سبکرفتار، بےطیار اور دلکش—شترمرغ
کینیا میں جاگو! کے مراسلہنگار سے
وسیع افریقی سبزہزاروں میں گشت کرنے والے زرافوں، زیبروں، چکاروں اور ہرنوں کے درمیان خالق کی ایک نہایت حیرتانگیز مخلوق سکونت کرتی ہے۔ اسے دیکھنے والے لوگ اسکے دراز قد، قوی ٹانگوں اور خوبصورت ملائم پَروں سے متاثر ہوتے ہیں۔ یہ دُنیا کا سب سے بڑا پرندہ ہے جسکا قد تقریباً آٹھ فٹ اور وزن ۱۵۵ کلوگرام ہوتا ہے۔ سواہیلی زبان میں، یہ پرندہ مبونی کہلاتا ہے لیکن آپ شاید اسے اسکے عام نام، شترمرغ سے پہچانتے ہیں۔
رُعبدار اونٹ کی مانند
عرصہ دراز پہلے اُونٹوں سے مبیّنہ مشابہت کی وجہ سے شترمرغ کو سٹروتھوکیمولس کا نام دیا گیا جو لاطینی اور یونانی زبان سے مل کر بنتا ہے۔ اونٹ کی طرح، شترمرغ بھی انتہائی درجۂحرارت برداشت کر سکتا اور ریگستانی علاقے میں پرورش پا سکتا ہے۔ اسکی پلکیں گھنی ہوتی ہیں جو اس کی بڑی آنکھوں کو جھاڑیدار علاقے کی گرد سے محفوظ رکھتی ہیں۔ اسکی ٹانگیں لمبی اور مضبوط ہوتی ہیں اور اسکے پاؤں کی صرف دو انگلیاں ہوتی ہیں مگر یہ بہت موٹے اور مضبوط ہوتے ہیں۔ جو لوگ شترمرغ کو کھلے میدانوں میں بڑے رُعب سے چلتے ہوئے دیکھتے ہیں وہ اسکی پھرتی، برداشت اور اونٹ کی طرح کی دیگر خصوصیات سے حیران رہ جاتے ہیں۔
کھر والے دیگر جانوروں کی طرح شترمرغ بھی رینگنے والی تقریباً ہر چیز کھاتا ہے۔ شترمرغ نباتاتیوحیوانی دونوں قسم کی غذا کھاتا ہے لہٰذا، یہ حشرات، سانپ کترنے والے جانور، جڑیں اور زیادہ سبزی کھانے کے علاوہ لکڑی، گھونگے، پتھر، شاخیں اور تقریباً ہر چھوٹی، شوخ رنگدار چیز نگل جاتا ہے۔
اپنے بڑے سائز اور وزن کی وجہ سے یہ اُڑ نہیں سکتا۔ تاہم، اس کی ٹانگوں کے طاقتور عضلات کی وجہ سے اس کا شمار زمین کی تیزرفتار مخلوقات میں ہوتا ہے۔ یہ ریگستانی علاقے میں ۶۵ کلومیڑ فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگ سکتا ہے! بائبل کہتی ہے کہ شترمرغ ”گھوڑے اور اُس کے سوار دونوں کو ناچیز [سمجھتا] ہے۔“ (ایوب ۳۹:۱۸) اس مشاہدے کی مطابقت میں، اس دو ٹانگوں والے جانور کی تیزرفتاری اور طویل فاصلہ طے کرنے کی سکت اسے چار ٹانگوں والے تیزرفتار شکاری جانوروں کو بڑی آسانی سے مات دینے کے قابل بناتی ہیں۔
نسلکشی کے طریقے
