۱،۰۰،۰۰۰ امدادی پائنیر—درکار کیا آپ مارچ؟
اپریل؟ مئی میں امدادی پائنیر خدمت انجام دے سکتے ہیں؟
۱ واچ ٹاور کے اپریل ۱۸۸۱ کے شمارے میں شائع ہونے والے ایک مضمون کا عنوان تھا ”۱۰۰۰ مُناد درکار۔“ اس نے اُن تمام مخصوصشُدہ مردوں اور عورتوں سے بائبل سچائی پھیلانے کے کام میں شریک ہونے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت صرف کرنے کی استدعا کی ”جنہیں خداوند نے اپنی سچائی کی پہچان عطا کی ہے۔“ وہ لوگ جو خداوند کے کام کیلئے اپنا صرف نصف یا زیادہ وقت دے سکتے تھے اُنکی کالپولچر مبشروں—آجکل کے پائنیروں کے پیشرو—کے طور پر رضاکارانہ خدمت انجام دینے کیلئے حوصلہافزائی کی گئی۔
۲ اگرچہ ۱۸۰۰ کے دہوں سے وقت بدل گیا ہے لیکن ایک حقیقت ویسی ہی ہے—خدا کے مخصوصشُدہ خادم خوشخبری پھیلانے میں جس قدر ممکن ہو زیادہ سے زیادہ وقت صرف کرتے رہنا چاہتے ہیں۔ امدادی پائنیروں کے طور پر خدمت کرنا کلیسیا کے پبلشروں کو بادشاہتی خدمتگزاری میں اضافی وقت صرف کرنے سے اپنی اثرآفرینی کو بہتر بنانے کے لائق بناتا ہے۔—کلسیوں ۴:۱۷؛ ۲-تیمتھیس ۴:۵۔
۳ اسکے آغاز سے لیکر، ہزاروں بھائیوں اور بہنوں نے امدادی پائنیر خدمت سے لطف اُٹھایا ہے۔ پائنیر خدمتگزاری کے اس پہلو کیلئے جوشوجذبہ اِسقدر بڑھ گیا کہ ریاستہائےمتحدہ امریکہ برانچ کے علاقے کے اندر اپریل ۱۹۸۵ میں ۱۰۰،۰۰۰ سے زائد امدادی پائنیروں کی انتہائی تعداد حاصل ہوئی! اُس وقت سے لیکر ۱،۰۰،۰۰۰ سے تین گُنا زیادہ پبلشروں نے—۱۹۸۸، ۱۹۸۹ اور ۱۹۹۲ میں—اپریل کے دوران امدادی پائنیروں کے طور پر خدمت میں حصہ لیا ہے۔ ۱۹۹۷ کے موسمِبہار میں اُس عمدہ کوشش کو دہرانے کا امکان یقیناً موجود ہے۔
۴ ہم آپ کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ مارچ، اپریل اور مئی میں سے ایک یا زیادہ مہینوں کیلئے امدادی پائنیر خدمت کا نشانہ قائم کریں۔ مارچ کو کیوں شامل کِیا جاتا ہے؟ کیونکہ اس سال مسیح کی موت کی یادگاری کی تاریخ مارچ ۲۳ بروز اتوار ہے۔ میموریل سے پہلے کے ہفتے گزارنے کا اس سے بہتر طریقہ اَور کوئی نہیں ہو سکتا کہ ہم بادشاہتی منادی کے کام میں سرگرمی سے شریک ہوں جسکا آغاز ہمارے خداوند اور مُنجی یسوع مسیح نے کِیا تھا۔ مارچ میں زیادہ سے زیادہ گواہی دیکر ہم بہتیرے لوگوں کو مسیح کی موت کی یاد منانے کیلئے اپنے ساتھ جمع ہونے کی دعوت دے سکتے ہیں۔ مارچ کا مہینہ اس وجہ سے بھی خاص ہوگا کیونکہ ہم پہلی مرتبہ نئی کتاب دی سیکرٹ آف فیملی ہیپینس استعمال کر رہے ہونگے۔ بِلاشُبہ، اپریل اور مئی کے مہینوں کے دوران خدمتگزاری میں مسلسل مستعد کوشش ہمیں حاصل شُدہ دلچسپی کی پیروی کرنے اور خدا ہم سے کیا تقاضا کرتا ہے؟ بروشر کے استعمال سے نئے گھریلو بائبل مطالعے شروع کرانے کا موقع دیگی۔ اسکے علاوہ، مئی کے مہینے میں پانچ جمعرات اور پانچ جمعے ہونگے جس سے میدانی خدمت میں وسیع ویکاینڈ کارگزاری کیلئے وقت ملیگا۔ ہم بالخصوص ویکاینڈز پر، مینارِنگہبانی اور جاگو! کے تازہترین بروقت شماروں کیساتھ اپنے علاقے کا پوری طرح سے احاطہ بھی کرینگے۔
