یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م99 15/‏6 ص.‏ 4-‏7
  • غارتگری کا خاتمہ کیسے ہو سکتا ہے؟‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • غارتگری کا خاتمہ کیسے ہو سکتا ہے؟‏
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • غارتگری کی چند ایک بنیادی وجوہات
  • نوجوان لوگوں کے لئے قابلِاعتماد راہنمائی
  • احتجاج سے کہیں بہتر چیز
  • غارتگری سے پاک نئی دُنیا ممکن ہے
  • غارتگری کیوں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • کیا آپ دُنیا کے لوگوں سے فرق نظر آتے ہیں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2018ء
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
م99 15/‏6 ص.‏ 4-‏7

غارتگری کا خاتمہ کیسے ہو سکتا ہے؟‏

‏”‏نوجوانوں کی طرف سے غارتگری کو ہمیشہ بالغوں اور اُن کے معیاروں کیلئے بے‌عزتی اور نفرت کا اظہار خیال کِیا جاتا ہے،“‏ مصنّفین جین نورمن اور مائرن ڈبلیو.‏ ہیرس وضاحت کرتے ہیں۔ اگرچہ بہتیرے نوجوانوں کے خیال میں حالت کو بدلنے کیلئے کچھ نہیں کِیا جا سکتا توبھی ”‏۳ میں سے ایک کے خیال میں اگر والدین بچوں پر زیادہ توجہ دیں اور نوعمر اتنے نہ اکتائیں تو نوعمر لوگوں کی طرف سے غارتگری پر قابو پایا جا سکتا ہے،“‏ مصنّفین نے بیان کِیا۔ اگرچہ نوجوان لوگوں کو مصروف رکھنا اور والدین کا بہتر کنٹرول غارتگری کو کم کر سکتا ہے تو بھی کیا اس سے بنیادی وجوہات ازخود ختم ہو جائینگی؟‏

جب تنہا ہوں تو بہتیرے نوجوان مشکلات پیدا نہیں کرتے تاہم گروپ میں اکٹھے ہونے کی صورت میں وہ احمقانہ اور غلط کام کرنے سے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ نیلسن کے ساتھ یہی معاملہ تھا جو الکحل اور منشیات کے زیرِاثر اکثر غارتگری کے ذریعے اپنے غصے اور بے‌اطمینانی کا اظہار کِیا کرتا تھا۔ کیتھولک چرچ میں زرعی زمین کی تقسیم اور مزدوروں کے حقوق کی بابت وعظ سے تحریک پاتے ہوئے ژوزے نے سوچا احتجاج کے طور پر اُسے ہڑتالوں اور منظم غارتگری میں حصہ لینا چاہئے۔ تاہم، نیلسن اور ژوزے دونوں نے فسادات اور غارتگری سے کہیں بہتر چیز حاصل کر لی۔‏

غارتگری کی چند ایک بنیادی وجوہات

آئیے اس بات کا بغور جائزہ لیں کہ بعض نوجوان کیوں غارتگری کے کاموں میں پڑ جاتے ہیں۔ بہتیرے بالغ پریشان ہیں اور ”‏دنیا کو ایک ایسی جگہ کے طور پر بیان کرتے ہیں جو بدنظمی کا شکار ہے اور پاگل لوگوں کی آماجگاہ ہے۔“‏ تاہم لوگوں کی سوچ کے بالکل برعکس، ایک رپورٹ نے کہا:‏ ”‏نوعمر اپنی زندگیوں کی بابت فکر رکھتے ہیں۔ وہ بالغوں کی سوچ سے کہیں زیادہ فکر رکھتے ہیں۔“‏ دانستہ یا نادانستہ طور پر، ایک غارتگر نوجوان شاید اس طرح سے اپنی مایوسیوں، حل‌طلب مسائل اور محرومیت کا اظہار کرتا ہے۔ شروع میں متذکرہ مشاہدے کے مطابق، ”‏جواب دینے والوں میں سے کسی نے بھی حتیٰ‌کہ سابقہ غارتگروں نے بھی غارتگری کا دفاع نہیں کِیا اور نہ ہی اُسے درست قرار دیا۔“‏

ایک نوجوان شاذونادر ہی قدردانی یا حوصلہ‌افزائی کی باتیں سنتا ہے۔ تعلیم کی اہمیت کے بڑھنے اور زیادہ‌تر ملازمتوں کیلئے کسی خاص شعبہ میں اعلیٰ ڈگری یا تکنیکی مہارتوں کے تقاضے کی وجہ سے نوجوان خوداعتمادی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ علاوہ‌ازیں، نوجوان کی شخصیت کو اہم خیال کرنے کی بجائے اُسکی کامیابیوں پر زور دیتے ہوئے والدین، اساتذہ یا ساتھی حد سے زیادہ تنقیدی اور دباؤ ڈالنے والے بن سکتے ہیں۔ بہتیرے محض اسلئے بغاوت یا غارتگری کرنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ خود سے مایوس ہو گئے ہیں۔ کیا والدین کی طرف سے محبت اور توجہ ایسی مایوسی کو بڑی حد تک کم نہیں کر دے گی؟‏

