یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 1/‏11 ص.‏ 3-‏6
  • خاندانوں کے لئے ایک خاص بندوبست

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • خاندانوں کے لئے ایک خاص بندوبست
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۱
  • ملتا جلتا مواد
  • خاندانی عبادت—‏کیا آپ اِسے اَور دلچسپ بنا سکتے ہیں؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2014ء
  • مسیحی گھرانو، ”‏تیار رہو“‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—2011ء
  • خاندان کے طور پر باقاعدگی سے خدا کے کلام کا مطالعہ کریں
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • خاندانو، خدا کی کلیسیا کے حصے کے طور پر اُسکی حمد کرو
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
مزید
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۱
خدم 1/‏11 ص.‏ 3-‏6

خاندانوں کے لئے ایک خاص بندوبست

۱.‏ اسرائیلیوں کو سبت کے دن سے کیا فائدہ ہوتا تھا؟‏

۱ یہوواہ خدا اسرائیلیوں سے بہت محبت کرتا تھا۔ اُس کی محبت کا ایک ثبوت یہ تھا کہ اُس نے اُن کے لئے سبت کا دن مقرر کِیا جس میں وہ آرام کر سکتے تھے۔ اُنہیں اِس دن پر یہ سوچنے کا موقع ملتا تھا کہ یہوواہ خدا نے اُن پر کتنی مہربانیاں کی ہیں اور وہ یہوواہ خدا کی قربت میں رہنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں۔ والدین اِس وقت کو یہوواہ خدا کی شریعت اپنے بچوں کے دل پر نقش کرنے کے لئے استعمال کر سکتے تھے۔ (‏است ۶:‏۶، ۷)‏ بنی‌اسرائیل سبت کے دن کو یہوواہ کی عبادت کا ایک خاص موقع خیال کرتے تھے۔‏

۲.‏ سبت کے بندوبست سے ہم یہوواہ کے بارے میں کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

۲ آج‌کل یہوواہ خدا اپنے خادموں سے سبت کا دن ماننے کی توقع نہیں کرتا۔ لیکن سبت کے بندوبست سے ہم یہ ضرور سیکھتے ہیں کہ یہوواہ خدا اپنے لوگوں کا خیال رکھتا ہے اور چاہتا ہے کہ وہ روحانی طور پر مضبوط رہیں۔ (‏یسع ۴۸:‏۱۷، ۱۸‏)‏ آج‌کل یہوواہ کی محبت اِس سے ظاہر ہوتی ہے کہ اُس نے اپنے لوگوں کے لئے خاندانی عبادت کا بندوبست کِیا ہے۔‏

۳.‏ خاندانی عبادت کا مقصد کیا ہے؟‏

۳ خاندانی عبادت کا مقصد کیا ہے؟‏ پہلے کلیسیائی کتابی مطالعہ الگ دن پر منعقد ہوتا تھا۔ لیکن جنوری ۲۰۰۹ء سے یہ مسیحی خدمتی سکول اور خدمتی اجلاس والے دن ہی ہوتا ہے۔ اِس تبدیلی کا مقصد یہ تھا کہ خاندان ہر ہفتے مل کر عبادت کرنے کے لئے وقت نکالیں اور یوں خدا کی قربت میں رہیں۔ سب کو یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ اگر ممکن ہو تو وہ اپنا خاندانی مطالعہ اُسی شام کریں جس پر پہلے کتابی مطالعہ ہوتا تھا۔ اِس طرح اُنہیں مل کر بائبل کا مطالعہ کرنے اور اپنے خاندان کی ضروریات پر گفتگو کرنے کے لئے کافی وقت ملے گا۔‏

۴.‏ خاندانی عبادت کے لئے کتنا وقت صرف کِیا جا سکتا ہے؟‏

۴ کلیسیائی کتابی مطالعے پر جانے کے لئے ہمیں تیار ہونے، سفر کرنے وغیرہ میں وقت لگتا تھا۔ کتابی مطالعہ تو ایک گھنٹے کا ہوتا تھا مگر ہمیں اِس پر جانے کے لئے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت صرف کرنا پڑتا تھا۔ لیکن اب ہم اِس وقت کو خاندانی عبادت کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ لہٰذا یہ ضروری نہیں کہ خاندانی عبادت صرف ایک گھنٹے کے لئے ہی کی جائے۔ آپ خاندانی عبادت میں اُتنا ہی وقت صرف کر سکتے ہیں جتنا خاندان کے لئے مناسب ہو۔‏

۵.‏ کیا خاندانی عبادت کے دوران سارا وقت مل کر مطالعہ کرنا ضروری ہے؟‏

۵ کیا یہ ضروری ہے کہ خاندانی عبادت کے دوران سارا وقت مل کر ہی مطالعہ کِیا جائے؟‏ جب خاندان کے افراد مل کر بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں تو اُن کی بات‌چیت سے ایک دوسرے کی حوصلہ‌افزائی ہوتی ہے۔ (‏روم ۱:‏۱۲‏)‏ خاندان کے افراد میں محبت بڑھتی ہے۔ اِس لئے خاندانی عبادت کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ خاندان مل کر بائبل کا مطالعہ کرے۔ لیکن وہ مل کر مطالعہ کرنے کے بعد الگ‌الگ مطالعہ بھی کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب اُنہوں نے مل کر مطالعہ کر لیا ہے تو ہر فرد خود ہی اجلاس کی تیاری کرنے یا پھر مینارِنگہبانی اور جاگو!‏ پڑھنے میں وقت صرف کر سکتا ہے۔ بعض خاندانوں نے یہ فیصلہ کِیا ہے کہ وہ خاندانی عبادت والی شام ٹی‌وی بند رکھیں گے۔‏

۶.‏ آپ خاندانی عبادت کیسے کر سکتے ہیں؟‏

۶ آپ خاندانی عبادت کیسے کر سکتے ہیں؟‏ یہ ضروری نہیں کہ خاندانی عبادت ہمیشہ سوال اور جواب کی صورت میں ہی کی جائے۔ جس طرح کلیسیا کے اجلاسوں پر مختلف حصے پیش کئے جاتے ہیں اُسی طرح کچھ خاندان اپنی خاندانی عبادت کو بھی مختلف حصوں میں تقسیم کر لیتے ہیں۔ مثال کے طور پر وہ مل کر بائبل پڑھتے ہیں، اجلاسوں کی تیاری کرتے ہیں اور مُنادی کے کام میں لوگوں سے بات‌چیت کرنے کی مشق کرتے ہیں۔ یوں سب افراد بڑے شوق سے خاندانی عبادت میں شریک ہوتے ہیں۔ اِس کے لئے صفحہ ۶ پر کچھ اَور تجاویز دی گئی ہیں۔‏

۷.‏ والدین خاندانی عبادت کے لئے بچوں میں شوق کیسے بڑھا سکتے ہیں؟‏

۷ والدین خاندانی عبادت کے لئے بچوں میں شوق کیسے بڑھا سکتے ہیں؟‏ اگر خاندانی عبادت آرام‌دہ ماحول میں کی جاتی ہے تو سب افراد کو بہت فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ اگر موسم اچھا ہو تو آپ باہر بیٹھ کر بھی مطالعہ کر سکتے ہیں۔ ضروری ہو تو وقفہ بھی لیا جا سکتا ہے۔ بعض خاندان مطالعہ کرنے کے بعد چائے وغیرہ بھی پیتے ہیں۔ خاندانی عبادت بچوں کو ٹوکنے کا موقع نہیں ہے۔ بعض اوقات کسی ایسے مسئلے پر بات کرنا ضروری ہو سکتا ہے جو گھر والوں میں پیدا ہو رہا ہے۔ لیکن اگر کسی بچے کو اصلاح کی ضرورت ہے تو سب کے سامنے اُس کی اصلاح نہ کریں بلکہ اُسے اکیلے میں سمجھائیں۔ یوں اُسے اپنے دوسرے بہن‌بھائیوں کے سامنے شرمندگی نہیں ہوگی۔ یہوواہ خدا ہمیں خوش دیکھنا چاہتا ہے۔ اِس لئے خاندانی عبادت کو اُکتاہٹ کا باعث نہیں ہونا چاہئے۔‏

۸، ۹.‏ خاندان کے سربراہ کیسے تیاری کر سکتے ہیں؟‏

۸ خاندان کا سربراہ تیاری کیسے کر سکتا ہے؟‏ اگر خاندان کا سربراہ پہلے سے یہ طے کرتا ہے کہ خاندانی عبادت میں کن معاملات پر بات کی جائے گی تو اِس سے گھر کے سب افراد کو فائدہ ہوتا ہے۔ (‏امثا ۲۱:‏۵‏)‏ شوہر اِس سلسلے میں اپنی بیوی سے مشورہ کر سکتا ہے۔ (‏امثا ۱۵:‏۲۲‏)‏ کبھی‌کبھار بچوں سے بھی رائے لی جا سکتی ہے۔ ایسا کرنے سے آپ کو پتہ چل سکتا ہے کہ اُن کی ضروریات اور مسائل کیا ہیں۔‏

۹ خاندان کے سربراہ کو اکثر تیاری میں زیادہ وقت صرف نہیں کرنا پڑتا ہے۔ خاندانی عبادت میں کچھ حصے شاید ہر ہفتے شامل کئے جا سکتے ہیں۔ لہٰذا سربراہ کو ہر ہفتے کے لئے کوئی نیا پروگرام تیار کرنے کی ضرورت نہیں۔ شاید وہ خاندانی عبادت کے فوراً بعد اگلی بار کے لئے تیاری کر سکتا ہے کیونکہ اُس وقت گھر والوں کی ضروریات اُس کے ذہن میں تازہ ہی ہوں گی۔ بعض خاندانوں کے سربراہ اگلی خاندانی عبادت کا پروگرام لکھ کر کسی ایسی جگہ رکھتے ہیں جہاں سب اِسے آسانی سے دیکھ سکیں، مثلاً وہ فریج پر لگا دیتے ہیں۔ اِس طرح خاندان کو تیاری کرنے کا موقع ملتا ہے اور وہ اِس کے منتظر رہتے ہیں۔‏

۱۰.‏ اگر آپ اکیلے ہیں تو آپ خاندانی عبادت کے وقت کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟‏

۱۰ اگر آپ اکیلے ہیں تو آپ خاندانی عبادت کیسے کر سکتے ہیں؟‏ اگر آپ اکیلے ہیں تو آپ خاندانی عبادت کے وقت کو ذاتی مطالعے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ بائبل پڑھ سکتے ہیں، اجلاسوں کی تیاری کر سکتے ہیں اور مینارِنگہبانی اور جاگو!‏ پڑھ سکتے ہیں۔ بعض مبشر ذاتی مطالعے میں مختلف موضوعات پر تحقیق کرتے ہیں۔ کبھی‌کبھار وہ کسی اَور مبشر یا خاندان کو اپنے ساتھ مطالعے میں شامل ہونے کے لئے بلا‌تے ہیں۔‏

۱۱، ۱۲.‏ باقاعدگی سے خاندانی عبادت کرنے کے فائدے کیا ہیں؟‏

۱۱ باقاعدگی سے خاندانی عبادت کرنے کے فائدے کیا ہیں؟‏ جو لوگ دل سے خدا کی عبادت کرتے ہیں، اُنہیں یہوواہ خدا کی قربت حاصل ہوتی ہے۔ نیز جو خاندان مل کر عبادت کرتے ہیں، اُن میں محبت بڑھتی ہے۔ ایک شوہر اور بیوی نے اِس سلسلے میں بتایا:‏ ”‏ہم دونوں پائنیر کے طور پر خدمت کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنی خاندانی عبادت کا انتظار رہتا ہے۔ ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ خاندانی عبادت کرنے سے نہ صرف ہمارا بندھن مضبوط ہو رہا ہے بلکہ ہم یہوواہ کے بھی قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ جب ہماری خاندانی عبادت کا دن آتا ہے تو ہم صبح اُٹھتے ہی ایک دوسرے سے کہتے ہیں کہ ”‏آہا!‏ آج شام کو تو ہماری خاندانی عبادت ہوگی!‏“‏“‏

۱۲ خاندانی عبادت کا بندوبست اُن خاندانوں کے لئے بھی بہت فائدہ‌مند ہے جو عام طور پر بہت مصروف رہتے ہیں۔ ایک بہن اکیلی اپنے دو بیٹوں کی پرورش کر رہی ہے اور باقاعدہ پائنیر کے طور پر خدمت بھی کر رہی ہے۔ اُس نے لکھا:‏ ”‏پہلے ہمیں خاندانی مطالعہ کرنا مشکل لگتا تھا۔ مَیں بہت تھک جاتی تھی اِس لئے باقاعدگی سے مطالعہ نہیں ہو پاتا تھا۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آتی تھی کہ مَیں اتنی زیادہ مصروفیت کے ساتھ‌ساتھ مطالعے کے لئے وقت کیسے نکالوں۔ مَیں اپنے اِس خط میں خاندانی عبادت کے بندوبست کے لئے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ اِس بندوبست کی بدولت ہم باقاعدگی سے خاندانی مطالعہ کر رہے ہیں اور بہت سے فائدے حاصل کر رہے ہیں۔“‏

۱۳.‏ آپ کو خاندانی عبادت کے بندوبست سے کس صورت میں فائدہ ہوگا؟‏

۱۳ جس طرح سبت کا دن اسرائیلیوں کے لئے ایک نعمت تھا اُسی طرح خاندانی عبادت کا بندوبست ہمارے لئے یہوواہ خدا کی ایک نعمت ہے۔ (‏یعقو ۱:‏۱۷‏)‏ جب بنی‌اسرائیل سبت کے بندوبست کی قدر کرتے تھے تو اُنہیں یہوواہ خدا کی قربت حاصل ہوتی تھی۔ اِسی طرح ہم خاندانی عبادت کے بندوبست کی جتنی زیادہ قدر کریں گے اُتنا ہی ہمارے خاندان کو فائدہ ہوگا۔ (‏۲-‏کر ۹:‏۶؛‏ گل ۶:‏۷، ۸؛‏ کل ۳:‏۲۳، ۲۴‏)‏ اگر ہم خوشی سے خاندانی عبادت کرتے ہیں تو ہمارے گھر کا ہر فرد زبور نویس کی طرح یہ کہنے کے قابل ہوگا:‏ ”‏میرے لئے یہی بھلا ہے کہ خدا کی نزدیکی حاصل کروں۔ مَیں نے [‏یہوواہ]‏ خدا کو اپنی پناہ‌گاہ بنا لیا ہے۔“‏—‏زبور ۷۳:‏۲۸‏۔‏

‏[‏صفحہ ۵ پر عبارت]‏

یہوواہ خدا ہمیں خوش دیکھنا چاہتا ہے۔ اِس لئے خاندانی عبادت کو اُکتاہٹ کا باعث نہیں ہونا چاہئے۔‏

‏[‏صفحہ ۶ پر بکس]‏

سنبھال کر رکھیں

خاندانی عبادت کے لئے چند تجاویز

بائبل کی پڑھائی:‏

‏• بائبل کے اُن ابواب کو مل کر پڑھیں جن میں سے مسیحی خدمتی سکول میں اہم نکات پیش کئے جائیں گے۔ اگر اِن ابواب میں کچھ کرداروں کے درمیان گفتگو درج ہے تو گھر کا ہر فرد ایک‌ایک کردار کے الفاظ پڑھ سکتا ہے۔‏

‏• بائبل کے جس حصے کو آپ پڑھ رہے ہیں، اُسے ڈرامے کی صورت میں پیش کریں۔‏

‏• گھر کے ہر فرد کو پہلے سے بتائیں کہ اُسے کونسا باب پڑھنا ہے اور اُس سے کہیں کہ وہ اُس باب کے متعلق ایک یا دو سوال لکھے۔ پھر خاندانی عبادت میں سب کے سوالوں پر مل کر تحقیق کریں۔‏

