سبق نمبر 7
بُرجِبابل
طوفان کے بعد نوح کے بیٹوں کے بہت سے بچے ہوئے۔ اُن کے گھرانے بڑھنے لگے اور یہوواہ کی بات مانتے ہوئے وہ زمین کے فرق فرق حصوں میں پھیل گئے۔
لیکن کچھ گھرانوں نے یہوواہ کی بات نہیں مانی۔ اُنہوں نے کہا: ”آؤ، ہم ایک شہر بنائیں اور وہاں رہیں۔ ہم ایک اِتنا اُونچا بُرج بنائیں گے جس کی اُونچائی آسمان تک ہوگی۔ پھر ہم مشہور ہو جائیں گے۔“
یہوواہ اُن کے اِس کام سے خوش نہیں تھا۔ اِس لیے اُس نے اُنہیں روکنے کا فیصلہ کِیا۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ اُس نے یہ کیسے کِیا؟ پہلے وہ سب لوگ ایک ہی زبان بولتے تھے۔ لیکن اچانک یہوواہ نے اُن کی زبانوں کو بدل دیا اور وہ فرق فرق زبانیں بولنے لگے۔ وہ ایک دوسرے کی بات نہیں سمجھ پا رہے تھے اِس لیے اُنہوں نے شہر اور بُرج بنانا چھوڑ دیا۔ وہ جو شہر بنا رہے تھے، اُسے بابل کے نام سے جانا جانے لگا جس کا مطلب ہے: ”اُلجھن۔“ لوگ اُس شہر کو چھوڑ کر زمین پر الگ الگ جگہ رہنے لگے۔ لیکن وہ وہاں جا کر بھی بُرے کام کرنے لگے۔ کیا زمین پر کوئی ایسا شخص تھا جو یہوواہ سے پیار کرتا تھا؟ یہ ہم اگلے سبق میں دیکھیں گے۔
”جو اپنے آپ کو بڑا خیال کرتا ہے، اُس کو چھوٹا کِیا جائے گا اور جو اپنے آپ کو چھوٹا خیال کرتا ہے، اُس کو بڑا کِیا جائے گا۔“—لُوقا 18:14