آپ نے شاید دیکھا ہو کہ حکام نے دیواروں پر لکھنے یا دیگر اقسام کے مجرمانہ کاموں پر قابو پانے کو بظاہر پسِ‌پُشت ڈال دیا ہے، تاہم حساس شہری اب بھی تہذیب‌سوزی کے خاتمہ کیلئے اساتذہ اور سکول حکام پر آس لگائے ہوئے ہیں۔ قانون کے نفاذ کی بابت، دی ورلڈ بک انسائیکلوپیڈیا بیان کرتا ہے:‏ ”‏غارتگری قابلِ‌سزا ہے جو جرمانے یا قید کی صورت میں دی جا سکتی ہے۔ بعض بلدیاتی ادارے ایسے قوانین وضع کرتے ہیں جو والدین کو بچوں کی تہذیب‌سوزی کے کاموں کے ذمہ‌دار ٹھہراتے ہیں۔ تاہم غارتگری کے بیشتر کاموں پر سزا نہیں دی جاتی۔ ایسے معاملات میں قانون کا نفاذ مشکل ہوتا ہے اور بعض صورتوں میں نقصان اتنا زیادہ نہیں ہوتا کہ قانونی کارروائی کی جائے۔“‏ ایک رپورٹ کے مطابق محض ۳ فیصد مجرموں کو گرفتار کِیا گیا تھا۔‏

آپ غالباً اس بات سے اتفاق کرینگے کہ مجرمانہ سرگرمیوں کی بنیادی وجوہات سے نپٹنے کا بہترین طریقہ والدین کی جانب سے مناسب تربیت ہے۔ تاہم جب خاندانی زندگی تنزلی کا شکار ہوتی ہے تو اس سے معاشرے متاثر ہوتے ہیں۔ ساؤ پولو یونیورسٹی، برازیل کی پروفیسر اینا لوئز وائیر ڈی ماٹوس بیان کرتی ہے کہ نوجوانوں کے مسائل کی چند وجوہات ”‏والدین کی طرف سے نگرانی کی کمی، اصولوں کا فقدان، رابطے کا فقدان، غفلت، سردمہری یا بے‌اعتنائی ہے۔“‏

ہم نے یقیناً اپنے ایّام میں یسوع کے اُن الفاظ کی تکمیل دیکھی ہے:‏ ”‏بے‌دینی کے بڑھ جانے سے بہتیروں کی محبت ٹھنڈی پڑ جائے گی۔“‏ (‏متی ۲۴:‏۱۲‏)‏ لہٰذا کون اس بات سے انکار کرے گا کہ ۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۴ میں قلمبند الفاظ سچ ثابت ہو رہے ہیں؟ پولس رسول نے لکھا:‏ ”‏لیکن یہ جان رکھ کہ اخیر زمانہ میں بُرے دن آئینگے۔ کیونکہ آدمی خودغرض۔ زردوست۔ شیخی‌باز۔ مغرور۔ بدگو۔ ماں باپ کے نافرمان۔ ناشکر۔ ناپاک۔ طبعی محبت سے خالی۔ سنگدل۔ تہمت لگانے والے۔ بے‌ضبط۔ تُندمزاج۔ نیکی کے دشمن۔ دغاباز۔ ڈھیٹھ۔ گھمنڈ کرنے والے۔ خدا کی نسبت عیش‌وعشرت کو زیادہ دوست رکھنے والے ہونگے۔“‏ حقیقت تو یہ ہے کہ ایسے خصائل والے لوگوں کے درمیان رہنا جرائم کا باعث بنتا ہے۔ تاہم ہمیں ہمت ہارنے کی ضرورت نہیں ہے۔ معاشرے بالعموم غارتگری کو ختم کرنے میں ناکام ثابت ہو چکے ہیں تاہم ہمیں ایسے لوگ مل سکتے ہیں جو اپنے طرزِزندگی کو بدلنے میں کامیاب رہے ہیں اور اب گستاخ یا لاپروا نہیں ہیں۔ اُن کے سلسلے میں غارتگری پر قابو پا لیا گیا ہے۔‏

