ذہنی دباؤ سے رِہائی
کیا آپ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں؟
”ہر شخص کو کسی نہ کسی طرح کے ذہنی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔ مَیں بہت زیادہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوں اور اِس کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے بلکہ بہت سی وجوہات ہیں۔ مجھے ہر دن کئی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مَیں سالوں سے اپنے شوہر کی دیکھبھال کر رہی ہوں جو ذہنی اور جسمانی طور پر بیمار ہیں۔“—سوزین۔a
”میری بیوی مجھے چھوڑ کر چلی گئی اور مجھے اپنے دو بچوں کو پالنا پڑا۔ اکیلے بچوں کی پرورش کرنا آسان نہیں تھا۔ اُوپر سے میری نوکری بھی چلی گئی اور میرے پاس اِتنے پیسے بھی نہیں تھے کہ مَیں اپنی گاڑی کی مرمت کرا سکوں۔ مجھے بالکل سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ مَیں کیا کروں۔ مَیں اِس قدر ذہنی دباؤ میں تھا کہ میرے دل میں خودکُشی کے خیال آنے لگے۔ مجھے پتہ تھا کہ اپنی جان لینا غلط ہے۔ اِس لیے مَیں نے خدا سے مِنتیں کیں کہ وہ مجھے اِس مصیبت بھری زندگی سے چھٹکارا دِلا دے۔“—جیمز۔
سوزین اور جیمز کی طرح کیا آپ کو بھی کبھی کبھی شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو ہمیں اُمید ہے کہ اگلے مضامین سے آپ کو تسلی ملے گی اور آپ جان پائیں گے کہ ذہنی دباؤ سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے۔ اِن مضامین میں بتایا گیا ہے کہ ذہنی دباؤ کیوں ہوتا ہے، یہ ہماری صحت پر کیا اثر ڈال سکتا ہے اور ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ ہمیں کسی حد تک ذہنی سکون مل سکے۔
a فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