یرمیاہ
40 جب محافظوں کے سربراہ نبوزرادان نے یرمیاہ کو رامہ سے رِہا کر دیا تو اِس کے بعد یہوواہ کا کلام یرمیاہ تک پہنچا۔ اُنہیں ہتھکڑیاں پہنا کر وہاں لے جایا گیا تھا اور وہ یروشلم اور یہوداہ کے اُن سب لوگوں میں شامل تھے جنہیں قیدی بنا کر بابل لے جایا گیا تھا۔ 2 پھر محافظوں کا سربراہ یرمیاہ کو ایک طرف لے گیا اور اُن سے کہا: ”تمہارے خدا یہوواہ نے پہلے سے بتا دیا تھا کہ وہ اِس جگہ پر تباہی لائے گا 3 اور یہوواہ اپنی بات کے عین مطابق تباہی لایا بھی کیونکہ تُم لوگوں نے یہوواہ کے خلاف گُناہ کِیا اور اُس کی بات نہیں مانی۔ اِسی لیے تمہارے ساتھ ایسا ہوا۔ 4 مَیں آج تمہارے ہاتھ سے ہتھکڑیاں کھول کر تمہیں آزاد کر رہا ہوں۔ اگر تُم میرے ساتھ بابل آنا چاہو تو آ جاؤ۔ مَیں تمہارا خیال رکھوں گا۔ لیکن اگر تُم میرے ساتھ بابل نہ آنا چاہو تو نہ آؤ۔ دیکھو! پورا ملک تمہارے سامنے ہے۔ جہاں جانا چاہتے ہو، جاؤ۔“
5 اِس سے پہلے کہ یرمیاہ جانے کے لیے مُڑتے، نبوزرادان نے اُن سے کہا: ”سافن کے بیٹے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کے پاس لوٹ جاؤ جسے بابل کے بادشاہ نے یہوداہ کے شہروں کا حاکم مقرر کِیا ہے اور اُس کے ساتھ لوگوں کے بیچ رہو یا جہاں تمہارا دل کرے وہاں جاؤ۔“
محافظوں کے سربراہ نے اُنہیں کچھ کھانا اور ایک تحفہ دیا اور جانے دیا۔ 6 پھر یرمیاہ اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کے پاس مِصفاہ چلے گئے اور اُس کے ساتھ اُن لوگوں کے بیچ رہے جو ملک میں باقی بچے تھے۔
7 کچھ وقت بعد فوج کے اُن سب سربراہوں نے جو اپنے آدمیوں کے ساتھ میدان میں تھے، سنا کہ بابل کے بادشاہ نے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو یہوداہ کا حاکم مقرر کِیا ہے اور اُسے ملک کے اُن غریب لوگوں یعنی مردوں، عورتوں اور بچوں کا نگران ٹھہرایا ہے جنہیں قیدی بنا کر بابل نہیں لے جایا گیا تھا۔ 8 اِس لیے وہ مِصفاہ میں جدلیاہ کے پاس آئے۔ اُن میں نِتنیاہ کا بیٹا اِسماعیل، قریح کے بیٹے یوحنان اور یونتن، تنحومت کا بیٹا سِرایاہ، عیفی نطوفاتی کے بیٹے، ایک معکاتی کا بیٹا یزنیاہ اور اُن سب کے آدمی شامل تھے۔ 9 سافن کے بیٹے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ نے اُن سے اور اُن کے آدمیوں سے قسم کھاتے ہوئے کہا: ”کسدیوں کی خدمت کرنے سے نہ ڈرو۔ ملک میں رہو اور بابل کے بادشاہ کی خدمت کرو۔ اِس میں آپ کی بھلائی ہے۔ 10 جہاں تک میری بات ہے، مَیں اُن کسدیوں کے سامنے آپ کی نمائندگی کرنے* کے لیے مِصفاہ میں رہوں گا جو ہمارے پاس آتے ہیں۔ لیکن آپ مے، موسمِگرما کے پھل اور تیل جمع کرو اور اِنہیں اپنے مرتبانوں میں رکھو اور اُن شہروں میں بس جاؤ جن پر آپ نے قبضہ کِیا ہے۔“
11 موآب، عمون، ادوم اور باقی سب علاقوں میں رہنے والے سارے یہودیوں نے بھی سنا کہ بابل کے بادشاہ نے یہوداہ میں لوگوں کا ایک بچا ہوا حصہ چھوڑ دیا ہے اور سافن کے بیٹے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو اُن کا حاکم مقرر کِیا ہے۔ 12 سارے یہودی اُن سب جگہوں سے لوٹنے لگے جہاں اُنہیں تتربتر کر دیا گیا تھا۔ وہ ملک یہوداہ میں جدلیاہ کے پاس مِصفاہ آئے اور اُنہوں نے بہت بڑی تعداد میں مے اور موسمِگرما کے پھل جمع کیے۔
13 قریح کا بیٹا یوحنان اور فوج کے سب سربراہ جو میدان میں تھے، جدلیاہ کے پاس مِصفاہ آئے۔ 14 اُنہوں نے جدلیاہ سے کہا: ”کیا آپ کو پتہ ہے کہ عمونیوں کے بادشاہ بعلیس نے نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل کو آپ* کو قتل کرنے کے لیے بھیجا ہے؟“ لیکن اخیقام کے بیٹے جدلیاہ نے اُن کی بات کا یقین نہیں کِیا۔
15 پھر قریح کے بیٹے یوحنان نے مِصفاہ میں علیٰحدگی میں جدلیاہ سے کہا: ”مَیں جا کر نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل کو مار ڈالنا چاہتا ہوں اور کسی کو اِس بارے میں پتہ نہیں چلے گا۔ وہ آپ* کو کیوں مار ڈالے؟ یہوداہ کے سب لوگ جو آپ کے پاس جمع ہوئے ہیں، تتربتر کیوں ہو جائیں اور یہوداہ کا بچا ہوا حصہ کیوں مٹ جائے؟“ 16 لیکن اخیقام کے بیٹے جدلیاہ نے قریح کے بیٹے یوحنان سے کہا: ”ایسا مت کرنا کیونکہ آپ اِسماعیل کے بارے میں جو کچھ کہہ رہے ہو، وہ جھوٹ ہے۔“