعوں پر حاضر ہوں لیکن اکثر پورےپورے خاندان یروشلیم آتے تھے تاکہ مل کر اِن عیدوں سے لطف اُٹھا سکیں۔ (‏است ۱۶:‏۱۵، ۱۶)‏ اِن موقعوں پر اُنہیں ایسی اہم سچائیوں پر غور کرنے کا موقع ملتا تھا جو یہوواہ خدا سے تعلق رکھتی ہیں۔ اِن میں سے ایک سچائی یہ ہے کہ یہوواہ خدا بڑا مہربان اور فیاض‌دل ہے۔ (‏است ۱۵:‏۴، ۵)‏ ایک اور سچائی یہ ہے کہ وہ ہماری رہنمائی اور حفاظت کرتا ہے۔ (‏است ۳۲:‏۹، ۱۰)‏ اسرائیلی اِس حقیقت پر غور کر سکتے تھے کہ وہ خدا کی چنی ہوئی قوم ہیں اِس لئے اُنہیں خدا کے معیاروں کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے۔ (‏است ۷:‏۶، ۱۱)‏ جس طرح بنی‌اسرائیل اپنے اجتماعوں سے فائدہ حاصل کرتے تھے اِسی طرح آج ہم بھی اپنے صوبائی اجتماعوں سے فائدہ حاصل کرتے ہیں۔‏

۲.‏ صوبائی اجتماع کے پروگرام میں سچائی پر روشنی کیسے ڈالی جائے گی؟‏

۲ صوبائی اجتماع پر سچائی پر روشنی ڈالی جائے گی:‏ صوبائی اجتماعوں پر ہم ایسی تقریروں، ڈراموں، انٹرویو اور منظروں سے لطف اُٹھاتے ہیں جن میں بائبل کی سچائیوں پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ (‏یوح ۱۷:‏۱۷‏)‏ ہمارے آنے والے اجتماع کے پروگرام کو تیار کرنے میں بہت محنت کی گئی ہے۔ یہوواہ کی تنظیم نے پروگرام کو اِس طرح سے ترتیب دیا ہے کہ پوری دُنیا میں لوگ اِس سے فائدہ حاصل کر سکیں۔ (‏متی ۲۴:‏۴۵-‏۴۷‏)‏ کیا آپ اِس پروگرام کو دیکھنا اور سننا چاہتے ہیں؟‏

۳.‏ ہمیں پروگرام سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے کیا کرنا چاہئے؟‏

۳ اگر ہم تینوں دن پروگرام پر جائیں گے اور اِسے توجہ سے سنیں گے تو ہمیں اِس سے بہت فائدہ ہوگا۔ اگر آپ نے ابھی تک اپنے مالک سے چھٹی کے بارے میں بات نہیں کی تو جلدازجلد ایسا کریں۔ رات کو خوب آرام کریں تاکہ آپ پروگرام پر پورا دھیان دے سکیں۔ بہت سے بہن‌بھائیوں نے دیکھا ہے کہ مقرر پر نظریں جمائے رکھنے اور مختصر نوٹس لینے سے وہ پروگرام پر پورا دھیان دے سکتے ہیں۔ اپنے موبائل فون یا پیجر کو اِس طرح سے سیٹ کریں کہ آپ یا دوسرے بہن‌بھائیوں کی توجہ پروگرام سے نہ ہٹے۔ پروگرام کے دوران باتیں کرنے، ٹیکسٹ میسج کرنے یا کھانے‌پینے سے گریز کریں۔‏

۴.‏ والدین صوبائی اجتماع کے دوران اپنے بچوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں تاکہ وہ اِس سے فائدہ حاصل کر سکیں؟‏

۴ ہر سبت کے سال میں عیدِخیام کے دوران بنی‌اسرائیل خدا کی شریعت سننے کے لئے جمع ہوتے تھے۔ اِس موقع پر اسرائیلیوں کے ساتھ اُن کے بچے بھی ہوتے تھے ’‏تاکہ وہ بھی سنیں اور سیکھیں۔‘‏ (‏است ۳۱:‏۱۲)‏ یہ دیکھ کر ہمیں بڑی خوشی ہوتی ہے کہ سارے گھر والے ساتھ بیٹھ کر صوبائی اجتماع کا پروگرام سنتے ہیں اور بچے بھی جاگتے رہتے ہیں اور پروگرام پر پوری توجہ دیتے ہیں۔ کیوں نہ پروگرام کے بعد ہر شام کو مل کر اپنے نوٹس اور اُن نکات پر بات کریں جو آپ کو خاص طور پر اچھے لگے ہیں؟ ”‏حماقت لڑکے کے دل سے وابستہ ہے“‏ اِس لئے والدین کو چاہئے کہ وہ دوپہر کے وقفے میں اور ہوٹل میں بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں چاہے وہ چھوٹے ہوں یا بڑے۔—‏امثا ۲۲:‏۱۵؛‏ ۲۹:‏۱۵‏۔‏