‏• ہر ہفتے ایک کارڈ پر کوئی آیت لکھیں اور اُسے زبانی یاد کرنے کی کوشش کریں۔ یہ سارے کارڈ سنبھال کر رکھیں اور دیکھیں کہ آپ کو کتنی آیتیں یاد ہو گئی ہیں۔‏

اجلاسوں کی تیاری کریں:‏

‏• خاندانی عبادت میں مل کر اجلاسوں کی تیاری کریں۔‏

‏• اگلے اجلاس پر گائے جانے والے گیتوں کی ریہرسل کریں۔‏

‏• اگر مسیحی خدمتی سکول میں گھر کے کسی فرد کی تقریر ہو یا خدمتی اجلاس میں مظاہرہ ہو تو وہ اِس کے بارے میں گھر والوں سے مشورہ کر سکتا ہے یا اُن کے سامنے اِس کی مشق کر سکتا ہے۔‏

گھر والوں کی ضروریات پر بات کریں:‏

‏• جاگو!‏ رسالے میں شائع ہونے والے مضمون ”‏نوجوانوں کا سوال“‏ کو مل کر پڑھیں۔‏

‏• سکول میں بچوں کو پیش آنے والے مسائل پر بات کریں اور سوچیں کہ اِنہیں کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔‏

‏• بچوں کو جن مسائل کا سامنا ہے اُنہیں ڈرامہ کی صورت میں پیش کریں۔ اِس میں بچے والدین کا اور والدین بچوں کا کردار ادا کریں۔ بچے ایک مسئلے کے بارے میں تحقیق کرکے والدین کو سمجھائیں جو اُس وقت بچوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔‏

مُنادی کے کام کی مشق کریں:‏

‏• کوئی کتاب یا رسالہ پیش کرنے کی مشق کریں۔‏

‏• آپس میں گفتگو کریں کہ یادگاری والے مہینے یا چھٹیوں میں گھر کے افراد مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لینے کے لئے کیا کر سکتے ہیں۔‏

‏• گھر کے ہر فرد کو اِس بات پر تحقیق کرنے کے لئے کچھ وقت دیں کہ وہ مُنادی کے کام میں پوچھے جانے والے سوالوں کا جواب کیسے دے گا۔ پھر مل کر مشق کریں۔‏

مزید تجاویز:‏

‏• نئے رسالوں میں سے کوئی مضمون پڑھیں۔‏

‏• گھر کا ہر فرد نئے رسالوں میں سے کوئی دلچسپ مضمون پڑھ سکتا ہے۔ پھر وہ خاندانی عبادت میں دوسروں کو اِس مضمون کے اہم نکات بتا سکتا ہے۔‏

‏• کبھی‌کبھار دوسرے بہن‌بھائیوں کو اپنی خاندانی عبادت میں بلا‌ئیں اور اُن سے پوچھیں کہ وہ یہوواہ کی خدمت میں آگے بڑھنے کے لئے کیا کر رہے ہیں۔‏

‏• سوسائٹی کی کوئی ویڈیو دیکھیں اور اُس پر بات‌چیت کریں۔‏

‏• جاگو!‏ رسالے میں شائع ہونے والے مضمون ”‏خاندان کے لئے“‏ کو مل کر پڑھیں۔‏

‏• مینارِنگہبانی رسالے میں شائع ہونے والے مضمون ”‏ہمارے نوجوانوں کے لئے“‏ اور ”‏اپنے بچوں کے ساتھ مل کر پڑھیں“‏ پر غور کریں۔‏

‏• صوبائی اجتماع پر ملنے والی کوئی نئی کتاب پڑھیں۔‏

‏• اگر آپ کچھ دیر پہلے کسی اجتماع میں شریک ہوئے تھے تو اُس کے اہم نکات پر گفتگو کریں۔‏

‏• یہوواہ کی بنائی ہوئی چیزوں پر غور کریں اور پھر آپس میں گفتگو کریں کہ آپ اِن چیزوں سے یہوواہ خدا کے بارے میں کیا سیکھ سکتے ہیں۔‏

‏• بائبل میں بتائی گئی جگہوں کا نقشہ بنائیں، بائبل میں بتائی گئی کسی چیز کا ماڈل بنائیں یا پھر کوئی چارٹ بنائیں۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں