دانیایل
8 اُس رُویا کے بعد جو مجھے پہلے دِکھائی گئی تھی، بادشاہ بیلشضر کی حکمرانی کے تیسرے سال میں مجھے یعنی دانیایل کو ایک اَور رُویا دِکھائی گئی۔ 2 مَیں نے رُویا دیکھی اور رُویا دیکھتے ہوئے مَیں سُوسن* کے قلعے* میں تھا جو صوبہ* عِیلام میں ہے۔ مَیں دریائےاُولائی* کے پاس تھا۔ 3 مَیں نے نظریں اُٹھا کر دیکھا اور دیکھو! دریا کے سامنے ایک مینڈھا کھڑا تھا جس کے دو سینگ تھے۔ دونوں سینگ لمبے تھے لیکن ایک سینگ دوسرے سینگ سے زیادہ لمبا تھا اور لمبا والا سینگ بعد میں نکلا تھا۔ 4 مَیں نے مینڈھے کو مغرب، شمال اور جنوب کی طرف ٹکریں مارتے دیکھا۔ کوئی بھی وحشی درندہ اُس کے سامنے ٹک نہیں پایا اور اُنہیں اُس کے ہاتھ سے چھڑانے والا کوئی نہیں تھا۔ اُس نے جو چاہا، کِیا اور خود کو بڑا بنایا۔
5 مَیں دیکھ رہا تھا اور دیکھو! مغرب سے ایک بکرا آ رہا تھا جو زمین کی سطح کو چُھوئے بغیر پوری زمین سے گزرتے ہوئے آ رہا تھا۔ اُس بکرے کی آنکھوں کے بیچ میں ایک نمایاں سینگ تھا۔ 6 وہ اُس مینڈھے کی طرف آ رہا تھا جس کے دو سینگ تھے اور جسے مَیں نے دریا کے سامنے کھڑے دیکھا تھا۔ وہ شدید طیش میں دوڑتے ہوئے اُس کی طرف آ رہا تھا۔
7 مَیں نے اُسے مینڈھے کے قریب آتے دیکھا اور اُس کے اندر مینڈھے کے لیے شدید تلخی بھری ہوئی تھی۔ اُس نے مینڈھے پر حملہ کِیا اور اُس کے دونوں سینگ توڑ دیے اور مینڈھے میں اُس کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں تھی۔ اُس نے مینڈھے کو زمین پر پھینک دیا اور اُسے روند ڈالا۔ مینڈھے کو اُس کے ہاتھ سے بچانے والا کوئی نہیں تھا۔
8 پھر بکرے نے خود کو اِنتہائی بڑا بنا لیا۔ لیکن جیسے ہی وہ طاقتور بنا، اُس کا بڑا سینگ ٹوٹ گیا۔ پھر اُس ایک سینگ کی جگہ آسمان کی چار ہواؤں کی طرف چار نمایاں سینگ نکلے۔
9 اُن سینگوں میں سے ایک سینگ سے ایک چھوٹا سینگ نکلا جو جنوب، مشرق اور خوبصورت ملک* کی طرف بڑھتے بڑھتے بہت بڑا ہو گیا۔ 10 وہ اِتنا بڑا ہو گیا کہ آسمان کی فوج تک پہنچ گیا اور اُس نے اُس فوج کے کچھ حصے اور کچھ ستارے زمین پر گِرا دیے اور اُنہیں روند ڈالا۔ 11 اُس نے تو فوج کے حاکم کے سامنے بھی خود کو بڑا بنایا اور اُس سے باقاعدگی سے پیش کی جانے والی قربانی لے لی اور اُس کے مُقدس مقام کے لیے قائم جگہ کو تباہ کر دیا۔ 12 گُناہ کی وجہ سے ایک فوج اور باقاعدگی سے پیش کی جانے والی قربانی اُس کے حوالے کر دی گئی اور وہ سچائی کو زمین پر پٹختا رہا اور اپنے ہر کام میں کامیاب ہوا۔
13 مَیں نے ایک مُقدس خادم کو بولتے ہوئے سنا اور ایک اَور مُقدس خادم اُس سے کہہ رہا تھا: ”وہ رُویا کب تک چلے گی جو باقاعدگی سے پیش کی جانے والی قربانی کے بارے میں اور اُس گُناہ کے بارے میں ہے جس کی وجہ سے تباہی ہو رہی ہے اور مُقدس مقام اور فوج دونوں کو کب تک روندا جائے گا؟“ 14 اُس نے مجھ سے کہا: ”جب تک کہ 2300 شامیں اور صبحیں گزر نہیں جاتیں۔ پھر مُقدس مقام کو پہلے کی طرح صحیح حالت میں ضرور لایا جائے گا۔“
15 جب مَیں یعنی دانیایل رُویا دیکھ رہا تھا اور اِسے سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا تو اچانک مَیں نے دیکھا کہ میرے سامنے کوئی کھڑا ہے جو آدمی جیسا لگ رہا ہے۔ 16 پھر مَیں نے دریائےاُولائی کے بیچ سے ایک آدمی کی آواز سنی جس نے اُونچی آواز میں کہا: ”جبرائیل! اِس آدمی کو اُن باتوں کا مطلب سمجھائیں جو اِس نے دیکھی ہیں۔“ 17 تب وہ اُس جگہ کے قریب آیا جہاں مَیں کھڑا تھا۔ لیکن جب وہ آیا تو مَیں اِتنا ڈر گیا کہ مَیں مُنہ کے بل جھک گیا۔ اُس نے مجھ سے کہا: ”اِنسان کے بیٹے! جان لیں کہ یہ رُویا خاتمے کے وقت کے بارے میں ہے۔“ 18 مگر جب وہ مجھ سے بات کر رہا تھا تو مَیں زمین پر مُنہ کے بل گہری نیند سو گیا۔ اُس نے مجھے چُھوا اور مجھے اُس جگہ کھڑا کِیا جہاں مَیں پہلے کھڑا تھا۔ 19 پھر اُس نے کہا: ”مَیں آپ کو بتانے لگا ہوں کہ غضب کے وقت کے آخری حصے میں کیا ہوگا کیونکہ یہ رُویا خاتمے کے مقررہ وقت کے بارے میں ہے۔
20 آپ نے دو سینگوں والا جو مینڈھا دیکھا، وہ مادی اور فارس کے بادشاہوں کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔ 21 بالوں والا بکرا یونان کے بادشاہ کی طرف اِشارہ کرتا ہے اور اُس کی آنکھوں کے بیچ موجود بڑا سینگ پہلے بادشاہ کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔ 22 جہاں تک یہ بات ہے کہ وہ سینگ ٹوٹ گیا اور اُس کی جگہ چار نئے سینگ نکلے تو اِس کا مطلب ہے کہ اُس کی قوم سے چار بادشاہتیں کھڑی ہوں گی۔ لیکن اُن میں اُس جتنی طاقت نہیں ہوگی۔
23 اُن کی بادشاہت کے آخری دَور میں جب گُناہگاروں کے گُناہ اِنتہا تک پہنچ جائیں گے تو ایک ظالم بادشاہ کھڑا ہوگا جو اُلجھا دینے والی باتوں کا مطلب سمجھتا ہوگا۔* 24 اُس کی طاقت بہت بڑھ جائے گی لیکن اپنے دم پر نہیں۔ وہ غیرمعمولی طریقے سے تباہی* مچائے گا اور اپنے ہر کام میں کامیاب ہوگا۔ وہ زورآوروں اور مُقدس خادموں کو بھی تباہ کر دے گا۔ 25 وہ کامیاب ہونے کے لیے مکاری سے دوسروں کو دھوکا دے گا۔ وہ اپنے دل میں خود کو بہت بڑا سمجھے گا اور امن کے دَور میں* بہت سے لوگوں کو تباہ کر دے گا، یہاں تک کہ وہ حاکموں کے حاکم کے خلاف کھڑا ہو جائے گا لیکن اُسے اِنسانی عملدخل کے بغیر توڑ دیا جائے گا۔
26 رُویا میں شاموں اور صبحوں کے بارے میں جو کچھ کہا گیا تھا، وہ سچ ہے۔ لیکن اِس رُویا کو راز رکھنا کیونکہ یہ ایک ایسے وقت کے بارے میں ہے جو آج سے بہت دن بعد آئے گا۔“
27 مَیں یعنی دانیایل نڈھال ہو گیا اور کچھ دن تک بیمار رہا۔ پھر مَیں اُٹھا اور بادشاہ کا کام کرنے لگا۔ لیکن جو کچھ مَیں نے دیکھا تھا، اُس کی وجہ سے مَیں سُن تھا اور کوئی اُسے سمجھ نہیں سکتا تھا۔