۵.‏ جب ہم ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں تو ہمارے اچھے چال‌چلن سے سچائی کو رونق کیسے ملتی ہے؟‏

۵ ہمارے اچھے چال‌چلن سے سچائی کو رونق ملتی ہے:‏ جب ہم صوبائی اجتماع کے شہر میں ہوتے ہیں تو ہمارے چال‌چلن سے سچائی کو رونق ملتی ہے۔ (‏طط ۲:‏۱۰‏)‏ جب ایک گروہ ہوٹل کے قوانین پر عمل کرتا ہے اور عملے کے ساتھ صبر اور نرمی سے پیش آتا ہے تو ہوٹل میں کام کرنے والے لوگ بڑے متاثر ہوتے ہیں۔ (‏کل ۴:‏۶‏)‏ پچھلے سال ایک ہوٹل کی ڈائریکٹر نے ہمارے ایک برانچ کے دفتر کے نمائندوں کو بتایا:‏ ”‏جب آپ کے لوگ ہمارے ہوٹل میں آکر ٹھہرتے ہیں تو ہمیں بڑا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔ وہ بڑے تمیزدار اور مہذب لوگ ہیں۔ وہ ہمیشہ ہمارے عملے سے نرمی اور احترام سے پیش آتے ہیں اور ہماری چیزوں کو احتیاط سے استعمال کرتے ہیں۔“‏

۶.‏ ہم صوبائی اجتماع کے موقعے پر اپنے لباس سے سچائی کو رونق کیسے بخش سکتے ہیں؟‏

۶ جب ہم صوبائی اجتماع کا بیج لگاتے ہیں تو اِس سے نہ صرف لوگوں کو صوبائی اجتماع کے بارے میں پتہ چلتا ہے اور دوسرے یہوواہ کے گواہ ہمیں پہچان سکتے ہیں بلکہ اِس سے دیکھنے والوں کو گواہی بھی ملتی ہے۔ شہر کے لوگ دیکھیں گے کہ جن لوگوں نے اجتماع کا بیج لگایا ہے، اُن کے کپڑے دُنیا کے لوگوں کی طرح اُوٹ‌پٹانگ نہیں اور نہ ہی اِن میں جسم کی نمائش ہوتی ہے بلکہ اُنہوں نے صاف‌ستھرے اور حیادار کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ (‏۱-‏تیم ۲:‏۹، ۱۰‏)‏ اِس لئے جب ہم اُس شہر میں ہوں جہاں صوبائی اجتماع ہو رہا ہے، تو ہمیں اپنے لباس اور بناؤسنگھار پر توجہ دینی چاہئے۔ ہمیں اُس وقت بھی اِس بات کا خیال رکھنا چاہئے جب ہم ہوٹل میں چیک‌اِن کرتے ہیں۔ اگر ہم ٹی‌شرٹ اور پاجامہ پہن کر ہوٹل میں جائیں گے تو یہ مناسب نہیں ہوگا۔ اگر صوبائی اجتماع کسی سٹیڈیم یا کُھلی جگہ پر ہو رہا ہے تو بھی ہمارا لباس حیادار اور مناسب ہونا چاہئے۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہم ہر وقت یہوواہ کے گواہ ہیں۔ اِس لئے اگر ہم پروگرام ختم ہونے کے بعد کسی ریسٹورنٹ میں جانے کے لئے کپڑے بدلتے ہیں تو بھی ہمارے کپڑے صاف‌ستھرے اور مناسب ہونے چاہئیں۔‏

۷.‏ ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ ہم صوبائی اجتماع کے دوران اپنے مسیحی بھائی‌چارے سے فائدہ حاصل کر سکیں؟‏

