یرمیاہ
41 ساتویں مہینے میں اِلیسمع کے بیٹے نِتنیاہ کا بیٹا اِسماعیل جو شاہی نسل سے تھا اور بادشاہ کے اہم آدمیوں میں سے ایک تھا، دس اَور آدمیوں کے ساتھ اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کے پاس مِصفاہ آیا۔ جب وہ لوگ مِصفاہ میں ساتھ کھانا کھا رہے تھے 2 تو نِتنیاہ کا بیٹا اِسماعیل اور اُس کے ساتھ آئے دس آدمی کھڑے ہوئے اور سافن کے بیٹے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو تلوار سے مار ڈالا۔ اِس طرح اُس نے اُس آدمی کو قتل کر دیا جسے بابل کے بادشاہ نے ملک کا حاکم مقرر کِیا تھا۔ 3 اِسماعیل نے اُن سب یہودیوں کو بھی مار ڈالا جو مِصفاہ میں جدلیاہ کے ساتھ تھے اور اُن کسدی سپاہیوں کو بھی جو وہاں تھے۔
4 جدلیاہ کی موت کے دوسرے دن جبکہ کسی کو ابھی تک اِس بارے میں نہیں پتہ تھا، 5 سِکم، سیلا اور سامریہ سے 80 آدمی آئے۔ اُن کی داڑھی مُنڈی ہوئی تھی، اُن کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے اور اُنہوں نے اپنے جسم کو چیرا ہوا تھا۔ وہ اپنے ہاتھ میں اناج کے نذرانے اور لوبان لائے تاکہ اِنہیں یہوواہ کے گھر میں پیش کر سکیں۔ 6 نِتنیاہ کا بیٹا اِسماعیل اُن سے ملنے کے لیے مِصفاہ سے نکلا۔ وہ راستے میں روتا ہوا جا رہا تھا۔ جب وہ اُن کے پاس پہنچا تو اُس نے اُن سے کہا: ”اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کے پاس آؤ۔“ 7 لیکن جب وہ شہر میں آئے تو نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل اور اُس کے آدمیوں نے اُنہیں قتل کر دیا اور اُن کی لاشیں حوض میں پھینک دیں۔
8 لیکن اُن میں سے دس آدمیوں نے اِسماعیل سے کہا: ”ہمیں نہ ماریں کیونکہ ہم نے کھیت میں گندم، جَو، تیل اور شہد کے ذخیرے چھپائے ہوئے ہیں۔“ اِس لیے اِسماعیل نے اُنہیں اور اُن کے بھائیوں کو نہیں مارا۔ 9 اِسماعیل نے اُن سب آدمیوں کی لاشیں ایک بڑے حوض میں پھینک دیں جنہیں اُس نے قتل کِیا تھا۔ وہ حوض بادشاہ آسا نے اِسرائیل کے بادشاہ بعشا کی وجہ سے بنوایا تھا۔ نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل نے اُس حوض کو قتل کیے گئے آدمیوں کی لاشوں سے بھر دیا۔
10 اِسماعیل نے مِصفاہ میں موجود باقی سب لوگوں کو قیدی بنا لیا جن میں بادشاہ کی بیٹیاں اور مِصفاہ میں بچے باقی سب لوگ شامل تھے جنہیں محافظوں کے سربراہ نبوزرادان نے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کی نگرانی میں چھوڑا تھا۔ نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل نے اُن لوگوں کو قیدی بنایا اور اُس پار عمونیوں کی طرف جانے کے لیے نکل پڑا۔
11 جب قریح کے بیٹے یوحنان اور فوج کے اُن سب سربراہوں نے جو اُس کے ساتھ تھے، اُن بُرے کاموں کے بارے میں سنا جو نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل نے کیے تھے 12 تو اُنہوں نے سب آدمیوں کو ساتھ لیا اور نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل سے لڑنے گئے اور وہ اُنہیں جِبعون کے بڑے پانیوں* کے پاس ملا۔
13 جب اِسماعیل کے ساتھ موجود سب لوگوں نے قریح کے بیٹے یوحنان اور فوج کے اُن سب سربراہوں کو دیکھا جو اُس کے ساتھ تھے تو وہ خوش ہو گئے۔ 14 پھر وہ سب لوگ جنہیں اِسماعیل مِصفاہ سے قیدی بنا کر لایا تھا، مُڑے اور قریح کے بیٹے یوحنان کے پاس چلے گئے۔ 15 لیکن نِتنیاہ کا بیٹا اِسماعیل اور اُس کے آٹھ آدمی یوحنان کے ہاتھ سے بچ کر عمونیوں کے پاس بھاگ گئے۔
16 نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل نے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو مارنے کے بعد مِصفاہ میں بچے جن لوگوں کو قیدی بنا لیا تھا، اُنہیں قریح کے بیٹے یوحنان اور اُس کے ساتھ موجود فوج کے سب سربراہوں نے چھڑا لیا۔ اُنہوں نے اُن سب لوگوں یعنی مردوں، سپاہیوں، عورتوں، بچوں اور درباریوں کو ساتھ لیا اور اُنہیں جِبعون سے واپس لائے۔ 17 وہ وہاں سے چلے اور کِمہام کے مسافرخانے میں رُکے جو بیتلحم کے پاس ہے۔ اُن کا اِرادہ مصر جانے کا تھا۔ 18 اصل میں وہ کسدیوں سے ڈرے ہوئے تھے کیونکہ نِتنیاہ کے بیٹے اِسماعیل نے اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو قتل کر دیا تھا جسے بابل کے بادشاہ نے ملک کا حاکم مقرر کِیا تھا۔