برکات جو دوسروں کے ساتھ کام کرنے سے حاصل ہوتی ہیں
۱ کیا آپ محسوس کرتے ہیں کہ خدمتگزاری میں دوسروں کے ساتھ کام کرنے کے فوائد ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہئے؟ یسوؔع نے محسوس کِیا۔ اگرچہ فصل زیادہ اور مزدور تھوڑے تھے، اس نے ۷۰ شاگردوں کو ”دو دو“ کرکے میدانی خدمت میں بھیجا۔ ”جس جس شہر اور جگہ کو خود جانے والا تھا“ ان میں منادی کرنا انکے لئے کیا ہی بااجر وقت تھا!—لوقا ۱۰:۱، ۱۷؛ متی ۹:۳۷۔
۲ دوسروں کے ساتھ کام کرنا جوش پیدا کرنے والا ہے۔ ہم میں سے بعض شرمیلے ہیں اور اجنبیوں تک رسائی کرنا مشکل پاتے ہیں۔ کسی دوسرے کو اپنے ساتھ رکھنا ہو سکتا ہے کہ ہمیں خدا کے کلام کو دلیری کے ساتھ بیان کرنے کا اعتماد بخشے۔ جب کوئی ہمارے ساتھ ہوتا ہے تو شاید ہمارے لئے کام کو اسی طرح انجام دینا آسان ہو جیسے ہمیں تربیت دی گئی ہے۔ (امثال ۲۷:۱۷) دانشمند آدمی نے کہا: ”ایک سے دو بہتر ہیں۔“—واعظ ۴:۹۔
۳ مختلف پبلشروں اور پائنیروں کے ساتھ کام کرنا اچھا ہے۔ پولسؔ رسول کے خدمتی ساتھیوں میں برؔنباس، سیلاؔس، تیمتھیسؔ اور یوؔحنا مرقس شامل تھے اور انہوں نے اکٹھے ملکر منادی کرنے سے بہتیری برکات سے استفادہ کیا۔ یہ آجکل کے لئے بھی ایسے ہی درست ہو سکتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی کسی ایسے شخص کے ساتھ کام کِیا ہے جو کافی عرصہ سے سچائی میں ہے؟ گواہی دینے میں اس کی مہارت کا مشاہدہ کرنے کے بعد، غالباً آپ نے کچھ اچھے نکات کو اپنے لئے منتخب کر لیا ہے جنہوں نے آپ کو بہتری پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ کیا آپ نے ایسے پبلشروں کے ساتھ بھی کام کِیا ہے جو نسبتاً نئے ہیں؟ تو پھر شاید آپ جو کچھ سیکھ چکے ہیں اس میں انہیں بھی شریک کرنے کے قابل ہوئے ہوں اور یوں ہو سکتا ہے کہ انہیں اور زیادہ مؤثر بننے اور اپنی خدمتگزاری سے اور زیادہ لطف اٹھانے میں مدد دی ہو۔
۴ کیا آپ اس وقت بائبل مطالعہ کروا رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیوں نہ بزرگوں میں سے کسی ایک کو یا سرکٹ اوورسیئر کو اپنے ہمراہ چلنے کے لئے مدعو کریں؟ نگہبانوں سے شناسائی پیدا کرنا ہمارے بائبل طالبعلموں کے لئے مفید ہے۔ اگر آپ ایک بزرگ کی موجودگی میں مطالعہ کروانے کی بابت ہچکچاتے ہیں تو شاید وہ مطالعہ کروانے کے لئے رضامند ہوگا اور آپ کو مشاہدہ کرنے دیگا۔ بعد میں، اس سے اِس کی بابت مشورہ لینے سے بالکل نہ ہچکچائیں کہ کیسے آپ طالبعلم کو اور زیادہ تیزی سے ترقی کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
۵ جب آپ دوسروں کے ساتھ کام کرتے ہیں تو حوصلہافزا ساتھی بنیں۔ علاقے کی بابت اپنے تبصروں میں مثبت ہوں۔ کبھی بھی دوسروں کی بابت فضولگوئی یا کلیسیائی بندوبست کی بابت شکایت نہ کریں۔ اپنے ذہن کو خدمتگزاری اور یہوؔواہ کی طرف سے برکات پر مرکوز رکھیں۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ اور آپکا ساتھی دونوں روحانی طور پر تازہدم ہوکر گھر لوٹیں گے۔
۶ آپ کے حالات باقاعدہ طور پر بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کام کرنے کو مشکل بنا سکتے ہیں۔ تاہم، اگر ممکن ہو تو کیوں نہ بندوبست بنائیں کہ کچھ وقت کے لئے کسی دوسرے پبلشر کے ساتھ کام کِیا جائے؟ آپ دونوں برکت حاصل کرینگے!—رومیوں ۱:۱۱، ۱۲۔