یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م26 جنوری ص.‏ 20-‏25
  • آپ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھائیں گے؟‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • آپ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھائیں گے؟‏
  • مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2026ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • بائبل کورس کرنے والے لوگ
  • وہ مسیحی جو بپتسمہ لے چُکے ہیں
  • یہوواہ کی وہ بھیڑیں جو اُس سے دُور ہو گئی ہیں
  • آپ کیا کریں گے؟‏
  • ہمیں یہوواہ کی محبت سے کون سے فائدے ہوئے ہیں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2025ء
  • فدیے کے ذریعے ہمیں کیا پتہ چلتا ہے؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2025ء
  • ہمیں فدیے کی ضرورت کیوں ہے؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2026ء
  • کیا آپ سال کے سب سے خاص دن کے لیے تیار ہیں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2024ء
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2026ء
م26 جنوری ص.‏ 20-‏25

23-‏29 مارچ 2026ء

گیت نمبر 18 فدیے کے لیے شکرگزار

آپ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھائیں گے؟‏

‏”‏ہمیں اُس محبت سے ترغیب ملتی ہے جو مسیح ہم سے کرتا ہے۔“‏‏—‏2-‏کُر 5:‏14‏۔‏

غور کریں کہ ‏.‏ ‏.‏ ‏.‏

ہم سبھی فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھا سکتے ہیں۔‏

1-‏2.‏ یسوع مسیح کی قربانی پر غور کرنے سے ہم میں کیا کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اور کیوں؟ (‏2-‏کُرنتھیوں 5:‏14، 15‏)‏ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

فرض کریں کہ آپ ایک عمارت کے ملبے کے نیچے دب گئے ہیں۔ لیکن پھر ایک شخص وہاں سے نکلنے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔ بھلے ہی وہ شخص دوسروں کی بھی اُس ملبے سے نکلنے میں مدد کر رہا ہے لیکن آپ اُس کے اِتنے احسان‌مند ہیں کہ آپ خود اُس کے پاس جا کر اُس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‏

2 جیسا کہ ہم نے پچھلے مضمون میں سیکھا تھا، ہم گُناہ کے بوجھ تلے دبے ہیں اور ہم خود اِس سے آزاد نہیں ہو سکتے۔ لیکن ہم یہوواہ کے بہت شکرگزار ہیں کہ اُس نے اپنے بیٹے کو ہمارے لیے قربان کِیا تاکہ ہمیں اپنے گُناہوں سے معافی ملے، مستقبل میں گُناہ سے پاک ہو جانے کی اُمید ملے اور ہماری خدا کے ساتھ پھر سے صلح ہو سکے۔ فدیے کی وجہ سے ہم مستقبل میں ہمیشہ کی زندگی پانے کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔ بے‌شک یسوع نے ہمارے لیے اپنی جان قربان کر کے ثابت کِیا ہے کہ وہ ہم سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ وہ تو اِنسانوں سے تب سے محبت کرتے ہیں جب وہ ابھی زمین پر بھی نہیں آئے تھے۔ (‏اَمثا 8:‏30، 31‏)‏ لیکن ہم یسوع کی محبت کے بدلے میں اُن کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟ پولُس نے کہا:‏ ”‏ہمیں اُس محبت سے ترغیب ملتی ہے جو مسیح ہم سے کرتا ہے۔“‏ ‏(‏2-‏کُرنتھیوں 5:‏14، 15 کو پڑھیں۔)‏ اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں یسوع کی محبت کے لیے قدر دِکھانی چاہیے اور کبھی یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اُنہوں نے ہمارے لیے کیا کِیا ہے۔‏

وہی آدمی جو پچھلے مضمون میں بھی دِکھایا گیا تھا۔ وہ ایک عمارت کے ملبے کے نیچے دب گیا تھا۔ اب اِمدادی ٹیم کا ایک رُکن اُسے ملبے سے باہر نکال رہا ہے۔‏

جب ایک شخص ہماری جان بچاتا ہے تو ہم اُس کے بہت احسان‌مند ہوتے ہیں۔ ہمیں یہوواہ اور یسوع کا تو اَور بھی زیادہ احسان‌مند ہونا چاہیے جنہوں نے ہمیں گُناہ اور موت سے رِہائی دِلائی ہے۔ (‏پیراگراف نمبر 1-‏2 کو دیکھیں۔)‏


