پہلا حصہ
شروع سے لے کر نوح کے طوفان تک
زمین اور آسمان کو کس نے بنایا؟ سورج، چاند اور ستارے اور زمین کی سب چیزیں کس نے بنائیں؟ خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ سب چیزیں خدا نے بنائی ہیں۔ اِس کتاب کی پہلی کہانیاں اُس وقت کے بارے میں ہیں جب خدا نے سب چیزیں بنائیں۔
خدا نے سب سے پہلے فرشتوں کو بنایا تاکہ وہ اُس کے ساتھ آسمان پر رہیں۔ بعد میں خدا نے انسانوں کو بنایا تاکہ وہ زمین پر رہیں۔ پہلے انسان آدم اور حوا تھے۔ خدا نے اُن کے لئے ایک خوبصورت باغ بنایا جس میں وہ خوشیخوشی رہتے تھے۔ لیکن آدم اور حوا نے خدا کا کہنا نہیں مانا اِس لئے خدا نے اُنہیں باغ سے نکال دیا۔ اب وہ ہمیشہ تک زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔
جس دن خدا نے آدم کو بنایا، اُس کے ۱۶۵۶ سال بعد نوح کا طوفان آیا۔ اِس عرصے کے دوران بُرائی پھیل گئی۔ آسمان پر شیطان اور اُس جیسے بُرے فرشتے تھے۔ زمین پر قائن جیسے بُرے لوگ تھے۔ اُس وقت زمین پر فرشتوں کے بیٹے بھی تھے جو بہت ہی بُرے تھے۔ لیکن زمین پر ہابل، حنوک اور نوح جیسے اچھے لوگ بھی تھے۔ اِس کتاب کے پہلے حصے میں ہم دیکھیں گے کہ اِن سب کے ساتھ کیا ہوا۔