ڈسٹرکٹ کنونشن ”مسیح کی پیروی کریں“ کے اشتہار پیش کرنے کی عالمگیر مہم
مبشر ایک بار پھر ایک خاص اشتہار کی تقسیم میں حصہ لیں گے
۱ گزشتہ سال ڈسٹرکٹ کنونشن ”ہماری نجات نزدیک ہے!“ کے اشتہار کی عالمگیر مہم نے دلچسپی رکھنے والوں کو بہت متاثر کِیا تھا۔ اُس خاص دعوت کو قبول کرنے اور پہلی مرتبہ یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بڑی روحانی ضیافت میں شریک ہونے والوں کے لئے یہ ایک شاندار تجربہ تھا۔ (یسع ۶۵:۱۳) اُنہوں نے ہماری پُرمحبت مسیحی برادری کی رفاقت سے بھی لطف اُٹھایا۔ (زبور ۱۳۳:۱) زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ڈسٹرکٹ کنونشن ”مسیح کی پیروی کریں“ پر حاضر ہونے میں مدد دینے کے لئے ہم ایک بار پھر پوری دُنیا میں ایک خاص اشتہار کی تقسیم میں حصہ لیں گے۔
۲ گزشتہ سال کے نتائج: ڈسٹرکٹ کنونشن ”ہماری نجات نزدیک ہے!“ کے اشتہاروں کی تقسیم کے سلسلے میں دُنیابھر سے رپورٹیں موصول ہوئیں۔ ان سے پتہ چلا کہ اس کارگزاری کے نتائج بہت ہی شاندار رہے۔ بہتیری جگہوں پر ہمیں بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ مثال کے طور پر، ایک شہر کے اخبار نے اس مہم کے بارے میں چھ کالم پر مشتمل ایک مضمون میں لکھا: ”گواہوں نے کنونشن سے پہلے اپنے اِردگرد کے لوگوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی۔ اُنہوں نے اپنی باتچیت کو مختصر رکھتے ہوئے کئی گھنٹے مستعدی سے کام کِیا اور دُوردراز علاقوں میں جانے کے لئے طویل سفر بھی کِیا۔“ اشتہار تقسیم کرنے کی یہ متحدہ کوشش ایک دوسرے شہر میں بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی اور اُنہوں نے اپنی خبروں میں اس اشتہار کی بابت بڑی تفصیل سے بیان کِیا۔ اس کے نتیجے میں کنونشن سے پہلے تین اخباروں نے ہماری اس کارگزاری کو خوب سراہا۔ ایک رپورٹر نے کئی ایک مضامین لکھے جنہوں نے اخبار میں اتوار کے ایڈیشن کے تقریباً دو صفحے بھر دئے۔ ان میں ہمارے اعتقادات، اشتہار کی تقسیم اور کنونشن کے بارے میں تفصیلات درج تھیں۔ جب ایک مبشر نے صاحبِخانہ کو دروازے پر اشتہار پیش کِیا تو اُس نے اُس کی بات کاٹتے ہوئے کہا: ”مَیں اخبار میں ابھی اسی اشتہار کے بارے میں پڑھ رہی تھی۔“ ایک اَور صاحبِخانہ نے کہا: ”مَیں ابھی ابھی آپ لوگوں کے بارے میں ہی پڑھ رہی تھی اور اب آپ آ گئے ہیں! کیا یہ دعوتنامہ میرے لئے ہے؟“ اُس نے مزید کہا: ”یہوواہ کے گواہوں کا یہ کام واقعی قابلِتعریف ہے۔“
۳ دلچسپی رکھنے والے بہتیرے اشخاص کنونشن کے دعوتنامے ہاتھوں میں لئے کنونشن کی جگہوں پر دیکھے گئے۔ دلچسپی رکھنے والے بعض اشخاص تو کنونشن پر حاضر ہونے کے لئے دُوردراز کے علاقوں سے سفر کرکے آئے تھے۔ لوگوں کو دعوت دینے کی ہماری مستعد کوششیں حاضری میں اضافے کا باعث بنیں۔ مثال کے طور پر، ایک ملک میں گزشتہ سال کی نسبت ۲۷ فیصد زیادہ لوگ کنونشن پر حاضر ہوئے۔
۴ علاقے کا احاطہ کریں: آپ اپنے کنونشن سے تقریباً تین ہفتے پہلے اشتہار کی تقسیم شروع کر سکتے ہیں۔ اپنی کلیسیا کے پورے علاقے کا احاطہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ ایسی کلیسیائیں جن کے پاس زیادہ علاقہ ہے وہاں مبشر کنونشن کے آخری ہفتے میں گھروں پر نہ ملنے والے لوگوں کے لئے بڑی احتیاط سے اشتہار چھوڑ سکتے ہیں۔ کلیسیاؤں کو اپنے حصے کے تمام اشتہار تقسیم کرنے اور زیادہ سے زیادہ علاقے کا احاطہ کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اگر اشتہار زیادہ ہیں تو کلیسیا کے پائنیر اُنہیں استعمال کر سکتے ہیں۔
۵ آپ کیا کہہ سکتے ہیں: آپ کچھ یوں کہہ سکتے ہیں: ”ہم بہت جلد منعقد ہونے والے ایک بڑے کنونشن کے بارے میں یہ دعوتنامے تقسیم کر رہے ہیں۔ یہ کاپی آپ کے لئے ہے۔ مزید معلومات اس دعوتنامے پر درج ہیں۔“ اپنی پیشکش کو مختصر رکھنے سے آپ کو زیادہ سے زیادہ اشتہار تقسیم کرنے کا موقع ملے گا۔ لیکن اگر صاحبِخانہ کوئی سوال پوچھتا ہے تو آپ ضرور جواب دیں۔ جو لوگ دلچسپی دکھاتے ہیں اُن کا نام پتا لکھ لیں اور جتنی جلدی ممکن ہو اُن سے دوبارہ ملنے کی کوشش کریں۔
۶ ہمیں مسیح کی پیروی کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔ (یوح ۳:۳۶) ہمارا آنے والا ڈسٹرکٹ کنونشن حاضر ہونے والے تمام لوگوں کو مسیح کی پیروی کرنے میں مدد دے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ ڈسٹرکٹ کنونشن ”مسیح کی پیروی کریں“ کے اشتہار پیش کرنے کی ہماری مجموعی کوشش ایک بار پھر شاندار گواہی دینے کا باعث بنے گی۔ پس سرگرمی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کنونشن پر آنے کی دعوت دیں۔ دُعا ہے کہ جب آپ اِس عالمگیر مہم میں حصہ لیتے ہیں تو یہوواہ خدا آپ میں سے ہر ایک کی کوشش کو برکت دے۔