3.‏ ہر شخص شاید فرق طریقے سے فدیے کے لیے قدر ظاہر کیوں کرے؟‏

3 ہم سبھی فدیے کے لیے قدر ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن شاید ہم جس طرح سے اِس تحفے کے لیے قدر ظاہر کریں، وہ دوسروں سے فرق ہو۔ اِس بات کو سمجھنے کے لیے ذرا اِس مثال پر غور کریں۔ فرض کریں کہ تین لوگوں کو ایک ہی جگہ پر جانا ہے لیکن وہ فرق فرق شہروں میں رہتے ہیں۔ حالانکہ اُن تینوں کو فرق راستوں سے سفر کرنا پڑے گا لیکن اُن کا مقصد ایک ہی جگہ پر پہنچنا ہے۔ اِسی طرح ہمارا مقصد بھی یسوع کی قربانی کے لیے شکرگزاری ظاہر کرنا ہے لیکن شاید ہمیں ایسا کرنے کے لیے فرق فرق کام کرنے پڑیں کیونکہ ہم میں سے کچھ ابھی بائبل کورس کر رہے ہیں، کچھ بپتسمہ لے چُکے ہیں اور کچھ ابھی یہوواہ کے خاندان کے ساتھ مل کر اُس کی عبادت نہیں کر رہے۔ تو اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ بائبل کورس کرنے والے لوگ، وہ مسیحی جو بپتسمہ لے چُکے ہیں اور وہ مسیحی جو کلیسیا سے دُور ہو گئے ہیں، فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھا سکتے ہیں۔‏

بائبل کورس کرنے والے لوگ

4.‏ یہوواہ بائبل کورس کرنے والے لوگوں کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہے؟‏

4 بائبل کے طالبِ‌علمو!‏ آپ دل سے یہوواہ اور اُس کے کلام کی سچائیوں کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ آپ کو اپنے قریب لانا چاہتا ہے اور اپنا دوست بنانا چاہتا ہے۔ (‏یوح 6:‏44؛‏ اعما 13:‏48‏)‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ یہوواہ دلوں کو پرکھتا ہے۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ یہ دیکھتا ہے کہ آپ اُس کے بارے میں سیکھنے اور اُس کے اصولوں پر چلنے کے لیے کتنی کوشش کر رہے ہیں۔ (‏اَمثا 17:‏3؛‏ 27:‏11‏)‏ کبھی نہ بھولیں کہ آپ یہوواہ کے ساتھ اِسی لیے پکی دوستی کر پائے ہیں کیونکہ اُس نے اپنے بیٹے کو آپ کے لیے قربان کِیا ہے۔—‏روم 5:‏10، 11‏۔‏

5.‏ بائبل کورس کرنے والا شخص فِلپّیوں 3:‏16 میں لکھے مشورے پر کیسے عمل کر سکتا ہے؟‏

5 آپ فدیے کے لیے قدر کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟ اِس کے لیے آپ پولُس رسول کے اِس مشورے پر عمل کر سکتے ہیں:‏ ”‏بہرحال ہم نے جتنی بھی پختگی حاصل کر لی ہو، آئیں، آگے بڑھتے رہیں۔“‏ (‏فِل 3:‏16‏)‏ تو اِس مشورے پر عمل کرتے ہوئے عزم کریں کہ آپ کسی بھی چیز یا شخص کی وجہ سے زندگی کے راستے پر آگے بڑھنا نہیں چھوڑیں گے۔—‏متی 7:‏14؛‏ لُو 9:‏62‏۔‏

6.‏ اگر بائبل کورس کرنے والے کسی شخص کو بائبل کی کسی سچائی کو قبول کرنا یا خود کو بدلنا مشکل لگتا ہے تو وہ کیا کر سکتا ہے؟ (‏اِستثنا 30:‏11-‏14)‏ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

