تعارف
اِس کتاب کی کہانیاں پاک کلام سے لی گئی ہیں۔ پاک کلام وہ کتاب ہے جو ہمارے خالق، یہوواہ خدا کی طرف سے ہے۔ آپ جو کتاب پڑھ رہے ہیں، اِس میں کچھ کہانیاں اُس وقت کے بارے میں ہیں جب خدا نے سب کچھ بنانا شروع کِیا تھا۔ اِس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ اُس وقت سے لے کر آج تک زمین پر کیاکیا ہوا ہے۔ اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خدا آئندہ کیا کچھ کرے گا۔
جب آپ اِس کتاب کو پڑھیں گے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ پاک کلام میں کیا کچھ بتایا گیا ہے۔ آپ اُن لوگوں کے بارے میں بہت سی کہانیاں پڑھیں گے جن کا ذکر پاک کلام میں ہوا ہے۔ آپ اُس وقت کے بارے میں بھی پڑھیں گے جب خدا زمین کو فردوس بنا دے گا۔ آپ یہ بھی سیکھیں گے کہ آپ کو کیا کرنا ہوگا تاکہ آپ کو بھی اِس فردوس میں ہمیشہ کی زندگی ملے۔
اِس کتاب میں ۱۱۶ کہانیاں ہیں۔ اِن کو آٹھ حصوں میں تقسیم کِیا گیا ہے۔ ہر حصے کے شروع میں بتایا گیا ہے کہ اِس حصے میں جو کہانیاں ہیں، وہ کس بارے میں ہیں۔ اِس کتاب میں تمام کہانیاں اُس ترتیب میں بتائی گئی ہیں جن میں وہ ہوئی تھیں۔ اِس طرح آپ کو پتہ چل جائے گا کہ پاک کلام میں جو باتیں لکھی ہیں، وہ انسانی تاریخ کے دوران کب ہوئی تھیں۔
اِس کتاب میں کہانیاں آسان زبان میں لکھی گئی ہیں۔ یوں بچے اِن کو خود پڑھ سکیں گے۔ اگر بچوں کو ابھی پڑھنا نہیں آتا تو اُن کے امیابو اُن کو یہ کہانیاں پڑھ کر سنا سکتے ہیں۔ بچوں کو یہ کہانیاں اِتنی اچھی لگیں گی کہ وہ اِن کو باربار سننا چاہیں گے۔ لیکن یہ کہانیاں صرف بچوں کو نہیں بلکہ بڑوں کو بھی دلچسپ لگیں گی۔
ہر کہانی کے آخر میں پاک کلام کی وہ آیتیں دی گئی ہیں جن سے کہانی لی گئی ہے۔ اِن آیتوں کو ضرور پڑھیں۔ کہانی نمبر ۱۱۶ کے بعد اِس کتاب کی سب کہانیوں کے بارے میں کچھ سوال ہیں۔ جب آپ ایک کہانی کو پڑھ لیں تو اِس کے سوالوں کو بھی دیکھیں اور اِن کے جواب دینے کی کوشش کریں۔