کیا آپ کا کوئی محافظ فرشتہ ہے؟
کیا آپ یقین رکھتے ہیں کہ آپ کا کوئی محافظ فرشتہ ہے؟ بہتیرے لوگ سوچتے ہیں کہ ایسا ہے۔ اس سلسلے میں مغربی کینیڈا کی ایک خاتون کی بابت کہا جاتا ہے کہ اسے فرشتوں کے حوالے سے خاص قوت حاصل ہے۔ وہ دعویٰ کرتی ہے کہ اگر آپ اسے اپنا پورا نام بتائیں اور ۲۰۰ ڈالر دیں تو وہ آپکا رابطہ آپکے محافظ فرشتے سے کروا دیگی۔ پہلے وہ ایک مومبتی کے شعلے پر نظریں جمائے سوچبچار کرتی ہے۔ پھر وہ رویا میں آپکے فرشتے کو دیکھتی ہے جو اُسے آپ کیلئے کوئی پیغام دیتا ہے۔ اسکے علاوہ وہ خاتون آپکو آپکے فرشتے کا خاکہ بنا کر دکھاتی ہے۔
بعض کو شاید یہ فرانسیسی بادشاہ لوئیس IX کی داستان لگے۔ مبیّنہ طور پر اُس نے انتہائی مہنگے داموں کچھ پَر خریدے جنکی بابت کہا جاتا تھا کہ وہ مقرب فرشتے میکائیل کے پروں سے گرے ہیں۔ اس کہانی پر اعتراض کرنے والے بہتیرے لوگ ایک لمحے کیلئے بھی اس کینیڈین خاتون کے دعویٰ پر شک نہیں کریں گے۔
فرشتوں کے گرویدہ
حالیہ برسوں کے دوران فرشتوں میں بہت زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ٹیلیویژن اور فلموں، کتابوں، رسالوں اور اخباری مراسلوں میں ہمیں اُن فرشتوں کی بابت بتایا گیا ہے جو تشویشناک بیماری میں مبتلا افراد کو تسلی دیتے ہیں، پسماندگان کی دلجوئی کرتے ہیں، حکمت بخشتے ہیں اور لوگوں کو موت کے مُنہ سے چھڑاتے ہیں۔ ریاستہائے متحدہ میں تقریباً ۲۰ ملین لوگ ایک ہفتہوار ٹیوی پروگرام دیکھتے ہیں جو انسانی زندگیوں میں فرشتوں کے عملدخل کو نمایاں کرتا ہے۔ ایک بکسٹور فرشتوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ۴۰۰ سے زیادہ کتابوں کی فہرست فراہم کرتا ہے۔
ایک حالیہ کتاب ایسے تجربات کی بابت بیان کرتی ہے جن میں محافظ فرشتوں نے جنگ میں فوجیوں کی زندگیاں بچائیں۔ گاڑیوں پر چسپاں سٹیکر آشکارا کرتے ہیں کہ ڈرائیوروں کو محافظ فرشتے کا تحفظ حاصل ہے۔ تنظیمیں، کانفرنس اور سیمینار فرشتوں کی بابت تحقیق کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں کی فرشتوں کے ساتھ رابطہ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
ایلین فریمین نے فرشتگان کی بابت تین کتابیں تصنیف کی ہیں اور اسی موضوع کیلئے وقف ایک جریدے کی پبلشر بھی ہے۔ وہ استدلال کرتی ہے: ”مجھے یقین ہے کہ آسمان پر موجود ہر فرشتے کیلئے زمین پر ایک محافظ فرشتہ موجود ہے، ایک ایسی ہستی جسکا کام آسمان کی وسعتوں میں صرف خدا کی حمدوثنا کرنا نہیں ہے بلکہ زمین پر انسانوں اور زندگی کی دیگر اقسام کی دیکھبھال کرنا ہے۔ استقرارِحمل کے وقت سے ہی ہم میں سے ہر ایک کیلئے ایک محافظ فرشتہ تفویض کر دیا جاتا ہے جو رحم میں ہماری نشوونما، پیدائش اور اس دُنیا میں زندگی کی نگہبانی کرتا ہے حتیٰکہ اس دُنیا کی حدود سے نکل کر آسمان کے جلال میں داخل ہونے کیلئے راہنمائی کرتا ہے۔“ یہ محافظ فرشتوں کی بابت مقبول نظریے کی بخوبی وضاحت کرتا ہے۔
اس پُرآشوب اور پُرخار دَور میں اس بات پر یقین رکھنا اطمینانبخش ہے کہ ہم سب کا ایک ذاتی محافظ فرشتہ ہے جس کا فرض ہماری حفاظت کرنا ہے۔ خدا کا کلام بائبل اس سلسلے میں کیا بیان کرتا ہے؟ کیا ہمیں فرشتوں سے رابطہ کرنا چاہئے؟ کیا وہ ہمارے اخلاقی معیاروں اور مذہبی عقائد کی پرواہ کرتے ہیں؟ ہم اُن سے کس قسم کی مدد کی توقع رکھ سکتے ہیں؟ ان سالوں کا جواب اگلے مضمون میں دیا جائیگا۔