کہانی نمبر ۹۹
ایک نئی تقریب
یسوع مسیح نے منگل کے دن رسولوں کے ساتھ زیتون کے پہاڑ پر باتیں کی تھیں۔ اب جمعرات کا دن تھا۔ یسوع مسیح اور ۱۲ رسول رات کے وقت عیدِفسح کا کھانا کھانے کے لئے ایک بڑے کمرے میں جمع ہوئے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہودی، عیدِفسح کیوں مناتے تھے؟ یاد ہے، جب بنیاسرائیل مصر میں تھے تو خدا دس آفتیں لایا تھا۔ دسویں آفت میں خدا کے فرشتے نے مصریوں کے پہلوٹھوں کو مار دیا تھا لیکن بنیاسرائیل کو کچھ نہیں کِیا تھا۔ یہودی اِسی بات کی یاد میں عیدِفسح مناتے تھے۔
دیکھیں، تصویر میں ایک آدمی کمرے سے باہر جا رہا ہے۔ یہ یہوداہ اسکریوتی ہیں۔ وہ ایک دن پہلے مذہبی اُستادوں کے پاس گئے تھے۔ اُس وقت یہوداہ نے اُن سے کہا تھا: ”مجھے پتہ ہے کہ آپ یسوع مسیح کو پکڑنا چاہتے ہیں۔ اگر مَیں آپ لوگوں کی مدد کروں تو آپ مجھے کیا دیں گے؟“ مذہبی اُستادوں نے کہا کہ ”ہم تمہیں چاندی کے ۳۰ سکے دیں گے۔“ تصویر میں یہوداہ مذہبی اُستادوں سے ملنے جا رہے ہیں۔ یہوداہ اُن کو اُس جگہ لے کر جانا چاہتے ہیں جہاں وہ یسوع مسیح کو گرفتار کر سکیں۔ یہ کتنی بُری بات تھی، نا؟
یسوع مسیح اور رسولوں نے عیدِفسح کا کھانا کھا لیا تھا۔ اِس کے بعد یسوع مسیح نے ایک نئی تقریب شروع کی۔ اُنہوں نے رسولوں کو ایک روٹی دی اور کہا: ”اِس کو کھاؤ۔ یہ روٹی میرے بدن کی نشانی ہے۔ مَیں اپنے بدن کو تمہارے لئے قربان کروں گا۔“ اِس کے بعد یسوع مسیح نے رسولوں کو ایک پیالہ دیا جس میں مے تھی۔ پھر یسوع مسیح نے کہا: ”اِس کو پیو۔ یہ مے میرے خون کی نشانی ہے۔ مَیں اپنا خون تمہارے لئے بہاؤں گا۔“ یسوع مسیح اپنے شاگردوں کے لئے اپنی جان دینے والے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ اُن کے شاگرد اِس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ اِس لئے اُنہوں نے یہ حکم دیا: ”ہر سال میری یاد میں اِس تقریب کو منایا کرو۔“ لوگ اِس تقریب کو عشائےربانی کہتے ہیں۔
اِس نئی تقریب کو منانے کے بعد یسوع مسیح نے رسولوں سے کہا: ”بہادر بنو اور اپنے ایمان کو مضبوط رکھو۔“ پھر اُن سب نے یہوواہ خدا کی تعریف میں گیت گائے اور باہر چلے گئے۔ آدھی رات ہو گئی تھی۔ آئیں، دیکھتے ہیں کہ یسوع مسیح اور رسول کہاں گئے۔