۵ کون امدادی پائنیر بننے کے لائق ہے؟: آرگنائزڈ ٹو آکمپلش آور منسٹری صفحہ ۱۱۴ پر وضاحت کرتی ہے: ”آپ کے ذاتی حالات خواہ کیسے بھی ہوں اگر آپ بپتسمہیافتہ ہیں، اخلاقی طور پر اچھی حیثیت کے مالک ہیں، خدمتگزاری میں ماہانہ ۶۰ گھنٹے صرف کرنے کے تقاضے کو پورا کرنے کا بندوبست کر سکتے ہیں اور یہ یقین رکھتے ہیں کہ ایک یا زیادہ مہینوں کیلئے امدادی پائنیر خدمت کر سکتے ہیں تو کلیسیا کے بزرگ اس خدمتی شرف کیلئے آپکی درخواست پر غور کرکے خوش ہونگے۔“ کیا آپ مارچ؟ اپریل؟ مئی میں اس شرف کیلئے گنجائش پیدا کر سکتے ہیں؟
۶ باقیماندہ پبلشروں کی مخلصانہ حمایت کیساتھ بزرگوں کے مثبت رجحان سے اس دعوت کیلئے جوابیعمل کو شاندار کامیابی سے ہمکنار ہونا چاہئے۔ (عبرانیوں ۱۳:۷) تمام خاندانوں کے سرداروں کی حوصلہافزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کا تعیّن کریں کہ اُنکے گھرانے میں سے کتنے لوگ آئندہ مہینوں میں سے ایک یا زیادہ کیلئے امدادی پائنیروں کی صفوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔—زبور ۱۴۸:۱۲، ۱۳؛ مقابلہ کریں اعمال ۲۱:۸، ۹۔
۷ کبھی بھی جلدبازی میں یہ نتیجہ اخذ نہ کریں کہ میرے کُلوقتی دُنیاوی کام، سکول کے اوقات، خاندانی ذمہداریوں یا دیگر صحیفائی فرائض کی وجہ سے امدادی پائنیر خدمت میری بساط سے باہر ہے۔ بعض کیلئے شاید اس میں حصہ لینا آسان نہ ہو؛ تاہم، اچھے انتظام اور یہوواہ کی برکت سے وہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ (زبور ۳۷:۵؛ امثال ۱۶:۳) پائنیر خدمت کرنے کی خواہش کو اپنے حالات پر حاوی ہونے دیں؛ اپنے حالات کو اتنی اجازت نہ دیں کہ پائنیر خدمت کی آپکی خواہش پر حاوی ہو جائیں۔ (امثال ۱۳:۱۹الف) لہٰذا، یہوواہ اور ساتھی انسانوں کیلئے گہری محبت سے، بہتیرے اپنی زندگی کے ہفتہوار معمول میں ردوبدل کرنے کے قابل ہوئے ہیں تاکہ ماہبہماہ اپنی خدمتگزاری کو وسیع کریں۔ (لوقا ۱۰:۲۷، ۲۸) جو لوگ بادشاہتی خدمت میں جانفشانی کرتے ہیں اُن کیلئے بہت سی برکات رکھی ہیں۔—۱-تیمتھیس ۴:۱۰۔
۸ امدادی پائنیر خدمت کیا کام سرانجام دیتی ہے: یہوواہ کے ہزاروں خادم امدادی پائنیر خدمت کیلئے پورے دل سے جو کوشش کرتے ہیں وہ یہوواہ کی حمدوستائش پر منتج ہوتی ہے۔ جب بادشاہت کے یہ مُناد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک خوشخبری پہنچانے کیلئے جانفشانی کرتے ہیں تو وہ ذاتی طور پر یہوواہ کی قربت میں آ جاتے ہیں کیونکہ وہ اُسکی روح اور برکت کیلئے اُس پر زیادہ انحصار کرنا سیکھ جاتے ہیں۔
۹ ہمارے درمیان امدادی، ریگولر اور سپیشل پائنیروں کا سرگرمی سے کام کرنا کلیسیا میں جوشوجذبے کی نئی لہر پیدا کرتا ہے۔ جب وہ اپنے میدانی تجربات سناتے ہیں تو اُنکا جوشوخروش سب میں پھیل جاتا ہے۔ یہ دوسروں کو اپنی ترجیحات اور خدمتگزاری کے نہایت اہم کام میں اَور زیادہ حصہ لینے کے امکان کا ازسرِنو جائزہ لینے کی تحریک دیتا ہے۔ ایک بہن نے جسکا ۷۰ سال کی عمر میں بپتسمہ ہوا فوراً مسلسل امدادی پائنیر خدمت شروع کر دی۔ چند سال بعد جب اُس سے پوچھا گیا کہ اتنی زیادہ عمر میں وہ امدادی پائنیر کے طور پر ہر ماہ خدمتگزاری میں اِسقدر جانفشانی کیوں کرتی ہے تو اُس نے کہا کہ وہ محسوس کرتی ہے کہ اُسکی زندگی کے ۷۰ سال تو پہلے ہی ضائع ہو چکے ہیں اور اب وہ اپنی زندگی کے باقیماندہ سالوں میں سے ایک بھی ضائع نہیں کرنا چاہتی!