۷ جب بنی‌اسرائیل اجتماعوں پر جمع ہوتے تھے تو وہ دوسرے علاقوں سے آنے والے خدا کے خادموں سے بھی ملتے اور اُن سے بات‌چیت کرتے تھے۔ یوں اُن کے درمیان بھائی‌چارے کو فروغ ملتا تھا۔ (‏اعما ۲:‏۱،‏ ۵‏)‏ ہمارے صوبائی اجتماعوں پر اکثر لوگ ہمارے بھائی‌چارے کو دیکھ کر بہت متاثر ہوتے ہیں جو ہمارے روحانی فردوس کا بہت خوشگوار پہلو ہے۔ (‏زبور ۱۳۳:‏۱‏)‏ لہٰذا کھانے کے وقفے میں باہر جا کر کھانا خریدنے کی بجائے اپنے لئے ہلکاپھلکا کھانا ساتھ لائیں اور وقفے کے دوران اُن بہن‌بھائیوں سے ملیں اور بات‌چیت کریں جو آپ کے آس‌پاس بیٹھے ہوئے ہیں۔‏

۸.‏ اگر آپ کے حالات اجازت دیتے ہیں تو آپ کو رضاکار کے طور پر کام کیوں کرنا چاہئے؟‏

۸ اکثر لوگ یہ دیکھ کر بہت متاثر ہوتے ہیں کہ ہمارے اجتماع بڑے منظم ہیں۔ وہ یہ سُن کر بہت حیران ہوتے ہیں کہ ہمارے اجتماعوں پر سارا کام رضاکار انجام دیتے ہیں۔ کیا آپ صوبائی اجتماع کے لئے ”‏خوشی سے اپنے آپ کو پیش“‏ کر سکتے ہیں؟ (‏زبور ۱۱۰:‏۳‏)‏ اکثر گھر والے مل کر رضاکاروں کے طور پر کام کرتے ہیں تاکہ بچوں کو سکھایا جا سکے کہ اُنہیں خود کو خدا کی خدمت کے لئے پیش کرنا چاہئے۔ اگر آپ شرمیلے ہیں تو صوبائی اجتماع پر کام کرنے سے آپ کو موقع ملے گا کہ آپ دوسرے بہن‌بھائیوں کو جانیں۔ ایک بہن نے کہا:‏ ”‏اپنے گھر والوں اور کچھ دوستوں کے سوا مَیں وہاں کسی کو نہیں جانتی تھی۔ مگر جب مَیں نے صفائی کے کام میں حصہ لیا تو مَیں بہت سے بہن‌بھائیوں سے ملی۔ اُن کے ساتھ کام کرکے مجھے بہت خوشی ملی۔“‏ جب ہم صوبائی اجتماع پر نئے دوست بنانے کے سلسلے میں کُشادہ‌دل ہوتے ہیں تو ہمیں بڑی خوشی ملتی ہے۔ (‏۲-‏کر ۶:‏۱۲، ۱۳‏)‏ اگر آپ نے پہلے کبھی رضاکار کے طور پر کام نہیں کِیا تو اپنی کلیسیا کے بزرگوں سے پوچھیں کہ آپ رضاکار کے طور پر کام کرنے کے لائق کیسے ٹھہر سکتے ہیں۔‏

۹.‏ ہم لوگوں کو صوبائی اجتماع کے دعوت‌نامے کیسے پیش کریں گے؟‏

۹ دوسروں کو سچائی سننے کی دعوت دیں:‏ ہر سال کی طرح اِس سال بھی ہم صوبائی اجتماع سے تین ہفتے پہلے دعوت‌نامے تقسیم کرنے کی مہم شروع کریں گے۔ کلیسیائیں اپنے علاقے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ دعوت‌نامے دینے کی کوشش کریں گی۔ (‏بکس ”‏ہم اِس دعوت‌نامے کو کیسے پیش کریں گے؟“‏ کو دیکھیں۔)‏ جو دعوت‌نامے بچ جائیں، اُنہیں صوبائی اجتماع پر ساتھ لائیں۔ اِن دعوت‌ناموں کو صوبائی اجتماع کے دوران جب بھی موقع ملے، گواہی دینے کے لئے استعمال کِیا جائے گا۔‏

۱۰.‏ کچھ ایسے تجربے بتائیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری سالانہ مہم کی وجہ سے لوگ صوبائی اجتماع پر آتے ہیں۔‏