6 ہو سکتا ہے کہ آپ کو بائبل کی کسی سچائی کو قبول کرنا مشکل لگ رہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو اُس سچائی کے بارے میں اَور زیادہ تحقیق کریں اور یہوواہ سے دُعا کریں کہ وہ اِسے سمجھنے میں آپ کی مدد کرے۔ (‏زبور 86:‏11‏)‏ لیکن اگر اِس کے بعد بھی آپ کو اُس سچائی کو سمجھنا مشکل لگ رہا ہے تو کوشش کریں کہ کچھ وقت کے لیے اُس کے بارے میں زیادہ نہ سوچیں۔ مگر ہمت ہار کر کورس کرنا بند نہ کریں۔ یقیناً آگے چل کر آپ اُس سچائی کو بہتر طور پر سمجھ جائیں گے۔ بائبل کورس کرنے والے کچھ لوگوں کو شاید اُن کاموں کو چھوڑنا مشکل لگے جنہیں یہوواہ پسند نہیں کرتا۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے تو یاد رکھیں کہ یہوواہ کبھی بھی ہم سے کوئی ایسا کام کرنے کے لیے نہیں کہتا جسے ہم نہ کر سکیں۔ تو آپ یہوواہ کو خوش کرنے کے لیے وہ کام چھوڑ سکتے ہیں جنہیں وہ پسند نہیں کرتا۔ ‏(‏اِستثنا 30:‏11-‏14 کو پڑھیں۔)‏ یہوواہ نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ایسا کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ (‏یسع 41:‏10،‏ 13؛‏ 1-‏کُر 10:‏13‏)‏ اِس لیے ہمت نہ ہاریں!‏ اِس بارے میں زیادہ نہ سوچیں کہ آپ کے لیے کون سے کام کرنا مشکل ہیں بلکہ اِس بارے میں سوچیں کہ یہوواہ نے آپ کے لیے کون سے اچھے کام کیے ہیں۔ اُس نے آپ کے لیے اپنا بیٹا قربان کِیا ہے۔ تو جتنی زیادہ آپ اپنے دل میں یہوواہ کے لیے محبت بڑھائیں گے اُتنا ہی زیادہ آپ یہ دیکھ پائیں گے کہ ”‏اُس کے حکم[‏آپ کے لیے]‏بوجھ نہیں ہیں۔“‏—‏1-‏یوح 5:‏3‏۔‏a

ایک آدمی کتاب ”‏خوشیوں بھری زندگی“‏ میں سبق نمبر 40 پڑھ رہا ہے۔ اُس کی میز پر سگریٹ کا ڈبہ ہے اور وہ بہت سے سگریٹ پی چُکا ہے۔‏

یہوواہ کبھی بھی ہمیں کوئی ایسا کام کرنے کو نہیں کہتا جسے ہم نہ کر سکیں۔ وہ ہماری مدد کرتا ہے تاکہ ہم اُس کے اصولوں پر عمل کر سکیں۔ (‏پیراگراف نمبر 6 کو دیکھیں۔)‏


7.‏ وہ نوجوان جن کے امی ابو یہوواہ کے گواہ ہیں، کس بات پر غور کر سکتے ہیں؟‏

7 آئیے اب اُن نوجوانوں کی بات کرتے ہیں جن کے امی ابو یہوواہ کے گواہ ہیں۔ نوجوانو!‏ آپ بھی بائبل کے طالبِ‌علم ہیں۔ سچ ہے کہ آپ کے امی ابو دوسرے لوگوں کو بائبل کورس کراتے ہیں لیکن آپ اُن کے سب سے اہم طالبِ‌علم ہیں۔ بائبل کے ذریعے یہوواہ آپ سے کہہ رہا ہے کہ آپ ”‏[‏اُس]‏کے قریب جائیں تو وہ آپ کے قریب آئے گا۔“‏ (‏یعقو 4:‏8؛‏ 1-‏توا 28:‏9‏)‏ اِس کا مطلب ہے کہ اگر آپ یہوواہ کا پکا دوست بننے کے لیے آگے بڑھیں گے تو وہ بھی آپ کا پکا دوست بننے کے لیے آپ کے قریب آئے گا۔ یاد رکھیں کہ یہوواہ آپ کو اِس لیے اپنے قریب نہیں لانا چاہتا کیونکہ آپ کے امی ابو اُس کے گواہ ہیں بلکہ وہ آپ کو اِس لیے اپنے قریب لانا چاہتا ہے کیونکہ وہ خود آپ کا دوست بننا چاہتا ہے۔ کبھی نہ بھولیں کہ اُس نے آپ کے لیے اپنا بیٹا قربان کِیا ہے تاکہ وہ آپ سے دوستی کر سکے۔ (‏روم 5:‏1، 2‏)‏ اِس لیے اِس سال یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب پر جانے سے پہلے اِس بات پر غور کریں کہ یہوواہ اور یسوع مسیح نے آپ کے لیے کیا کِیا ہے۔ پھر اِس بارے میں سوچیں کہ آپ اپنی زندگی کیسے گزاریں گے اور کون سے منصوبے بنائیں گے تاکہ آپ یہوواہ کو دِکھا سکیں کہ آپ فدیے کے لیے اُس کے بہت شکرگزار ہیں۔‏b