۱۰ امدادی پائنیر کے کام میں شرکت کرنے والا ہر شخص خدمتگزاری کی بہتر لیاقت پیدا کر لیتا ہے۔ ایک نوجوان گواہ نے تسلیم کِیا: ’مَیں بچپن ہی سے اپنے والدین کیساتھ منادی کی کارگزاریوں میں حصہ لیا کرتا تھا۔ میدانی خدمت واقعی ایک تفریح تھی۔ تاہم، ایک وقت پر مجھے یہ احساس ہوا کہ مَیں تو دوسرے طالبعلموں سے بہت مختلف نظر آتا ہوں۔ پھر ساتھی طالبعلموں سے سچائی کی بابت گفتگو کرنا میرے لئے سخت مشکل ہو گیا۔ گھرباگھر منادی کرتے وقت، مجھے اس بات کا اندیشہ ہونے لگا کہ کہیں سکول کے کسی واقفکار سے ملاقات نہ ہو جائے۔ مَیں سمجھتا ہوں کہ میرے معاملے میں مسئلہ انسان کا ڈر تھا۔ [امثال ۲۹:۲۵] سکول سے فارغ ہو جانے کے بعد، مَیں نے عارضی طور پر پائنیر خدمت کو آزمانے کا فیصلہ کِیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ منادی میرے لئے اتنی دلکش بن گئی جتنیکہ یہ پہلے کبھی نہ تھی۔ پھر مَیں نے اسے کبھی بھی ایک تفریحی کارگزاری یا ایک بھاری بوجھ خیال نہ کِیا۔ اپنے بائبل طالبعلموں کو سچائی میں ترقی کرتے ہوئے دیکھ کر مَیں اس بات کی شہادت پر گہری تسکین کے احساس سے محظوظ ہوا کہ یہوواہ خدا میری کاوشوں کی حمایت کر رہا تھا۔‘ اس نوجوان نے ریگولر پائنیر کے طور پر خدمت کرنا شروع کر دی۔
۱۱ عملی نقطۂنگاہ سے جب زیادہ لوگ کلیسیا میں امدادی پائنیروں کے طور پر خدمت کرتے ہیں تو اس سے علاقے کا مکمل طور پر احاطہ ہو جاتا ہے۔ جس بھائی کے پاس علاقہجات تفویض کرنے کی ذمہداری ہے وہ امدادی پائنیروں سے کبھیکبھار کئے جانے والے علاقوں کا احاطہ کرنے کیلئے مدد کی درخواست کر سکتا ہے۔ کھانا ساتھ لیکر سارا دن خدمت میں صرف کرنے سے علاقے کے دوراُفتادہ حصوں میں کام کرنا بھی ممکن ہوگا۔
۱۲ بزرگوں کو قبلازوقت تیاریاں کرنی چاہئیں: اگلے تین ماہ کے دوران، ہفتے کے مختلف اوقات پر گواہی دینے کی مختلف اقسام کا شیڈول بنانے کے انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ پبلشر اس میں شریک ہو سکیں۔ باقاعدہ گھرباگھر کام کرنے کے علاوہ گلیکوچوں میں گواہی دینے، کاروباری علاقوں میں کام کرنے اور گھر پر نہ ملنے والوں کے پاس جانے کیلئے وقت نکالیں۔ ایسا کرنے سے بزرگ پائنیر خدمت کرنے والوں کی ایسے وقت پر کلیسیا کیساتھ ملکر خدمت میں حصہ لینے کیلئے مدد کرینگے جو پائنیروں کیلئے عملی اور موزوں ہوگا۔ کلیسیا کو تمام میدانی خدمت کے انتظامات سے اچھی طرح واقف ہونا چاہئے۔ خدمتی اجلاس بڑے نظمونسق کے ساتھ منعقد ہونے چاہئیں۔ علاوہازیں، کافی زیادہ علاقہ دستیاب ہونا چاہئے اور رسالوں اور دوسرے لٹریچر کا کافی مقدار میں بِلاتاخیر آرڈر دیا جانا چاہئے۔