۱۰ کیا دعوت‌نامے تقسیم کرنے کی سالانہ مہم کی وجہ سے لوگ صوبائی اجتماع پر آتے ہیں؟ ایک صوبائی اجتماع پر ایک حاضرباش نے ایک شادی‌شُدہ جوڑے کی سیٹ ڈھونڈنے میں مدد کی۔ اُس جوڑے نے حاضرباش کو بتایا کہ جب اُنہیں دعوت‌نامہ ملا تو اُنہوں نے سوچا کہ ”‏یہ اجتماع بڑا دلچسپ لگ رہا ہے۔“‏ وہ تقریباً ۳۲۰ کلو میٹر (‏۲۰۰ میل)‏ کا فاصلہ طے کرکے اجتماع پر آئے۔ ایک اَور موقعے پر ایک بہن گھرگھر دعوت‌نامے تقسیم کر رہی تھی۔ اِس دوران اُس کی ملاقات ایک آدمی سے ہوئی جو صوبائی اجتماع کے بارے میں جاننا چاہتا تھا۔ بہن نے اُس کے ساتھ دعوت‌نامے پر بات کی۔ کچھ دنوں بعد صوبائی اجتماع پر بہن نے اُس آدمی اور اُس کے دوست کو دیکھا۔ اُن کے ہاتھ میں ایک نئی کتاب تھی جو صوبائی اجتماع پر ملی تھی۔‏

۱۱.‏ یہ کیوں اہم ہے کہ ہم صوبائی اجتماعوں پر جائیں؟‏

۱۱ بنی‌اسرائیل کی عیدیں یہوواہ خدا کی طرف سے ایک خاص بندوبست تھا تاکہ وہ ”‏نیک‌نیتی اور صداقت سے اُس کی پرستش“‏ کر سکیں۔ (‏یشو ۲۴:‏۱۴)‏ صوبائی اجتماع ہماری عبادت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ جب ہم ہر سال صوبائی اجتماعوں پر جاتے ہیں تو بنی‌اسرائیل کی طرح ہم بھی اِس قابل ہوتے ہیں کہ سچائی کی راہ پر چلتے رہیں۔ (‏۳-‏یوح ۳‏)‏ ہماری خواہش ہے کہ یہوواہ خدا اُن تمام لوگوں کی مدد کرے جو اِس اجتماع پر حاضر ہونے اور اِس سے پورا فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے۔‏

‏[‏صفحہ ۴ پر عبارت]‏

جب ہم صوبائی اجتماع کے شہر میں ہوتے ہیں تو ہمارے چال‌چلن سے سچائی کو رونق ملتی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۵ پر عبارت]‏

ہم صوبائی اجتماع سے تین ہفتے پہلے دعوت‌نامے تقسیم کرنے کی مہم شروع کریں گے۔‏

‏[‏صفحہ ۶ پر بکس]‏

سن ۲۰۱۲ء کے صوبائی اجتماع کے لئے یاددہانیاں

▪ پروگرام کے اوقات:‏ تینوں دن اجتماع کا پروگرام صبح ۲۰:‏۹ پر شروع ہوگا۔ دروازے صبح ۰۰:‏۸ بجے کھولے جائیں گے۔ جب موسیقی شروع ہو تو اپنی سیٹوں پر بیٹھ جائیں تاکہ باوقار طریقے سے پروگرام کا آغاز کِیا جا سکے۔ جمعے اور ہفتے کو پروگرام شام ۵۵:‏۴ پر اور اتوار کو ۴۰:‏۳ پر ختم ہوگا۔‏

▪ پارکنگ:‏ اجتماع کے جن مقامات پر پارکنگ کی نگرانی ہمارے بھائی کریں گے، وہاں آپ کو پارکنگ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصول کے تحت آپ کو گاڑی کھڑی کرنے کے لئے جگہ دی جائے گی۔ یاد رکھیں کہ پارکنگ کی جگہ محدود ہوتی ہے۔ اِس لئے اگر آپ کی گاڑی میں گنجائش ہے تو دوسروں کو اپنے ساتھ لائیں تاکہ گاڑیوں کا زیادہ رش نہ ہو۔‏

▪ سیٹ رکھنا:‏ صرف اُن کے لئے سیٹ رکھیں جو آپ کے ساتھ گاڑی میں سفر کر رہے ہیں، آپ کے ساتھ رہ رہے ہیں، یا پھر آپ کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہے ہیں۔—‏۱-‏کر ۱۳:‏۵‏۔‏