نوجوان لوگوں کے لئے قابلِاعتماد راہنمائی

کس چیز نے غارتگروں اور دیگر لوگوں کی اپنی شخصیت کو تبدیل کرنے میں مدد دی ہے؟ اگرچہ بعض والدین اور ماہرینِ‌تعلیم کو یہ بات ناقابلِ‌یقین دکھائی دے تاہم بائبل شاندار اور جدیدترین راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اسکی پیروی کرنے سے، سابقہ غارتگروں نے خدا کے قانون کی فرمانبرداری کرنے کی تحریک پائی ہے:‏ ”‏برائی کرنے کے لئے کسی بِھیڑ کی پیروی نہ کرنا۔“‏ (‏خروج ۲۳:‏۲)‏ بہتیرے اُن عقائد اور اعتقادات کی بابت خدا کے کلام میں پائی جانے والی سچائی کی طرف راغب ہوئے ہیں جنہیں وہ پہلے کبھی نہیں سمجھتے تھے اور جو کچھ اُنہوں نے سیکھا ہے اُس نے اُن پر مثبت اثر کِیا ہے۔ ساؤ پولو کے ایک نوجوان ژوزے کے تجربے پر غور کریں۔ اُس نے پرستش میں مورتوں کے استعمال پر ایمان رکھنے کی پرورش پائی تھی۔ جب اُس نے سیکھا کہ خدا کا نام یہوواہ ہے اور یہ کہ وہ پرستش میں مورتوں کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا تو ژوزے نے وہ کام کرنے کیلئے تبدیلیاں پیدا کیں جو خدا کی نظر میں پسندیدہ ہیں۔—‏خروج ۲۰:‏۴، ۵؛‏ زبور ۳۸:‏۱۸؛‏ ۱-‏یوحنا ۵:‏۲۱؛‏ مکاشفہ ۴:‏۱۱‏۔‏

متشدّد گینگ اور ہڑتالوں میں یکے‌بعددیگرے مایوس‌کُن تجربات سے دوچار ہونے کے بعد نیلسن کو مستقبل کے لئے حقیقی اُمید مل گئی اور اس نے اُسے بہت زیادہ اطمینان بخشا ہے۔ وہ کہتا ہے:‏ ”‏بُری صحبت اور منشیات کا عادی ہونے کی وجہ سے اپنے خاندان کی طرف سے مسترد کئے جانے کی بجائے اب گھر میں میری ہی سب سے زیادہ عزت کی جاتی ہے۔ میرا والد اکثر مجھے اپنے بڑے بھائیوں کو سمجھانے کیلئے کہتا ہے۔ جب سے مَیں نے یہوواہ کے گواہوں کیساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کِیا ہے، مَیں نے خوشی کو پا لیا ہے کیونکہ اب میری زندگی کا ایک مقصد ہے۔“‏ نیز شہری لڑکے مارکو کیلئے—‏جو متشدّد ماحول میں رہنے کا عادی تھا—‏یہ جاننا واقعی دل کو گرما دینے والا ثابت ہوا ہے کہ خدا کی بادشاہت زمین کو فردوس بنا دیگی۔—‏مکاشفہ ۲۱:‏۳، ۴‏۔‏

ایک اَور شخص پر غور کریں جو کبھی ایک گینگ کا رکن، گلیوں میں دنگافساد کرنے والا اور غارتگر تھا۔ یتیم ہونے کے باعث والٹر کا بچپن بڑا بھیانک تھا تاہم وہ اس بات سے بہت متاثر ہوا کہ اس بدکار اور شریر نظام میں بھی خدا کے لوگ موجود ہیں۔ وہ خلوصدلی کے ساتھ اپنی زندگیوں میں بائبل کے اصولوں کا اطلاق کرنے، شفقت، پاس‌ولحاظ اور مہربانی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ والٹر وضاحت کرتا ہے:‏ ”‏یسوع کے الفاظ کی عین مطابقت میں اب میرا بہت بڑا خاندان ہے جس میں ’‏بھائی اور بہنیں ماں اور باپ ہیں۔‘‏ جہاں تک مستقبل کا تعلق ہے تو مَیں اُس وقت کا منتظر ہوں جب لوگ خدا کی راست حکومت کے تحت خوشی اور اتحاد سے رہینگے۔“‏—‏مرقس ۱۰:‏۲۹، ۳۰؛‏ زبور ۳۷:‏۱۰، ۱۱،‏ ۲۹‏۔‏

احتجاج سے کہیں بہتر چیز

اپنے ساتھی انسانوں کے لئے محبت اور پاس‌ولحاظ دکھانے کے ساتھ ساتھ ان سابقہ غارتگروں نے ”‏بدی سے نفرت“‏ کرنا بھی سیکھ لیا ہے۔ (‏زبور ۹۷:‏۱۰؛‏ متی ۷:‏۱۲‏)‏ آپ کی بابت کیا ہے؟ اگر آپ غارتگری کے اثرات سے متاثر ہونے والوں میں سے ہیں تو خدا کے کلام کا مطالعہ شفیق آسمانی باپ کے طور پر یہوواہ کو آپ کے لئے حقیقی بنا دے گا جو آپ کی فکر رکھتا ہے۔ (‏۱-‏پطرس ۵:‏۶، ۷‏)‏ ذاتی کمزوریوں یا غربت کے باوجود خدا آپ کو روحانی طور پر ترقی کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ بذاتِ‌خود ایک عمدہ تجربہ ہے!‏

یہوواہ اور اُس کا بیٹا یسوع مسیح، درحقیقت یہ چاہتے ہیں کہ ہر قسم کے لوگوں کو بائبل سچائی سیکھنے کا موقع حاصل ہو۔ خدا کا کلام لوگوں کو غارتگری سے باز رکھنے سے زیادہ کچھ انجام دے سکتا ہے۔ یہ اُنہیں الہٰی اصولوں کا اطلاق کرنے میں مزید ترقی کرنے کی تحریک دے سکتا ہے۔ نتیجتاً، وہ بین‌الاقوامی برادری، یہوواہ کے گواہوں کی عالمگیر کلیسیا کے رُکن بن جاتے ہیں جو اپنی پاکیزگی اور اچھے آداب‌واطوار کے لئے مشہور ہیں۔ افسیوں ۴:‏۲۴ کی مطابقت میں ان خلوصدل مسیحیوں نے ”‏نئی انسانیت کو“‏ پہن لیا ہے ”‏جو خدا کے مطابق سچائی کی راستبازی اور پاکیزگی میں پیدا کی گئی ہے۔“‏ جلد ہی دُنیا ایسے لوگوں سے معمور ہو جائے گی کیونکہ یہی وہ لوگ ہوں گے جو بچیں گے اور ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔—‏مقابلہ کریں لوقا ۲۳:‏۴۳‏۔‏

غارتگری سے پاک نئی دُنیا ممکن ہے

کیا آپ یقین رکھتے ہیں کہ غارتگری کا خاتمہ کِیا جا سکتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو اتنی بڑی تبدیلی کیسے وقوع‌پذیر ہوگی؟ خدا کی بادشاہت جلد ہی اس بدکار نظام کو ختم کر دیگی۔ جان‌بوجھ کر خدا کے راست قوانین توڑنے کیلئے زمین پر رہنے والے لوگوں کو ذمہ‌دار ٹھہرایا جائے گا۔ (‏مقابلہ کریں یسعیاہ ۲۴:‏۵، ۶‏۔)‏ جب ”‏خطاکار اکٹھے مر مٹینگے،“‏ تو راستی سے محبت رکھنے والے نجات پائینگے۔ ”‏خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ اُنکی مدد کرتا اور اُنکو بچاتا ہے۔ اور اُنکو شریروں سے چھڑاتا اور بچا لیتا ہے۔ اسلئے کہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔“‏—‏زبور ۳۷:‏۳۸-‏۴۰‏۔‏

دراصل، غارتگری کی وجوہات کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا۔ اس طرح تمام جرم، ظلم، مصیبت اور بدکاری کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ اس کی بجائے، امن، حقیقی راستبازی، سکون اور سلامتی نئی دُنیا میں زندگی کا خاصہ ہوں گے۔ یسعیاہ ۳۲:‏۱۸ کا بیان حقیقی معنوں میں سچ ثابت ہوگا:‏ ”‏میرے لوگ سلامتی کے مکانوں میں اور بے‌خطر گھروں میں اور آسودگی اور آسایش کے کاشانوں میں رہیں گے۔“‏ جی‌ہاں، ایک خوبصورت، عالمگیر فردوس اُن لوگوں سے آباد ہوگا جو دوسروں کے لئے محبت اور پاس‌ولحاظ دکھاتے ہیں۔‏

لاکھوں دیگر لوگوں کے ساتھ ساتھ، سابقہ غارتگر ابھی سے یہوواہ خدا کے ساتھ قریبی رشتے سے لطف‌اندوز ہوتے ہیں۔ وہ غارتگری کے کاموں میں کوئی حصہ نہیں لیتے۔ کیا آپ خدا کے کلام کو اجازت دیں گے کہ وہ نئی دُنیا میں زندگی حاصل کرنے کیلئے آپکی راہنمائی کرے؟ کیوں نہ قدیم زبورنویس کے نمونہ کی نقل کریں جس نے یہوواہ کے اعلان کو قلمبند کِیا:‏ ”‏مَیں تجھے تعلیم دونگا اور جس راہ پر تجھے چلنا ہوگا تجھے بتاونگا۔ مَیں تجھے صلاح دونگا۔ میری نظر تجھ پر ہوگی۔“‏—‏زبور ۳۲:‏۸‏۔‏

‏[‏صفحہ 7 پر تصویر]‏

والدین کی توجہ اور محبت نوجوان لوگوں کو محفوظ رکھتی ہے

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں