سوالی بکس
◼ تھیوکریٹک منسٹری سکول لائبریری میں کونسی مطبوعات رکھی جانی چاہئیں؟
خدا کے لوگوں کے فائدے کے لئے روحانی مطبوعات کثرت سے فراہم کی گئی ہیں۔ چونکہ زیادہتر پبلشروں کے پاس ذاتی طور پر یہ ساری موجود نہیں ہوتیں اسلئے کنگڈم ہال میں تھوکریٹک منسٹری سکول لائبریری ایسی مطبوعات سے تحقیق کرنے کا ذریعہ بنتی ہے جو بصورتِدیگر شاید دستیاب نہ ہوں۔ لہٰذا، اسے مختلف بائبل ترجموں، سوسائٹی کی نئی مطبوعات، ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کی کاپیوں، دی واچٹاور اور اویک! کے مجلد والیمز اور دی واچ ٹاور پبلیکیشنز انڈیکسز سے مُزین ہونا چاہئے۔ اسکے علاوہ، ایک اچھی جدید لغت بھی ہونی چاہئے۔ اگر دستیاب ہوں تو انسائیکلوپیڈیاز، اٹلسز یا گرائمر اور تاریخ کی بابت حوالہجاتی کُتب بھی فائدہمند ہو سکتی ہیں۔ تاہم، ہمیں سب سے پہلے ”دیانتدار اور عقلمند نوکر“ کی معرفت فراہمکردہ مطبوعات پر توجہ دینی چاہئے۔—متی ۲۴:۴۵۔
بعضاوقات تھیوکریٹک منسٹری سکول لائبریری میں قابلِاعتراض کتابیں رکھنے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ فرضی داستانوں کی کتب، اعلیٰ تنقید کو نمایاں کرنے والی بائبل تفسیروں یا فلسفے یا ارواحپرستی پر لکھی ہوئی کتب کو رکھنا نامناسب ہوگا۔ تھیوکریٹک منسٹری سکول لائبریری میں صرف وہی مواد ہونا چاہئے جو اسے استعمال کرنے والوں کو روحانی ترقی کرتے رہنے کے قابل بنائیگا۔—۱-تیمتھیس ۴:۱۵۔
سکول اوورسیئر لائبریری کا ذمہدار ہے اگرچہ اسکی دیکھبھال کیلئے کوئی دوسرا بھائی مقرر کِیا جا سکتا ہے۔ اُسے اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ جونہی نئی مطبوعات دستیاب ہوتی ہیں تو اُنہیں لائبریری میں رکھ کر اسے ہر وقت تازہترین رکھا جائے۔ ہر کتاب کے اندر اُس کلیسیا کے نام کی واضح مہر ہونی چاہئے جس کی یہ ملکیت ہے۔ ہر سال کتابوں کی جانچپڑتال کی جانی چاہئے کہ کہیں انہیں مرمت کرنے یا بدلنے کی ضرورت تو نہیں ہے۔
ہر شخص لائبریری کی دیکھبھال کرنے میں تعاون کر سکتا ہے۔ کتابوں کو پکڑتے اور استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے۔ بچوں کو ان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے، نہ ہی کسی کو ان پر نشان لگانے دینا چاہئے۔ یاددہانی کے طور پر لائبریری میں ایک واضح عبارت لکھ کر لگائی جا سکتی ہے کہ کتابیں کنگڈم ہال سے باہر مت لے جائیں۔
چونکہ مسلسل نئی کلیسیائیں بنتی رہتی ہیں اس لئے بہت سی لائبریریاں غالباً سائز میں محدود ہو جاتی ہیں۔ جن پبلشروں کے پاس ہماری پُرانی مطبوعات ہوں وہ انہیں کلیسیا کو عطیے کے طور پر دینے کی بابت سوچ سکتے ہیں۔ ممکن ہے بزرگ سوسائٹی کو واچٹاور مجلد والیمز کی دوبارہ اشاعت کا آرڈر دینا چاہیں۔ اس طرح، تھیوکریٹک منسٹری سکول لائبریری خدا کے کلام کے چھپے ہوئے ایسے خزانوں کو تلاش کرنے میں سب کی مدد کیلئے مفید ثابت ہوگی جو علم، حکمت اور فہم عطا کرتے ہیں۔—امثال ۲:۴-۶۔