▪ دوپہر کا کھانا:‏ برائے‌مہربانی دوپہر کے وقفے میں کھانے کے لئے باہر جانے کی بجائے کھانا ساتھ لائیں۔ آپ ایک چھوٹے بیگ میں کھانا لا سکتے ہیں جسے آپ اپنی سیٹ کے نیچے رکھ سکیں۔ اجتماع کی جگہ پر بڑےبڑے بیگ اور شیشے کے برتن لانے کی اجازت نہیں ہے۔‏

▪ عطیات:‏ ہم اجتماع پر عالمگیر کام کے لئے رضاکارانہ عطیات ڈال سکتے ہیں۔ اور یوں ہم صوبائی اجتماع کے لئے اپنی قدردانی کا اظہار کر سکتے ہیں۔ صوبائی اجتماع پر چیک کی صورت میں دئے جانے والے عطیات ”‏یہوواہ کے گواہوں کی مسیحی کلیسیا“‏ کے نام ہونے چاہئیں۔‏

▪ حادثے اور ہنگامی صورتحال:‏ اگر اجتماع کی جگہ پر کوئی طبّی ہنگامی صورتحال پیدا ہو جائے تو برائے‌مہربانی اپنے قریبی حاضرباش کو بتائیں۔ وہ فوراً ابتدائی طبّی امداد کے شعبے کو اطلاع دے گا جو صورتحال کے مطابق مدد فراہم کرے گا۔‏

▪ دوائیاں:‏ اگر آپ ہر روز کوئی دوائی استعمال کرتے ہیں تو مہربانی سے اِسے ساتھ لائیں کیونکہ صوبائی اجتماع پر ایسی دوائیاں دستیاب نہیں ہوگی۔‏

▪ جوتے:‏ ہر سال بہت سے حادثے جوتوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اِس لئے بہتر ہوگا کہ آپ اپنے لئے ایسے جوتوں کا انتخاب کریں جن سے آپ کو سیڑھیاں چڑھنے اور ایسی جگہوں پر چلنے‌پھرنے میں آسانی ہو جہاں گِرنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔‏

▪ خوشبوؤں کا استعمال:‏ ہمارے زیادہ‌تر اجتماع ایسی جگہوں پر منعقد ہوتے ہیں جو زیادہ ہوادار نہیں ہوتیں۔ کچھ لوگوں کو خوشبوؤں سے الرجی ہوتی ہے یا پھر کوئی سانس کی بیماری ہوتی ہے۔ لہٰذا تیز خوشبوؤں کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔—‏۱-‏کر ۱۰:‏۲۴‏۔‏

▪ فارم برائے‌مہربانی ملاقات کیجئے (‎S-43‎)‏‏:‏ اجتماع کے دوران اگر آپ کسی کو گواہی دیتے ہیں اور وہ دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو برائے‌مہربانی ملاقات کیجئے (‎S-43‎) فارم کو بھریں۔ پھر اِسے بُک روم میں دے دیں یا اپنی کلیسیا میں واپس جا کر سیکرٹری کو دے دیں۔ مبشروں کو اجتماع پر اپنے ساتھ ایک یا دو فارم لے کر آنے چاہئیں۔—‏مئی ۲۰۱۱ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ ۳ کو دیکھیں‏۔‏

▪ ریسٹورنٹ:‏ اگر آپ کسی ریسٹورنٹ میں جاتے ہیں تو وہاں بھی اپنے اچھے چال‌چلن سے یہوواہ خدا کی بڑائی کریں۔ اگر وہاں ملازموں کو ٹپ دینے کا رواج ہے تو ٹپ ضرور دیں۔‏

▪ ہوٹل:‏

‏(‏۱)‏ برائے‌مہربانی ہوٹل کے صرف اُتنے ہی کمرے بُک کریں جتنے آپ کو چاہئیں اور کمرے میں جتنے لوگوں کی اجازت ہے، اُس سے زیادہ نہ ٹھہرائیں۔‏

‏(‏۲)‏ اپنی بکنگ صرف اُسی صورت میں ختم کریں جب کوئی بہت سنگین صورتحال پیدا ہو جائے اور آپ کے لئے آنا ناممکن ہو۔ اگر بکنگ ختم کرنا لازمی ہو تو ہوٹل کے عملے کو فوراً اطلاع دیں۔—‏متی ۵:‏۳۷‏۔‏

‏(‏۳)‏ اگر آپ کسی ہوٹل میں ٹھہرتے وقت ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو یاد رکھیں کہ بعض اوقات آپ کے اکاؤنٹ میں سے کچھ رقم رکھی جاتی ہے تاکہ آپ کے کمرے کے کرایے کے علاوہ اگر کوئی اضافی اخراجات ہوں تو اُنہیں پورا کِیا جا سکے۔ آپ اِس رقم کو اُس وقت تک استعمال نہیں کر سکیں گے جب تک کہ ہوٹل والے اپنا حساب‌کتاب پورا نہ کر لیں۔‏

‏(‏۴)‏ سامان اُٹھانے والی ٹرالی اُسی وقت لیں جب آپ اِسے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ استعمال کے بعد اِسے فوراً واپس کر دیں تاکہ دوسرے لوگ اِسے استعمال کر سکیں۔‏

‏(‏۵)‏ جب کوئی ملازم آپ کا سامان اُٹھاتا ہے تو اُسے ٹپ دیں۔ اور اُس ملازم کے لئے بھی ہر دن ٹپ چھوڑیں جو آپ کے کمرے کی صفائی کرتا ہے۔‏

‏(‏۶)‏ کھانا صرف اُنہی کمروں میں پکائیں جہاں کھانا پکانے کی اجازت ہے۔‏

‏(‏۷)‏ اگر ہوٹل میں مہمانوں کو صبح کا ناشتہ اور کافی وغیرہ دی جاتی ہے تو اِنہیں بعد میں استعمال کرنے کے لئے جمع نہ کریں۔‏

‏(‏۸)‏ ہوٹل کے عملے کے ساتھ بات کرتے وقت ہمیشہ رُوح کا پھل ظاہر کریں۔ ہوٹل میں کام کرنے والے لوگ بہت سے مہمانوں کی دیکھ‌بھال کرتے ہیں۔ اگر ہم اُن سے تحمل اور مہربانی سے پیش آتے ہیں تو یقیناً اُنہیں اچھا لگتا ہے۔‏

‏(‏۹)‏ والدین کو ہر وقت اپنے بچوں کی نگرانی کرنی چاہئے۔‏

‏(‏۱۰)‏ اگر آپ سے طے‌شُدہ کرائے سے زیادہ کرایہ مانگا جاتا ہے یا آپ کو اُن چیزوں کے پیسے ادا کرنے کے لئے کہا جاتا ہے جو آپ نے نہیں منگوائیں تو یہ پیسے ادا نہ کریں۔ اور جلدازجلد اجتماع کے لئے رہائش کا بندوبست کرنے والے شعبے کو بتائیں۔‏

‏(‏۱۱)‏ اگر ہوٹل کے کمرے کے سلسلے میں کوئی مسئلہ ہو تو اجتماع کے لئے رہائش کا بندوبست کرنے والے شعبے سے رابطہ کریں تاکہ آپ کی مدد کی جا سکے۔‏

▪ رضاکارانہ خدمت:‏ اگر کوئی شخص اجتماع پر رضاکار کے طور پر خدمت کرنا چاہتا ہے تو اُسے رضاکارانہ خدمت کے شعبے سے رابطہ کرنا چاہئے۔ سولہ سال سے کم عمر کے بچے بھی اِس خدمت میں حصہ لے سکتے ہیں مگر اُنہیں اپنے والدین کے ساتھ یا پھر اُن بہن‌بھائیوں کے ساتھ کام کرنا چاہئے جنہیں والدین نے بچوں کی نگرانی کرنے کی ذمہ‌داری سونپی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۶ پر بکس]‏

ہم اِس دعوت‌نامے کو کیسے پیش کریں گے؟‏

دعوت‌نامہ پیش کرتے وقت بات‌چیت کو مختصر رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو دعوت‌نامہ دیا جا سکے۔ شاید ہم کچھ یوں کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏سلام۔ ہم سب لوگوں کو یہ دعوت‌نامہ دے رہے ہیں۔ یہ دعوت‌نامہ آپ کے لئے ہے۔ باقی تفصیل اِس دعوت‌نامے پر لکھی ہے۔“‏ دعوت‌نامے اِس انداز سے پیش کریں کہ لوگوں میں دلچسپی پیدا ہو۔ اگر مناسب ہو تو ہفتے اور اتوار کے دن دعوت‌ناموں کے ساتھ رسالے بھی پیش کریں۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں