9سِفرہ، فُوعہ، عمرام، یُوکبد اور مریم
’ایمان کی بدولت موسیٰ کو چھپا کر رکھا گیا‘
یوسف کو فوت ہوئے 60 سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا تھا۔ مصری یہوواہ کے اِس بندے کو بھول چُکے تھے جس کے ذریعے یہوواہ نے اُنہیں بچایا تھا۔ اب مصر میں ایک نیا بادشاہ تھا۔ وہ بنیاِسرائیل سے جنہیں عبرانی بھی کہا جاتا تھا، بہت نفرت کرتا تھا۔ اِسرائیلیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی تھی کیونکہ یہوواہ اُنہیں برکت دے رہا تھا۔ فِرعون کو ڈر تھا کہ کہیں اِسرائیلی اُن سے زیادہ نہ ہو جائیں اِس لیے اُس نے اُنہیں اپنا غلام بنا لیا اور وہ اُن کے ساتھ بُرا سلوک کرنے لگا۔ مگر اِس کے باوجود بھی اِسرائیلیوں کی تعداد بڑھتی ہی گئی۔
تو فِرعون نے اُنہیں اپنے قابو میں رکھنے کا ایک اَور طریقہ نکالا جو بہت ہی بھیانک تھا۔ اُس نے دو عبرانی دائیوں کو اپنے پاس بُلایا جن کے نام سِفرہ اور فُوعہ تھے۔ ذرا سوچیں کہ اِن دائیوں کو اُس وقت کیسا لگا ہوگا جب اِس طاقتور حکمران نے اُن سے کہا کہ وہ ہر اُس لڑکے کو مار ڈالیں جسے پیدا کرنے میں وہ عبرانی عورتوں کی مدد کرتی ہیں! لیکن یہ دلیر عورتیں ”خدا سے ڈرتی تھیں۔“ وہ جانتی تھیں کہ چاہے ایک آدمی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اُس کے پاس یہ اِختیار نہیں ہے کہ وہ اُنہیں کائنات کے حاکم یہوواہ کا حکم ماننے سے منع کرے۔ وہ خدا کا گہرا احترام کرتی تھیں جس کی وجہ سے اُنہوں نے بڑی دلیری سے ایک قدم اُٹھایا۔ ’اُنہوں نے مصر کے بادشاہ کا حکم نہیں مانا۔‘ اُنہوں نے تو اِس کے بالکل اُلٹ کام کِیا۔ وہ جتنے زیادہ بچوں کو بچا سکتی تھیں، اُنہوں نے بچایا۔ جب فِرعون کو اِس کا پتہ چلا تو وہ غصے سے بھر گیا۔ لیکن اِن دائیوں نے بڑی ہوشیاری سے بات کو سنبھال لیا۔ اِن دائیوں نے جو کچھ کِیا، اُس کے لیے یہوواہ نے اُنہیں برکت دی۔
اگر دائیوں اور موسیٰ کے گھر والوں نے دلیری نہ دِکھائی ہوتی تو موسیٰ کے ساتھ کیا ہو سکتا تھا؟
جب فِرعون نے دیکھا کہ اُس کی یہ چال بھی کامیاب نہیں ہوئی تو اُس نے ایک اَور بھیانک حکم جاری کِیا۔ اُس نے پیدا ہونے والے ہر عبرانی لڑکے کو دریائےنیل میں بہا دینے کا حکم دیا۔ جب یہ مشکل وقت چل رہا تھا تو عمرام اور یُوکبد نام کے میاں بیوی کو ایک بہت ہی مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اُن کے پہلے ہی دو بچے تھے جن کے نام مریم اور ہارون تھے۔ لیکن جب یُوکبد اور عمرام کا تیسرا بچہ ہونے والا تھا تو اُنہیں یہ فکر ہونے لگی کہ اگر اُن کا لڑکا ہوا تو اُسے مار ڈالا جائے گا۔ پھر جب اُن کا بیٹا پیدا ہوا تو اُن سے جہاں تک ہو سکتا تھا، اُنہوں نے اُسے چھپا کر رکھنے کی پوری کوشش کی۔ لیکن ایک چھوٹے بچے کو چھپائے رکھنا اِتنا آسان نہیں تھا۔ اِس لیے جب وہ تین مہینے کا ہوا تو یُوکبد نے ایک ٹوکری لی اور اُس پر چکنی مٹی اور رال لگا کر اپنے بچے کو اُس میں رکھا اور اُسے دریائےنیل کے کنارے جھاؤ میں چھوڑ آئیں۔ اُن کی بیٹی مریم کافی فاصلے پر چھپ کر اپنے بھائی کو دیکھتی رہی۔
پھر تھوڑی دیر بعد فِرعون کی بیٹی دریائےنیل میں نہانے کے لیے آئی۔ جب اُس کی نظر ٹوکری پر پڑی تو اُس نے اپنی نوکرانی کو وہ ٹوکری لانے کے لیے کہا۔ جب اُس شہزادی نے وہ ٹوکری کھولی تو اُسے اِس میں ایک بہت ہی خوبصورت بچہ ملا جو رو رہا تھا۔ شہزادی کو اُس بچے پر بہت رحم آیا۔ اِس لیے اُس نے اُسے گود لینے کا فیصلہ لیا۔ مگر اُسے ایک آیا کی ضرورت تھی جو اُس بچے کو دودھ پلا سکتی۔ اِس پر مریم بڑی دلیری سے فوراً بھاگ کر فِرعون کی بیٹی کے پاس گئیں اور اُنہوں نے اُس سے پوچھا کہ کیا وہ ایک عورت کو اُن کے پاس لا سکتی ہے جو اِس بچے کو دودھ پلا سکے۔ فِرعون کی بیٹی نے اُس کی بات مان لی۔ اِس پر مریم اپنی ماں کے پاس گئیں۔ ذرا سوچیں کہ یُوکبد کو اُس وقت کتنی خوشی ہوئی ہوگی جب اُنہیں پتہ چلا کہ وہ بِنا کسی ڈر کے اپنے پیارے بیٹے کو دودھ پلا سکتیں اور اُس کا خیال رکھ سکتی ہیں۔ اَور تو اَور اِس کے لیے فِرعون کی بیٹی اُنہیں معاوضہ بھی دے گی! یقیناً عمرام اور یُوکبد نے اپنے اِس بیٹے کو یہوواہ کے بارے میں سکھانے کی پوری کوشش کی ہوگی۔ لیکن جب اُن کا بیٹا تھوڑا بڑا ہو گیا تو اُنہیں اُسے فِرعون کی بیٹی کو لوٹانا تھا۔ اُس شہزادی نے اِس بچے کا نام موسیٰ رکھا۔
کیا یہوواہ نے عمرام، یُوکبد اور مریم کو اُن کے ایمان اور دلیری کا اجر دیا؟ بالکل! عمرام اور یُوکبد نے مریم اور ہارون کی اچھی پرورش کی جس کی وجہ سے وہ دونوں بڑے ہو کر یہوواہ کے وفادار رہے۔ اُنہیں یہ دیکھ کر بھی بہت سکون ملا کہ یہوواہ موسیٰ کی حفاظت کر رہا ہے۔ بائبل میں یہ نہیں بتایا گیا کہ عمرام اور یُوکبد اِتنے عرصے تک زندہ رہے کہ وہ یہ دیکھ سکتے کہ موسیٰ بڑے ہو کر کیسے شخص بنے ہیں۔ (خر 6:20) لیکن مریم اور ہارون نے یہ دیکھا۔ اُنہوں نے دیکھا کہ یہوواہ نے موسیٰ کے ذریعے کتنے بڑے بڑے کام کیے۔ اِن تینوں ہی بہن بھائیوں نے مل کر ایمان اور دلیری کی شاندار مثال قائم کی۔ اگلے باب میں ہم دیکھیں گے کہ موسیٰ کس طرح کے ماحول میں پلے بڑھے اور اُنہوں نے یہوواہ کی عبادت کرنے کا فیصلہ کیوں کِیا۔
اِن آیتوں کو پڑھیں:
خروج 1:6–2:10
باتچیت کے لیے:
دائیوں نے اور موسیٰ کے گھر والوں نے کن طریقوں سے دلیری دِکھائی؟
موضوع کی گہرائی میں جائیں
1. پُرانی جگہوں پر تحقیق کرنے والے لوگوں کو کون سی ایسی چیزیں ملی ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اِس واقعے میں لکھی باتیں بالکل سچ ہیں؟ (جی04 4/8 ص. 4 پ. 4–ص. 5 پ. 1)
2. بائبل میں بتایا گیا ہے کہ فِرعون نے عبرانی بچوں کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا اور یُوکبد نے موسیٰ کو چھپانے کے لیے پپائرس کی ٹوکری اِستعمال کی تھی۔ یہ کیسے پتہ چلتا ہے کہ بائبل میں بتائی گئی یہ معلومات بالکل سچی ہیں؟ (جی04 4/8 ص. 6 پ. 1-2) تصویر نمبر 1
Christine Osborne Pictures/Alamy Stock Photo
تصویر نمبر 1: آج بھی پپائرس سے کشتیاں بنائی جاتی ہیں۔
3. عبرانی دائیوں نے جو کچھ کِیا، ہم اُس کے بارے میں کیا جانتے ہیں اور یہوواہ نے اُنہیں برکت کیسے دی؟ (م03 1/11 ص. 8 پ. 3-4؛ آئیٹی ”دائی“) تصویر نمبر 2
تصویر نمبر 2
4. مریم نے بڑھاپے میں بھی ایمان کی شاندار مثال کیسے قائم کی؟ (ایمان ظاہر، مضمون نمبر 7 پ. 14-18)
آپ نے کیا سیکھا ہے؟
ماں باپ عمرام اور یُوکبد سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟
ایک گھرانے میں رہنے والے بہن بھائی مریم سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟ تصویر نمبر 3
تصویر نمبر 3
آپ اپنی زندگی میں سِفرہ اور فُوعہ کی طرح دلیری کیسے دِکھا سکتے ہیں؟
یہوواہ اور اُس کے مقصد پر سوچ بچار کریں
مجھے اِس واقعے سے یہوواہ کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟
اِس واقعے کا یہوواہ کے مقصد سے کیا تعلق ہے؟
جب یہوواہ اُن لوگوں کو زندہ کرے گا جن کا ذکر اِس واقعے میں کِیا گیا ہے تو مَیں اُن سے کیا پوچھوں گا؟
مزید جانیں
دیکھیں کہ ہمیں اُن عورتوں کی مثال پر غور کرنے سے کیسے فائدہ ہو سکتا ہے جنہوں نے بڑی دلیری سے فِرعون کا حکم نہیں مانا۔
”یہوواہ کے دل کو شاد کرنے والی عورتیں“ (م03 1/11 ص. 8-9 پ. 3-5)
کیا یہوواہ اُن لوگوں کا خیال رکھتا ہے جو اِنسانوں کا کہنا ماننے کی بجائے اُس کا کہنا مانتے ہیں؟