افزائشِنسل کے موسم میں، نر شترمرغ اپنے عشق کا مظاہرہ کرتا ہے۔ مادہ کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوئے، وہ اپنے بڑے سفیدوسیاہ پَر پھیلاتا اور انہیں نہایت مسحورکُن انداز سے ہلانا شروع کرتا ہے۔ دو بڑے پنکھوں کی طرح، وہ ایک طرف سے دوسری طرف حرکت کرتے ہیں۔ اسکی ننگی گردن اور ٹانگیں گلابی رنگت اختیار کرتے ہوئے تمتما اٹھتی ہیں جو اسکے کالے سیاہ جسم کے پَروں سے ملکر اَور بھی خوبصورت نظر آتی ہیں۔ اپنی لمبی گردن ادھراُدھر گھماتے ہوئے وہ اپنے پاؤں زمین پر پٹختا ہے۔
غالباً پَروں کا یہ دلکش مظاہرہ بادامی رنگت والی مادہ کو متاثر کرنے کی خاطر کِیا جاتا ہے۔ نر شترمرغ مادہ کو لبھانے کیلئے رقص جاری رکھتا ہے مگر مادہ اُسکی ان حرکات پر دھیان دئے بغیر زمین پر ٹھونگیں مارتی رہتی ہے۔
مادہ کا انتخاب کر لینے کے بعد، نر انڈوں کیلئے جگہ کا چناؤ کرتا ہے۔ کسی کھلے سبزہزار میں وہ زمین میں گڑھا کھودتا ہے اور کئی دیگر مادہ شترمرغ بھی وہاں لیکر آتا ہے۔ دو یا تین ہفتوں بعد ان مادہ شترمرغ کے دئے ہوئے دو درجن یا اس سے بھی زیادہ انڈوں سے گڑھا بھر جاتا ہے۔
انڈے سینے کے چھ ہفتوں تک، نر شترمرغ رات کو انڈوں پر بیٹھتا ہے اور مادہ دن کے دوران بیٹھتی ہے۔ اس وقت پر انڈے غیرمحفوظ ہوتے ہیں کیونکہ بھوکے شیر، لگڑبھگے، گیدڑ حتیٰکہ مصری گدھیں بھی انکی تلاش میں ہوتی ہیں جو ان انڈوں پر پتھر پھینک کر انہیں توڑ دیتی ہیں۔
بڑے انڈے، بڑے بچے
شترمرغ کے سُرمئی سفید یا زردی مائل انڈے دنیا میں سب سے بڑے ہوتے ہیں اور ہر ایک کا وزن تقریباً ڈیڑھ کلوگرام ہو سکتا ہے۔ خول سخت اور چمکیلا ہوتا ہے اور سطح چمکدار چینی کے برتن کی مانند ملائم ہوتی ہے۔ شترمرغ کا انڈہ مرغی کے ۲۵ انڈوں کے برابر ہوتا ہے اور اسے لذت اور غذائیت کی وجہ سے بہت سراہا گیا ہے۔ جنگلوں میں رہنے والے لوگ ان خولوں کو بعضاوقات پانی ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
وقت آنے پر اس بہت بڑے انڈے میں سے ایک بہت بڑا بچہ نکلتا ہے! اگرچہ نوزائیدہ بچے غیرمحفوظ ہوتے ہیں تَو بھی وہ تیزی سے بڑھتے اور پیدائش ہی سے بھاگنے کے قابل ہوتے ہیں۔ ایک ہی ماہ میں انکی موٹی ٹانگیں اُنہیں ۵۵ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگنے کے قابل بنا دیتی ہیں!