وہ مسیحی جو بپتسمہ لے چُکے ہیں

8.‏ جو مسیحی بپتسمہ لے چُکے ہیں، اُنہوں نے فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھائی ہے؟‏

8 اگر آپ بپتسمہ لے چُکے ہیں تو آپ پہلے سے ہی کئی طریقوں سے یہ ثابت کر چُکے ہیں کہ آپ فدیے کے لیے یہوواہ کے بہت شکرگزار ہیں۔ مثال کے طور پر آپ نے یہوواہ کو خوش کرنے کے لیے اپنی زندگی بدلی اور اُس سے پکی دوستی کی۔ اِس کے علاوہ آپ نے یسوع کے حکم کو مانتے ہوئے دوسروں کو خوش‌خبری سنائی اور اُنہیں یہوواہ اور یسوع کے بارے میں تعلیم دی۔ پھر آپ نے اپنی زندگی یہوواہ کے نام کی اور بپتسمہ لیا۔ شاید دوسروں نے آپ کے اِس فیصلے کی وجہ سے آپ کی مخالفت کی۔ (‏2-‏تیم 3:‏12‏)‏ لیکن آپ پھر بھی یہوواہ کی خدمت کرتے رہے۔ اِس طرح آپ نے ثابت کِیا کہ آپ فدیے کے لیے یہوواہ اور یسوع کے بہت شکرگزار ہیں۔—‏عبر 12:‏2، 3‏۔‏

9.‏ جو مسیحی بپتسمہ لے چُکے ہیں، اُنہیں کس خطرے سے محتاط رہنا چاہیے؟‏

9 اگر ہمیں بپتسمہ لیے ہوئے کچھ وقت ہو گیا ہے تو ہو سکتا ہے کہ ہمارے دل میں اِس بات کی قدر کم ہونے لگے کہ فدیے کی وجہ سے ہمیں کتنا فائدہ ہوا ہے۔ اِس سلسلے میں غور کریں کہ پہلی صدی عیسوی میں اِفسس کے مسیحیوں کے ساتھ کیا ہوا تھا۔ وہ مشکلوں میں یہوواہ کے وفادار رہے تھے اور یسوع مسیح نے اِس بات کے لیے اُن کی بہت تعریف کی تھی۔ لیکن یسوع نے اُن سے یہ بھی کہا:‏ ”‏مجھے آپ سے یہ شکایت ہے کہ آپ کی محبت ویسی نہیں رہی جیسی شروع میں تھی۔“‏ (‏مُکا 2:‏3، 4‏)‏ یسوع کی بات سے پتہ چلتا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایک مسیحی پورے دل سے یہوواہ کی خدمت کرنا چھوڑ سکتا ہے۔ شاید وہ یہوواہ سے دُعا تو کرے اور عبادتوں اور مُنادی میں بھی جائے لیکن وہ ایسا محبت کی وجہ سے نہ کرے بلکہ اِس لیے کرے کیونکہ وہ اِن کاموں کو کرنے کا عادی ہو گیا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے دل میں یہوواہ کے لیے پہلے جیسی محبت نہیں رہی تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

10.‏ ہم اُس نصیحت پر کیسے عمل کر سکتے ہیں جو پولُس نے تیمُتھیُس کو کی؟ (‏1-‏تیمُتھیُس 4:‏13،‏ 15‏)‏

10 پولُس نے تیمُتھیُس کو نصیحت کی کہ وہ یہوواہ کی خدمت کرنے میں مگن رہیں اور ہمیشہ اِس بات پر سوچ بچار کریں کہ وہ کس طرح سے یہوواہ کی خدمت کر رہے ہیں۔ ‏(‏1-‏تیمُتھیُس 4:‏13،‏ 15 کو پڑھیں۔)‏ آپ بھی اِس بات پر سوچ بچار کر سکتے ہیں کہ آپ ”‏پاک روح سے دہکتے“‏ رہنے یعنی جوش سے یہوواہ کی خدمت کرتے رہنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ (‏روم 12:‏11‏)‏ مثال کے طور پر آپ اُن حصوں کی اچھی تیاری کر سکتے ہیں جن پر عبادت کے دوران بات کی جائے گی۔ اِس طرح آپ پورے دھیان سے عبادت میں بتائی جانے والی باتوں کو سُن سکیں گے۔ اِس کے علاوہ آپ بائبل کا مطالعہ کرتے وقت کسی ایسی جگہ جا سکتے ہیں جہاں خاموشی ہو اور آپ کا دھیان نہ بھٹکے۔ اِس طرح آپ اُن باتوں پر اچھی طرح سے غور کر سکیں گے جو آپ پڑھ رہے ہیں اور آپ کو مطالعہ کرنے سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ جس طرح آگ کو جلائے رکھنے کے لیے اُس میں لکڑیاں ڈالنی پڑتی ہیں اُسی طرح ہمیں اپنے دل میں فدیے کے لیے قدر بڑھانے کے لیے اِن کاموں کو کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ اِس کے علاوہ ہم مسیح کی موت کی یادگاری تقریب سے پہلے والے ہفتوں میں اُن خاص برکتوں پر بھی غور کر سکتے ہیں جو ہمیں یہوواہ کا گواہ ہونے کی وجہ سے ملی ہیں۔ یقیناً اِن برکتوں پر غور کرنے سے ہمارے دل میں فدیے کے لیے اَور زیادہ قدر بڑھے گی جس کی وجہ سے ہم یہوواہ کے اِتنے قریب ہو پائے ہیں۔‏

11-‏12.‏ اگر کبھی کبھار آپ کو لگتا ہے کہ اب آپ میں یہوواہ کی خدمت کرنے کے لیے پہلے جیسا جوش نہیں رہا تو کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ یہوواہ نے آپ کو اپنی پاک روح دینا چھوڑ دی ہے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

11 اگر کبھی کبھار آپ کو لگتا ہے کہ اب آپ اُتنے جوش سے یہوواہ کی خدمت نہیں کر رہے جتنے جوش سے پہلے کِیا کرتے تھے تو یہ نہ سوچیں کہ اب یہوواہ نے آپ کو اپنی پاک روح دینا چھوڑ دی ہے۔ یاد کریں کہ پولُس نے کُرنتھیوں کے خط میں کیا بتایا تھا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اگر مَیں یہ کام اپنی مرضی کے خلاف کروں تو بھی مجھے خوش‌خبری سنانے کی ذمے‌داری دی گئی ہے۔“‏ (‏1-‏کُر 9:‏17‏)‏ پولُس کی اِس بات کا کیا مطلب تھا؟‏

12 پولُس کی بات سے پتہ چلتا ہے کہ کبھی کبھار اُن کا مُنادی کرنے کو دل نہیں چاہتا تھا۔ لیکن وہ پھر بھی مُنادی کرتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ایسا کرنا اُن کی ذمے‌داری ہے۔ تو پولُس کی طرح آپ بھی اِس بات کا پکا اِرادہ کر سکتے ہیں کہ آپ اُس وقت بھی صحیح کام کرتے رہیں گے جب آپ کا ایسا کرنے کو دل نہیں چاہے گا۔ اِس کے لیے آپ یہوواہ سے دُعا کر سکتے ہیں کہ وہ آپ میں ”‏ایسے کام کرنے کی خواہش اور طاقت پیدا[‏کرے]‏جو اُسے پسند ہیں۔“‏ (‏فِل 2:‏13‏)‏ اُن کاموں میں مگن رہیں جن سے آپ یہوواہ کے قریب رہ سکیں۔ پھر آپ اِس بات کا پکا یقین رکھ سکتے ہیں کہ کچھ وقت بعد آپ کے دل میں پھر سے یہوواہ کے لیے محبت بڑھ جائے گی۔‏

ایک بہن بہت بے‌حوصلہ ہے اور وہ ایک بڑی عمر کی بہن کے ساتھ مل کر مُنادی کر رہی ہے۔ اُس بہن کا بچہ پریم میں ہے اور بڑی عمر والی بہن نے اُس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے اُس کے کندھے پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔‏

اُن کاموں کو کرتے رہیں جن سے آپ یہوواہ کے قریب رہ سکیں، بھلے ہی کبھی کبھار آپ کا اِنہیں کرنے کو دل نہ چاہے۔ (‏پیراگراف نمبر 11-‏12 کو دیکھیں۔)‏


13.‏ ہم یہ اندازہ کیسے لگا سکتے ہیں کہ ہم ”‏سیدھی راہ پر چل رہے ہیں یا نہیں“‏؟‏

13 پولُس رسول نے 2-‏کُرنتھیوں 13:‏5 میں کہا:‏ ”‏اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ آپ سیدھی راہ پر چل رہے ہیں یا نہیں؛ بار بار اپنے آپ کو پرکھیں۔“‏ تو ہمیں اکثر اِس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہم اُس طرح سے زندگی گزار رہے ہیں جس طرح سے یہوواہ چاہتا ہے؟ ہم اپنا جائزہ لینے کے لیے خود سے یہ سوال پوچھ سکتے ہیں:‏ ”‏کیا میری زندگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مَیں یہوواہ کی خدمت کو سب سے اہم سمجھتا ہوں؟“‏ (‏متی 6:‏33‏)‏ ”‏مَیں جس طرح کی فلمیں یا ڈرامے دیکھتا ہوں یا اپنے فارغ وقت میں جو کام کرتا ہوں، کیا اُن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مَیں ”‏بُرائی سے نفرت“‏ کرتا ہوں؟“‏ (‏زبور 97:‏10‏)‏ ”‏کیا مَیں اپنی باتوں اور کاموں سے کلیسیا میں اِتحاد کو قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہوں؟“‏ (‏اِفِس 4:‏2، 3‏)‏ مسیح کی موت کی یادگاری تقریب سے پہلے اِن باتوں پر غور کرنا بہت اچھی بات ہے۔ جب ہم اِس بارے میں سوچیں گے کہ یہوواہ اور یسوع مسیح نے ہمارے لیے کیا کچھ کِیا ہے تو ہمارے دل میں یہوواہ کا شکرگزار ہونے کی خواہش بڑھے گی اور ہم اپنے لیے نہیں بلکہ مسیح کے لیے جئیں گے۔‏c

یہوواہ کی وہ بھیڑیں جو اُس سے دُور ہو گئی ہیں

14.‏ ہمارے کچھ بہن بھائیوں نے شاید کس وجہ سے عبادتوں اور مُنادی میں جانا چھوڑ دیا ہے؟‏

14 ہمارے کچھ بہن بھائیوں نے کچھ وقت سے عبادتوں اور مُنادی میں جانا چھوڑ دیا ہے۔ اِن میں سے کچھ بہن بھائی تو ایسے ہیں جو کافی سالوں سے وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کر رہے تھے۔ لیکن اِن بہن بھائیوں نے ایسا کرنا کیوں چھوڑ دیا؟ شاید کچھ ”‏زندگی کی فکروں“‏ کی وجہ سے اِتنا دب گئے ہیں کہ اُنہیں لگتا ہے کہ اُن میں یہوواہ کی خدمت کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ (‏لُو 21:‏34‏)‏ اور شاید کچھ بہن بھائی اپنے کسی ہم‌ایمان کی بات کی وجہ سے دُکھی یا ناراض ہیں۔ (‏یعقو 3:‏2‏)‏ اِس کے علاوہ شاید کچھ بہن بھائیوں نے کوئی بڑی غلطی کی ہے اور وہ مدد مانگنے میں شرمندگی محسوس کر رہے ہیں۔ اگر اب آپ یہوواہ کے خاندان کے اُتنے قریب نہیں رہے جتنے پہلے تھے تو آپ فدیے کے لیے قدر دِکھاتے ہوئے کیا کر سکتے ہیں؟‏