۱۳ اپنے ذاتی خدمتی شیڈول کی منصوبہسازی کریں: ایک بھائی نے بیان کِیا جو پہلے امدادی پائنیر خدمت سے گھبراتا تھا: ”واقعی یہ میری سوچ سے بھی بڑھکر آسان ہے۔ ضرورت صرف ایک اچھے شیڈول کی ہے۔“ اس ضمیمے کے پچھلے صفحے پر کیا آپ دیکھتے ہیں کہ امدادی پائنیر کیلئے ایسے شیڈول کا نمونہ دیا گیا ہے جو آپ کیلئے بھی عملی ہوگا؟ امدادی پائنیروں سے ہر ہفتے خدمتگزاری میں پندرہ گھنٹے صرف کرنے کا تقاضا کِیا گیا ہے۔
۱۴ امدادی پائنیروں کے طور پر کام کرنے کیلئے، خانہدار بیویاں اور دوسری شفٹ میں کام کرنے والے کارکن صبح کے اوقات میں میدانی خدمت کرنے کا شیڈول بنا سکتے ہیں۔ سکول جانے والے اور تیسری شفٹ میں کام کرنے والے کارکن عموماً سہپہر کے وقت کو منادی کے کام کیلئے مختص کرتے ہیں۔ کُلوقتی دُنیاوی کام کرنے والوں کیلئے یہ ممکن ہے کہ یا تو ہر ہفتے کام سے ایک چھٹی لیں یا پھر شام کی گواہی کے علاوہ خدمتگزاری میں تمام ویکاینڈز صرف کریں۔ بہتیرے جن کی میدانی خدمتگزاری زیادہتر ویکاینڈ کارگزاری تک محدود ہوتی ہے وہ ایسے مہینوں کا انتخاب کرتے ہیں جن میں پانچ ویکاینڈز ہوں۔ اس سال، مئی اور اکتوبر کیلئے یہ بات درست ہے۔ صفحہ ۶ پر بطور رہبر فراہمکردہ خالی شیڈول کو استعمال کرتے ہوئے، اس بات پر احتیاط سے اور دُعائیہ غوروخوض کریں کہ آپکی انفرادی صورتحال کے مطابق کونسا ذاتی خدمتی شیڈول عملی رہیگا۔
۱۵ امدادی پائنیر خدمت کرنے کی فراہمی کا ایک فائدہ اسکا لچکدار ہونا ہے۔ آپ اُن مہینوں کا انتخاب کر سکتے ہیں جن میں آپ پائنیر خدمت کرینگے اور جب کبھی آپ چاہیں آپ یہ خدمت کر سکتے ہیں۔ اگر آپ مسلسل امدادی پائنیر خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن کر نہیں سکتے تو کیا آپ نے سال کے دوران ہر دوسرے مہینے ایسا کرنے کیلئے نام درج کرانے کی بابت سوچا ہے؟ دوسری جانب، بعض طویل عرصے کیلئے لگاتار امدادی پائنیروں کے طور پر خدمت کرنے کے قابل ہیں۔
۱۶ کُلوقتی خدمت کیلئے تیاری: بہتیرے جو پائنیر جذبہ رکھتے ہیں ریگولر پائنیروں کے طور پر خدمت کرنا چاہینگے لیکن وہ سوچتے ہیں کہ آیا اُنکا وقت، حالات یا قوتِبرداشت اس کی اجازت دیتے ہیں۔ بِلاشُبہ جو اب ریگولر پائنیر خدمت کر رہے ہیں اُن میں سے بیشتر نے پہلے امدادی پائنیر خدمت کو کُلوقتی کام کیلئے تیاری کے طور پر استعمال کِیا تھا۔ اپنے امدادی پائنیر شیڈول میں ہر روز صرف ایک گھنٹے کا یا ہر ہفتے ایک پورے دن کا اضافہ کرنے سے ریگولر پائنیر کے شیڈول کو پورا کرنا ممکن ہے۔ یہ دیکھنے کیلئے کہ آیا یہ آپ کیلئے ممکن ہے، کیوں نہ امدادی پائنیر خدمت کے مہینوں کے دوران ایک یا زیادہ مہینوں کیلئے خدمتگزاری میں ۹۰ گھنٹوں سے زیادہ صرف کرنے کی کوشش کریں؟ اسکے ساتھ ہی ساتھ آپ واپسی ملاقاتوں اور بائبل مطالعوں کو بڑھا رہے ہونگے جو آپکو مختلف اقسام کی اور متوازن پائنیر خدمتگزاری سے لطفاندوز ہونے کا موقع دینگے۔
۱۷ ایک بہن نے مسلسل چھ سال تک امدادی پائنیر خدمت سے لطف اُٹھایا۔ اس سارے عرصے کے دوران اُسکا نصبالعین ریگولر پائنیر خدمت میں شامل ہونا تھا۔ اس مقصد کیلئے، اُس نے چار مختلف دُنیاوی ملازمتوں کو اس اُمید کیساتھ آزمایا کہ شاید کوئی ایسی صورتحال پیدا ہو جائے جس سے وہ ریگولر پائنیروں کیلئے ۹۰ گھنٹوں کے تقاضے کو پورا کر سکے۔ ہر ماہ وہ یہ تخمینہ لگانے کیلئے ایک یا دو شیڈول بناتی کہ آیا یہ ممکن ہے یا نہیں۔ لیکن اُنکا جائزہ لینے سے اُسے محسوس ہوتا کہ کُلوقتی خدمت اُسکی پہنچ سے باہر ہے۔ پھربھی، اُس نے راہنمائی کیلئے یہوواہ سے درخواست کرنا جاری رکھا۔ پھر ایک دن جب وہ خدمتی اجلاس کیلئے تیاری کر رہی تھی تو اُس نے ستمبر ۱۹۹۱ کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری میں ایک مضمون پڑھا جس نے بیان کِیا: ”گھنٹوں کے تقاضے پر بیجا زور دینے کی بجائے کیوں نہ جمع کرنے کے کام میں حصہ لینے کے اضافی موقع پر دھیان دیں؟ (یوحنا ۴:۳۵، ۳۶)“ وہ بیان کرتی ہے: ”مَیں نے پانچ یا چھ مرتبہ اس جملے کو پڑھا اور مجھے یقین ہو گیا کہ یہی یہوواہ کا جواب ہے۔ اُسی لمحے مَیں نے ریگولر پائنیر خدمت میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔“ اگرچہ اُسکے جزوقتی دُنیاوی کام کا شیڈول اسکی اجازت نہیں دیتا تھا توبھی اُس نے ریگولر پائنیر خدمت کیلئے درخواست دے دی۔ ایک ہفتے کے بعد اُسکا شیڈول بدل گیا اور اُسے دُنیاوی کام کا وہی وقت دیا گیا جو اُس کیلئے بالکل موزوں تھا۔ اُس نے نتیجہ اخذ کِیا، ”یہ یہوواہ کی برکت ہے کہ نہیں؟“ اور مزید کہا: ”جب آپ یہوواہ سے راہنمائی کی درخواست کریں اور آپ کو یہ مل جائے تو اس سے دُور نہ بھاگیں—اسے قبول کریں۔“ اگر آپ مارچ، اپریل اور مئی کے امدادی پائنیر خدمت کے تین مہینوں کے اختتام پر ریگولر پائنیر خدمت کرنے کی سنجیدہ خواہش رکھتے ہیں تو آپ کو اس بات کا یقین ہوگا کہ آپ بھی کُلوقتی خدمتگزاری میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
۱۸ ہمیں یقین ہے کہ جب یہوواہ کے لوگ کارگزاری کے اس خاص موسمِبہار کے وقت کے دوران نجات کی خوشخبری کی تشہیر کرتے ہیں تو وہ اُنکے جوشوجذبے کو برکت دیگا اور اُنکی کوششوں کی حمایت کریگا۔ (یسعیاہ ۵۲:۷؛ رومیوں ۱۰:۱۵) کیا آپ مارچ؟ اپریل؟ مئی کے دوران حصہ لیکر ۱،۰۰،۰۰۰ امدادی پائنیروں کیلئے پکار کا جواب دینگے؟
[Box on page 3]
امدادی پائنیر کے طور پر کیسے کامیابی حاصل کریں
◼ اپنے امکانات کیلئے مثبت رجحان رکھیں
◼ یہوواہ سے دُعا کریں کہ آپکی کوششوں کو برکت دے
◼ دوسرے پبلشر کو اپنے ساتھ پائنیر خدمت کرنے کی دعوت دیں
◼ خدمت کا عملی شیڈول بنائیں
◼ رسالوں کی کافی مقدار کا آرڈر دیں
◼ خدمت کیلئے کلیسیا کے انتظامات کی حمایت کریں
◼ غیررسمی گواہی دینے کیلئے مواقع کی تلاش میں رہیں