بچوں کی حفاظت انکے والدین کرتے ہیں۔ یہ بات کہ شترمرغ خطرے کا سامنا کرتے وقت اپنا سر ریت میں دبا دیتا ہے ایک منگھڑت کہانی ہے۔ اسکے برعکس والدین اپنے چھوٹے بچوں کی حفاظت کرتے وقت خونخوار ہو جاتے ہیں اور شکاریوں کو کاری ضربیں لگاتے ہیں۔ وہ ایک اَور دفاعی چال چلتے ہیں جس میں وہ زخمی ہونے کا بہانے کرکے شکاری کی توجہ اپنے بچوں سے ہٹا کر اپنی طرف لگا لیتے ہیں۔ تاہم، اگر شکاری انکے زیادہ قریب آ جاتے ہیں تو والدین عام طور پر اپنے چھوٹے بچوں کو خود اپنا دفاع کرنے کیلئے چھوڑ دیتے ہیں اور خود اپنی زندگی بچانے کیلئے دم دبا کر بھاگ جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں بائبل کا بیان سچ ثابت ہوتا ہے کہ شترمرغ ”اپنے بچوں سے ایسی سختدلی [کرتا] ہے کہ گویا وہ اُسکے نہیں“ ہیں۔—ایوب ۳۹:۱۶۔
گھنے خوبصورت پَر
ہزاروں سال سے انسانوں نے شترمرغ کو سراہا ہے۔ پتھر پر کندہ تصاویر میں مصری باشاہوں کو تیر اور کمان سے شترمرغ کا شکار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بعض تہذیبوں میں شترمرغ کو مُقدس خیال کِیا جاتا ہے۔ چینی باشندے شترمرغ کے خوبصورت انڈوں کی بڑی قدر کرتے تھے اور انہیں حکمرانوں کو بیشقیمت تحائف کے طور پر پیش کرتے تھے۔ ہزاروں سال سے، شترمرغ کے ملائم پَر فوجی جرنیلوں، بادشاہوں اور افریقی سرداروں کے سرپوشوں کی زینت بنے رہے ہیں۔
فیشن کے مارے یورپیوں کے درمیان ۱۴ویں صدی میں شترمرغ کے پَروں کی قدر بہت بڑھ گئی۔ تاہم نیزے اور تیر سے اسکا شکار آسان نہ تھا کیونکہ اسکی نظر بہت تیز ہوتی ہے اور یہ بڑی جلدی خطرے سے بھاگ جاتا ہے۔ اُس وقت، شترمرغ ناپید ہونے کے خطرے میں نہیں تھا۔
تاہم، ۱۹ویں صدی میں شترمرغ کے پَر دوبارہ فیشن کا حصہ بن گئے۔ اس مرتبہ جدید اسلحے سے مسلح، شکاریوں نے لاکھوں لاکھ شترمرغ ہلاک کر ڈالے۔ شترمرغ کے فارموں کی ابتدا نے اس بہت بڑے بےطیار پرندے کو ناپید ہونے سے غالباً بچا لیا ہے۔ اس وقت زیرِنگرانی افزائشِنسل سے، شترمرغ کو پالتو بنا لیا گیا ہے۔ فیشن اور پَروں والے ڈسٹر مہیا کرنے کیلئے انکی پرورش کی جاتی ہے۔ اسکی کھال نرم چمڑے کے دستانے اور دستیبیگ بنانے کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور انکا گوشت بعض ریستورانوں میں پیش کِیا جاتا ہے۔
آجکل بھی جاذبِنظر شترمرغ افریقہ کے میدانوں میں گھومتا پھرتا ہے۔ اپنی سابقہ رہائشگاہ میں کافی حد تک کمی اور بعض علاقوں میں ناپید ہو جانے کے باوجود یہ اپنے پسندیدہ الگتھلگ خشک جھاڑیدار علاقے میں سکونتپذیر ہے۔ وہاں یہ اپنے بڑے ملائم پَروں کیساتھ میدانوں میں اندھادُھند بھاگتے، رومانوی رقص کرتے یا بہت بڑے بڑے انڈوں سے بھرے گڑھے کی نگرانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعی، یہ سبکرفتار، بےطیار پرندہ ایک دلکش مخلوق ہے جسے دیکھنے والے خوشی اور حیرت کے عالم میں گم ہو جاتے ہیں۔
[صفحہ 16 پر تصویر]
ایک نر شترمرغ
[صفحہ 16 پر تصویر]
شترمرغ کا شمار زمین کی تیزرفتار مخلوقات میں ہوتا ہے
[صفحہ 16 پر تصویر]
انکے پاؤں مضبوط ہھتیار ہوتے ہیں
[صفحہ 18 پر تصویر]
ایک مادہ شترمرغ