15.‏ یہ کیسے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ کو اپنی اُن بھیڑوں کی بہت فکر ہے جو اُس سے دُور ہو گئی ہیں؟ (‏حِزقی‌ایل 34:‏11، 12، 16)‏

15 غور کریں کہ یہوواہ اپنی اُن بھیڑوں کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہے جو اُس سے دُور ہو گئی ہیں۔ وہ اُن سے ناراض نہیں ہے اور نہ ہی وہ اُنہیں بھولا ہے۔ اِس کی بجائے وہ اُنہیں ڈھونڈتا ہے اور جب وہ اُسے مل جاتی ہیں تو وہ اُنہیں اپنے پاس آنے کو کہتا ہے اور اُنہیں روحانی طور پر کھلاتا پلاتا ہے۔ ‏(‏حِزقی‌ایل 34:‏11، 12، 16 کو پڑھیں۔)‏ یہوواہ آپ کے لیے بھی یہ سب کچھ کر رہا ہے۔ آپ کا اِس مضمون کو پڑھنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ آپ ابھی بھی یہوواہ کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ جب یہوواہ آپ کو اپنے قریب لایا تھا تو اُس نے آپ کے دل میں چھپی اچھائیوں کو دیکھا تھا۔ وہ ابھی بھی آپ کی اچھائیوں کو دیکھتا ہے اور چاہتا ہے کہ آپ اُس کے پاس لوٹ آئیں۔‏

16.‏ یہوواہ کی کھوئی ہوئی بھیڑیں اُس کی طرف کیسے لوٹ سکتی ہیں؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

16 ذرا کتاب ‏”‏یہوواہ کے پاس لوٹ آئیں“‏ میں لکھی اِس بات پر غور کریں:‏ ”‏یہوواہ خدا اپنی بانہیں پھیلائے آپ کے لوٹنے کا اِنتظار کر رہا ہے۔ وہ زندگی کی فکروں کا مقابلہ کرنے اور اپنے دل سے ناراضگی کو ختم کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ وہ آپ کے ضمیر سے بوجھ بھی اُتار دے گا تاکہ آپ کو اِطمینان اور سکون ملے۔ اِس طرح آپ کے دل میں پھر سے یہ شوق پیدا ہوگا کہ آپ اپنے ہم‌ایمانوں کے ساتھ مل کر یہوواہ کی خدمت کریں۔“‏ یہ بھی یاد رکھیں کہ کلیسیا کے بزرگ آپ کی مدد کرنے کے لیے بے‌تاب ہیں۔ وہ آپ کے لیے ”‏آندھی سے چھپنے کی جگہ“‏ اور ”‏طوفانی بارش میں پناہ‌گاہ کی طرح“‏ ثابت ہوں گے۔ (‏یسع 32:‏2‏)‏ ہم جانتے ہیں کہ آپ دل سے فدیے کی قدر کرتے ہیں اور یہوواہ کو بھی یہ دِکھانا چاہتے ہیں کہ آپ اِس تحفے کے لیے اُس کے بہت شکرگزار ہیں۔ تو کیوں نہ اِس بارے میں سوچیں کہ آپ یہوواہ کے ساتھ معاملہ نمٹانے کے لیے کون سے قدم اُٹھائیں گے؟ (‏یسع 1:‏18؛‏ 1-‏پطر 2:‏25‏)‏ مثال کے طور پر آپ یہوواہ کی عبادت کرنے کے لیے عبادت‌گاہ میں جا سکتے ہیں اور آپ کلیسیا کے کسی بزرگ کو بتا سکتے ہیں کہ آپ کو یہوواہ کی طرف لوٹنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔ وہ بزرگ کسی بہن یا بھائی کا بندوبست کر سکتا ہے جو کچھ وقت کے لیے آپ کو بائبل کورس کرا سکتا ہے۔ یقین مانیں کہ یہوواہ آپ کی اُن کوششوں پر ضرور برکت دے گا جو آپ اُس کی طرف لوٹنے اور اُس کے بیٹے کی قربانی کے لیے قدر دِکھانے کے لیے کریں گے۔‏

ایک بوڑھے آدمی کے ہاتھ میں بائبل ہے اور وہ عبادت‌گاہ کے باہر کھڑا ہوا ہے۔ وہ تھوڑا دُور کھڑا ہوا بہن بھائیوں کو دیکھ رہا ہے جو بڑی خوشی سے ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔‏

یہوواہ کے ساتھ معاملہ نمٹانے کے لیے قدم اُٹھائیں۔ (‏پیراگراف نمبر 16 کو دیکھیں۔)‏


آپ کیا کریں گے؟‏

17-‏18.‏ ہم مسیح کی موت کی یادگاری تقریب کے آنے سے پہلے اپنے وقت کا سمجھ‌داری سے اِستعمال کیسے کر سکتے ہیں؟‏

17 یسوع مسیح نے بتایا کہ یہوواہ نے اُنہیں اپنی جان قربان کرنے کے لیے بھیجا ”‏تاکہ جو کوئی[‏اُن]‏پر ایمان ظاہر کرے، وہ ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے۔“‏ (‏یوح 3:‏16‏)‏ یسوع کی قربانی کے ذریعے یہوواہ ہمیں گُناہ اور موت کے بوجھ سے آزاد کرتا ہے۔ یسوع کی قربانی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ ہمیں کبھی بھی اپنے دل میں اِس کے لیے قدر کم نہیں ہونے دینی چاہیے۔ (‏روم 3:‏23، 24؛‏ 2-‏کُر 6:‏1‏)‏ تو مسیح کی موت کی یادگاری تقریب سے پہلے والے دنوں میں اِس بات پر غور کریں کہ یہوواہ اور یسوع نے ہمارے لیے محبت کیسے دِکھائی ہے اور اُن کی محبت کی وجہ سے ہمارے دل میں کیا کرنے کی خواہش پیدا ہونی چاہیے۔‏

18 تو آپ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھائیں گے؟ شاید ہم جس طرح سے اِس تحفے کے لیے قدر دِکھائیں، وہ دوسروں سے فرق ہو۔ لیکن ہم اِس بات کا پکا یقین رکھ سکتے ہیں کہ جب ہم اپنے لاکھوں بہن بھائیوں کی طرح ’‏اپنے لیے نہیں بلکہ اُس کے لیے جئیں گے جس نے ہمارے لیے جان دے دی‘‏ تو یہوواہ ہمیں ضرور برکت دے گا۔—‏2-‏کُر 5:‏15‏۔‏

آپ اِن سوالوں کے کیا جواب دیں گے:‏

  • بائبل کورس کرنے والے لوگ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھا سکتے ہیں؟‏

  • جو مسیحی بپتسمہ لے چُکے ہیں، وہ فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھا سکتے ہیں؟‏

  • یہوواہ کی وہ بھیڑیں فدیے کے لیے قدر کیسے دِکھا سکتی ہیں جو اُس سے دُور ہو گئی ہیں؟‏

گیت نمبر 14 بادشاہ یسوع کی حمد کرو!‏

a آپ بائبل سے سیکھی ہوئی باتوں پر عمل کرنے کے لیے کتاب ‏”‏خوشیوں بھری زندگی!‏“‏ کے ہر سبق کے آخر میں دیے گئے بکس ”‏اب یہ کرنا ہے“‏ کو اِستعمال کر سکتے ہیں۔‏

b یہ دیکھنے کے لیے کہ آپ کس طرح کے منصوبے بنا سکتے ہیں، دسمبر 2017ء کے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ میں یہ مضمون دیکھیں:‏ ”‏نوجوانو، ”‏نجات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔“‏‏“‏

c یہ دیکھنے کے لیے کہ آپ کن کن طریقوں سے یہوواہ کے لیے شکرگزاری ظاہر کر سکتے ہیں، 1 اگست 1995ء کے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ میں یہ مضمون دیکھیں:‏ ”‏کونسی چیز آپ کو خدا کی خدمت کرنے کی تحریک دیتی ہے؟‏‏“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں